اسلام آباد: معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور استاد راحت فتح علی خان ایک ہی اسٹیج پر پرفارم کریں گے، ’پریم نگر، دی لینڈ آف لو‘ کے زیر اہتمام یہ چیریٹی فنڈ ریزنگ شو 12 ستمبر 2026 کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگا۔
پروگرام کا مقصد تفریح کے ساتھ ساتھ مستحق افراد کی مدد اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے،منتظمین کے مطابق یہ ایسی شام ہوگی جہاں شائقین کو ایک طرف عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا تو دوسری جانب وہ ایک نیک مقصد میں اپنا حصہ بھی ڈال سکیں گے۔
’پریم نگر، دی لینڈ آف لو‘ کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی اور کرش وانکوانی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس پروگرام میں دونوں معروف فنکار پہلی مرتبہ ایک ہی اسٹیج پر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، جس کے باعث شائقین میں بھی خاصا جوش پایا جا رہا ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد ٹکٹ خریدنے کے ساتھ فلاحی مقصد میں بھی اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ ٹکٹ Bookme.pk کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں، جبکہ پوسٹر پر دی گئی معلومات کے مطابق بینک ٹرانسفر اور ایزی پیسہ کے ذریعے بھی تعاون کی سہولت موجود ہے۔
پروگرام کے منتظمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منفرد شام کا حصہ بنیں، صوفی موسیقی سے محظوظ ہوں اور انسانی خدمت کے اس مقصد میں اپنا کردار ادا کریں۔
