Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • میکسیکو کو شکست دے کرانگلینڈ  کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

    میکسیکو کو شکست دے کرانگلینڈ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان میکسیکو کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

    تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برتری حاصل کی، تاہم دوسرے ہاف میں ایک کھلاڑی کے ریڈ کارڈ کے باعث ٹیم کو بقیہ وقت 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا، جس کے بعد میکسیکو نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے 2 گول کیے اور میچ کو انتہائی د لچسپ بنا دیا۔

    انگلینڈ کی جانب سے جوڈ بیلنگھم نے 2 گول اسکور کیے جبکہ کپتان ہیری کین نے پنالٹی پر ایک گول کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا،ریڈ کارڈ کے بعد میکسیکو نے مسلسل حملے کی ،میزبان ٹیم نے آخری لمحات میں انگلینڈ کے دفاع پر شدید دباؤ ڈالا، تاہم انگلش ٹیم نے بھرپور دفاع کرتے ہوئے اپنی برتری برقرار رکھی اور فتح اپنے نام کرلی،اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ ناروے سے ہوگا، جس نے اسی روز 5 مر تبہ کے عالمی چیمپیئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا،دوسری جانب میزبان میکسیکو کا ورلڈ کپ سفر اختتام پذیر ہوگیا-

  • متحدہ عرب امارات میں  قیمت میں اضافے کے باوجودپاکستانی آم کی مانگ میں اضافہ

    متحدہ عرب امارات میں قیمت میں اضافے کے باوجودپاکستانی آم کی مانگ میں اضافہ

    متحدہ عرب امارات میں قیمتوں میں اضافے کے باوجودپاکستانی آموں کی مانگ میں کوئی کمی نہیں آئی۔

    تاجروں کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اس موسمِ گرما پاکستانی آم گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد مہنگے فروخت ہو رہے ہیں پاکستان میں آم کی پیداوار میں 20 سے 30 فیصد کمی سیزن کے تاخیر سے آغاز اور بڑھتے ہوئے فضائی و بحری مال برداری کے اخراجات نے قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ بنے ہیں اس کے باوجود پاکستانی آم اپنی منفرد مٹھاس، خوشبو اور ذائقے کے باعث مقامی اور غیرملکی صارفین میں بدستور مقبول ہیں۔

    پاکستان سپر مارکیٹ ایل ایل سی کے ڈائریکٹر گل رئیس یاسین کے مطابق پاکستانی آموں کی طلب ہر سال بڑھ رہی ہے اور اب صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ مختلف قومیتوں کے خریدار بھی خاص طور پر سندھڑی، چونسہ اور انور رٹول جیسی اقسام خریدنے آتے ہیں 3 سے 3.5 کلوگرام کے سندھڑی آم کا ڈبہ، جو گزشتہ برس 40 سے 45 درہم میں فروخت ہوتا تھا اب تقریباً 50 درہم میں دستیاب ہے جبکہ فضائی راستے سے درآمد کیے جانے والے چونسہ اور انور رٹول آموں کی قیمت 60 سے 65 درہم سے بڑھ کر تقریباً 70 درہم فی ڈبہ ہو گئی ہے۔

    ابتدائی دنوں میں بحری جہازوں کی تاخیر اور کارگو مسائل کے باعث زیادہ تر آم فضائی راستے سے منگوانا پڑے جس سے قیمتیں بعض اوقات گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً دوگنا تک پہنچ گئیں بعد ازاں بحری ترسیل بحال ہونے سے قیمتوں میں کچھ کمی ضرور آئی تاہم وہ اب بھی گزشتہ سال سے زیادہ ہیں۔

    تاجروں کے مطابق پاکستانی آموں کا سیزن صرف دو سے اڑھائی ماہ پر مشتمل ہوتا ہے اسی لیے صارفین قیمتوں میں اضافے کے باوجود انہیں خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں سندھڑی، چونسہ اور انور رٹول بدستور اماراتی مارکیٹ میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اقسام ہیں جبکہ گھروں، دفاتر اور تحائف کے طور پر بھی پاکستانی آموں کی مانگ برقرار ہے۔

  • شہید آیت اللہ خامنہ ای کے قاتلوں کا تعاقب کیا جائے گا ،ایرانی آرمی چیف

    شہید آیت اللہ خامنہ ای کے قاتلوں کا تعاقب کیا جائے گا ،ایرانی آرمی چیف

    ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے اعلان کیا ہے کہ ، ایران کی مسلح افواج سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے فرائض انجام دیتی رہیں گی-

    ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے قاتلوں کا تعاقب کیا جائے گا ، وہ اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے،شہید سپریم لیڈر نے عزت، آزادی اور قومی وقار کا راستہ متعین کیا، جس پر ایران کی مسلح افواج پوری ثابت قدمی اور عزم کے ساتھ گامزن رہیں گی، ایران کی مسلح افواج سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے فرائض انجام دیتی رہیں گی۔

    قبل ازیں گزشتہ روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید رہبر اعلیٰ کے مشن کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو پورا کریں گے شہید رہبر اعلیٰ نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت، قومی خودمختاری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے استحکام کے لیے و قف کیے رکھی ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں حکومت شہداء کے مشن کی تکمیل اور شہید رہبر اعلیٰ کے افکار و اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔

    دوسری جانب قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی نے کہا کہ شہید رہبر اعلیٰ نے عوام کی فلاح، امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے غیر معمولی جدوجہد کی، ان کے نظریات آئندہ نسلوں کے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے۔

    علاوہ ازیں ایران کے نائب صدر نے بھی شہید رہبر اعلیٰ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایات پر عمل کرنا ہر ذمہ دار عہدیدار اور شہری کی ذمہ داری ہے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

  • ناروے سے شکست ،عالمی فٹبال چیمپئن برازیل ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی

    ناروے سے شکست ،عالمی فٹبال چیمپئن برازیل ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی

    فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی-

    نیویارک، نیوجرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے آخری لمحات میں دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح دلائی، برازیل کی جانب سے واحد گول اضافی وقت کے دسویں منٹ میں نیمار جونیئر نے پنالٹی کک پر کیا، تاہم یہ گول ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔

    میچ کے آغاز ہی میں ناروے نے گول کیا تھا، لیکن آف سائیڈ قرار دیے جانے کے باعث اسے مسترد کر دیا گیا اس کے بعد برازیل کو پہلے ہاف میں پنالٹی کا موقع ملا، تاہم ناروے کے گول کیپر اوریان نیلینڈ نے برونو گیماریش کی پنالٹی شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کو بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا نیلینڈ نے میچ کے دوران کئی اہم سیوز کیے اور برازیل کے متعدد یقینی گول ناکام بنائے، جس پر انہیں میچ کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار کیا گیا۔

    برازیل نے پہلے ہاف اور دوسرے ہاف میں کئی خطرناک حملے کیے، تاہم ناروے کے دفاع اور گول کیپر نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا دوسرے ہاف میں برازیل کے کوچ نے نیمار جونیئر کو میدان میں اتارا، جس کے بعد برازیل کے حملوں میں تیزی آئی، لیکن ناروے نے دباؤ کا بھرپور مقابلہ کیا میچ کے 79 ویں منٹ میں اینڈریاس شیلڈروپ کے خوبصورت کراس پر ایرلنگ ہالینڈ نے طاقتور ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر ناروے کو برتری دلائی۔

    مقررہ وقت کے آخری منٹ میں ہالینڈ نے ایک اور شاندار گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی اضافی وقت میں برازیل کو دوسری پنالٹی ملی، جسے نیمار جونیئر نے گول میں تبدیل کیا، تاہم وقت کم ہونے کے باعث برازیل میچ میں واپسی نہ کر سکا ناروے اب کوارٹر فائنل میں انگلینڈ یا مشترکہ میزبان میکسیکو میں سے کسی ایک ٹیم کا سامنا کرے گا۔

    1990 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ برازیل کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکا برازیل نے 24 سال بعد عالمی ٹائٹل جیتنے کی امید کے ساتھ اطالوی کوچ کارلو اینچیلوتی کی خدمات حاصل کی تھیں، تاہم ٹیم اس بار بھی ٹرافی کے حصول میں کامیاب نہ ہو سکی۔

    تاریخی کامیابی کے بعد ناروے کےایرلنگ ہالینڈ نے روایتی انداز میں ڈرم بجا کر جشن کا آغاز کیا ڈرم کی گونج پر کھلاڑیوں اور شائقین نے خوب خوشی کا اظہار کیا اور پورا اسٹیڈیم ناروے کی تاریخی فتح کے نعروں سے گونج اٹھا، ایرلنگ ہالینڈ کے ٹورنامنٹ میں مجموعی گولوں کی تعداد سات ہوگئی اور وہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔

  • ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی پر خصوصی ڈاکیومنٹری تیار کیے جانے کی اطلاعات

    ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی پر خصوصی ڈاکیومنٹری تیار کیے جانے کی اطلاعات

    ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی پر خصوصی ڈاکیومنٹری تیار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں-

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 جولائی کو منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں مہمانوں کے لیے فوٹوگرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ پر سخت پابندی عائد تھی تاہم مبینہ طور پر جوڑے کی جانب سے ایک پروفیشنل فلمی ٹیم کو تقریب کے تمام اہم لمحات ریکارڈ کرنے کی اجازت دی گئی۔

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈاکیومنٹری میں شادی کی تیاریوں، تقریب کے پس منظر، جذباتی لمحات اور نیویارک کے معروف میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والی مرکزی تقریب کو شامل کیا جائے گا جہاں تقریباً ایک ہزار قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق تیار ہونے والی یہ خصوصی فلم شادی میں شریک مہمانوں کو شکریے کے تحفے کے طور پر فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔ ان قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب شادی سے چند روز قبل میڈیسن اسکوائر گارڈن کے اطراف ’نو پارکنگ‘ کے ایسے سائن بورڈز دیکھے گئے جن پر ’فلم شوٹ جاری ہے‘ درج تھا۔

    رپورٹ میں مہمانوں کی فہرست کو بھی اس منصوبے کا ایک اشارہ قرار دیا گیا ہے تقریب میں ڈزنی کے اعلیٰ عہدیداران باب آئیگر، ڈینا والڈن اور ڈیوڈ گرین بام بھی شریک تھے ٹیلر سوئفٹ پہلے ہی ڈزنی کے ساتھ کام کر چکی ہیں جہاں ان کے کئی پراجیکٹس ریلیز ہو چکے ہیں اس کے علاوہ AMC تھیٹرز کے سی ای او ایڈم ایرون بھی شادی میں موجود تھے جنہوں نے 2023 میں ٹیلر سوئفٹ کی کامیاب کنسرٹ فلم Taylor Swift: The Eras Tour کی ریلیز میں اہم کردار ادا کیا تھا-

  • مودی کو آسٹریلیا کے دورے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکی

    مودی کو آسٹریلیا کے دورے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکی

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آسٹریلیا کے مجوزہ دورے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے-

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی 9 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں واقع مارول اسٹیڈیم میں ایک کمیونٹی تقریب میں شرکت کرنے والے ہیں اسی تقریب سے متعلق فیس بک ایونٹ پیج پر ایک صارف کی جانب سے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق دھمکی سامنے آنے کے بعد آسٹریلیا کی قانون نافذ کرنے والی اور سکیورٹی ایجنسیوں نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیاآسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور تقریب کی سکیورٹی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے اس مقصد کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ تقریب کے شرکا اور اہم شخصیات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

    سکیورٹی ماہرین کے مطابق عالمی رہنماؤں کے دوروں کے دوران سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی دھمکیوں کو معمولی نہیں سمجھا جاتا، اسی لیے متعلقہ ادارے ہر ایسے معاملے کی مکمل تحقیقات کرتے ہیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات اختیار کرتے ہیں فی الحال آسٹریلوی حکام کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور مودی کے دورے کے سکیورٹی پلان کو مزید مؤثر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے،دوسری جانب بھارتی حکام نے بھی صورتحال پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے، تاہم دھمکی دینے والے شخص کی شناخت اور اس کے ارادوں کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

  • شہید آیت اللہ خامنہ ای کی میت کا جلوس آج قُم روانہ ہوگا

    شہید آیت اللہ خامنہ ای کی میت کا جلوس آج قُم روانہ ہوگا

    ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی تہران میں ادا کی گئی نمازِ جنازہ کے بعد، اب ان کی میت کا جلوس اگلے سفر کے لیے قُم روانہ کیا جا رہا ہے-

    ایران کے سرکاری میڈیا چینل ’پریس ٹی وی‘ نے بتایا ہے کہ سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کا جلوس تہران کے بڑے مرکز امام خمینی گرینڈ مصلیٰ سے شروع ہو رہا ہے، جہاں ان کا جسدِ خاکی گزشتہ دو دن سے آخری دیدار کے لیے رکھا گیا تھا-

    انتظامیہ کے لوگوں اور تقریب کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ جنازہ تہران کی سڑکوں پر تقریباً دس سے بارہ گھنٹے تک جاری رہے گا، جو دس کلومیٹر طویل راستے سے گزرتا ہوا آگے بڑھے گا یہ جلوس دماوند اسٹریٹ، امام حسین اسکوائر، انقلاب اسٹریٹ، انقلاب اسکوائر، آزادی اسٹریٹ، آزادی اسکوائر اور مہر آباد ہوائی اڈ ے کے قریب واقع شاہد لشگری ہائی وے سے گزرے گا۔

    تہران کی ان تمام مشہور سڑکوں اور چوراہوں سے گزارنے کے بعد، آیت اللہ علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی کو اگلی مذہبی رسومات کے لیے ایران کے مقدس شہر قم لے جایا جائے گا اس موقع پر گرمی کے باوجود لاکھوں سوگوار اپنے رہنما کے آخری سفر میں شریک ہیں،سابق رہبرِ اعلیٰ کے جسدِ خاکی کو ایران کے شہر قم کے بعد پڑوسی ملک عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا بھی لے جایا جائے گا، جہاں لاکھوں لوگ ان کا آخری دیدار کر سکیں گے۔

    واضح رہے کہ رواں سال 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایک مشترکہ حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای، اُن کی صاحبزادی، بہو، داماد اور کمسن نواسی شہید ہو گئے تھے اتوار کو تہران کے بڑے مذہبی مرکز امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں سابق سپریم لیڈر، ان کی صاحبزادی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری، بہو زہرا حداد عادل اور ان کی معصوم و کم سن نواسی زہرا محمدی کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی تھی جنازہ مشہور عالمِ دین آیت اللہ جعفر سبحانی نے تین مرحلوں میں پڑھایا۔

    اس بڑے اور تاریخی جنازے میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی فوج کے اعلیٰ کمانڈروں سمیت ملک کی پوری سیاسی اور عسکری قیادت شریک ہوئی شہید رہنما کے تین بیٹے میثم، مسعود اور مصطفیٰ خامنہ ای پہلی صف میں موجود تھے، تاہم ان کے چوتھے بھائی اور ایران کے موجودہ نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سیکیورٹی کے سخت خدشات کی وجہ سے اپنے والد کے جنازے میں شامل نہیں ہو سکے جنازے کے موقع پر تہران میں لاکھوں سوگواروں کا ایک سمندر دیکھا گیا، جہاں فضا غم اور غصے سے بھری ہوئی تھی۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق، جیسے ہی نمازِ جنازہ ختم ہوئی تو وہاں موجود انتظامیہ کے لوگوں اور منتظمین نے مائیک پر مجمعے کو پکارتے ہوئے کہا کہ وہ علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے خون کا بدلہ لینے کے لیے تیار ہو جائیں، جس پر لاکھوں لوگوں نے ایک زبان ہو کر انتقام، انتقام اور امریکا مردہ باد کے شدید نعرے لگائے۔

    عراق میں موجود ایران کے ثقافتی سفیر غلام رضا اباذری نے آخری رسومات کے اگلے سفر کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی 7 جولائی کی شام کو عراق کے مقدس شہر نجف پہنچایا جائے گا، جہاں8 جولائی کو نجف اور کربلا میں بڑے جلوس نکالے جائیں گے اس کے بعد9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے مزار کے احاطے میں ان کی تدفین کی جائے گی۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    ملک کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    ’نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی‘ (این ڈی ایم اے) نے 6ے 10 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے بارے میں ایک اہم الرٹ جاری کیا ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق کشمیر، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اور شمالی پنجاب کے علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس کے ساتھ ہی 7 جولائی سے شمالی علاقوں، پنجاب، خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں یہ بارشیں مزید تیز ہو جائیں گی، جس کے باعث دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے پانی کے بہاؤ میں تھوڑا بہت اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہےتاہم فی الحال کسی بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے۔

    دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں اور بادلوں کی انٹری ہو چکی ہے، جس سے حبس اور شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہےلاہور میں ہوا 13کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے شہر میں آج بھی بارش کی قوی امید ہے۔

    پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور مرطوب موسم متوقع ہے، تاہم شام اور رات کے اوقات میں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

    خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، کرم، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

    صوبہ خیبر پختونخوا کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم رہے گا لیکن مالم جبہ، سوات، سیدو شریف، دیر، ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے کچھ علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں گرمی مزید بڑھ سکتی ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سورج آگ برسا رہا ہے اور موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

    آزاد کشمیر میں شام اور رات کے دوران چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

    سبی میں درجہ حرارت سب سے زیادہ یعنی 49 ڈگری اور تربت میں 47 ڈگری تک جا پہنچا ہےاسی طرح نوکنڈی میں 46، چمن میں چالیس، کوئٹہ میں 38، ژوب میں 37 اور قلات میں 34 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے، جبکہ زیارت میں درجہ حرارت 30 ڈگری رہا ساحلی علاقوں گوادر میں 24 اور جیوانی میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ موسم کچھ بہتر رہا۔

  • فیفا 2026 ورلڈ کپ میرا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا، کرسٹیانو رونالڈو کا اعلان

    فیفا 2026 ورلڈ کپ میرا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا، کرسٹیانو رونالڈو کا اعلان

    پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔

    اتوار کو اسپین کے خلاف ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے41 سالہ پرتگالی کپتان نے کہا کہ وہ اپنی قومی ٹیم کے ساتھ سفر کے آخری مرحلے سے بھرپور لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں،’میں اس سفر سے جتنا ممکن ہو لطف اٹھانا چاہتا ہوں،یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، لیکن مجھے امید ہے کہ کل میرا آخری میچ نہیں ہوگا۔‘

    رونالڈو نے کہا کہ ان کے شاندار کیریئر کا فیصلہ صرف اس بات سے نہیں ہوگا کہ آیا وہ ورلڈ کپ جیت پاتے ہیں یا نہیں، انہوں نے 2 دہائیوں سے زائد عرصے میں فٹبال کو اپنا 100 فیصد نہیں بلکہ ’ایک ہزار فیصد‘ دیا ہے ایک دن بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ ضرور آئے گی، لیکن جو بھی ہو، میں مطمئن ضمیر کے ساتھ میدان چھوڑوں گا کیونکہ میں نے فٹبال کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

    اپنی عمر پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ وہ اب بھی اعلیٰ سطح پر بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں میں فٹبال کسی مجبوری یا ضرورت کے تحت نہیں کھیلتا بلکہ اپنے شوق کی وجہ سے کھیلتا ہوں ہر دن سے لطف اٹھانا چاہیے، اور میں اس ورلڈ کپ میں 3 گول کر چکا ہوں، اس لیے میرا خیا ل ہے کہ میں ابھی بھی اچھی کارکردگی دکھا رہا ہوں،شائقین کی بے مثال محبت نے اس ورلڈ کپ کو ان کی زندگی کا یادگار ترین ٹورنامنٹ بنا دیا ہے۔

    انہوں نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ہونے والی تنقید نے انہیں مزید مضبوط انسان بنایا۔

    رونالڈو اس ورلڈ کپ میں کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں، ازبکستان کے خلاف 2 گول کرکے وہ ورلڈ کپ کے 6 مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے والے تاریخ کے پہلے فٹبالر بن گئے،اس سے قبل وہ 2006، 2010، 2014، 2018 اور 2022 کے ورلڈ کپ میں بھی گول کر چکے تھے بعد ازاں کروشیا کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں پینالٹی گول کرکے انہوں نے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے کیریئر کا پہلا گول بھی اسکور کیا، موجودہ کلب کیریئر میں رونالڈو سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں وہ 2023 سے کھیل رہے ہیں۔

  • عامر خان نے گوری سپراٹ سے تیسری شادی کر لی

    عامر خان نے گوری سپراٹ سے تیسری شادی کر لی

    بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی دیرینہ ساتھی گوری سپراٹ سے نجی تقریب میں شادی کر لی-

    بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب اتوار کے روز ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ پر سادگی سے منعقد ہوئی، جہاں دونوں نے اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت اپنی شادی رجسٹر کروائی، تقریب میں صرف قریبی اہل خانہ اور دوستوں نے شرکت کی عامر خان کے بچوں جنید، آئرہ اور آزاد سمیت متعدد قریبی عزیز تقریب میں موجود تھے۔

    عامر خان اور گوری سپراٹ ایک دوسرے کو تقریباً 25 برس سے جانتے تھے، تاہم 2024ء میں دوبارہ رابطہ ہونے کے بعد ان کا رشتہ مضبوط ہوا عامر خان نے مارچ 2025ء میں اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری کو اپنی گرل فرینڈ کے طور پر عوام کے سامنے متعارف کروایا تھا یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے، اس سے قبل وہ رینا دتا اور اس کے بعد فلم ساز کرن راؤ سے شادی کر چکے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کی نئی اہلیہ گوری سپراٹ نے یونیورسٹی آف آرٹس لندن سے فیشن، اسٹائلنگ اور فوٹوگرافی میں ڈگری حاصل کی ہےاس کے علاوہ وہ ایک پروفیشنل ہیئر ڈریسر بھی ہیں، اس وقت گوری سپراٹ عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس عامر خان فلمز میں ہی کام کر رہی ہیں گوری کا ایک 6 سالہ بیٹا بھی ہے، تاہم ان کے پہلے شوہر کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات دستیاب نہیں۔