Baaghi TV

Category: کھیل

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: فل ممبر ٹیموں کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل،ٹکٹس کی فروخت شروع

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: فل ممبر ٹیموں کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل،ٹکٹس کی فروخت شروع

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ 2026 سے قبل فل ممبر ٹیموں کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں،جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹس کی فروخت شروع ہوگئی ، پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب ہونے پر پاکستانی شائقین نے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے جس میں پہلی بار 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں،ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد میں اب دو ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے اور تمام ٹیمیں میگا ایونٹ کی بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔

    ٹورنامنٹ سے قبل آئی سی سی کی فل ممبر ٹیمیں کتنے ٹی 20 میچز کھیلیں گی، اس کی تفصیل سامنے آ گئیں تاہم میگا ایونٹ سے قبل اب کسی فل ممبر کی مزید کسی سیریز کا امکان ختم ہوگیا ہےپاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل 6 میچز کھیلے گی، جنوری میں پاکستان ٹیم کے 3 میچز سری لنکا میں اور 3 ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے ساتھ ہوں گے۔

    دوسری جانب افغانستان، بنگلا دیش ، آئر لینڈ اور زمبابوے ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل کوئی میچ نہیں کھیلیں گے آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں اور انگلینڈ نے سری لنکا میں 3 ٹی 20 میچز جنوری میں کھیلنا ہیں،بھارت کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کھیل رہی ہے، بھارت کی ٹیم جنوری میں نیوزی لینڈ کے ساتھ5 ٹی 20 میچز کی ہوم سیریز کھیلے گی جب کہ جنوبی افریقا بھارت میں سیریز کھیل رہی ہے، تین ٹی 20 میچز کے لیے ویسٹ انڈیز ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔

    دسمبر جنوری میں بھارتی ٹیم سب سے زیادہ 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جنوبی افریقا کی ٹیم کو 8 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی،میزبان سری لنکن کرکٹ ٹیم بھی ہوم گراونڈ پر 6 میچز کھیلے گی اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی،اس کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو تین، تین ٹی 20 میچز مل رہے ہیں۔

    دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے آن لائن ٹکٹس کی فروخت کا آغاز کردیا گیا ہے،فیز ون میں 20 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7فروری سے 8مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گاسری لنکا میں شیڈول ورلڈکپ فیز ون میچ کی کم سے کم ٹکٹ ایک ہزار سری لنکن روپے مقرر کی گئی ہے-

    پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی،ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان 7 فروری کو کولمبو میں ہوگا،ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج میچ 15فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

    ادھر آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20ورلڈکپ کاٹکٹ پوسٹر جاری کردیا گیا ہے ،آئی سی سی کے ٹکٹ پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب ہے ،پوسٹر پر بھارتی، سری لنکن،جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کپتانوں کی تصاویر موجود ہیں ، آئی سی سی نے ٹکٹ جاری کرنے کا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئرکیا،پوسٹر پر پاکستانی کپتان کی تصویر نہ ہونے پر پاکستانی شائقین کرکٹ بھڑک اٹھے اور آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

  • پی ایس ایل کا روڈ شو نیویارک میں، تیاریاں مکمل

    پی ایس ایل کا روڈ شو نیویارک میں، تیاریاں مکمل

    لندن کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو عالمی سطح پر مزید فروغ دینے کے لیے امریکا کا رخ کر لیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیویارک میں پی ایس ایل کے روڈ شو کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ یہ اہم تشہیری ایونٹ 13 دسمبر کو منعقد کیا جائے گا، جس میں قومی کرکٹرز، سابق لیجنڈز اور شوبز شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ نیویارک روڈ شو میں پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان آغا سمیت اہم کھلاڑی ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ ان کرکٹرز کی موجودگی کا مقصد نہ صرف ایونٹ کو عالمی سطح پر روشناس کرانا ہے بلکہ پی ایس ایل کی برانڈ ویلیو میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ایونٹ کو مزید رنگین بنانے کے لیے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم، سابق چیئرمین پی سی بی و معروف کمنٹیٹر رمیز راجا اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر بھی روڈ شو کا حصہ ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق پروگرام میں کرکٹ کے فروغ، نئی فرنچائزز کے اجراء اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی جیسے اہم موضوعات پر بھی گفتگو ہوگی۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے روڈ شو کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایس ایل کو عالمی سطح پر متعارف کرانا وقت کی ضرورت ہے، اور ’’نئی ٹیموں میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی خوش آئند اور پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے حوصلہ افزا ہے۔‘‘

  • پاکستانی ایم ایم اے فائٹرز کی عالمی سطح پرجذبہ ، ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کی دھوم

    پاکستانی ایم ایم اے فائٹرز کی عالمی سطح پرجذبہ ، ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کی دھوم

    پاکستانی ایم ایم اے فائٹرز کی عالمی سطح پرجذبہ ، ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کی دھوم سامنے آ گئی

    پاکستان کے فائٹرز نے محنت اور لگن سے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ،لبنان میں جاری انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کی ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کے فائٹرزکی تاریخی کامیابیاں سامنے آئی ہیں،پاکستانی فائٹر عبدالمنان شاندار فتوحات کے بعد جونئیر مین کیٹیگری کے فائنل میں پہنچ گئے ، لبنان میں 18 ممالک کے تقریباً 400 کھلاڑی اہم ترین مقابلوں میں حصہ لے رہےہیں ، لبنان میں آئی ایم ایم اےایف ایشین چیمپئن شپ4 دسمبر سے 10دسمبر 2025تک کھیلی جا رہی ہے ، پاکستان اپنی مہارت سے سابق عالمی چیمپیئنز کو شکست دے کر متعدد اہم مقابلے جیت چکی ہے ،گزشتہ سال لاہور میں قومی فائٹرز نے ایشین چیمپئن شپ میں 12 میڈلز کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی تھی

  • آئی سی سی نے بھارتی ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا

    آئی سی سی نے بھارتی ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے بھارتی ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا۔

    آئی سی سی کے مطابق بھارتی ٹیم پر 3 دسمبر کو رائے پور میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، بھارتی ٹیم نے مقررہ وقت تک 2 اوورز کم پھینکے تھے۔

    آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر ہر اوور پرکھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے،بھارتی کپتان کے ایل راہول نے خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے جرمانہ قبول کرلیا۔

    واضح رہے کہ رائے پور میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کا 359 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف پورا کرکے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب میں انٹرا پارٹی الیکشن کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل

    پیپلزپارٹی نے مظالم برادشت کیے مگر کبھی اداروں کیخلاف سازش نہیں کی،شرجیل میمن

    پشاور ہائیکورٹ کا ڈینگی روک تھام اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار، محکمہ صحت سے تفصیلی رپورٹ طلب

  • نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو منعقد کیا جائے گا۔محسن نقوی

    نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو منعقد کیا جائے گا۔محسن نقوی

    لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کا شاندار روڈ شو منعقد ہوا، جس نے پاکستان سپر لیگ کو عالمی سطح پر نئی شناخت دینے کی بنیاد رکھ دی۔ تقریب میں پی سی بی اور پی ایس ایل سے وابستہ اعلیٰ شخصیات، سابق کرکٹرز اور کرکٹ فینز نے بھرپور شرکت کی۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مشترکہ وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا "ہمارا ہدف پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا ہے۔””پاکستانی کرکٹرز بے پناہ ٹیلنٹ رکھتے ہیں اور ہم انہیں عالمی معیار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔””میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے۔”پی ایس ایل سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش برانڈ ہے،نئی فرنچائزز کے لیے بڈنگ شفاف اور اوپن ہوگی۔اسلام آباد میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے۔تمام اسٹیڈیمز میں شائقین کے لیے میوزیکل کانسرٹس کا اہتمام ہوگا۔امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو منعقد کیا جائے گا۔پی سی بی بہت جلد اپنا او ٹی ٹی پلیٹ فارم لانچ کرے گا۔

    پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ لارڈز میں پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد پاکستان کرکٹ کی اہم سفارتی کامیابی ہے۔دو فرنچائز ٹیموں کے لیے بڈز اوپن ہیں اور عالمی سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ دنیا بھر میں مثبت انداز میں اجاگر ہو رہی ہے۔ملکی اسٹیڈیمز میں آنے والے شائقین کرکٹ بہترین ماحول اور اعلیٰ میچز سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

  • نیشنل گیمز، ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

    نیشنل گیمز، ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

    پاکستان کے معروف ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی سے ملک کا نام روشن کر دیا۔ کراچی میں جاری نیشنل گیمز کے جیولن تھرو مقابلوں میں ارشد ندیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

    ارشد ندیم نے 81.81 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جس نے ایک بار پھر ان کی فارم اور عالمی معیار کے مقابل کھڑے ہونے کی صلاحیت کو ثابت کیا۔ مقابلوں کے دوران شائقین کی بڑی تعداد ان کی تھرو پر جوش و خروش سے تالیوں کی گونج میں نظر آئی۔جیولن تھرو ایونٹ میں واپڈا کے ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے سلور میڈل جیتا۔ یاسر سلطان کی بہترین تھرو 70.77 میٹر رہی، جو ان کی محنت اور مستقل مزاجی کا واضح ثبوت ہے۔اسی ایونٹ میں پاکستان آرمی کے ابرار علی نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ابرار علی نے ابتدائی راؤنڈز میں مستحکم پرفارمنس دکھائی اور مقابلے کے آخری لمحات تک میڈل کی دوڑ میں شامل رہے۔

    قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی متاثر کن نمائشی تھرو کی تھی، جو مہمانِ خصوصی بلاول بھٹو زرداری کے سامنے پیش کی گئی۔ ارشد کی اس پرفارمنس نے نہ صرف شائقین بلکہ معزز مہمانوں سے بھی داد وصول کی۔

  • پسرور: وکی الیون نے سیالکوٹی ٹائیگرز کو 15 رنز سے شکست دے دی

    پسرور: وکی الیون نے سیالکوٹی ٹائیگرز کو 15 رنز سے شکست دے دی

    پسرور (باغی ٹی وی، نامہ نگار وقاص اسلم) سیالکوٹ کے ٹوڑھے گراؤنڈ میں وکی الیون اور سیالکوٹی ٹائیگر کے درمیان 20 اوورز پر مشتمل کرکٹ میچ میں شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ٹاس جیت کر وکی الیون نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 232 رنز کا بڑا ہدف قائم کیا۔

    وکی الیون کی جانب سے کپتان علی بھائی نے شاندار 78 رنز کی اننگز کھیلیں، جبکہ نائب کپتان عمر بھائی نے 38 رنز اسکور کیے۔ ڈاکٹر زرگام عباس نے ٹیم کے لیے اہم 56 رنز بنائے اور ابوبکر باجوہ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز کی اننگز مکمل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں سیالکوٹی ٹائیگر نے بہتر کھیل پیش کیا، تاہم پوری ٹیم مقررہ سکور حاصل نہ کر سکی اور میچ وکی الیون کے نام 15 رنز سے رہا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی اور سنسنی خیز مقابلے نے شائقین کرکٹ کو میچ کے دوران خوب محظوظ کیا۔

  • سری لنکا ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ ، پاکستانی انسپکٹر ارم خانم کی بھارت کو شکست

    سری لنکا ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ ، پاکستانی انسپکٹر ارم خانم کی بھارت کو شکست

    سری لنکا میں ہونے والی ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 کی اختتامی تقریب اس وقت غیر معمولی صورتِ حال کا شکار ہوگئی جب پاکستانی کھلاڑی اور راولپنڈی پولیس کی بہادر انسپکٹر ارم خانم کے گولڈ میڈل جیتنے پر بھارتی خاتون ویٹ فائٹر سپنا کے جذبات قابو میں نہ رہ سکے۔

    تقریب کے دوران جیسے ہی انسپکٹر ارم خانم کا نام گولڈ میڈل کے لیے پکارا گیا، پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا۔ اسی دوران بھارتی پاور لفٹر سپنا واضح طور پر ناخوش دکھائی دی اور اعلان سنتے ہی اسٹیج چھوڑ کر جانے لگیں۔ ان کے اس غیر مناسب رویّے سے تقریب میں موجود کھلاڑی اور آفیشلز حیران رہ گئے۔انتظامیہ نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے بھارتی کھلاڑی کو واپس اسٹیج پر بلایا تاکہ گروپ فوٹو اور اختتامی رسمی کارروائی مکمل کی جاسکے۔ تاہم بھارتی ویٹ فائٹر شکست کی خفت مٹانے میں ناکام رہیں اور تقریب سے بار بار جانے کی کوشش کرتی رہیں، جس سے ایونٹ کا ماحول کچھ دیر کے لیے کشیدہ رہا۔

    دوسری جانب پاکستان کی ارم خانم نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں دو گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔ خصوصاً ڈیڈ لفٹ کیٹیگری میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ویٹ لفٹر کو واضح برتری سے شکست دی اور پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔پولیس ڈیپارٹمنٹ اور کھیلوں کے شائقین نے ارم خانم کی اس شاندار کامیابی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ملک بھر میں ان کی اس جیت کو نہ صرف پاکستان کے لیے اعزاز بلکہ خواتین کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک بڑی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔انسپکٹر ارم خانم نے اپنے بیان میں کہا کہ "پاکستان کا نام بلند کرنا میری سب سے بڑی کامیابی ہے، یہ میڈلز پوری قوم کے نام ہیں۔”

  • قائد اعظم ٹرافی فائنل: کراچی بلیوز کی سیالکوٹ ریجنز پر 276 رنز کی برتری

    قائد اعظم ٹرافی فائنل: کراچی بلیوز کی سیالکوٹ ریجنز پر 276 رنز کی برتری

    قائد اعظم ٹرافی کے فائنل کے تیسرے روز کراچی بلیوز نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 202 رنز بنا کر سیالکوٹ ریجنز کے خلاف مجموعی طور پر 276 رنز کی مضبوط برتری حاصل کرلی۔

    کراچی بلیوز کی بیٹنگ لائن نے شاندار کارکردگی دکھائی، جہاں عبداللہ فضل 104 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ ہارون ارشد بھی 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔اس سے قبل سیالکوٹ ریجنز کی ٹیم پہلی اننگز میں 266 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ سیالکوٹ کی جانب سے محسن ریاض نے 71، حمزہ نذر نے 64 اور حسن علی نے 41 رنز کی اننگز کھیلیں۔کراچی بلیوز کی بولنگ میں ثاقب خان اور محمد عمر نمایاں رہے، دونوں نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں 64 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد کراچی بلیوز نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور دن کے اختتام تک صرف ایک وکٹ گنوا کر 202 رنز جوڑ لیے

    آکسفورڈ یونین کی تاریخ میں پہلی فلسطینی صدر کامیاب

  • پاکستان کرکٹ بورڈ کا لندن میں پی ایس ایل روڈ شو کا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا لندن میں پی ایس ایل روڈ شو کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے عالمی فروغ کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 7 دسمبر کو لندن میں ایچ بی ایل پی ایس ایل روڈ شو منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    پی سی بی کے مطابق یہ تقریب لندن کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں منعقد ہوگی، جہاں عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز اور شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔پی سی بی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل حکام کے مطابق لیگ میں دو نئی ٹیموں کے اضافے کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔ ان ٹیموں کی فروخت کے حوالے سے مختلف بین الاقوامی گروپوں سے بات چیت جاری ہے جبکہ برطانوی سرمایہ کار خاص طور پر گہری دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ خریداروں کے سامنے لیگ کا اسٹرکچر، مالیاتی ماڈل اور طویل المدتی حکمت عملی پیش کی جائے گی۔

    لندن روڈ شو کا بنیادی مقصد پی ایس ایل کے وژن کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا،لیگ کے کمرشل ماڈل کو متعارف کرانا،مستقبل کی حکمت عملی اور توسیعی منصوبوں پر روشنی ڈالنا،بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے،تقریب میں پاکستان سپر لیگ کی موجودہ چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کی شرکت بھی متوقع ہے، جس سے ایونٹ کی شوبز اور کرکٹ ویلیو میں مزید اضافہ ہوگا۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ لارڈز میں روڈ شو کا انعقاد پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کا ثبوت ہے۔
    انہوں نے کہا”لندن میں پی ایس ایل روڈ شو نہ صرف پاکستان کی کرکٹ برانڈنگ کو بڑھائے گا بلکہ لیگ کی بین الاقوامی اپیل کو بھی وسعت دے گا۔”ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ پاکستانی لیگ دنیا بھر میں مضبوط فالوؤنگ رکھتی ہے اور اپنی کمرشل ویلیو کے اعتبار سے تیزی سے ترقی کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا:”دو نئی ٹیموں کے اضافے سے لیگ میں سرمایہ کاروں کے لیے بڑی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے، جو پی ایس ایل کو ایک نئی بلندی تک پہنچائیں گے۔”

    روڈ شو میں خصوصی طور پر 30 سپر فینز کو مدعو کیا جائے گا، جنہیں تقریب میں شرکت کا یونیک موقع ملے گا۔ ٹکٹوں کے حصول اور رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔