بالی وڈ کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو اداکارہ ریکھا کے ساتھ دوسری شادی کا مشورہ دے دیا، جس پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
راکھی ساونت کی بھارتی میڈیا سے گفتگو کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی ازدواجی زندگی پر تبصرہ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں راکھی ساونت کا کہنا ہے کہ وہ امیتابھ بچن کو مشورہ دیں گی کہ وہ سینئر اداکارہ ریکھا سے شادی کر لیں، کیونکہ آج کل دو شادیوں کا رجحان عام ہو چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ امیتابھ بچن نے جیا بچن کو کیوں منتخب کیا اور ریکھا کو کیوں نظر انداز کیا، یہ بات انہیں آج تک سمجھ نہیں آئی۔
راکھی ساونت نے جیا بچن کے طرزِ لباس پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کروڑوں اور اربوں کی مالکن ہونے کے باوجود اچھی شلوار قمیض تک نہیں پہنتیں۔ اس موقع پر راکھی نے طنزیہ انداز میں جیا بچن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنی سالگرہ پر انہیں مدعو کریں تو وہ انہیں اچھی شلوار قمیض تحفے میں دیں گی۔
اداکارہ نے جیا بچن کو مزید مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بالوں کو رنگیں اور چہرے پر بوٹاکس کروائیں، کیونکہ وہ امیتابھ بچن جیسی بڑی شخصیت کی اہلیہ ہیں۔ راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ اگر انہیں امیتابھ بچن کے لیے جیا بچن اور ریکھا میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو وہ بلا جھجھک ریکھا کا انتخاب کریں گی۔
راکھی ساونت کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کچھ لوگ اسے محض توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ اسے نامناسب تبصرہ کہہ رہے ہیں۔
Category: شوبز

راکھی ساونت کا امیتابھ بچن کو ریکھا سے دوسری شادی کا مشورہ

دانش تیمور اور عائزہ خان نے عمرے کی سعادت حاصل کر لی
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور اور عائزہ خان ان دنوں روحانی سفر پر ہیں اور دونوں نے مقدس مقامات پر عمرے کی سعادت حاصل کر لی ہے۔
دانش تیمور اور عائزہ خان نے نہ صرف عمرہ ادا کیا بلکہ مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت بھی کی۔ مکہ مکرمہ سے انہوں نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں دونوں پُرسکون اور مطمئن دکھائی دے رہے ہیں۔
مداحوں نے ان تصاویر کو خوب سراہا اور کمنٹس میں جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دانش تیمور اور عائزہ خان نہ صرف کامیاب اداکار ہیں بلکہ دو بچوں کے والدین بھی ہیں، اور شوبز میں ان کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔
ٹک ٹاکر علینہ عامر کی مبینہ لیک ویڈیوپراہم پیشرفت
پاکستانی معروف ٹک ٹاکر علینہ عامر کی مبینہ لیک ویڈیو کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹک ٹاکر علینہ عامر نے کہا ہے کہ ویڈیو لیک کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا،انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ الحمدللّٰہ! ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، اس معاملے میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں بخشا جائے گا،میں نے یہ اقدام صرف اپنے لیے نہیں بلکہ اس مقصد کے تحت اٹھایا ہے کہ آئندہ کوئی اور لڑکی اس طرح کے استحصال کا شکار نہ ہو،میری فیک ویڈیو بنانے والوں اور اسے شیئر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، میں اس کیس کو انصاف کی فراہمی کے لیے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہوں۔
علینہ عامر نے بروقت کارروائی اور ایف آئی آر کے اندراج پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، حنا بٹ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ اس کیس میں ملوث تمام ذمے داران کو گرفتار کر کے سزا دی جانی چاہیے تاکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کے خلاف ایک واضح اور مضبوط مثال قائم کی جا سکے۔

عاصم اظہر کا ہانیہ عامر سے شادی کی افواہوں کے دوران بڑا اعلان
پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے ہانیہ عامر سے شادی کی بڑھتی ہوئی افواہوں کے دوران اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے سپر ہٹ البم ‘عاصم علی’ کنسرٹ ٹور کو کینیڈا تک وسعت دے رہے ہیں۔
عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ امریکا میں کامیاب شوز کے بعد وہ 16 اپریل سے کینیڈا کے ٹورنٹو میں کنسرٹ کا آغاز کریں گے۔ اس کے بعد وہ مئی میں کیلگری، وینکوور اور مونٹریال میں پرفارم کریں گے۔
گلوکار نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ انہیں بہترین لائیو کنسرٹ کا تجربہ فراہم کریں گے، اور ان کے کینیڈا کے سفر کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔
یہ اعلان ان میڈیا رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے درمیان صلح ہو گئی ہے اور وہ اس سال رمضان میں شادی کرنے والے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میرب علی سے منگنی ختم ہونے کے بعد عاصم ایک بار پھر ہانیہ کے قریب آگئے ہیں، اگرچہ ہانیہ عامر نے حال ہی میں مداحوں کے تبصروں پر دلچسپ ردعمل دیا ہے، لیکن ابھی تک نہ تو عاصم اظہر اور نہ ہی ہانیہ عامر نے شادی کی ان خبروں کی باقاعدہ تصدیق یا تردید کی ہے۔
مشہور ریپر طلحہ انجم کی زوئیہ کریم کے ساتھ منگنی، تصاویر وائرل
پاکستان کے معروف ریپر طلحہ انجم نے میڈیکل ایستھیٹیشن اور انفلوئنسر زوئیہ کریم کے ساتھ کراچی میں ایک نجی تقریب کے دوران منگنی کر لی ہے۔ یہ تقریب اتوار 8 فروری کو منعقد ہوئی، جس میں طلحہ نے سیاہ اور گرے رنگ کا تھری پیس سوٹ اور لیوینڈر رنگ کی ٹائی پہنی، جبکہ زوئیہ کریم لیوینڈر رنگ کی ساڑھی اور سادہ جیولری میں جلوہ گر ہوئیں۔
تقریب میں ‘ینگ اسٹنرز’ کے معروف ریپر طلحہ یونس بھی شریک ہوئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں طلحہ انجم کو قریبی دوستوں کے ساتھ اپنے حالیہ گانے ‘ہوا آنے دے’ پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مداحوں نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور یہ خبر سوشل میڈیا پر کافی دلچسپی پیدا کر گئی ہے۔ طلحہ اور زوئیہ کے تعلقات کی افواہیں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب زوئیہ نے طلحہ کی سالگرہ پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی اور بعد میں سوشل میڈیا پر ان کی بات چیت کو مداحوں نے نوٹ کیا۔
سلمان خان اور رنبیر کپور کی آر ایس ایس کی 100 سالہ تقریب میں شرکت، ویڈیو وائرل
ممبئی میں ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے 100 سال کے سفر سے متعلق منعقدہ تقریب اس وقت سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بن گئی جب بالی ووڈ کے دو سپر اسٹارز نظر آئے اور ان کی ویڈیو وائرل ہوئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آر ایس ایس کا یہ پروگرام ‘سنگھ کے 100 سالہ سفر: نئے افق’ کے عنوان سے دو روزہ لیکچر سیریز کا حصہ ہے جو آر ایس ایس کی 100 سالہ تقریبات کے تحت منعقد کی جا رہی ہے اور اس کا مقصد سخت گیر تنظیم کے طویل سفر پر غور کرنا اور مستقبل کے حوالے سے اس کے وژن کو اجاگر کرنا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں سلمان خان اور رنبیر کپور کو ایک ایسے اجتماع میں شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا جہاں انہیں دیکھنے کی توقع نہیں کی جا رہی تھی، یہ مناظر تیزی سے وائرل ہو گئے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نئی بحث چھڑ گئی، ویڈیو صرف اس وجہ سے توجہ کا مرکز نہیں بنی کہ وہاں بڑے ستارے موجود تھے بلکہ تقریب کی نوعیت نے بھی سب کی توجہ کھینچ لی کہ آخر ایسی کیا وجہ تھی کہ ان بڑے ستاروں کو ایک ہی مقام پر اکٹھا کر دیا ہے۔
سلمان خان کی جانب سے 7 فروری کو آر ایس ایس کی ویکھان مالا تقریب میں شرکت پر حیرت کا اظہار کیا گیا جبکہ اجتماع میں 900 سے زائد مشہور شخصیات، سائنس دانوں، صنعت کاروں، فن کاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد نے شرکت کی،رنبیر کپور بھی اس تقریب میں فلم ساز سبھاش گھائے اور سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے چیئرمین پرسون جوشی کے ساتھ موجود تھے ۔
بھارتی میڈیا نے بتایا کہ دو روزہ پروگرام کا آغاز 7 فروری کو ہوا اور یہ 8 فروری کو ممبئی کے نہرو سینٹر آڈیٹوریم میں اختتام پذیر ہوگا، اس میں آر ایس ایس کے سینئر رہنماؤں سمیت دیگر شخصیات شریک ہوں گی اور وہ سماجی، ثقافتی اور قومی موضوعات پر عوام سے خطاب کریں گی آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگو ت نے بھی پروگرام میں خطاب کیا اور اپنی تنظیم کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ سلمان خان حب الوطنی پر مبنی ریلیز ہونے والی فلم ‘بیٹل آف گالوان’ میں مرکزی کردار ادا کرنے جا رہے ہیں، جس کے ہدایت کاری اپوروا لکھیا ہیں اور رپورٹ کے مطابق یہ فلم 17 اپریل 2026 کو ریلیز ہوگی،جبکہ رنبیر کپور نیتیش تیواری کی فلم رامائن پارٹ ون میں بھگوان رام کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جو دیوالی 2026 کے موقع پر ریلیز کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا گیا ہے، اس علاوہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار میں بھی جلوہ گر ہوں گے، جو 2026 میں ہی سینما گھروں کی زینت بننے کا امکان ہے۔

لائبہ خان شادی کے بندھن میں بندھ گئی، رخصتی کی جذباتی تصاویر وائرل
پاکستانی ٹی وی کی معروف اداکارہ لائبہ خان نے حال ہی میں شادی کر کے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ شادی کے موقع پر ہونے والی رخصتی کی ایک جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں لائبہ خان کو اپنے شوہر کے ہمراہ گاڑی میں سوار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں لائبہ خان اپنی والدہ سے گلے ملتی ہیں اور والدہ جذباتی ہو جاتی ہیں، جس پر لائبہ خان نے کہا: "ما ما، آپ کو پتہ ہے نہ کہ میں نہیں رونا، تو اب آپ بھی مت روئیں، سب اچھا ہوگا انشاء اللہ، یہ بندہ اچھا ہے۔” یہ لمحہ لائبہ خان اور ان کے خاندان کے جذبات کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔
لائبہ خان کے سوشل میڈیا پر چالیس لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور انہوں نے شادی کی تقریب اور منگنی کی تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں، جس سے خوشی اور جوش و خروش میں اضافہ ہوا۔
مداح اور سوشل میڈیا صارفین نے شادی کی خوشخبری پر ردعمل ظاہر کیا اور لائبہ خان اور ان کے شوہر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یہ شادی پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی خاصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں مداح ان کے نئے سفر کے لیے محبت بھرے پیغامات بھیج رہے ہیں۔
ٹام کروز نے حفاظتی خدشات کی وجہ سے نائٹس برج کا 35 ملین پاؤنڈ کا اپارٹمنٹ چھوڑ دیا
ہالی ووڈ کے اداکار ٹام کروز نے مبینہ طور پر اپنے 35 ملین پاؤنڈ مالیت کے نائٹس برج اپارٹمنٹ سے نقل مکانی کر لی، کیونکہ وہ علاقے کی سیکیورٹی کے حوالے سے فکر مند تھے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی لندن میں واقع یہ فلیٹ اس وقت چھوڑا گیا جب علاقے کے قریب ایک رولیکس اسٹور پر ڈاکوؤں نے کلاؤ ہتھوڑے اور چھریاں لے کر دھاوا بولا۔ سیکورٹی گارڈز نے موٹرسائیکل پر سوار حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ڈکیتوں نے دن دھاڑے 20 قیمتی گھڑیاں چرا لیں۔
کروز کے قریب ذرائع نے بتایا کہ "اس اسٹور پر حد سے زیادہ جارحانہ حملے نے یہ واضح کر دیا کہ لاکھوں پاؤنڈ مالیت کے اپارٹمنٹس کے ارد گرد سیکیورٹی ناکافی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "وہ اکثر علاقے میں چہل قدمی کرنا پسند کرتے تھے، لیکن لگتا ہے کہ پچھلے ایک یا دو سالوں میں نائٹس برج کی سیکیورٹی کمزور ہو گئی ہے۔”
ذرائع کے مطابق کروز کے اپارٹمنٹ کے عملے کو ان کی اشیاء کے باکس ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا اور سب کچھ بہت جلدی ہوا، جس نے عملے کو حیران کر دیا۔
بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کے ریسٹورنٹ میں کھانوں کی حیران کن قیمت
معروف بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کے آبائی شہر میں ایک ایسا ریسٹورنٹ قائم ہے جہاں معیاری اور بھرپور کھانا صرف 40 روپے میں دستیاب ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اریجیت سنگھ کا یہ ریسٹورنٹ ’ہیشل‘ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد کے شہر جیا گنج میں واقع ہے، بتایا گیا ہے کہ یہ ریسٹورنٹ گلوکار کا خاندانی کاروبار ہے، جسے ان کے والد چلا رہے ہیں، اریجیت سنگھ کا ریسٹورنٹ ’ہیشل‘ اپنی نہایت کم قیمتوں اور لذیذ بھارتی کھانوں کی وسیع اقسام کے باعث خاصی شہرت رکھتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس ریسٹورنٹ میں معاشرے کے ایک مخصوص طبقے کو صرف 40 روپے میں کھانا فراہم کیا جاتا ہے، جن میں طلباء، مزدور اور بزرگ شہری شامل ہیں، یہ وہ افراد ہیں جنہیں مناسب قیمت پر قابلِ اعتماد اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی اشد ضرورت ہوتی ہے، ریسٹورنٹ کے مینیو میں پنجابی اور بنگالی کھانے شامل ہیں۔ سبزیوں پر مشتمل مکمل تھالی تقریباً 40 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ طلباء کے لیے اس کی قیمت مزید کم کر کے صرف 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔

گمراہ کن مواد پھیلانے پر اداکار راشد محمود یوٹیوبر پر پھٹ پڑے
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اور معروف اداکار راشد محمود نے ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹرز اور یوٹیوبرز کے خلاف شدید ردِعمل دیتے ہوئے گمراہ کن مواد پھیلانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور اس عمل کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دے دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں راشد محمود کا کہنا تھا کہ بعض ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹرز محض ویوز اور شہرت کے حصول کے لیے ان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں، جس سے ان کی برسوں پر محیط محنت، عزت اور وقار کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔راشد محمود نے دکھی دل کے ساتھ کہا کہ “صرف ویوز کے لیے میری پوری زندگی کی کمائی ہوئی عزت پر پانی پھیر دیا گیا ہے۔ براہِ مہربانی کوئی مجھ سے رابطہ نہ کرے، میں صحت یاب ہو رہا ہوں۔”
اپنے تازہ ویڈیو پیغام میں سینئر اداکار نے واضح کیا کہ وہ گزشتہ 21 دن سے بستر پر ہیں اور اس دوران بعض یوٹیوبرز نے ان کی صحت سے متعلق معاملات کو سنسنی خیز سرخیوں کے ذریعے پیش کیا، جس سے یہ تاثر دیا گیا کہ وہ کسی قسم کی مالی مدد کے محتاج ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔انہوں نے کہا کہ “میں نے نہ کسی سے ایک پیسہ مانگا ہے اور نہ ہی مجھے کسی قسم کی مالی مدد درکار ہے۔ میرے انٹرویوز سادہ اور عام نوعیت کے ہوتے ہیں، مگر ان پر لگائی جانے والی سرخیاں حقیقت کے بالکل برعکس ہوتی ہیں۔”راشد محمود کے مطابق انہیں ایک بے بس اور لاچار شخص کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو ان کی عزتِ نفس کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا رویہ نہ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ ان کی زندگی بھر کی محنت کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
سینئر اداکار نے تمام یوٹیوبرز اور ڈیجیٹل کری ایٹرز سے پرزور اپیل کی کہ کوئی بھی ان کے پاس نہ آئے اور نہ ہی ان کے نام پر سنسنی پھیلائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ “مجھے کسی کی ہمدردی یا شہرت کی بنیاد پر بنائے گئے مواد کی ضرورت نہیں، میں صرف سکون اور صحت چاہتا ہوں۔”
ویڈیو پیغام کے اختتام پر راشد محمود نے کہا کہ وہ اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں اور جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ سے صحت کی دعا کرتے ہوئے ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر ان کے نام پر گمراہ کن مواد کا سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔









