Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • دفاعی بجٹ بغیر کسی مخالفت کے ایوان سے متفقہ طور پر منظور

    دفاعی بجٹ بغیر کسی مخالفت کے ایوان سے متفقہ طور پر منظور

    قومی اسمبلی نے مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ کے تحت مسلح افواج، دفاعی پیداوار، تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں کے لیے مجموعی طور پر 43 کھرب 85 ارب روپے سے زائد مالیت کے 88 مطالباتِ زر منظور کر لیے ہیں جب کہ دفاعی بجٹ ایوان سے متفقہ طور پر منظور ہو گیا ہے۔

    بجٹ اجلاس کے دوران مسلح افواج کے لیے 298 ارب روپے سے زائد اور شعبہ دفاع کے ترقیاتی اخراجات کے لیے 109 ارب روپے سے زائد کے مطالباتِ زر پیش کیے گئے، جن کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے کوئی کٹوتی کی تحریک پیش نہیں کی گئی، یوں دفاعی بجٹ بغیر کسی مخالفت کے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

    قومی اسمبلی، سینیٹ سمیت 29 وزارتوں اور ڈویژنوں کے 40 کھرب 48 ارب سے زائد کے 89 مطالبات زر منظور کرلیے گئے جب کہ قومی اسمبلی نے وزارتوں کو ڈویژنوں کے مطالبات زر کی کثرت رائے سے منظوری دے دی ہےبومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرایاز صادق کی زیرصدارت ہوا، جس میں وفاقی بجٹ کے تحت مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے مطالباتِ زر کی منظوری کا عمل جاری رہا۔

    ایوان نے ماحولیاتی تبدیلی ڈویژن، کامرس ڈویژن، مواصلات ڈویژن، دفاع اور دفاعی پیداوار، اکنامک افیئرز، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، خارجہ امور، ہاؤسنگ و تعمیرات، انسانی حقوق، داخلہ، صنعت و پیداوار، اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بین الصوبائی رابطہ، امور کشمیر و گلگت بلتستان، قانون و انصاف، میری ٹائم افیئرز، قومی اسمبلی، سینیٹ، قومی صحت، پارلیمانی امور، منصوبہ بندی، نجکاری، ریلوے، مذہبی امور، سائنس و ٹیکنالوجی، آبی وسائل اور کابینہ ڈویژن سمیت متعدد وزارتوں اور ذیلی اداروں کے اربوں اور کھربوں روپے مالیت کے مطالباتِ زر منظور کر لیے۔

    قومی اسمبلی نے دفاع اور دفاعی پیداوار کے لیے مجموعی طور پر 30 کھرب 69 ارب 35 کروڑ 58 لاکھ روپے کے سات مطالباتِ زر کی منظوری دی اس کے علاوہ مواصلات کے لیے 125 ارب 72 کروڑ 36 لاکھ روپے، تعلیم کے لیے 192 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد اور آبی وسائل کے لیے 107 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز کی بھی منظوری دی گئی۔

    ایوان نے کابینہ سیکرٹریٹ کے لیے 35 ارب 38 کروڑ 69 لاکھ 82 ہزار روپے، خارجہ امور کے لیے 68 ارب 17 کروڑ 22 لاکھ روپے، قومی صحت کے لیے 53 ارب 28 کروڑ رو پے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے 42 ارب 7 کروڑ روپے، منصوبہ بندی ڈویژن کے لیے 37 ارب 21 کروڑ روپے اور صنعت و پیداوار کے لیے 29 ارب 53 کروڑ 96 لاکھ روپے کے مطالباتِ زر بھی منظور کر لیے۔

    اطلاعات و نشریات کے لیے 27 ارب 57 کروڑ 13 لاکھ روپے، تجارت کے لیے 27 ارب 99 کروڑ 89 لاکھ روپے، قانون و انصاف کے لیے 24 ارب 91 کروڑ روپے، ہاؤسنگ و تعمیرات کے لیے 22 ارب 31 کروڑ 99 لاکھ روپے، سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے 19 ارب 54 کروڑ روپے اور اقتصادی امور کے لیے 15 ارب ایک کروڑ 13 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

    ریلوے کے لیے 111 ارب 13 کروڑ روپے، بین الصوبائی رابطہ کے لیے 5 ارب 2 کروڑ 23 لاکھ روپے، بحری امور کے لیے 4 ارب 12 کروڑ 37 لاکھ روپے، قومی ورثہ و ثقافت کے لیے 3 ارب 4 کروڑ 96 لاکھ روپے، امور کشمیر و گلگت بلتستان کے لیے 3 ارب 18 کروڑ روپے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے 3 ارب 73 کروڑ 54 لاکھ روپے، انسانی حقوق کے لیے 2 ارب 33 کروڑ 25 لاکھ روپے، مذہبی امور کے لیے 2 ارب 40 کروڑ روپے اور پارلیمانی امور کے لیے ایک ارب 20 کروڑ 88 لاکھ روپے کے مطالباتِ زر بھی منظور کر لیے گئے۔

    قومی اسمبلی نے اپنے اخراجات کے لیے 9 ارب 3 کروڑ 57 لاکھ روپے جبکہ سینیٹ آف پاکستان کے لیے 3 ارب 21 کروڑ 72 لاکھ روپے کے مطالباتِ زر کی بھی منظوری دے دی۔ تمام مطالباتِ زر کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت کو آئندہ مالی سال کے دوران مختلف وزارتوں، ڈویژنوں اور سرکاری اداروں کے اخراجات کے لیے فنڈز جاری کرنے کی باقاعدہ پارلیمانی اجازت حاصل ہو گئی، جس کے ساتھ ہی بجٹ منظوری کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔

  • امریکا نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہ کی تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے،مشیر  ایرانی سپریم لیڈر

    امریکا نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہ کی تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے،مشیر ایرانی سپریم لیڈر

    ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر اور معاون محمد مخبر نے خبردار کیا ہے کہ تہران کسی بھی ایسے معاہدے کو قبول نہیں کرے گا جو صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو-

    اپنے حالیہ بیان میں محمد مخبر نے کہا کہ اگر امریکا نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہ کی تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے ایران اب محض بیانات یا تحریری یقین دہانیوں پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں ہے بلکہ عملی اقدامات کو ہی بنیادی شرط سمجھتا ہے امریکی پالیسی ساز معاشی فائدے اور لاگت کے حساب کی زبان بہتر سمجھتے ہیں، اس لیے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ معاہدوں کو عملی شکل دی جائے نہ کہ انہیں صرف کاغذ تک محدود رکھا جائے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی بھی معاہدہ صرف کاغذوں کی حد تک رہ گیا تو اس کے اثرات نہ صرف سیاسی ہوں گے بلکہ مشرق وسطیٰ میں توانائی کے بہاؤ پر بھی سنگین اثر پڑ سکتا ہےتہران کے مذاکرات کار کسی بھی ایسے نتیجے پر مطمئن نہیں ہوں گے جس میں وعدوں کا مکمل نفاذ اور ایرانی قوم کے حقوق کی حقیقی تکمیل شامل نہ ہو۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے عارضی امن معاہدے کے تحت آج سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات ہوں گے اس انتہائی اہم اور بڑے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے ان اہم مذاکرات کا حصہ بنیں گے ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی مذاکرات میں شامل ہوں گےامریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس بھی ایران سے مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں ، جبکہ ایرانی وفد باقر قالیباف کی سربراہی میں سوئٹزر لینڈ پہنچ گیا ہے۔

  • آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی، نیتن یاہو کا لبنان پر حملے روکنے کا حکم

    آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی، نیتن یاہو کا لبنان پر حملے روکنے کا حکم

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنوبی لبنان میں جاری فوجی کارروائیوں کو روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں آبنائے ہرمز کی بندش کی دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر اس اہم بحری گزرگاہ میں تیل اور تجارتی جہازوں کی آمد و رفت جاری ہے ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق کی خلاف ورزی کے جواب میں ہم آبنائے ہرمز کو بند کر رہے ہیں۔

    صورتحال کے بارے میں زمینی حقائق یہ بتاتے ہیں کہ اگرچہ ایران نے بندش کا اعلان کیا ہے، لیکن سمندری راستوں سے جہازوں کی آمد و رفت مکمل طور پر رکی نہیں ہے اطلاعا ت کے مطابق بعض بحری جہاز عمان کی سمندری حدود سے گزر رہے ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند نہیں ہوئی بلکہ جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔

    اُدھر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت کھلی ہے اور وہاں بحری ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے دوسری جانب اسرائیلی وزیرا عظم نیتن یاہو نے جنوبی لبنان میں فوجی کارروائیوں کو عارضی طور پر روکنے کا حکم دیا ہے اسرائیلی حکام کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

  • بھارت: زائرین پر مندر کا ستون گر گیا،6 افراد ہلاک، 18 زخمی

    بھارت: زائرین پر مندر کا ستون گر گیا،6 افراد ہلاک، 18 زخمی

    بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع پربھنی میں ہفتے کے روز واقع مشہور یشواڑی ہنومان مندر میں زیرِ تعمیر سبھا منڈپ کا ایک پتھریلا ستون اچانک گر گیا اور زائرین ملبے تلے دب گئے ، افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 18 دیگر زخمی ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مندر میں سبھا منڈپ کی تعمیر کا کام جاری تھا ہفتے کے روز مندر میں زائرین کی بڑی تعداد موجود تھی کہ اسی دوران زیرِ تعمیر ڈھانچے کا ایک پتھر کا ستون اچانک منہدم ہوگیا حادثے کے بعد عقیدت مند جان بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگے،واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، پولیس اہلکار اور امدادی ٹیمیں فور ی طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

    امدادی اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک ملبہ ہٹانے اور اس کے نیچے پھنسے افراد کو نکالنے کا کام جاری رکھا انتظامیہ کے مطابق ریسکیو آپریشن ہفتے کی شام 6 سے 7 بجے کے درمیان مکمل کر لیا گیازخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے پربھنی، ناندیڑ اور آر پی اسپتال منتقل کیا گیا انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کے علاج کے لیے ضرور ی طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

    بیان میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ مہاراشٹرا کے پربھنی میں دیوار گرنے کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے،اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے ساتھ میری ہمدردیاں ہیں، دعا ہے کہ تمام زخمی جلد صحت یاب ہوں۔

    حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ہالی ووڈ کے معروف اداکار  نے اسلام قبول کر لیا

    ہالی ووڈ کے معروف اداکار نے اسلام قبول کر لیا

    سعودی عرب کے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہالی ووڈ کے معروف اداکار جینکارلو ایسپوزیٹو نے سعودی عرب میں قیام کے دوران اسلام قبول کر لیا ہے۔

    ترکی آل الشیخ کے مطابق جیانکارلو ایسپوزیٹو نے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا اور اس کے بعد فلمی ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ مسجد میں نمازادا کی ،اداکار کا اسلام قبول کرنے کا فیصلہ سعودی عرب میں گزارے گئے اچھے وقت اور وہاں کام کے دوران مسلمانوں کے ساتھ ان کے میل جول کا نتیجہ ہے امریکی اداکار نے وہاں کے لوگوں کے اچھے اخلاق، محبت اور مہمان نوازی کی بہت تعریف کی ہے جو انہوں نے شوٹنگ کے دوران خود محسوس کی۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک مسجد کے اندر فلم بنانے والی ٹیم کے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر نماز پڑھ رہے ہیں اس ویڈیو کے بعد دنیا بھر میں ان کے اسلا م قبول کرنے کی خبر تیزی سے پھیل گئی،اب تک خود جیانکارلو ایسپوسیٹو کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔

    جیانکارلو ایسپوزیٹو ان دنوں سعودی عرب میں ایک بڑی فلم ’سیون ڈاگز‘ کی شوٹنگ کے لیے موجود ہیں یہ فلم سعودی عرب میں بننے والے بڑے بین الاقوامی پروجیکٹس میں شمار کی جا رہی ہےجیانکارلو ایسپوزیٹو دنیا بھر میں اپنے مشہور کردار ”گس فرنگ“ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، جو انہوں نے مشہور ٹی وی سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ میں ادا کیا تھا اس کردار نے انہیں عالمی شہرت دلائی اور کئی ایوارڈ نامزدگیاں بھی ملیں۔

  • آج سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات

    آج سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات

    پاکستان سمیت شمالی نصف کرے میں آج سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات ہے-

    سال کے طویل ترین دن کو خط سرطان یا Summer Solstice کہا جاتا ہے اور مانا جاتا ہے کہ اس کے بعد موسم گرما کا حقیقی آغاز ہوتا ہے اور اس حوالے سے مختلف رسومات بھی ادا کی جاتی ہیں،خط سرطان سے مراد زمین کی وہ کیفیت ہے جب قطب شمالی سورج کی جانب جھکا ہوتا ہے اور سورج خط استوا سے سب سے زیادہ دور ہوتا ہے۔

    اس کے نتیجے میں زمین پر شمالی نصف کرے میں سال کا طویل ترین دن (وہ دن جب سورج کی روشنی کا دورانیہ سب سے زیادہ ہوتا ہے) اور مختصر ترین رات ہوتی ہےدلچسپ بات یہ ہے کہ سال کا طویل ترین دن بدلتا رہتا ہے، جیسے 2024 میں 21 جون کو ایسا ہوا مگر 2025 میں 22 جون طویل ترین دن تھا22 جون کے بعد دن کے دورانیے میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگی اور دسمبر کے تیسرے عشرے میں شمالی نصف کرے میں سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہوگی۔

    سال کے طویل ترین دن کے موقع پر پاکستان میں دن کا دورانیہ مقامات کے لحاظ سے 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان ہوگا دنیا میں سب سے طویل دن امریکی ریاست الاسکا کے وسطی حصے میں ہوگا جہاں دن کی روشنی کا دورانیہ 21 گھنٹے سے زائد ہوگا دوسری جانب جنوبی نصف کرے میں آج سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہوگی اور وہاں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہوگا قطب جنوبی کے مرکزی مقام یعنی براعظم انٹار کٹیکا میں آج کل24 گھنٹے تاریکی کا راج ہے۔

    کچھ ممالک میں اس حوالے سے دلچسپ روایات بھی موجود ہیں یورپی ملک سوئیڈن میں اسے مڈ سمر کہا جاتا ہے اور ہمیشہ جمعے کو منایا جاتا ہے یعنی وہاں سال کا طویل ترین دن 23 جون کو قرار دیا جائے گا اس موقع پر وہاں میلوں کا انعقاد ہوتا ہے جبکہ برطانیہ کے تاریخی مقام اسٹون ہینج میں بھی اس موقع پر لوگ جمع ہوتے ہیں اور مختلف سرگرمیوں کا حصہ بنتے ہیںخط سرطان کو زرخیری سے بھی منسلک کیا جاتا ہے کیونکہ اس عرصے میں فصلوں کی کاشت میں اضافہ ہوتا ہے اس موقع پر سورج خط سرطان کے اوپر ہوتا ہے اور چند روز تک دن کے وقت ایک پوزیشن میں نظر آتا ہے، سال کے باقی حصے میں سورج کی پوزیشن بدلتی رہتی ہے قدیم مصر میں اس موقع پر نئے سال کا آغاز ہوتا تھا۔

  • پاکستان میں تیار کردہ فٹبال خلا تک پہنچ گیا،ناسا کا جدی فٹبال کیساتھ سائنسی تجربہ

    پاکستان میں تیار کردہ فٹبال خلا تک پہنچ گیا،ناسا کا جدی فٹبال کیساتھ سائنسی تجربہ

    امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے خلابازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر فیفا ورلڈکپ کی جدید فٹبال کے ساتھ ایک سائنسی تجربہ کیا۔

    یہ تجربہ اسٹیشن کے اندر خاص طور پر کپولا (Cupola) ماڈیول میں کیا گیا جہاں فٹبال کو بغیر وزن کے ماحول میں تیرتے ہوئے دیکھا گیا خلابازوں نے مشہور برانڈ ایڈیڈاز کی ڈیزائن کردہ ٹریونڈا (Trionda) بال کا استعمال کیا تاکہ یہ مطالعہ کیا جا سکے کہ فٹبال مائیکرو گریویٹی میں کیسے برتاؤ کرتا ہے اس تجربے کا مقصد یہ سمجھنا تھا کہ فٹبال کا بیلنس اور وزن کھیل کے دوران اس کی حرکت کو کیسے متاثر کرتا ہے۔

    ناسا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ اس سے قبل یہ تجربہ 2019 میں بھی کرچکے ہیں، تجربے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ توازن میں فرق کس طرح فٹبال کی حرکت کو بدل سکتا ہے،فیفا کے مطابق ٹریونڈا نام ایک ہسپانوی لفظ سے آیا ہے جس کا مطلب ‘تین لہریں’ ہیں جو 3 ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے پہلے ورلڈ کپ کی عکاسی کرتی ہے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات

    وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات

    برگن اسٹاک: وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات ہوئی۔

    وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا ایران مذاکرات کے لیے سوئٹرزلینڈ میں موجود ہیں جہاں ان کی ملاقات امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ہوئی ہےامریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ وفد میں جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف بھی موجود تھے جنہوں نے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی۔

    ذرائع کاکہنا ہے کہ امریکی وفد سے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہبازشریف ایرانی وفد سےبھی ملیں گے، ایرانی وفد کی سربراہی باقرقالیباف کریںگے،ساتھ وزیرخارجہ عراقچی اوردیگر حکام بھی ہوں گے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے برگن اسٹاک پہنچنے پر مقامی صحافیوں سے جرمن زبان میں بات کرتے ہوئے خیرسگالی کا اظہار کیا، جبکہ ان کا یہ دورہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر پیش رفت کے لیے ہونے والے اہم سفارتی رابطوں کے سلسلے میں ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی آمد کے موقع پر موجود صحافیوں نے ان کا استقبال کیا، جس پر وزیراعظم نے جرمن زبان میں ان سے مخاطب ہو کر شکریہ ادا کیا اس مختصر گفتگو کو سفارتی حلقوں میں خیرسگالی کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سوئٹزرلینڈ پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفار تی عمل سے متعلق اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

    وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ اس لیے گئے ہیں کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (ایم او یو) پر عملدرآمد کے لیے ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔ یہ مذاکرات 17 جون کو طے پانے والے معاہدے کے بعد پہلا اہم سفارتی مرحلہ قرار دیے جا رہے ہیں ان مذاکرات میں امریکا، ایران اور قطر کے اعلیٰ سطحی وفود بھی شریک ہوں گےپاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا، اور اب اسلام آباد اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سفارتی رابطوں میں مصروف ہے۔

  • ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا پارلیمنٹ کے قریب تھالیاں بجا کر احتجاج

    ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا پارلیمنٹ کے قریب تھالیاں بجا کر احتجاج

    بھارت کی سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے سینکڑوں حامیوں اور طلبہ نے بھارتی پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب احتجاج کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے امتحانی بے ضابطگیوں اور بار بار پرچہ لیک ہونے کے واقعات کے خلاف آواز بلند کی اور تھالیاں بجا کہ انوکھے انداز سے شدید احتجاج کیا، احتجاج کے دوران شرکا نے اسٹیل کی تھالیاں اور چمچ بجا کر حکومت کے خلاف اپنا غصہ ظاہر کیا،اس مظاہرے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے،کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھجیت دپکےنے حامیوں سے احتجاج میں تھالیاں اور چمچ لانے کی اپیل کی تھی۔

    احتجاج کے پیش نظر علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے پولیس نے مظاہرے کی نگرانی کے لیے کیمرے اور ڈرونز استعمال کیے جبکہ پارلیمنٹ کے اطراف اضافی نفری تعینات کی گئی،مظاہرین کی جانب سے تھالیاں بجانے کو وزیر اعظم مودی کے اُس اقدام پر طنز قرار دیا جا رہا ہے جب انہوں نے 2020 میں کووڈ۔19 وبا کے دوران عوام سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے گھروں کی بالکونیوں اور چھتوں پر برتن بجانے کی اپیل کی تھی۔

    ابھیشیک دپکے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرمیندر پردھان نامی وائرس کو ختم کرنا ضروری ہے اگر وزیرِ تعلیم مستعفی ہو جائیں تو پارٹی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے پارٹی کے ایک حامی دیپک کمار نے کہا کہ یہ تو صرف آغاز ہے اگر دھرمیندر پردھان نے استعفیٰ نہ دیا یا اس معاملے پر کوئی مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو یہ احتجاج یہیں ختم نہیں ہوگا۔

    یہ احتجاج گزشتہ ماہ قومی سطح کے میڈیکل داخلہ امتحان کے پرچے کے مبینہ لیک ہونے کے بعد شروع ہونے والے تنازع سے جڑا ہوا ہے الزام ہے کہ امتحانی پرچہ سوشل میڈیا ایپ ٹیلیگرام کے ذریعے پھیلایا گیا تھا واقعے کے بعد حکام نے امتحان ملتوی کر دیا تھا جبکہ ٹیلیگرام پر عارضی پابندی بھی عائد کی گئی حکومت کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقا ت جار ی ہیں اور امتحان اتوار کو منعقد کیا جائے گا۔

  • اسرائیلی رکن پارلیمنٹ کا غزہ کے مسلمانوں کے مکمل خاتمے کا مشورہ

    اسرائیلی رکن پارلیمنٹ کا غزہ کے مسلمانوں کے مکمل خاتمے کا مشورہ

    اسرائیلی رکن پارلیمنٹ موشے فیگلن نے مبینہ طور پر ہٹلر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہٹلر نے یہودیوں کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا تھا، اسی طرح غزہ کے حوالے سے ایک متنازع مؤقف پیش کیا گیا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ وائرل ہو رہی ہےجس میں سابق اسرائیلی کنیسٹ رکن موشے فیگلن سے منسوب ایک انتہائی متنازع بیان سامنے آیا ہے، جس میں مبینہ طور پر ہٹلر کا حوالہ دیتے ہوئے غزہ سے متعلق سخت الفاظ شامل ہیں، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

    وائرل پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ موشے فیگلن نے مبینہ طور پر ہٹلر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہٹلر نے یہودیوں کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا تھا، اسی طرح غزہ کے حوالے سے ایک متنازع مؤقف پیش کیا گیا،موشے فیگلن نے کہا کہ ’ہم اس سرزمین میں اس وقت تک نہیں رہ سکتے جب تک غزہ میں ایک بھی مسلمان موجود ہے انہیں ختم کر دینا چاہیے۔

    یہ بیان وائرل ہونے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، تاہم اب تک کسی معتبر بین الاقوامی خبر رساں ادارے یا سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی،دوسری جانب موشے فیگلن کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔