Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • دو غیر ملکی خواتین کا مبینہ اغوا اور زیادتی ، کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا تنازع تھا ،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور

    دو غیر ملکی خواتین کا مبینہ اغوا اور زیادتی ، کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا تنازع تھا ،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور

    ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے انکشاف کیا کہ دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کا پس منظر کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا تنازع تھا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کا پس منظر کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا تنازع تھا سنگاپور میں ملنے کے بعد ملزم رضا ڈار نے خواتین سے رقم کا مطالبہ کیا اور ڈیفنس میں انہیں حبس بے جا میں رکھا پولیس نے کارروائی کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے-

    خواتین اور مرکزی ملزم رضا ڈار (مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کے قریبی رشتے دار کے درمیان سنگاپور میں کرپٹو کرنسی کے کاروبار کے حوالے سے لاکھوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا معاملہ تھا۔جب خواتین لاہور واپس آئیں تو ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انہیں ڈیفنس کے علاقے میں کرائے کے مکان میں یرغمال بنایا اور مبینہ طور پر تشدد و زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون کے والد نے بیرون ملک سے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری ایکشن لے کر گاڑی کو ٹریس کیا اور دونوں خواتین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، پولیس نے مرکزی ملزم رضا ڈار سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر کے کینٹ کچہری کی عدالت میں پیش کیا، جہاں سے عدالت نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، میڈیکل رپورٹ میں بھی ایک خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔

    دوران پریس کانفرنس ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہاکہ پہلی کال سیف سٹی پر آئی ، سیف سٹی کال کے ایکشن کے بعد یہ ہوا، اس کے بعدوہ لوگ گھر سےتتربترہوئے،اس کی وجہ سے وہ گاڑی وہاں سے نکلی،اس کال کا ٹائم چیک کرلیں،7بج کر 18منٹ کی کال سے پہلے اے ایس پی کی وہاں موجودگی ہے، اے ایس پی کا لڑکی سے رابطہ ہے،یہ چیپٹرتوکلوز ہو جاتا ہے،ہم لائیو لوکیشن اور ٹھوس ثبوت آپ کے سامنے رکھ سکتے ہیں کیونکہ وہ قیاس آرائی تھی جس کو پوری سٹوری نہیں پتہ تھی اس نے وہاں سے سٹوری شروع کی۔

    فیصل کامران نے کہا کہ غیر ملکی خواتین کی معاونت کے لیے پولیس نے متعلقہ سفارت خانوں سے رابطہ کیا انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے اسپین کے سفارتخانے سے رابطہ کیا گیا جب کہ متاثرہ خواتین میں شامل ایک خاتون وینزویلا کی شہری ہے، جس کا سفارت خانہ پاکستان میں موجود نہیں ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ خواتین کی سہولت اور اعتماد کے لیے خواتین پولیس افسران کو ان کے ساتھ تعینات کیا گیا اور انہیں طبی معائنے کے لیے آمادہ کیا گیاہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرانے کے مرحلے پر کچھ دشواری پیش آئی، تاہم سفارت خانے کے حکام سے ہونے والی تمام گفتگو پولیس کے ریکارڈ میں موجود ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ایک روز مزید لاہور میں قیام پر آمادہ کیا گیا، جس کے بعد اگلے روز انہیں عدالت میں پیش کر کے دفعہ 164 کے تحت ان کے بیانات ریکارڈ کرائے گئے۔ بعد ازاں ملزمان کا ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش شروع کی گئی۔

    واضح رہے کہ خواتین نے اپنے بیانات میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم رضا ڈار نے انہیں دھمکانے کے لیے باس نامی شخص کو موقع پر بلایا تھا جو اپنے گن مینوں کے ساتھ موقع پر پہنچا تھا اور اسی نے قتل سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ غیر ملکی خواتین کے بیانات میں جس شخص کو ’باس‘ کہا گیا تھا، اس کا اصل نام وحید ہے اب تک اس مقدمے میں 8ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ ’باس‘ کے نام سے سامنے آنے والے کردار وحید کے خلاف پہلے سے8 مقدمات درج ہیں۔

    فیصل کامران کا کہنا تھا کہ جب کسی بااثر شخصیت کا رشتہ دار کسی مقدمے میں ملوث ہو تو متعلقہ حکام سے رابطہ کرنا ضروری ہوتا ہےتفتیش کے دوران جب یہ معلوم ہوا کہ ایک ملزم ملک کے ڈپٹی وزیراعظم کا رشتہ دار ہے تو اعلیٰ حکام سے رابطہ کرنے پر انہیں ہدایت دی گئی کہ قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کی جائے، جس کے بعد تحقیقات جاری ہیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید بتایا کہ اس مقدمے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی رابطہ کیا اور ہدایت کی کہ کیس کی تفتیش اور کارروائی مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس کسی جج کے گھر پر چھاپہ مارنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی ان کے مطابق جج کے گھر جانے پر متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کر کے اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔

  • خاتون کی جان بچاتے ہوئے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم شہید

    خاتون کی جان بچاتے ہوئے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم شہید

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم ایک خاتون کو مبینہ طور پر زبردستی لے جانے کی کوشش سے بچاتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بن گئے، واقعے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    اسلام آباد کے علاقے نائنتھ ایونیو پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم نے ایک خاتون کی مدد کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم وہاں سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر زبرد ستی کرتے دیکھا، انہوں نے اپنی گاڑی روکی اور خاتون کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔

    واقعے کے دوران خاتون بھاگ کر گروپ کیپٹن عاصم کی گاڑی کے دوسری جانب آ گئی اسی اثنا میں موٹرسائیکل سوار، جس کی شناخت سعد کے نام سے ہوئی ہے، نے مبینہ طور پر گروپ کیپٹن عاصم سے تلخ کلامی کی اور اچانک فائرنگ کر دی فائرنگ کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ خاتون کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم سعد اسی کے دفتر میں ملازم ہے اس کے مطابق ملزم نے صبح اسے دفتر چھوڑنے کی پیشکش کی، تاہم راستے میں اس نے راستہ تبدیل کر دیا اور مبینہ طور پر اسے کسی دوسری جگہ لے جانے کی کوشش کی، جب اس نے مزاحمت کی تو ملزم نے اس کے ساتھ زبردستی شروع کر دی، اسی دوران گروپ کیپٹن عا صم موقع پر پہنچے اور اس کی مدد کی۔

    پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تفتیش جاری ہےشہید گروپ کیپٹن عاصم اپنے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو چھوڑ گئے ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    قومی اور سوشل میڈیا پر انہیں خواتین کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے بہادر افسر کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے، گروپ کیپٹن عاصم کی قربانی اس بات کی عکاس ہے کہ پاک فوج کے سپاہی صرف سرحدوں ہی نہیں عزت کے بھی رکھوالے ہیں۔

  • ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی موٹرسائیکلیں بند کرنے کا فیصلہ

    ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی موٹرسائیکلیں بند کرنے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت نےہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں ہیلمٹ کے استعمال کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے باضابطہ کارروائیاں شروع کر دی ہیں ٹریفک حکام کے مطابق شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جو افراد بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلاتے ہوئے پکڑے جائیں گے، ان کے خلاف چالان کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی موٹرسائیکل بھی ایک دن کے لیے بند کر دی جائے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کی پابندی کے علاوہ لین لائن کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور ان کی موٹرسائیکلیں بھی بند کی جا رہی ہیں گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں بند کی جا چکی ہیں۔

    حکام نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں۔

  • اپر چترال میں گلیشیائی پگھلاؤ کے باعث شدید سیلاب سے واحد رابطہ پل بہہ گیا، زمینی رابطہ منقطع

    اپر چترال میں گلیشیائی پگھلاؤ کے باعث شدید سیلاب سے واحد رابطہ پل بہہ گیا، زمینی رابطہ منقطع

    اپر چترال میں گلیشیائی پگھلاؤ کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی، جس سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی –

    اطلاعات کے مطابق یارخون کے علاقے بانگ گول میں اچانک سیلاب آنے سے پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھروں، باغات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا اور کئی علاقے زیرِ آب آ گئے-

    انتظامیہ کے مطابق شدید سیلاب کے باعث بنگ نالہ پر قائم واحد رابطہ پل بھی دریا برد ہوگیا، جس سے یارخون ویلی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی پل بہہ جانے کے بعد یارخون کی تقریباً 50 ہزار آبادی کا واحد زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے مستوج، بروغل روڈ بھی ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    علاقے کے عوام نے متعلقہ حکام، حکومتِ خیبر پختونخوا اور فلاحی تنظیموں سے فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے، متبادل راستے بحال کرنے اور متاثرہ افراد کی مدد کی اپیل کی ہے۔

  • ایران کا ایک بار پھر فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعاد

    ایران کا ایک بار پھر فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعاد

    تہران: ایران نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی کاز اور آزادی کی جدوجہد کی ہر ممکن سطح پر حمایت جاری رکھی جائے گی۔

    ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی آزادی کی جدوجہد کی مسلسل حمایت کرتا رہے گا انہوں نے واضح کیا کہ تہران اس مقصد کے لیے اپنی تمام ممکنہ سیاسی اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، فلسطینی مسئلہ ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی حصہ ہے اور ایران مستقبل میں بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اپنے تعاون اور حمایت کو برقرار رکھے گا۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کو اپنی مستقل پالیسی سمجھتا ہے اور اس مؤقف میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی، ایران خطے میں امن، انصاف اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور فلسطین کے مسئلے پر مختلف ممالک کے درمیان سفارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ایران کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت کے اس اعادے کو خطے میں جاری سفارتی پیش رفت کے تناظر میں ایک اہم پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ایم کیو ایم عوامی اعتماد کھو چکی، اسی وجہ سے شارٹ کٹ ڈھونڈ رہی ہے، شرجیل میمن

    ایم کیو ایم عوامی اعتماد کھو چکی، اسی وجہ سے شارٹ کٹ ڈھونڈ رہی ہے، شرجیل میمن

    کراچی:سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے فاروق ستار کی پریس کانفرنس کو ایم کیو ایم کی سیاسی بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم عوامی اعتماد کھو چکی، اسی وجہ سے شارٹ کٹ ڈھونڈ رہی ہے-

    سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے فاروق ستار کی پریس کانفرنس کو ایم کیو ایم کی سیاسی بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے انہیں کراچی کے لیے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر وفاق سے سوال کرنے کا مشورہ دیا وفاقی مداخلت کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا بلیک میلنگ کا ثبوت ہے، ایم کیو ایم عوامی اعتماد کھو چکی ہے، اسی وجہ سے اب شارٹ کٹ ڈھونڈ رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے معاملات وفاق کے ہاتھ میں دینے کی بات وفاقی ڈھانچے کے خلاف سازش ہے، سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا ہے، یہ مینڈیٹ کسی پریس کانفرنس، دھمکی یا سیاسی بلیک میلنگ سے تبدیل نہیں ہوسکتا، ایم کیو ایم اپنی ناکامیوں کا ملبہ سندھ حکومت پر ڈالنے کے بجائے وفاقی اتحادیوں سے سوال کرے۔

    واضح رہے کہ پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ ساتھیوں اور گورنر شپ سمیت دیگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھیں گے۔

    فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ ساتھیوں، آرٹیکل 140 اے، سندھ کی گورنر شپ اور اربن ڈیولپمنٹ پیکج جیسے مطالبات منظور نہ ہوئےتو ایم کیو ایم پاکستان جلد اسپیکر قومی اسمبلی کو ایک خط لکھے گی اور اپنے 22 اراکین کے لیے اپوزیشن بینچوں پر جگہ بنانے کی درخواست کرےگی 2022 میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دستخط کیے ، وزیر اعظم شہباز شریف بھی اس معاہدے کے ضامن اور گواہ تھے، آخری وارننگ ہے، وزیر اعظم معاہدے پر عمل درآمد کروائیں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے لیے انتظامی یونٹ بنائیں، فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی نے بتایا ہے گورنر سندھ کو ہٹانے میں اُن کا ہاتھ نہیں ہے، وفاق اس معاملے پر وضاحت کرے۔

  • دھواں چھوڑنےوالی گاڑیوں کےڈرائیورزکالائسنس معطل کرنے کا فیصلہ

    دھواں چھوڑنےوالی گاڑیوں کےڈرائیورزکالائسنس معطل کرنے کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر اسموگ تدارک کریک ڈاؤن جاری ہے،سی ٹی او لاہور نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف اب مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے۔

    سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کمرشل گاڑیوں کے معاملے میں بھی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے ایسی گاڑیاں جو مقررہ ماحولیاتی معیار پر پورا نہیں اتریں گی، ان کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گے تاکہ فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بننے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

    انہوں نے بتایا کہ شہر میں بغیر ترپال ریت، مٹی یا تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اگر کوئی گاڑی اس پابندی کی خلاف ورزی کرتی پائی گئی تو اس کے خلاف صرف جرمانہ ہی نہیں بلکہ مقدمہ بھی درج کیا جائے گا بغیر ترپال گاڑیوں سے اڑنے والی گرد و غبار سموگ میں اضافے کا اہم سبب بنتی ہے، جس کے خاتمے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے۔

    سی ٹی او لاہور کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں اس عرصے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 14 ہزار 378 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جبکہ سموگ کے تدارک کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران ایک ہزار 401 مقدمات بھی درج کروائے گئے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ بغیر ترپال ریت اور مٹی لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی گئی گزشتہ مالی سال میں ایسی 53 ہزار 599 گاڑیوں کو قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جنہیں جرمانے، چالان اور دیگر قانونی اقدامات کا سامنا کرنا پڑا، لاہور میں صاف ماحول کی فراہمی اور شہریوں کی صحت کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے

    عبدالرحیم شیرازی ے گاڑی مالکان، ٹرانسپورٹرز اور کمرشل ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت فٹنس یقینی بنائیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی مرمت کرائیں اور تعمیراتی سامان کی نقل و حمل کے دوران ترپال کا لازمی استعمال کریں سموگ کے خاتمے کے لیے شروع کی گئی مہم آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ لاہور کو فضائی آلودگی سے پاک اور شہریوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

  • لاہورسےکراچی جانےوالی شالیمارایکسپریس حادثے کا شکار

    لاہورسےکراچی جانےوالی شالیمارایکسپریس حادثے کا شکار

    لاہورسےکراچی جانےوالی شالیمارایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس ٹرین کو خانیوال لوکو شیڈ کے قریب حادثہ پیش آیا جہاں ٹرین کی بوگی پٹری سے اتر گئی ، شا لیمار ایکسپریس کی ٹرالی کے ویل سے ریل کا پہیہ نکل کر دوسری بوگی سے جا لگا اور زوردار جھٹکا سے ٹرین پٹری سے اتر گئی ٹرین کی رفتار کم تھی جس کی وجہ سے معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہ ہوا ریلوے انتظامیہ کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ ملازمین کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

    واضح رہے کہ رواں سال 27 اپریل کو کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آگ لگنے کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افراد چل بسے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان معرض وجود میں آنے کے بعد جو ریلوے ٹریک پاکستان کو ملا تھا ، اس میں کسی قسم کی جدت لائی گئی اور نہ ہی کوئی تبدیلی کی گئی، متعدد ریلوے پلوں کی مدت معیاد پوری ہوچکی ہے مگر حکومت ان پر کوئی توجہ نہیں دے رہی اس کے علاوہ ملک بھر میں ہزاروں ایسے پوائنٹس موجود ہیں جہاں یا تو پھاٹک نہیں اوریا پھر پھاٹک والا نہیں ہوتا جس کی وجہ سے خوفناک حادثات رونما ہوتے ہیں۔

  • ہندو انتہا پسندوں کا یو پی کی شاہی عیدگاہ مسجد کو بابری طرز پر منہدم کرنے کا مطالبہ

    ہندو انتہا پسندوں کا یو پی کی شاہی عیدگاہ مسجد کو بابری طرز پر منہدم کرنے کا مطالبہ

    اتر پردیش (یو پی) کے ضلع متھرا میں واقع تاریخی شاہی عیدگاہ مسجد کو لے کر ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے متنازع بیانات سامنے آتے رہتے ہیں تازہ ترین اشتعال انگیز بیانات میں، شری چترگپت پیٹھ کے سربراہ سوامی سچیانند نے اپنے حامیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عدالتوں کا انتظار کرنے کے بجائے 1992 میں بابری مسجد کی طرح متھرا کی اس مسجد کے گنبد کو گرا دیں –

    ہندو فریق کا دعویٰ ہے کہ شاہی عیدگاہ مسجد کو مغل شہنشاہ اورنگزیب نے ہندو دیوتا کرشن کی جائے پیدائش (کرشن جنم بھومی) کے مقام پر مندر توڑ کر تعمیر کیا تھا،ہندو پنڈتوں اور انتہا پسند تنظیمیں بابری مسجد کے انہدام کی طرز پر اس مقام پر بھی عیدگاہ کو ہٹا کر مندر تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔

    اس حوالے سے ہندو فریقین نے مسجد کو ہٹانے کے لیے عدالتوں میں متعدد مقدمات دائر کر رکھے ہیں جو زیرِ التوا ہیں سپریم کورٹ اور الہ آباد ہائی کورٹ کی نگرانی میں تنازع کے پرامن حل کے لیے مختلف سطحوں پر مفاہمتی کوششیں (جیسے کہ مقامی سطح پر لوک عدالتوں کا انعقاد) بھی کی جا رہی ہیں، جس میں ہندو فریق نے مسجد کو ہٹانے اور تنازع کے پرامن حل کے لیے زمین کی منتقلی کی تجویز دی –

    اتر پردیش کے ضلع متھرا میں واقع تاریخی شاہی عیدگاہ مسجد کو لے کر ہندو انتہا پسند تنظیموں اور مبلغین کی جانب سے متنازع بیانات سامنے آتے رہے ہیں ماضی میں بین الاقوامی ہندو پریشد کے رہنما پروین توگڑیا جیسے ہندو پنڈتوں نے ایودھیا کی بابری مسجد کی طرز پر متھرا کی اس تاریخی مسجد کو ہٹانے اور وہاں مندر تعمیر کرنے کے کھلے مطالبات کیے ہیں۔

    دوسری جانب، مسجد کمیٹی اور یو پی سنی سینٹرل وقف بورڈ کا موقف ہے کہ مسجد کی زمین سے متعلق 1968 میں فریقین کے مابین باہمی سمجھوتہ ہو چکا ہے، اور 1991 کا ‘پلسز آف ورشپ ایکٹ’ (Places of Worship Act) مذہبی مقامات کی حیثیت بدلنے کی ممانعت کرتا ہے۔

  • آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی 5 جولائی کی کال مسترد

    آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی 5 جولائی کی کال مسترد

    آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی 5 جولائی کی ہڑتال کی کال کو مسترد کر دیا۔

    آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی احتجاجی کال کو واضح طور پر مسترد کر دیا، میرپور سمیت مختلف اضلاع میں صورتحال پرامن ہے اور تمام کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر بھر میں روزمرہ معمولات زندگی بحال، شہریوں نے ہڑتال کو مکمل طور پر رد کر دیا شہریوں کا کہنا تھا کہ ہڑتال کی کال کالعدم ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں اور انتشار پھیلانے کی ایک اور مذموم کوشش ہے، عوام جھوٹی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور اپنے کاروباری معاملات معمول کے مطابق چلائیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ریاست بھر میں تمام کاروباری مراکز، سرکاری و نجی دفاتراور بازار معمول کے مطابق کھلے ہیں، کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں سے ریاست کو پہلے ہی کافی معاشی اور سماجی نقصان پہنچ چکا ہے، آزاد جموں و کشمیر کی عوام اب مزید کسی انتشار یا بدامنی کا حصہ بننے کیلئے تیار نہیں۔

    عوام نے واضح کر دیا ہے کہ وہ انتشار اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے امن، استحکام اور ترقی کے ساتھ کھڑے ہیں۔