Baaghi TV

Category: سکھر

  • گھوٹکی تا کشمور پیپلز بس سروس کاعوامی مطالبہ شدت اختیار کر گیا

    گھوٹکی تا کشمور پیپلز بس سروس کاعوامی مطالبہ شدت اختیار کر گیا

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی، اوباڑو، گڈو اور کشمور کے عوام نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گھوٹکی تا کشمور پیپلز بس سروس کا فوری آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کی بڑھتی ہوئی سفری مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

    مقامی نمائندوں، سول سوسائٹی، طلباء اور مختلف دیہات کے مکینوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کشمور سے سکھر کے درمیان چلنے والی پرانی نجی بس سروسز برسوں سے بند ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں خصوصاً مزدور طبقے، بزرگوں اور طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    عوام کے مطابق سرکاری سفری سہولیات نہ ہونے کے باعث لوگ مہنگے نجی ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں جو عام آدمی کی سکت سے باہر ہو چکے ہیں۔ طلباء کی بڑی تعداد روزانہ مختلف شہروں کا سفر کرتی ہے، مگر مناسب سہولیات نہ ہونے سے ان کا تعلیمی سلسلہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز بس سروس کو گھوٹکی، اوباڑو، گڈو سے کشمور تک توسیع دی گئی تو یہ نہ صرف کم لاگت، محفوظ اور باعزت سفر فراہم کرے گی بلکہ حکومت پر عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
    عوام نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے بس سروس کے جلد آغاز کا مطالبہ کیا ہے۔

  • میرپور ماتھیلو پولیس کی کامیاب کارروائی،ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار

    میرپور ماتھیلو پولیس کی کامیاب کارروائی،ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈکیت گروہوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے اور پولیس نے متعدد اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    تھانہ میرپور ماتھیلو پولیس نے دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اہم اشتہاری ملزم نظیر احمد ولد شمیر موچی سکنہ نانگ واہ کچہ ایریا کو پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    گرفتاری کے بعد ملزم سے ایک پسٹل برآمد کیا گیا ہے جبکہ اس کا کریمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق
    1️⃣ مقدمہ نمبر 252/2025 — دفعہ 324، 353 تھانہ میرپور ماتھیلو
    2️⃣ مقدمہ نمبر 253/2025 — دفعہ 24 سندھ آرمز ایکٹ تھانہ میرپور ماتھیلو

    پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو کا ریکارڈ ضلع گھوٹکی سمیت دیگر اضلاع سے بھی حاصل کیا جا رہا ہے، تاکہ اس کے ماضی کے جرائم کی مکمل تفصیل سامنے آسکے۔

    ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے بہادری سے کارروائی کرنے پر پولیس پارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباشی کا پیغام دیا ہے۔

  • سکھر میں کرائم کا سونامی،شہری خوفزدہ، پولیس بے بس

    سکھر میں کرائم کا سونامی،شہری خوفزدہ، پولیس بے بس

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)سکھر میں اسٹریٹ کرائم، چوری، ڈکیتی، قتل و غارت اور لوٹ مار نے سنگین صورت اختیار کرلی ہے، جرائم پیشہ عناصر کے نرغے میں آئے شہری خود کو بالکل غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں۔ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام کو مکمل طور پر مجرموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

    علی حسن قریشی اور پولیس اہلکار جہانزیب جتوئی کے قاتل آج تک گرفت سے باہر ہیں جبکہ طالب علم صدام لاشاری کے دردناک قتل کے باوجود قانون حرکت میں نہ آسکا۔ صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں رہی۔

    روہڑی کے دبر علاقے میں ارسلان دایو سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل اور نقدی چھین لی گئی، جبکہ تعلقہ اسپتال روہڑی سے رسول بخش جکھرانی کی موٹر سائیکل بھی چوری کرلی گئی۔ جامع مسجد پنوعاقل سے عبداللہ میرانی کی موٹر سائیکل چوری ہوئی اور دادلوؑ پنوعاقل میں ہادی بخش دھاریجو اور جمیل دھاریجو کی موٹر سائیکلز گھر میں گھس کر اٹھا لی گئیں۔

    مختیارکار دفتر پنوعاقل کے قریب محمد نواز کلوڑ کی موٹر سائیکل گھر کے باہر سے غائب ہوگئی جبکہ پنوعاقل کینٹ تھانے کی حدود میں ساجن گوٹھ پولیس پکٹ کے سامنے سلطان پور کے صحافی ایاز سمائر کے بھتیجے سے 30 ہزار روپے اور قیمتی موبائل فون چھین کر ملزمان بآسانی فرار ہوگئے۔

    حرا ہسپتال سکھر میں علاج کے لیے آئے احمد پتافی کی GLI گاڑی (AJX-466) بھی چوری ہوگئی۔ اسی طرح سکھر کے نوجوان صحافی علی شاہ سے مدرسہ انوار مصطفیٰ کے سامنے موٹر سائیکل اور آئی فون چھین لیا گیا۔

    پنوعاقل بائجی تھانے کی حدود میں گاؤں محراب جسکانی سے صادق جسکانی کے گھر سے دو موٹر سائیکلیں اور ڈی اے پی کھاد کی بوری چوری ہوئی، جبکہ تھانہ سی سیکشن کے علاقے میں ذوہیب لیبارٹری کے قریب بلڈ بینک ہسپتال کے باہر الہی بخش ولد شبیر احمد مہر کی موٹر سائیکل نمبر KJJ-8447 (ماڈل 2016) چوری کرلی گئی۔

    تھانہ سی سیکشن کی حدود پاکستان گلی میں دو نامعلوم مسلح ملزمان نے محمد متین ولد محمد علی میمن سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین لی۔ اسی تھانے کی حدود میں ریلوے کوارٹر نزد ایوب گیٹ روڈ سے نیوز رپورٹر رزاق احمد ولد ممتاز راجپوت کی یونیک موٹر سائیکل SNA-5994 (ماڈل 2021) گھر کے قریب سے چوری ہوگئی۔

    سکھر میں بڑھتے ہوئے سنگین جرائم کے باوجود ایس ایس پی سکھر کی خاموشی اور بے عملی نے شہریوں کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔

    سوال یہ ہے کہ آخر کب تک شہری قاتلوں، چوروں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑے جائیں گے؟
    سکھر کے عوام مزید ظلم، ناانصافی اور پولیس کی مسلسل ناکامی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔

  • ایم کیو ایم والوں صرف شوشے چھوڑتے ہیں، انہیں سنجیدہ مت لیا کریں،ناصر شاہ

    ایم کیو ایم والوں صرف شوشے چھوڑتے ہیں، انہیں سنجیدہ مت لیا کریں،ناصر شاہ

    سندھ کےوزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہےکہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آئی بی اے سکھر کے کانووکیشن میں آکر فخر محسوس ہوا، میرٹ اور ٹرانسپرنسی کے باعث آئی بی سکھر اے ایک بہترین ادارہ ہے، یہاں کے طلبا کو تعلیم ختم کرنے کے ساتھ ہی جابز آفر ہو جاتی ہیں،سکھر ترقی کرتا شہر ہے جہاں لوگ گھومنے نہیں بلکہ بسنے آتے ہیں، سکھر میں آئندہ سالوں میں پینے کے صاف پانی کی اسکیم شروع ہو جائے گی، اس سال بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز پینے کے صاف پانی کے رکھے ہیں، این ایف سی ایوارڈ بہت اہم ہے، اٹھارویں ترمیم بھی ہم لائے، این ایف سی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

    ناصر حسین شاہ کامزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کے نوٹیفیکشن پر عجیب باتیں کی گئیں، پی ٹی آئی والے جس دور سے گزر رہے ہے اس کی وجہ یہ منفی پروپیگنڈا ہے، نوٹیفیکشن کے معاملے پر بھی ایسا ہی پروپیگنڈا کیا گیا،کارونجھر منصوبہ سندھ حکومت نے منسوخ کیا، وہاں کسی کی لیز نہیں ہے، ایم کیو ایم کی باتوں کو ہم سنجیدہ نہیں لیتے، سندھ کی تقسیم کی باتیں وہ خود کو زندہ رکھنے کے لیے کرتے ہیں، ایم کیو ایم سندھ کے بلدیاتی نظام میں شامل ہی نہیں ہوئی تھی، سب سے زیادہ بااختیار بلدیاتی نظام اس وقت سندھ میں ہے، ایم کیو ایم والوں صرف شوشے چھوڑتے ہیں، انہیں سنجیدہ مت لیا کریں، سندھ میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، پہلے یہاں کانوائے چلا کرتے تھے اب ایسی صورتحال نہیں، قبائلی تصادم روکنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

  • میرپور ماتھیلو: جروار میں ہوائی فائرنگ کی خوفناک آوازیں، شہری شدید دہشت میں مبتلا

    میرپور ماتھیلو: جروار میں ہوائی فائرنگ کی خوفناک آوازیں، شہری شدید دہشت میں مبتلا

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) جروار شہر اور آس پاس کے علاقوں میں گذشتہ شب سے فائرنگ کی خوفناک آوازیں سنائی دے رہی ہیں، جس نے چھوٹے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ پورے علاقے میں دہشت کی فضا قائم ہے اور لوگ رات بھر گھروں میں محصور ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ جروار پولیس کی جانب سے اب تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں آئی، جس سے شہریوں میں بے چینی اور غصہ بڑھ گیا ہے۔

    عوام نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جروار جیسے حساس علاقے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری قدم اٹھائیں اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنائیں۔ شہری خصوصی طور پر آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی اور ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری محفوظ رہ سکیں۔

    حالیہ صورتحال نہ صرف عوام کے لیے خطرناک ہے بلکہ علاقے میں امن و امان کی مجموعی فضا کے لیے بھی شدید تشویش کا باعث ہے۔

  • میرپور ماتھیلو: ٹنڈو پھاٹک کے قریب لوڈ ٹریلر الٹ گیا

    میرپور ماتھیلو: ٹنڈو پھاٹک کے قریب لوڈ ٹریلر الٹ گیا

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو کے قریب ٹنڈو پھاٹک کے مقام پر ایک لوڈ ٹریلر حادثے کا شکار ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق ٹریلر ڈرائیور کے کنٹرول سے نکل کر سڑک کنارے پانی کے تالاب میں جا گرا۔

    حادثے کے وقت ٹریلر میں موجود دونوں ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہ گئے، جبکہ ٹریلر کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حادثہ اچانک پیش آیا اور اگر ڈرائیور فوری ردعمل نہ دکھاتے تو جانی نقصان بھی ہوسکتا تھا۔

    ضلع انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور تفصیلات جلد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  • سکھر: گولیمار روڈ پر مردہ جانوروں کا گوشت سکینڈل،خطرناک گروہ بے نقاب

    سکھر: گولیمار روڈ پر مردہ جانوروں کا گوشت سکینڈل،خطرناک گروہ بے نقاب

    سکھر (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) سکھر میں عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی اور سکھر پولیس کی مشترکہ کارروائی نے تہلکہ مچا دیا۔ شکارپور پھاٹک گولیمار روڈ پر اچانک چھاپے کے دوران مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے منظم گروہ کو بے نقاب کر دیا گیا۔

    کارروائی کے دوران پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے متعدد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ اس دوران
    بڑی مقدار میں مردہ جانوروں کا سڑا ہوا اور بدبو دار گوشت،گوشت پیکنگ کا سامان،سپلائی میں استعمال ہونے والے تھیلے اور اوزارقبضے میں لیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ گروہ یہ خطرناک گوشت شہر کی مختلف قصاب مارکیٹوں، چھوٹے ہوٹلوں، سستے ڈھابوں اور گوشت کی دکانوں تک سپلائی کر رہا تھا۔

    ذرائع کے مطابق یہ گروہ کافی عرصے سے شہر میں فعال تھا اور مردہ جانوروں کو ذبح خانوں سے باہر لے جا کر ممنوعہ طریقے سے فروخت کے قابل بنا کر مارکیٹ میں پہنچاتا تھا۔گروہ کے مبینہ کارندے سستے داموں مردہ جانور خرید کر انہیں پروسیسنگ کے نام پر صاف کرنے کے بعد صارفین کو دھوکے سے فروخت کرتے رہے۔

    فوڈ اتھارٹی نے موقع سے حاصل کیے گئے گوشت کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں جہاں سے رپورٹ آنے پر مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    پولیس حکام کے مطابق گروہ کے مزید افراد کی نشاندہی ہو چکی ہے اور مزید گرفتاریاں جلد متوقع ہیں۔پولیس ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
    انہوں نے کہا:”مضرِ صحت، حرام شدہ اور مردہ جانوروں کا گوشت بیچ کر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کو سخت ترین سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا۔”

    فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ جہاں کہیں مشکوک گوشت یا غیر معیاری فوڈ آئٹمز فروخت ہوتے دیکھیں، فوراً اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

    یہ کارروائی سکھر میں غیر معیاری اور خطرناک خوراک کی فروخت کے خلاف بڑا قدم تصور کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے حکومتی اداروں کی کوششوں کو مزید تقویت ملی ہے۔

  • گھوٹکی: غیر معیاری کھاد کے خلاف کارروائیاں، متعدد دکانوں پر چھاپے

    گھوٹکی: غیر معیاری کھاد کے خلاف کارروائیاں، متعدد دکانوں پر چھاپے

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کی ہدایات اور اینگرو فرٹیلائزر کمپنی کی شکایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی مشترکہ ٹیم نے شاہ فیصل غلہ منڈی میں مختلف کھاد و بیج فروش دکانوں پر اچانک چھاپے مارے۔

    کارروائی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن آصف جاوید صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر نوید علی کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سعید احمد ملک اور ایگریکلچر افسر صدام حسین سومرو نے حصہ لیا۔ ٹیم نے کھاد اور بیج فروخت کرنے والے مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا، اسٹاک، ریکارڈ اور دستیاب سامان کی جانچ پڑتال کی۔

    چھاپوں کا مقصد مارکیٹ میں غیر معیاری، جعلی یا سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر کھاد کی فروخت کی روک تھام اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔

    اس موقع پر محکمہ زراعت کے افسران نے دکانداروں کو سختی سے ہدایات دیں کہ صرف سرکاری طور پر منظور شدہ کھاد فروخت کی جائے،دکان میں قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں ہو،غیرقانونی ذخیرہ اندوزی یا غیر معیاری سامان کی فروخت سے گریز کیا جائے،خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق زرعی سیزن کے دوران ایسی چیکنگ مہمات مسلسل جاری رہیں گی تاکہ کاشتکاروں کو معیاری اور اصل کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

  • میرپور ماتھیلو: قوم پرست جماعتوں کا ہنگامی اجلاس، شوگر مل مافیا کے خلاف دھرنے کا اعلان

    میرپور ماتھیلو: قوم پرست جماعتوں کا ہنگامی اجلاس، شوگر مل مافیا کے خلاف دھرنے کا اعلان

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلوں کے انڑ ہاؤس میں قوم پرست جماعتوں کا ایک انتہائی اہم اور ہنگامی مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سندھ یونائیٹڈ پارٹی سکھر ڈویژن کے صدر اُستاد حاتن خان شر نے کی۔ اجلاس میں مختلف قوم پرست جماعتوں کے مرکزی اور ضلعی رہنما شریک ہوئے، جن میں اکرم میتلو، کمال مہر، میر حسن لاشاری، علی شیر کانجھوں، گل منیر شر، منظور شاہ، شرف الدین انڑ اور اعجاز کلہوڑو شامل تھے۔

    اجلاس میں اس بات پر گہری تشویش اور شدید احتجاج کیا گیا کہ شوگر مِل مافیا آبادگاروں کا معاشی قتلِ عام کر رہی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ گنے کا صحیح سرکاری نرخ مقرر نہ ہونااور مل مالکان کی جانب سے کم قیمتوں کی پیشکشہزاروں آبادگاروں کے لیے شدید معاشی بدحالی کا سبب بن رہی ہے۔

    اسی صورتحال کے پیشِ نظر صبحانے جئے سندھ محاذ ہاری فرنٹ کی جانب سے ڈی سی آفس کے سامنے دیے جانے والے دھرنے میں تمام قوم پرست جماعتوں نے مشترکہ شرکت کا اعلان کیا۔

    اجلاس کے شرکاء نے واضح کیا کہ سندھ پانچ ہزار سالہ تاریخ، تہذیب، زبان اور ثقافت کی حامل دھرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سازشی عناصر سندھ کی تقسیم کی باتیں کر رہے ہیں، جنہیں سخت ترین الفاظ میں مسترد کیا جاتا ہے۔

    رہنماؤں نے ان عناصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:”نفرت اور تعصب پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔”

    مزید برآں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 دسمبر کو ایکتا ڈے ضلع گھوٹکی کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پوری قوت اور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔علاقے کے نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ایکتا ڈے کے پروگراموں میں شرکت کریں۔

    یہ اجلاس علاقے کی سیاسی فضا میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، جس میں آبادگاروں کے معاشی مسائل اور سندھ کی وحدت کے تحفظ کو یکساں اہمیت کے ساتھ اجاگر کیا گیا۔

  • گھوٹکی:الائنس شوگر مل بند،کاشتکاروں کا ہائی وے پر احتجاج، ٹریفک جام

    گھوٹکی:الائنس شوگر مل بند،کاشتکاروں کا ہائی وے پر احتجاج، ٹریفک جام

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)الائنس شوگر مل کی مبینہ غیر قانونی بندش کے خلاف علاقہ بھر کے کاشتکاروں اور زمینداروں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ مشتعل کاشتکاروں نے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک مکمل طور پر معطل کر دی، جس کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ شوگر مل کی اچانک بندش نے انہیں معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ ان کے مطابق گنے کی پورے سال کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے جبکہ سینکڑوں مزدور بھی بیروزگار ہو چکے ہیں۔ کاشتکاروں نے الزام عائد کیا کہ مل انتظامیہ جان بوجھ کر غیر قانونی طور پر مل بند رکھے ہوئے ہے، جس سے انہیں کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

    احتجاجی زمینداروں نے سندھ حکومت، کمشنر سکھر اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مل کو فی الفور بحال کیا جائے اور گنے کی خریداری کا عمل شفاف طریقے سے دوبارہ شروع کیا جائے، تاکہ کسان مزید معاشی نقصان سے بچ سکیں۔

    مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔