Baaghi TV

Tag: امریکا

  • بھارت دنیا بھر میں سائبر فراڈ کا گڑھ بن گیا

    بھارت دنیا بھر میں سائبر فراڈ کا گڑھ بن گیا

    مریکی حکام کی تحقیقات میں بھارت میں بڑے پیمانے پر ہونے والے سائبر فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، جس میں بھارتی کال سینٹرز کے ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

    واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ میں کروڑوں ڈالر کے مالی فراڈ کی تحقیقات کے دوران بھارت سے چلنے والے منظم فراڈ نیٹ ورک کا سراغ ملا ہے تین بھارتی کال سینٹرز نے 650 سے زائد امریکی شہریوں کو نشانہ بنایا، جنہیں مجموعی طور پر 48 ملین ڈالر سے زائد کا مالی نقصا ن پہنچا ان کال سینٹرز سے وابستہ افراد خود کو امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا نمائندہ ظاہر کرتے تھے۔

    واشنگٹن پوسٹ کے مطابق جعل ساز ای میلز، فون کالز اور جعلی پاپ اپ پیغامات کے ذریعے امریکی شہریوں کو خوفزدہ کر کے رقم وصول کرتے رہے امر یکی حکام کی فراہم کردہ معلومات پر بھارتی ایجنسیوں نے کارروائی کرتے ہوئے فراڈ نیٹ ورک کے چھ سرغنہ گرفتار کر لیے جبکہ بڑی مقدار میں الیکٹرانک سازوسامان بھی ضبط کیا گیا۔

    ایف بی آئی کے خصوصی ایجنٹ جمی پال نے بھی بھارت میں قائم تین کال سینٹرز سے منسلک فراڈ نیٹ ورک کے خاتمے کی تصدیق کی ہے بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ریاستی اداروں کی جعلی شناخت کا استعمال ریاستی نگرانی کی کمزوری اور انتظامی ناکامی کی نشاندہی کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق بھارت میں حالیہ منظم سائبر فراڈ کے واقعات کمزور ضابطہ کاری اور ادارہ جاتی خامیوں کو بے نقاب کرتے ہیں، جو عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن رہے ہیں-

  • خامنہ ای کا امریکا اور اسرائیل پر سنگین الزام

    خامنہ ای کا امریکا اور اسرائیل پر سنگین الزام

    ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ملک میں حالیہ فسادات کو امریکا اور اسرائیل کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دراصل بغاوت کی ایک منظم کوشش تھی، جسے ایرانی قوم نے ناکام بنا دیا۔

    سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خامنہ ای نے کہا کہ یہ محض الزام نہیں بلکہ شواہد سے ثابت ہے کہ ان واقعات کی منصوبہ بندی بیرونِ ملک کی گئی امریکی صدر کے بیانات خود اس بات کا ثبوت ہیں، جن میں انہوں نے فسادی عناصر کو آگے بڑھنے اور مدد فراہم کرنے کے اشارے دیےحالیہ فسادات بیرونِ ملک سے کنٹرول کی جانے والی بغاوت کی کوشش تھے، جنہیں ہوا دینے کے لیے سی آئی اے اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے تمام وسائل استعمال کیے، تاہم یہ منصوبہ ناکام ہو گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایران عالمی جارح طاقتوں کے مفادات سے ٹکرا رہا ہے، اسی لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس نوعیت کے واقعات دوبارہ پیش نہیں آئیں گے۔ ان کے مطابق یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہ سکتا ہے جب تک دشمن مکمل طور پر مایوس نہ ہو جائےدکانداروں اور تاجروں کے بعض مطالبا ت جائز تھے، مگر فسادی عناصر نے پُرامن احتجاج کو تشدد میں بدلنے کی کوشش کی۔ جیسے ہی تاجروں کو صورتِ حال کا ادراک ہوا، انہوں نے خود کو ان عناصر سے الگ کر لیا ایرانی قوم کی بیداری، اتحاد اور شعور نے اس سازش کو ناکام بنایا اور ثابت کر دیا کہ دشمن اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے انکشافات ، بھارتی اسمگلرز کے خلاف امریکی کارروائی

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے انکشافات ، بھارتی اسمگلرز کے خلاف امریکی کارروائی

    دنیا کے مختلف حصوں میں انسانی اسمگلنگ کے بڑھتے واقعات میں بھارتی اسمگلرز کے ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں-

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک میں ملوث بھارتی شہری شیوم لنو کو امریکی عدالت کی جانب سے سزا سنا دی گئی ہے مذکورہ ملزم درجنوں افراد کو غیرقانونی طور پر امریکا داخل کرانے میں ملوث رہا اور گزشتہ برس کئی غیرقانونی آپریشنز کا حصہ تھا۔

    حکام کے مطابق یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ حالیہ برسوں میں بھارتی شہریوں کی جانب سے غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں،بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران ایک لاکھ سے زائد بھارتی شہری امریکا میں غیرقانونی داخلے کی کوشش کے دوران گرفتار ہوئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ غیرقانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے نیٹ ورکس عالمی سیکیورٹی کے لیے تشویش کا باعث بنتے جا رہے ہیں،امریکا، آسٹریلیا اور یورپی ممالک بھارتی شہریوں کی غیرقانونی سرگرمیوں کے باعث اپنی امیگریشن اور سیکیورٹی پالیسیوں کو مزید سخت کر رہے ہیں۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت میں معاشی دباؤ اور امیگریشن پالیسیوں کی ناکامی کے باعث کئی شہری غیرقانونی راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس سے میزبان ممالک میں جرائم اور سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کئی ہفتوں بعد منظر عام پر آگئے

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کئی ہفتوں بعد منظر عام پر آگئے

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کئی ہفتوں بعد منظر عام پر آگئے۔

    انقلاب ایران کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر سپریم لیڈرآیت اللہ سید علی خامنہ ای نے، بانی انقلاب آیت اللہ خمینی کے مزارپر حاضری دی اور دعا کی۔

    سپریم لیڈر نے مزار میں آیت اللہ خمینی کے پوتےحسن خمینی سے ملاقات کی اس دوران سپریم لیڈر نے آیت اللہ خمینی کے مزار کے احاطے میں نماز ادا کی،ایران کے صدر مسعود پزشکیان بھی اپنی کابینہ کےساتھ آیت اللہ خمینی کےمزار پر آئے۔

    آیت اللہ خامنہ ای کا سامنے آنا ان خبروں کی تردید کا ایک پیغام لگتا ہے جو پہلے لیک ہوئی تھیں کہ امریکی حملے کے خوف سے سپریم لیڈر کو زیر زمین پناہ گاہ میں منتقل کر دیا گیا ہے یہ پیش رفت واشنگٹن اور تہران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج کی بڑی قوت جمع کرنے کے ساتھ سامنے آئی ہے۔

    ’’ وال سٹریٹ جنرل‘‘ نے باخبر امریکی حکام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میز پر اہم آپشنز کا ایک مجموعہ رکھا گیا ہے جو ان کے حتمی فیصلے کا منتظر ہے۔ رکھے گئے آپشنز میں ایرانی جوہری پروگرام کو نشانہ بنانا، بیلسٹک میزائلوں کے ذخیرے پر حملہ کرنا، حکومت کو گرانے کا سبب بننا اور سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنانا، یا ان تمام چیزوں کے مجموعے پر عمل کرنا شامل ہے۔

  • امریکا اپنے سیاسی عزائم مشرق وسطیٰ کے اتحادیوں کو نہیں بتاتا،صدر ٹرمپ

    امریکا اپنے سیاسی عزائم مشرق وسطیٰ کے اتحادیوں کو نہیں بتاتا،صدر ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران سے متعلق اپنے سیاسی عزائم مشرق وسطیٰ کے اتحادی ممالک کو آگاہ نہیں کرتا۔

    امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتا ہے اور کوشش ہے کہ کسی نتیجے پر پہنچا جائےمنصوبہ یہ ہے کہ ایران مذاکرات کرے، اس کے بعد دیکھا جائے گا کہ آگے کیا ممکن ہے، اور اگر بات نہ بنی تو پھر حالات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

    ٹرمپ نے ایک بار پھر جنگی جہازوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑا بحری بیڑہ ایران کی جانب بڑھ رہا ہے حالیہ مذاکرات کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کےبارے میں امریکا اپنے سیاسی عزائم مشرق وسطی کے اتحادیوں کو نہیں بتاتا،ان کے مطابق امریکا تمام ممکنہ آپشنز پر غور کر رہا ہے۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایرانی حکام کسی معاہدے کو نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں، تاہم ڈیڈ لائن کے بارے میں صرف وہی جانتے ہیں کہ کوئی حتمی وقت مقرر ہے یا نہیں۔

  • امریکی ناظم الامور  کی  بلوچستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت

    امریکی ناظم الامور کی بلوچستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت

    امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے 31 جنوری کو بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

    امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے کہا کہ ان حملوں کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے، جو امریکا کی جانب سے نامزد کردہ ایک غیر ملکی دہشتگرد تنظیم ہے، امریکا دہشتگردی کے متاثرین، ان کے خاندانوں اور تمام متاثرہ افراد کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہےانہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی عوام حق رکھتے ہیں کہ وہ تشدد اور خوف سے آزاد زندگی گزاریں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کی امن و استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں میں ایک مضبوط اور ثابت قدم شراکت دار ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

  • ایران:بندرعباس کے بعد ایک اور شہر میں دھماکا،4 افراد جاں بحق،14 زخمی

    ایران:بندرعباس کے بعد ایک اور شہر میں دھماکا،4 افراد جاں بحق،14 زخمی

    ایران کے مصروف ترین بندرگاہ اور تجارتی حب بندرعباس کے بعد جنوب مغربی صوبے خوزستان کے شہر اہواز میں بھی ایک اور دھماکا ہوا ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکے میں کم از کم چار افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ 14 افراد زخمی ہیں جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہےیہ دھماکا بھی ایک رہائشی عمارت میں ہوا جس میں گاڑیوں اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا، اس واقعے کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم اس کی نوعیت ابتدائی طور پر حادثاتی معلوم ہوتی ہے۔

    مقامی میڈیا نے غیر مصدقہ اطلاع دی ہے کہ اہواز میں ہونے والا دھماکا گیس کا سلنڈر پھٹنے سے ہوا تاہم سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

    اس دھماکے سے کچھ دیر قبل ایران کے بندرگاہی شہر بندرعباس کی 8 منزلہ رہائشی عمارت میں بھی دھماکا ہوا تھا جس میں دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں دھماکے میں کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ متعدد گاڑیاں اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    یہ دونوں دھماکے اس وقت ہوئے ہیں جب اسرائیل اور امریکا نے جوہری معاہدے کی میز پر آنے کے لیے ایران کو بڑی فوجی کارروائی کی دھمکی دی ہےامریکا کا ایک بڑا جنگی بحری بیڑہ آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں میں مصروف ہے اور ایک میزائل بردار جہاز ایلات میں لنگر انداز ہوچکا ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایران میں دھماکوں پر اسرائیل سے رابطہ کیا تو دو اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ ایران میں ہونے والے دھماکوں سے اسرائیل کا کوئی تعلق نہیں، اس قسم کی کوئی بھی کارروائی ابھی زیر غور نہیں لیکن اپنے دفاع کے لیے ہر وقت چوکنا ہیں اور کسی بھی جارحیت کا فوری و منہ توڑ جواب دیں گے۔

    البتہ امریکا کی جانب سے ایران میں ہونے والے دھماکوں میں تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا حالانکہ صدر ٹرمپ نےکہا تھا کہ انہوں نے ایران کو ڈیڈ لائن دیدی ہے جبکہ ایران نے بھی فوری طور پر ان دھماکوں کی ذمہ داری اسرائیل یا امریکا میں کسی بھی ملک پر عائد نہیں کی۔

  • ٹرمپ نے ایران کو ’ڈیڈ لائن‘ دیدی،امریکی میزائل بردار بحری جہاز ایلات پہنچ گیا

    ٹرمپ نے ایران کو ’ڈیڈ لائن‘ دیدی،امریکی میزائل بردار بحری جہاز ایلات پہنچ گیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خفیہ طور پر ایران کو ڈیڈ لائن دیدی ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے ڈیڈ لائن سے قبل جوہری معاہدہ قبول نہیں کیا تو بہت بڑی فوجی کارروائی کریں گے ایران کو ڈیڈ لائن دینے کے ساتھ ہی خطے میں امریکی فوجیوں نقل و حرکت تیز کردی گئی-

    تازہ پیشرفت میں ایک امریکی میزائل بردار تباہ کن جہاز اسرائیل کے بحیرۂ احمر کے شہر ایلات کی بندرگاہ پر لنگرانداز ہوا ہےصدرٹرمپ نے اس ڈیڈ لائن کی مدت ظاہر نہیں کی البتہ ان کا کہنا تھا کہ صرف وہی جانتے ہیں کہ ڈیڈ لائن کیا ہے امید ہے معاہدہ ہوجائے، ورنہ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔

    کوئٹہ سے چلنے والی تمام ٹرینیں معطل

    دوسری جانب ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کسی بھی صورت اپنے جوہری اور دفاع پروگرام پر نظرثانی نہیں کرے گا۔

    واضح رہے کہ امریکا ایران میں یورینیم افزودگی پر پابندی، پہلے سے افزودہ یورینیم کی ملک سے منتقلی، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذخیرے پر حد بندی اور خطے میں پراکسی گروہوں کی حمایت میں کمی چاہتا ہے یہ وہ تمام نکات جنھیں ایران متعدد بار پہلے ہی ناقابلِ قبول قرار دے چکا ہے اور جس کا اعادہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترکیہ کے دورے پر بھی کیا۔

    انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ ایران کی دفاعی اور میزائل صلاحیتیں کبھی بھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گی ایران باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر بات چیت کے لیے تیار ہے مگر قومی دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ایران نہ صرف اپنی دفاعی صلاحیتوں کو اپنی ضرورت کے مطابق برقرار رکھے گا بلکہ اس میں مزید اضافہ بھی کرے گا۔

    امریکا و اسرائیل کی غلطی سے پورا خطہ خطرے میں پڑ سکتا ہے، ایرانی آرمی چیف

  • امریکا و اسرائیل کی غلطی سے پورا خطہ خطرے میں پڑ سکتا ہے، ایرانی آرمی چیف

    امریکا و اسرائیل کی غلطی سے پورا خطہ خطرے میں پڑ سکتا ہے، ایرانی آرمی چیف

    ایران کے آرمی چیف امیر حاتمی نے امریکا اور اسرائیل کو کسی بھی قسم کی جارحیت سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی معمولی سی غلطی بھی پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کرسکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امیر حاتمی نے امریکا اور اسرائیل کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نےکوئی غلطی کی تو صرف اس کی نہیں پورے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی، ایران کی مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں، دشمن نےکوئی غلطی کی توصہیونی ریاست کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔

    ایرانی آرمی چیف نے مزید کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات اور ٹیکنالوجی کو ختم نہیں کیا جا سکتا، چاہے قوم کے سائنسدان اور فرزند شہید ہی کیوں نہ ہو جائیں، ایرانی جوہری صلاحیت برقرار رہے گی، کسی بھی حملے کی صورت میں صہیونی ریاست کی سلامتی بھی سنگین خطرے میں پڑ جائے گی،ایران اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ ایرانی آرمی چیف کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • بنگلہ دیش: امیرِ جماعتِ اسلامی سے یورپی و امریکی سفیروں کی ملاقاتیں

    بنگلہ دیش: امیرِ جماعتِ اسلامی سے یورپی و امریکی سفیروں کی ملاقاتیں

    ڈھاکہ: یورپی یونین اور امریکا کے سفیروں نے جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

    بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ملاقاتوں میں جمہوری عمل، سیاسی و معاشی صورتحال، انتخابات، ریاستی اصلاحات اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جمعرات، 29 جنوری کو یورپی یونین کے بنگلہ دیش میں تعینات سفیر مائیکل ملر نے جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمن سے ان کے بشن دھارا میں واقع دفتر میں خیرسگالی ملاقات کی،یورپی سفیر کے ہمراہ پولیٹیکل فرسٹ سیکریٹری سباسٹین ریگر براؤن بھی موجود تھے۔

    us

    ملاقات کے دوران بنگلہ دیش اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر آئندہ قومی پارلیمانی انتخابات اور جمہوریت کو بامقصد بنانے کے موضوعات کو خصوصی اہمیت دی گئی،دونوں فریقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں باہمی تعلقات، ترقی اور پیش رفت کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔

    اس موقع پر جماعتِ اسلامی کی جانب سے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور مرکزی شعبہ تشہیر و میڈیا کے سربراہ ایڈووکیٹ احسن الحق محبوب زبیر اور امیرِ جماعت کے مشیرِ خارجہ امور پروفیسر ڈاکٹر محمود الحسن چوہدری بھی موجود تھے۔

    اسی روز امریکا کے سفیر برینٹ ٹی کرسٹینسن نے بھی جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمن سے ان کے بشن دھارا دفتر میں خیرسگالی ملاقات کی،امریکی سفیر کے ہمراہ پولیٹیکل و اکنامک کونسلر ایرک گل مین، پبلک آفیسر مونیکا ایل تسائی، پولیٹیکل آفیسر جیمز اسٹیورٹ اور پولیٹیکل اسپیشلسٹ فیروز احمد بھی شریک تھے-

    eu

    ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کی سیاسی و معاشی صورتحال، صنعت و تجارت، آئندہ عام انتخابات، ریاستی اصلاحات اور روہنگیا بحران سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی سفیر برینٹ کرسٹینسن نے بنگلہ دیش کی معاشی ترقی اور جمہوری پیش رفت میں جماعتِ اسلامی کے مثبت کردار کو سراہا،دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں بنگلہ دیش اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

    جماعتِ اسلامی کی جانب سے ایڈووکیٹ احسن الحق محبوب زبیر، مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے رکن مبارک حسین اور مشیرِ خارجہ امور پروفیسر ڈاکٹر محمود الحسن بھی ملاقات میں موجود تھے۔