Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • سیٹ پر مزدور کی موت، فلم باڈی کا سنجے لیلا سے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا مطالبہ

    سیٹ پر مزدور کی موت، فلم باڈی کا سنجے لیلا سے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا مطالبہ

    نامور بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار کے سیٹ پر پیش آنے والے ایک حادثے میں 42 سالہ کارکن ہلاک ہو گیا، جفلم باڈی نے سنجے لیلا بھنسالی سے 50 لاکھ روپے معاوضے کا مطالبہ کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 17 جون کو ممبئی کے علاقے گورگاؤں میں واقع ایک اسٹوڈیو میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘لو اینڈ وار’ کے سیٹ پر ایک کارپنٹر کی موت کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا مزدور کام کے دوران کرنٹ لگنے سے موت کے منہ میں چلا گیا جس کی شناخت چندر دھاری سنگھ یادو کے نام سے ہوئی، یادو کے اہلِ خانہ میں ان کی اہلیہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں،واقعے کے بعد بھنسالی پروڈکشنز نے متاثرہ خاندان کے لیے 40 لاکھ بھارتی روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پروڈکشن ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ امداد سوگوار خاندان کی امداد کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔

    لیکن فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سین ایمپلائز ( ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے سنجے لیلا بھنسالی سے متوفی کے خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے معاوضہ اور تعلیمی مدد کا مطالبہ کیا ہے اس حوالے سے فیڈریشن کے صدر بی این تیواری نے کہا کہ فلم ساز پہلے ہی خاندان کو 40 لاکھ روپے بطور معاوضہ فراہم کر چکے ہیں تاہم فیڈریشن اس رقم کو بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے فیڈریشن نے یہ بھی درخواست کی کہ سنجے لیلا بھنسالی چندر دھاری کے 2 بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کریں۔

    فیڈریشن نے فلم سیٹس پر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت بنانے کا مطالبہ کیا ہے تنظیم نے حکام اور پروڈکشن ہاؤسز پر زور دیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘لو اینڈ وار’ میں اداکار رنبیر کپور، وکی کوشل اور اداکارہ عالیہ بھٹ ایک ساتھ نظر آئیں گے، اس فلم کی کہانی 2 افسروں کے درمیان ایک پیچیدہ محبت پر مبنی ہے،فلم 21 جنوری 2027 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی،جو سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی بڑی فلموں میں شمار کی جا رہی ہے، رپورٹس کے مطابق فلم کا بجٹ 350 کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہے۔

  • کینسر کو شکست دینے کے بعد نفیسہ علی کی 11 ہزار فٹ بلندی پر ٹریکنگ

    کینسر کو شکست دینے کے بعد نفیسہ علی کی 11 ہزار فٹ بلندی پر ٹریکنگ

    بھارتی اداکارہ اور سیاست دان نفیسہ علی سوڈھی نے کینسر کے خلاف کامیاب جنگ کے بعد 11 ہزار فٹ کی بلندی پر ٹریکنگ کر کے اپنے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

    اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، اداکارہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات نے ان کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔ سوشل میڈیا صارفین نے انہیں کینسر کے مریضوں کے لیے امید اور ہمت کی علامت قرار دیا۔

    نفیسہ علی سوڈھی کو 2018 میں اسٹیج تھری پیریٹونیل اور رحم کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، بیماری کی تشخیص کے بعد انہوں نے طویل عرصے تک علاج کرایا جس میں کیموتھراپی کے متعدد مراحل اور دیگر طبی اقدامات شامل تھے، گزشتہ چند برسوں کے دوران وہ اپنی صحت، ورزش اور مثبت طرزِ زندگی سے متعلق تجربات بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہی ہیں۔

    انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں نفیسہ علی کو اپنے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں کے ساتھ ایک خوبصورت پہاڑی مقام پر دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے تقریباً 11 ہزار فٹ کی بلندی تک ٹریکنگ کی اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ یہ تجربہ انہیں "بالکل نیا” محسوس کروا رہا ہے انہوں نے بتایا کہ اس سفر کے دوران ان کے داماد اور پوتے نے بھرپور مدد کی، جس کی بدولت وہ اس یادگار مہم کا حصہ بن سکیں، سرجری اور متعدد کیمو تھراپی سیشنز کے بعد اتنی بلندی پر ٹریکنگ کرنا ان کے لیے ایک بڑی کامیابی اور زندگی کی نئی شروعات جیسا احساس تھا۔

    نفیسہ علی نہ صرف بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں بلکہ وہ ماضی میں بیوٹی کوئین اور قومی سطح کی سوئمنگ چیمپئن بھی رہ چکی ہیں ان کی نمایاں فلموں میں جنون، میجر صاحب، بےوفا، لائف اِن اے میٹرو اور یملا پگلا دیوانہ شامل ہیں اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران انہوں نے بالی ووڈ کے نامور اداکاروں ششی کپور، امیتابھ بچن اور دھرمیندر کے ساتھ بھی کام کیا۔

  • میں بھی بہترین کرکٹ کھیل سکتی ہوں،کرینہ کپور کا جسپریت بمراہ کو چیلنج

    میں بھی بہترین کرکٹ کھیل سکتی ہوں،کرینہ کپور کا جسپریت بمراہ کو چیلنج

    بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ کرکٹ کھیلنے میں جسپریت بمراہ کا بھی مقابلہ کر سکتی ہیں-

    45 سالہ اداکارہ کرینہ کپور نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ پوسٹ شیئر کی جو وائرل ہوگئی جس میں انہوں نے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو ہلکے پھلکے انداز میں چیلنج کیا اداکارہ کرینہ نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر کا ایک کولاج شیئر کیا جس میں وہ اپنے بیٹے تیمور علی خان کو بولنگ کرواتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں –

    تصاویر کے ساتھ کرینہ کپور نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ میرے ٹیلنٹ کو کم نہ سمجھیں، میں بمراہ سے بھی مقابلہ کرسکتی ہوں،ساتھ ہی انہوں نے مختلف ایموجیز کا بھی استعمال کیا، جبکہ تصاویر میں اداکارہ گلابی شرٹ، نیلی جینز اور سفید اسنیکرز میں ملبوس نظر آئیں – یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہوئی اور مداحوں کی جانب سے اس کرکٹنگ ایکشن کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے-

    showbiz

    اس سے قبل ایک انٹرویو میں کرینہ کپور نے بتایا تھا کہ میرے بیٹے تیمور کو فلموں کے ساتھ ساتھ کرکٹ اور فٹ بال کا بھی بے حد شوق ہے ، وہ کھیلوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،جبکہ جسپریت بمراہ دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز میں شمار کیے جاتے ہیں اور دباؤ کے لمحات میں بھی اپنی خطرناک یارکرز کے لیے مشہور ہیں۔

  • اوم پوری کے معاشقے کے سبب میری زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی،سیما کپور

    اوم پوری کے معاشقے کے سبب میری زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی،سیما کپور

    بھارتی اداکارہ اور مصنفہ سیما کپور نےانکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اوم پوری کی وجہ سے اپنا بچہ کھو دیا تھا-

    اداکارہ سیما کپور نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ اوم پوری کے معاشقے سے متعلق جاننے کے بعد میری زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی، اس دوران میں حاملہ تھی، صدمے کے سبب میرے لیے میری قیمتی ترین شے میرا ہونے والا بچہ زندہ نہیں بچ سکا تھا بچے کی موت کا سُن کر اوم پوری نے مجھے پیسے بھی بھیجوائے تھے لیکن میں نے انکار کردیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اوم پوری کے صحافی اور مصنفہ نندیتا پوری سے معاشقے کی خبر ملنے پر میں اپنی والدہ کے پاس راجستھان چلی گئی تھی جس کے بعد ہم دونوں کے درمیان فاصلے مزید بڑھ گئے تھے بعد ازاں اوم پوری نے مجھ سے علیحدگی اختیار کر لی اور 1993ء میں نندیتا پوری سے شادی کر لی تھی،کئی برس بعد اوم پوری نے لندن میں اپنے ایک اہم آپریشن سے قبل مجھ سے معافی بھی مانگی تھی کیونکہ اوم کو اپنی زندگی سے متعلق خدشات لاحق تھے۔

    واضح رہے کہ اوم پوری نے 1991ء میں سیما کپور سے شادی کی تھی جو ایک سال سے بھی کم عرصے میں ختم ہو گئی تھی بعد ازاں 1993ء میں انہوں نے نندیتا پوری سے شادی کر لی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا ایشان ہے یہ شادی بھی 2013ء میں ختم ہو گئی تھی جبکہ اوم پوری 2017ء میں 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

  • وزن بڑھنے کے باعث پریشان نمرا خان کو شوہر نے کیا مشورہ دیا؟

    وزن بڑھنے کے باعث پریشان نمرا خان کو شوہر نے کیا مشورہ دیا؟

    پاکستانی اداکارہ نمرا خان کا کہنا ہے کہ اپنے وزن کے باعث بعض اوقات پریشان اور افسردہ ہو جاتی ہوں، میں اس بارے میں بہت زیادہ سوچتی ہوں-

    حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں شرکت کے دوران نمرا خان نے شادی کے بعد وزن بڑھنے اور اس حوالے سے اپنے شوہر کے رویے پر بات کی، اداکارہ نے کہا کہ الحمدللّٰہ! میری حال ہی میں شادی ہوئی ہے، اس لیے میں خوشی خوشی کھا رہی ہوں اور وزن بھی بڑھ رہا ہے لیکن میرے شوہر ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ آپ جو چاہیں کریں، بس خوش رہیں اگرچہ میرے شوہر وزن کے حوالے سے دباؤ نہیں ڈالتے، تاہم میں خود اپنے وزن کے بارے میں حساس ہوں۔

    نمرا خان نے بتایا کہ میں اپنے وزن کے باعث بعض اوقات پریشان اور افسردہ ہو جاتی ہوں، میں اس بارے میں بہت زیادہ سوچتی ہوں، لیکن میرے شوہر مجھے مشورہ دیتے ہیں کہ اپنے لیے اہداف مقرر کروں اور ایک صحت مند معمول اپناؤں، اگر آپ مستقل مزاجی سے صحت مند روٹین اختیار کریں تو نتائج ضرور سامنے آتے ہیں، میں اسکیپنگ اور زومبا کرتی ہوں تاہم حالیہ عرصے میں میرا وزن مزید بڑھا ہےعمر بڑھنے کے ساتھ جسم کا میٹابولزم سست ہو جاتا ہے، جس کے باعث وزن کم کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہو جاتا ہے وزن کم کرنے کے بارے میں سوچ کر مجھے پریشانی ہوتی ہے اور اس کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔

    واضح رہے کہ نمرا خان حال ہی میں برطانیہ میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں،ان کے انسٹاگرام پر 4.7 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں، جبکہ نمایاں ڈراموں میں اے مشتِ خاک، احرامِ جنون، اڑان، خوب سیرت، باغی، اُمِ عائشہ اور سارہ آپی شامل ہیں۔

  • دنیا تک ہماری رسائی کے واحد راستے پر کسی اور کا کنٹرول قابل قبول نہیں ہوگا، قطری وزیراعظم

    دنیا تک ہماری رسائی کے واحد راستے پر کسی اور کا کنٹرول قابل قبول نہیں ہوگا، قطری وزیراعظم

    دوحہ: قطرکے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہےکہ قطر چند ہفتوں میں ایل این جی پیداوار معمول پرلانےکا ارادہ رکھتا ہے لیکن ایل این جی پیداوار معمول پرلانا ہرمز میں صورتحال معمول پر آنے سے مشروط ہوگا

    برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے قطری وزیراعظم نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے امریکا ایران ہاٹ لائن انتہائی اہم ہے، ہاٹ لائن کا مقصد غلط معلومات اور کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیزی کو روکنا ہے بعض عناصر معاہدہ سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں، ضروری ہے کہ جہازوں کو ملنے والی کسی بھی دھمکی کی ایران سے تصدیق کی جائے قطر آبنائے ہرمز سےگزرنے پر فیس لگانے کے ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کرے گا-

    قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران نےکوئی مجوزہ ماڈل پیش کیا تو انہیں اس کے حق میں دلائل دینا ہوں گے اور ہمیں ایران کے مجوزہ ماڈل کا جائزہ لینا ہوگا دنیا تک ہماری رسائی کے واحد راستے پر کسی اور کا کنٹرول قابل قبول نہیں ہوگا، امید ہے 30 دن میں بحری سرگرمیاں جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ جائیں گی قطر چند ہفتوں میں ایل این جی پیداوار معمول پرلانےکا ارادہ رکھتا ہے لیکن ایل این جی پیداوار معمول پرلانا ہرمز میں صورتحال معمول پر آنے سے مشروط ہوگا۔

  • اٹلی: قدیم رومی دور کا ایک عظیم ’ولا‘ دریافت

    اٹلی: قدیم رومی دور کا ایک عظیم ’ولا‘ دریافت

    اٹلی کے دارالحکومت روم کے قریب ماہرین کو قدیم رومی دور کا ایک عظیم ’ولا‘ ملا ہے جس میں خوبصورت موزیک فرش اور تاریخی ڈھانچے موجود ہیں۔

    یہ دریافت روم کے نواحی علاقے ’کاسٹیل دی گیوڈو‘ میں ہوئی، جو قدیم رومی دور میں ’لوریم‘کے نام سے ایک اہم رہائشی علاقہ سمجھا جاتا تھا یہ خطہ رومی سلطنت (27 قبل مسیح سے پانچویں صدی عیسوی) کے دوران اشرافیہ اور شاہی شخصیات کی رہائش کے لیے معروف تھا-

    اطالوی وزارت ثقافت کےمطابق یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب مقامی افراد نے علاقے میں مشکوک کھدائی کی اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کھدائی روک دی،بعد ازاں ماہرین آثار قدیمہ نے تصدیق کی کہ یہ مقام ایک بڑا اور محفوظ رومی ’ولا‘ ہے جہاں شاندار داخلی ہال، مرکزی صحن اور پانی جمع کرنے کا قدیم نظا م موجود ہے جسے ’امپلووئیم‘ کہا جاتا ہے، فرش پر سیاہ اور سفید رنگ کے موزیک موجود ہیں جن پر نباتاتی اور ہندسی نقش و نگار بنے ہوئے ہیں، جو قدیم رومی فن تعمیر کی اعلیٰ مثال سمجھے جاتے ہیں۔

    حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی کھدائی کی کوشش کی تھی تاہم ’کارابینیری‘ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یہ عمل روک دیا،ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ’ولا‘ ممکنہ طور پر رومی اشرافیہ یا شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کی ملکیت ہو سکتا ہے، کیونکہ اس کی تزئین و آرائش انتہائی شاندار اور نفیس ہے۔

    اطالوی وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ کھدائی کا عمل جاری ہے اور مزید اہم تاریخی آثار سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ مستقبل میں عوام کو محدود اجازت کے ساتھ اس مقام کا دورہ کرایا جائے گا۔

  • سینئر صحافی افتخار احمد کے بھائی آغا اقبال احمد خان انتقال کر گئے

    سینئر صحافی افتخار احمد کے بھائی آغا اقبال احمد خان انتقال کر گئے

    سینئر صحافی اور اینکر افتخار احمد کے بھائی آغا اقبال احمد خان انتقال کر گئے ہیں۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم ہیٹ اسٹروک کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ وفات پا گئے مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین آج شام 6بجے وینس ہاؤسنگ سکیم فیروز پورروڈپرادا کی جائے گی،جنازہ ان کی رہائش گاہ بارون روڈ سروبا گارڈن سے اٹھایا جائے گا –

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جنگ اور جیو سے وابستہ صحافی اور اینکر افتخار احمد کے بھائی آغا اقبال احمد خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق گورنرخیبر پختونخوا نے اپنی تعزیتی پیغام میں مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

  • امریش پوری کے ساتھ  اپنی پہلی مشترکہ شوٹنگ کے دوران بے حد خوفزدہ اور نروس تھی،امیشا پٹیل

    امریش پوری کے ساتھ اپنی پہلی مشترکہ شوٹنگ کے دوران بے حد خوفزدہ اور نروس تھی،امیشا پٹیل

    بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے کہا کہ فلم غدر میں لیجنڈری اداکار امریش پوری کے ساتھ اپنی پہلی مشترکہ شوٹنگ کے دوران شدید گھبراہٹ کا شکار تھی۔

    بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امیشا پٹیل نے بتایا کہ فلم غدر میں میرا پہلا سین امریش پوری کے ساتھ ایک جذباتی اور آمنے سامنے کی صورتِ حال پر مبنی تھا، جس کی وجہ سے میں بے حد خوفزدہ اور نروس تھی میں اس سین کی شوٹنگ سے پہلے کانپ رہی تھی، تاہم امریش پوری نے اپنے دوستانہ اور حوصلہ افزا رویے سے میری تمام گھبراہٹ دور کر دی۔

    امیشا پٹیل کے مطابق امریش پوری میرے لیے کام کرنا بہت آسان بنا دیتے تھے، انہوں نے کبھی مجھے یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ وہ ایک عظیم اور تجربے کار اداکار ہیں جبکہ میں ایک نئی فنکارہ ہوں، اس وقت میری فلم کہو نا پیار ہے بھی ریلیز نہیں ہوئی تھی اور زیرِ تکمیل تھی، میں آج بھی امریش جی کو بہت یاد کرتی ہوں، خوف ان کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ ان کے قد و قامت اور تجربے کی وجہ سے تھا، حقیقت میں وہ انتہائی محبت کرنے والے، ذہین اور مزاحیہ شخصیت کے مالک تھے۔

    اگرچہ امریش پوری اپنی مشہور منفی کرداروں، خصوصاً موگیمبو اور اشرف علی کے کرداروں کی وجہ سے سخت گیر شخصیت کے حامل دکھائی دیتے تھے، لیکن حقیقی زندگی میں وہ نہایت خوش مزاج اور شاندار حسِ مزاح رکھنے والے انسان تھے۔

    انٹرویو میں امیشا پٹیل نے پاکستان میں اپنی غیر معمولی مقبولیت سے متعلق بھی دعویٰ کیا کہا کہ فلم غدر کی ریلیز کے بعد مجھے پاکستان سے بے پناہ محبت ملی، پاکستانی خواتین میرا فون نمبر تلاش کر کے مجھے کال کرتی تھیں اور بعض مداح جذباتی ہو کر گفتگو کرتے ہوئے روتی بھی تھیں پاکستان میں بہت سے لوگوں نے میرے فلمی کردار ’سکینہ‘ سے متاثر ہو کر اپنی بیٹیوں کا نام بھی سکینہ رکھا۔

    ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آئے تھے، کئی صارفین کا کہنا تھا کہ امیشا پٹیل اپنی مقبولیت کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہیں، جبکہ بعض نے کہا کہ پاکستان میں ان کی شہرت اتنی نہیں جتنی وہ بیان کر رہی ہیں. بھارتی فلمیں یہاں طویل عرصے سے محدود یا بند رہی ہیں، اس لیے ایسے دعوے حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے، جبکہ دیگر صارفین نے بھی ان کے بیان کو مبالغہ آمیز قرار دیا۔

  • پاکستانی مرحوام اداکار  سلطان راہی کا 88واں یوم پیدائش

    پاکستانی مرحوام اداکار سلطان راہی کا 88واں یوم پیدائش

    پاکستان کے لیجنڈ اداکار مرحوم سلطان راہی کا 88واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔

    سلطان راہی 24 جون 1938ء کو بھارت کے شہر سہارنپور میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد ہجرت کر کے گوجرانوالہ میں سکونت اختیار کی،انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1959ء میں فلم "باغی” سے کیا، سلطان راہی نے اپنے فلمی سفر کا آغاز چھوٹے کرداروں سے کیا، لیکن اپنی محنت، منفرد اداکاری اور طاقتور مکالمہ ادائیگی سے وہ پنجابی فلموں کے سب سے بڑے ستارے بن گئے-

    تقریباً چار دہائیوں پر محیط کیریئر میں سلطان راہی نے سیکڑوں فلموں میں اداکاری کی ، ان کا نام بطور سب سے زیادہ فلموں میں کام کرنے والے اداکار کے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل رہا ہے انہوں نے پنجابی سنیما کو ایک نئی شناخت دی ان کے ڈائیلاگز، انداز اور کردار آج بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کا قیمتی سرمایہ سمجھے جاتے ہیں،فلم ’وحشی جٹ‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا، جبکہ ’مولا جٹ‘ نے سلطان راہی کو برصغیر کے مقبول ترین ایکشن ہیروز میں شامل کردیا،اور انہیں "شیرِ پنجاب” کا خطاب ملا،سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی پاکستانی فلمی تاریخ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے، جنہوں نے متعدد یادگار فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے،یہ جوڑی آج بھی فلمی شائقین کے دلوں میں زندہ ہے-

    9 جنوری 1996 کو گوجرانوالہ کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں اردو اور پنجابی فلموں کے لیجنڈ اداکار سلطان راہی دنیا سے رخصت ہوگئے، لیکن ان کا فن آج بھی زندہ ہے اور وہ پاکستان کے یادگار ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔