Baaghi TV

Tag: اسلام آباد

  • اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے صوبوں سے 23 ہزار سے زائد پولیس نفری طلب

    اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے صوبوں سے 23 ہزار سے زائد پولیس نفری طلب

    ستمبر کے آخری عشرے میں اسلام آباد میں سیاسی و عوامی سرگرمیوں کے متوقع انعقاد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،اس ضمن میں وفاقی حکومت نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے مجموعی طور پر 23 ہزار 500 پولیس اہلکار طلب کر لیے ہیں۔

    وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے صوبائی حکومتوں سے پولیس نفری طلب کی ہے، اس سلسلے میں کابینہ سیکرٹری نے پنجا ب، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو خط لکھا ہے، جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی دستیابی اور تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار جبکہ بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار اسلام آباد بھجوائے جائیں گے، تینوں صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ پولیس نفری 20 ستمبر تک اسلام آباد میں تعینات کردی جائے۔

    وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک ہزار سے زائد کنٹینرز کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ 100 سے زائد کنٹینرز اہم مقامات پر پہلے ہی پہنچائے جا چکے ہیں،انسدادِ ہنگامہ آرائی یونٹس، خصوصی آلات اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری سامان بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    حکام کو خدشہ ہے کہ چند ہی روز کے دوران عوامی و سیاسی سرگرمیوں کے باعث اسلام آباد میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، اس صور تحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں، اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید بڑھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • لاکھوں روپے لوٹنے والا انسانی اسمگلر گرفتار

    لاکھوں روپے لوٹنے والا انسانی اسمگلر گرفتار

    ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مطلوب ملزم ابراہیم خان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سال 2025 کے مقدمہ نمبر 290 میں مطلوب تھا،مقدمے کے مطابق ملزمان نے ڈنمارک کے ایمپلائمنٹ ویزے فراہم کرنے کے نام پر متاثرین سے فی کس 22 لاکھ روپے وصول کرنا تھے، جبکہ بیشتر رقم پہلے ہی ادا کی جا چکی تھی۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران آئی بی ایم ایس (IBMS) سسٹم میں موجود اسٹاپ لسٹ میں ہٹ ہونے پر اسے گرفتار کرلیا گیاگرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا گیا ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کے کردار کے تعین کے لیے تفتیش جاری ہے۔

  • اسلام آباد میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکم ثانی مکمل پابندی عائد

    اسلام آباد میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکم ثانی مکمل پابندی عائد

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفے کے خلاف کارروائی کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات جاری کردیے۔

    احکامات کے مطابق پابندی کا اطلاق ان شیشہ کیفے پر بھی ہوگا جن کے پاس این او سی موجود ہے شیش ہ کیفے میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور دونوں طرح شیشہ چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے،ڈپٹی کمشنر کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کیفے کو سیل کردیا جائے گا جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

    تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلا تفریق کارروائیاں کریں اور شیشہ کیفے کی روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن یقینی بنائیں،احکامات میں واضح کیا گیا ہے کہ شیشہ کیفے کے حوالے سے پابندی تاحکم ثانی نافذ رہے گی۔

  • صوبوں کےحوالے سےسخت رویہ اختیار کرنا درست نہیں،خواجہ آصف

    صوبوں کےحوالے سےسخت رویہ اختیار کرنا درست نہیں،خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ صوبوں کےحوالے سےسخت رویہ اختیار کرنا ان کے خیال میں درست نہیں،پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں صوبوں کے معاملے پرعمل کیا جانا اچھا اقدام ہوگا-

    پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد کی اپنی اسمبلی یا صوبا ئی حکومت ہونا ایک اچھا اقدام ہے، دنیا کے کئی دارالحکومتوں میں اس نوعیت کا انتظام موجود ہے پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں صوبوں کے معاملے پرعمل کیا جانا اچھا اقدام ہوگا نئی دہلی کی حکومت مکمل طور پرالگ حکومت ہے، اگر اسلام آباد میں اس معاملے پرعمل درآمد ہوتا ہے تو باقی صوبوں میں بھی یہ عمل آسان ہوگا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ صوبوں کےحوالے سےسخت رویہ اختیار کرنا ان کے خیال میں درست نہیں نئے صوبوں کے بجائے نئے انتظامی یونٹس کی اصطلا ح استعمال کی جائے تو زیادہ بہتر ہوگا تاہم انہیں وزیراعظم یا مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نئے صوبوں سے متعلق کسی پیشرفت کا علم نہیں۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر سندھ حکومت کا الگ مؤقف اختیار کرنا اس کا حق ہے، تاہم جب اس حوالے سے کوئی متفقہ فیصلہ ہوگا تو سب کو اسے تسلیم کرنا ہوگا اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا اور عوام کے مسائل حل کرنا عوام کا حق ہے، انتظامی معاملات کو بہتر بنانے اوراختیارات عوام کے قریب لے جانے سے شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔

  • شہری کو آف لوڈ کیے جانے کا معاملہ:اسلام آباد ہائیکورٹ نے افسر کو طلب کر لیا

    شہری کو آف لوڈ کیے جانے کا معاملہ:اسلام آباد ہائیکورٹ نے افسر کو طلب کر لیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملائیشیا جانے والے شہری کو آف لوڈ کیے جانے کے معاملے پر متعلقہ افسر کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا-

    ملائیشیا جانے والے شہری محمد سعد کی درخواست پر جسٹس ایاز شوکت نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے پاس ملائیشیا کا ویزا اور ریٹرن ٹکٹ سمیت بیرون ملک سفر کے لیے تمام ضروری دستاویزات موجود تھیں، اس کے باوجود اسے 12 اگست کو ایئرپورٹ سے آف لوڈ کردیا گیا۔

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ شہری کو آف لوڈ کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس افسر یا شفٹ انچارج کو بھی طلب کرلیا جس نے 12 اگست کو محمد سعد کو آف لوڈ کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ متعلقہ افسر آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر شہری کو آف لوڈ کرنے کی وجوہات سے آگاہ کرے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی۔

  • اسلام آباد : چیریٹی فنڈ ریزنگ شو، عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے

    اسلام آباد : چیریٹی فنڈ ریزنگ شو، عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے

    اسلام آباد: معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور استاد راحت فتح علی خان ایک ہی اسٹیج پر پرفارم کریں گے، ’پریم نگر، دی لینڈ آف لو‘ کے زیر اہتمام یہ چیریٹی فنڈ ریزنگ شو 12 ستمبر 2026 کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگا۔

    پروگرام کا مقصد تفریح کے ساتھ ساتھ مستحق افراد کی مدد اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے،منتظمین کے مطابق یہ ایسی شام ہوگی جہاں شائقین کو ایک طرف عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا تو دوسری جانب وہ ایک نیک مقصد میں اپنا حصہ بھی ڈال سکیں گے۔

    ’پریم نگر، دی لینڈ آف لو‘ کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی اور کرش وانکوانی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس پروگرام میں دونوں معروف فنکار پہلی مرتبہ ایک ہی اسٹیج پر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، جس کے باعث شائقین میں بھی خاصا جوش پایا جا رہا ہے۔

    منتظمین کا کہنا ہے کہ پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد ٹکٹ خریدنے کے ساتھ فلاحی مقصد میں بھی اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ ٹکٹ Bookme.pk کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں، جبکہ پوسٹر پر دی گئی معلومات کے مطابق بینک ٹرانسفر اور ایزی پیسہ کے ذریعے بھی تعاون کی سہولت موجود ہے۔

    پروگرام کے منتظمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منفرد شام کا حصہ بنیں، صوفی موسیقی سے محظوظ ہوں اور انسانی خدمت کے اس مقصد میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • راول ڈیم کے سپل ویز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    راول ڈیم کے سپل ویز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے آج دوبارہ سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.40 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث سپل ویز آج 2 ستمبر کو دوپہر اڑھائی بجے کھولے جائیں گے،ریسکیو 1122، پولیس اور متعلقہ اداروں کو سپل ویز کھولنے کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سپل ویز کھولنے سے قبل تمام متعلقہ اداروں کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سپل ویز کھولے جانے کے دوران ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • راولپنڈی اسلام آباد  میں طوفانی بارش، نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیرآب، اسکول بند

    راولپنڈی اسلام آباد میں طوفانی بارش، نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیرآب، اسکول بند

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح ہونے والی موسلا دھار بارش سے سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ نے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردیں۔

    نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور نالہ لئی کے کنارے آباد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کردی گئی اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے خطرے کے پیش نظر نشیبی آبادیوں کے انخلا کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح پہلے 14.5 فٹ تک پہنچی اور پری الرٹ لیول عبور کیا بعد ازاں مسلسل اضافے کے ساتھ 18.5 فٹ تک جا پہنچی گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح 7 فٹ سے بڑھ کر 11 فٹ ہوگئی۔

    راولپنڈی میں ڈبل روڈ سمیت متعدد سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ آریہ محلے کی گلیاں بھی زیرآب آگئیں بارش اور پانی جمع ہونے کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے پر راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک مکمل طور پر رک گئی شدید بارش کے پیش نظر راولپنڈی سٹی کے تمام اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا، جبکہ اسلام آباد کے متعدد اسکول بھی بند کرکے آن لائن کلاسز کا انتظام کیا گیا ہے۔

    راولپنڈی ڈپٹی کمشنر کے مطابق نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے صفدر آباد میں 4 نمبر چونگی کے قریب نالہ لئی کا پانی باہر آگیا، جس سے متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جبکہ پانی گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہوگیا کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 28.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 23 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ دونوں مقامات پر آبادی کے انخلا کے لیے مقررہ حد 20 فٹ ہے۔

    صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے نالہ لئی کے کنارے آباد علاقوں، بالخصوص غریب آباد اور دیگر حساس علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں دوسری جانب بارش سے نالہ کورنگ میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے، جبکہ آبپارہ مارکیٹ کے قریب درخت گرنے سے سڑک کا ایک حصہ ٹریفک کے لیے بند ہوگیا۔

    اسی طرح اسلام آباد کے ای الیون میں بھی نالہ بھر جانے سے پانی سڑک اور بعض بیسمنٹس میں داخل ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ان بیسمنٹس کو پہلے ہی سیل کیا جاچکا تھا۔ غوری ٹاؤن فیز ٹو میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی جہاں نہ صرف سڑکیں اور گلیاں زیر آب آئیں بلکہ پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔

    اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ کورال چوک سے کھنہ پل تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ کئی مسافر گاڑیوں سے اتر کر پیدل اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئے۔ دفاتر جانے والے ملازمین اور دیگر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی میں شمس آباد میں سب سے زیادہ 194 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں 150 ملی میٹر بارش ہوئی جڑواں شہروں میں اب تک اوسطاً 126 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گولڑہ میں 157، سیدپور میں 98، چکلالہ میں 71 اور بوکرہ میں 72 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

    راولپنڈی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور ایم ڈی واسا نے نالہ لئی کے اطراف صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اضافی ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے نکاسی آب کا عمل بھی جاری ہے۔

  • لاہور میں ایک بڑے منشیات فروشی کے نیٹ ورک کا انکشاف

    لاہور میں ایک بڑے منشیات فروشی کے نیٹ ورک کا انکشاف

    اسلام آباد سے لاہور کے مختلف علاقوں میں ویڈ اور آئس سپلائی کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی منشیات سپلائر کی شناخت احمد عرف پیر لالہ خان کے نام سے ہوئی ہے، تاہم اسلام آباد اور لاہور پولیس کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا لاہور میں منشیات فروشوں نے نہ صرف مختلف علاقوں بلکہ شہروں کی سطح پر بھی اپنے نیٹ ورک تقسیم کر رکھے ہیں اسی سلسلے میں لاہور میں ایک بڑے منشیات فروشی کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جس طرح مبینہ طور پر پنکی لاہور میں بیٹھ کر کراچی کو منشیات سپلائی کرتی تھی، اسی طرز پر احمد عرف پیر لالہ خان لاہور میں منشیات کی سپلائی کا نیٹ ورک چلا رہا ہےویڈ اور آئس کا مبینہ مرکزی ڈیلر اسلام آباد کےعلاقے ای الیون کا رہائشی ہےاور اسلام آباد سےلاہور منشیات سپلائی کی جا رہی ہے۔

    پولیس ریکارڈ میں مرکزی منشیات سپلائر کا نام احمد عرف پیر لالہ خان درج ہے ذرائع کے مطابق ملزم صرف لاہور میں منشیات سپلائی کرتا ہے اور شہر میں اس کا مضبوط نیٹ ورک موجود ہے ملزم کا نیٹ ورک لاہور کے ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژن میں زیادہ فعال ہے، جبکہ ڈیفنس، گلبرگ اور گارڈن ٹاؤن سمیت پوش علاقوں میں ویڈ اور آئس کی سپلائی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مختلف مقدمات میں منشیات فروشوں سے ویڈ اور آئس ڈیلر کے نام سے متعلق معلومات بھی سامنے آئی ہیں ، سی سی ڈی اور انویسٹی گیشن ونگ بھی مرکزی ڈرگ ڈیلر کو گرفتار کرنے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکے، پولیس کی جانب سے نیٹ ورک اور مرکزی ملزم سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • سی ڈی اے کا سارا دن یہ کام ہوتا ہے کہ کیسے لوگوں کو تنگ کیا جائے، بیرسٹر دانیال

    سی ڈی اے کا سارا دن یہ کام ہوتا ہے کہ کیسے لوگوں کو تنگ کیا جائے، بیرسٹر دانیال

    پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے اربوں روپے کے پلاٹ بیچ کر ریسٹورنٹس بنائے گئے تو اسپتال کیوں نہیں بن سکے۔

    پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیپیٹل ڈٰولپمنٹ اتھارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا سارا دن یہ کام ہوتا ہے کہ کیسے لوگوں کو تنگ کیا جائے، عوام کی زندگی سے متعلق چیزیں ان کی ترجیحات میں نہیں ہے،سی ڈی اے کو اپنی ترجیحات طے کرنے کی ضرورت ہے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ میں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کو ماڈل سٹی بناوں گا مگر صرف سڑکوں سے ماڈل سٹی نہیں بن سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ اربوں کے پلاٹ بیچ کر ریسٹورنٹس بن سکتے ہیں تو اسپتال کیوں نہیں ؟ ہم نے کہا تھا کہ پمز جیسے نئے اسپتال بنائے جائیں، پمز اپنی فل کیپسٹی پر کام کر رہا ہے یہاں اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں سے بھی مریض آتے ہیں،انہوں نے سی ڈی اے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ جب ان کی اپنی کیپسٹی نہیں تو لوگوں کو یہ کیا کہیں گے؟ اسکولوں میں بڑی تعدا میں بچے ہوتے ہیں، اسکولز میں بچوں کا حال دیکھیں، سی ڈٰی اے کو ان معاملا ت کو دیکھنے کی ضرورت ہےعمر رسیدہ افراد کو اداروں کا ہیڈ بنا دیا جاتا ہے، جہاں بھاگ دوڑ کی ضرورت وہاں ایسے لوگ لائیں جن میں کیپسٹی ہے اور شوق ہے۔