Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • فیض حمید کیخلاف چارج شیٹ  فوج کا اندرونی معاملہ ہے،بیرسٹر گوہر

    فیض حمید کیخلاف چارج شیٹ فوج کا اندرونی معاملہ ہے،بیرسٹر گوہر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیض حمید پر فرد جرم عائد ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے-

    باغی ٹی وی: پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ فیض حمید پر چارج شیٹ فوج کا اندرونی معاملہ ہے، ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں، فوج کے اپنے قواعد اور قوانین ہیں جس کے تحت وہ ٹرائل کرتی ہے۔

    واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کر دیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست 2024ء کو پاکستان آرمی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔

    فیض حمید کے خلاف 9 مئی 2023 کے واقعات میں ملوث ہونے کی تحقیقات بھی جاری ہیں، فیض حمید نے سیاسی مفادات کے لیے احتجاج اور انتشار کو ہوا دی، جس میں مختلف سیاسی عناصر کے ساتھ ملی بھگت شامل ہے خاص طور پر، 9 مئی کے واقعات اور اس سے پہلے ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں ان کا کردار شامل ہے، جن میں 2022 کے دوران ہونے والے مظاہرے اور نومبر 2022 میں آرمی چیف کی تعیناتی کے دوران ہونے والے احتجاج شامل ہیں۔

  • روس میں الاسد کی نئی زندگی،ماسکو میں کتنی جائیدادیں خریدیں؟

    روس میں الاسد کی نئی زندگی،ماسکو میں کتنی جائیدادیں خریدیں؟

    ماسکو: شامی صدر اسد، ان کی برطانوی اہلیہ اور ان کے تین بالغ بچے اپنے شامی محلات کو چھوڑ گئے ہیں ولادیمیر پوتن کی طرف سے سیاسی پناہ ملنے کے بعد روس میں نئی ​​زندگی کا آغاز کریں گے۔

    باغی ٹی وی: شام کے دارالحکومت دمشق پر اپوزیشن فورسز کے قبضے سے قبل ہی سابق صدر بشار الاسد اپنے خاندان کے ساتھ روس فرار ہوگئے تھےاس منتقلی کے بعد شام پر الاسد خاندان کے اقتدار کا سورج غروب ہوگیا، بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے پر شامی عوام کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا، اب بشار الاسد برطانوی اہلیہ اور 3 بچوں کے ساتھ روس میں سیاسی پناہ لے کر اپنی نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔

    ڈیلی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق لندن سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کی بیٹی اسما الاسد نے صدر بشار الاسد سے 2000 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کی 3 اولادیں ہیں، بشارالاسد کی اہلیہ نے ڈکٹیٹر شوہر کے دور حکومت میں عیش وعشرت بھری زندگی گزاری، اسماا لاسد نے اپنے شوہر کے دور حکومت میں گھریلو اشیاء اور کپڑوں پر لاکھوں ڈالر اڑائے
    syria
    امریکی محکمہ خارجہ کا تخمینہ ہے کہہ اس خاندان کی مجموعی دولت کی مالیت 2 بلین ڈالر ہے،جس میں ان کے بیشتر اکاؤنٹس، شیل کمپنیز اور آف شور ٹیکس ہیونز سمیت رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو شامل ہیں،اب امکان ہے کہ بشارالاسد اپنی روس منتقلی کے بعد عیش وعشر ت بھری زندگی گزارنے کیلئے ان اثاثوں کو استعمال کریں گے۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بشار الاسد نے حال ہی میں 20 اپارٹمنٹس خریدے ہیں جن کی مالیت 30ملین پاؤنڈ سے زائد ہے،جو اس قبیلے کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ کے طور پر روس کی حیثیت کو واضح کرتی ہے-

    کریملن نے آج تصدیق کی ہے کہ اس خاندان کو پوٹن کے براہ راست حکم پر سیاسی پناہ دی گئی تھی ماسکو نے مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا، صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے آج نامہ نگاروں کو بتایا: ‘ ہم اسد کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتے، مسز اسد کے بارے خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی بیٹی اور دو بیٹوں کے ساتھ اپنے شوہر کے شام سے فرار ہونے سے کچھ دن پہلے ماسکو پہنچی تھیں۔

  • ’بیجنگ پنجاب کلین ائیر‘ مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا بڑا فیصلہ

    ’بیجنگ پنجاب کلین ائیر‘ مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا بڑا فیصلہ

    بیجنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کے موقع پر بیجنگ پنجاب کلین ایئر مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔

    باغی ٹی وی : ماحولیاتی تحفظ اور نظام پر وزیراعلی پنجاب کو بریفنگ دی گئی جس میں چین اور صوبہ پنجاب نے ماحولیاتی بہتری، بائیو ڈائیورسٹی، اسموگ کے خاتمے، جنگلی حیات اور شجر کاری کے تحفظ و فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا،سینیئر وزیر مریم اورنگزیب پنجاب کی نمائندگی کریں گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب اور چین کے ماحولیاتی وزیر ہوانگ رانچیو نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ چین کے تعاون سے پنجاب میں ایڈوانس ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا،فیصلے کے تحت چین اور صوبہ پنجاب میں ماحولیاتی علوم کا تبادلہ، پالیسی کوآرڈینیشن، استعداد میں اضافے، ڈیٹا مانیٹرنگ اور شئیرنگ، گرین اربن پلاننگ، ٹیکنالوجی کا ٹرانسفر ممکن ہوسکے گا، چین ماحول دوست توانائی اور ٹرانسپورٹ کے اجرا کے حوالے سے صوبہ پنجاب کی مدد کرے گا۔

    پنجاب میں ای ٹرانسپورٹ سسٹم کے لیے چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا چین زرعی شعبے کی ترقی، ماحول دوست مشینری اور زرعی طریقے سکھانے میں بھی پنجاب کی مدد کرے گا ہائیڈرو پاور اور پانی کے باکفایت استعمال کے حوالے سے بھی چین صوبہ پنجاب کی مدد کرے گا۔

    پنجاب کو ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ میں چین مہارتوں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے معاونت فراہم کرے گا چین کے ماحولیات کے وزیر نے پنجاب میں اسموگ سے بچاؤ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کےاقدامات کو سراہا، وزیر ایکالوجی اینڈ انوئر منٹ ہوانگ رانچیو کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی حفاظت کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کو بریفنگ دی گئی، پنجا ب میں حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کے تحفظ اور شجرکاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا-

    وزیر ہوانگ رانچیو سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری کے لیے آپ کا وژن، ذاتی کردار، تجربہ اور مہارت متاثر کن ہیں، چینی وزارت انوائرمنٹ اینڈ ایکالوجی حکام نے شہری ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چین کے جدید انوائرمنٹ ماڈلز اپنانا چاہتے ہیں، مارچ 2024 میں وزیراعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالتے ہی اسموگ سے بچاؤ اور ماحول کی بہتری کا اپنی نوعیت کا پہلا جامع پلان دیا، پنجاب میں بڑے پیمانے پر شجر کاری اور جنگلات کی بحالی کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چین کے شہری منصوبہ بندی اور اسمارٹ شہروں کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، سی پیک پاکستان کی ترقی کے حوالے سے نہایت اہم ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ ماحول دوست توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے نہایت اہم ہے، چین نے ماحولیات کی وزارت کے لیے ہوانگ رانچیو کا درست طور پر انتخاب کیا ہے، مریم اور نگزیب کو ماحولیات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو بہت محنتی اور ماحولیات کے شعبے کی ماہر ہیں، دن رات اسموگ کے خاتمے اور ماحو لیاتی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں۔

  • ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 15 خوارج ہلاک،ایک جوان شہید

    ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 15 خوارج ہلاک،ایک جوان شہید

    راولپنڈی:بلوچستان کے علاقے ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کردیا،جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا-

    باغی ٹی وی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 دسمبر 2024 کو، سیکورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے عام علاقے سمبازہ میں انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن کیا،آپریشن کے دوران خوارج کے مقام کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں 15 خوارج کو ’جہنم واصل‘ کر دیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی عارف الرحمان (عمر 32 سال؛ ساکن ضلع مانسہرہ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو بے اثر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • مدارس پرکسی قسم کی مداخلت قبول نہیں،طاہر اشرفی

    مدارس پرکسی قسم کی مداخلت قبول نہیں،طاہر اشرفی

    اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماکونسل علامہ طاہر اشرفی نے مدارس کی رجسٹریشن وزارت تعلیم سے وزارت صنعت کے تحت منتقل کرنے کی کوشش مستردکردی-

    باغی ٹی وی : ملک میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق ویڈیو بیان میں علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پربحث جاری ہے، 15 بورڈز میں سے 10 سےزائد وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کےحق میں ہیں جب کہ ملک میں 18 ہزار سے زائد مدارس وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹر ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے ویڈیو بیان میں کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن وزارت تعلیم سے وزارت صنعت کے تحت منتقل کرنےکی کوشش مستردکرتے ہیں، مدارس کی رجسٹریشن وزارت صنعت کے تحت کرنا ملکی قانون اور وحدت کے خلاف ہے، مدارس کی آزادی اور نصاب کے معاملے پرکسی قسم کی مداخلت قبول نہیں، مولانا فضل الرحمان الگ قانون سازی کراناچاہتے ہیں تو حکومت جانے اور وہ جانیں، ہم تلخیاں نہیں چاہتے، معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہونا چاہئے۔

  • وفاقی کابینہ میں بگاس سے چلنے والے آٹھ انڈیپینڈنٹ پاور پلانٹس کیساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری

    وفاقی کابینہ میں بگاس سے چلنے والے آٹھ انڈیپینڈنٹ پاور پلانٹس کیساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری

    اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔

    باغی ٹی وی : وفاقی کابینہ کو شام کی تازہ صورتحال کے تناظر میں وہاں سے پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالےسے بریفنگ دی گئی کا بینہ کو آگاہ کیا گیا کہ شام میں موجود 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچ چکے ہیں جہاں سے ان کو پاکستان واپس لایا جائے گا ۔

    علاوہ ازیں شام میں 20 کے قریب اساتذہ اور طالب علموں میں سے 7 اساتذہ بھی بیروت پہنچ چکے ہیں، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شام اور لبنان میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام پاکستانیوں کی شام سے باحفاظت واپسی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی، پاور ڈویژن کی سفارش پر بگاس (bagasse ) سے چلنے والے آٹھ انڈیپینڈنٹ پاور پلانٹس کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری دے دی ان معاہدوں کے کی منظوری کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ان پاور پلا نٹس سے پیدا ہونے والی بجلی کے ٹیرف میں کمی کے حوالے سے نیپرا سے رابطہ کرے گی ان معاہدوں کے بعد عام صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں کمی ہو گی اور قومی خزانے کو 238 بلین روپے کا فائدہ ہو گا۔

    اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، ہمار ے ہر فیصلے اور اقدام میں قومی مفاد مقدم رہنا چاہئیے، ملک میں نجی شعبے اور صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، مذکورہ پاور پلانٹس میں جے ڈی ڈبلیو یونٹ I ، یونٹ II, آر وائے کے ملز، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، المعیز انڈسٹر یز، تھل انڈسٹریز اور چنار انڈسٹری شامل ہیں-

    وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے بورڈ میں بریگیڈیر عاصم بشیر وڑائچ کی بطور ممبر پروڈکشن کنٹرول تعیناتی کی منظوری دے دی،علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر نیشنل کمیشن برائے اسٹیٹس آف ویمن فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی-

  • ملک بھر میں سونے کی قیمت میں  مزید اضافہ

    ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مزید اضافہ

    کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں آج مزید اضافہ ہواہے۔

    باغی ٹی وی: آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 77 ہزار 400 روپے ہوگئی ہے ایسوسی ایشن کے مطابق 10گرام سونے کا بھاؤ 858 روپے اضافے سے 2 لاکھ37 ہزار 826 روپے ہے،دوسری جانب عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 10 ڈالر اضافے سے 2662 ڈالر فی اونس ہے۔

    جبکہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3400 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2914.95روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

  • ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ :پاکستان کی اٹلی کو شکست،مسلسل تیسری فتح  اپنے نام کر لی

    ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ :پاکستان کی اٹلی کو شکست،مسلسل تیسری فتح اپنے نام کر لی

    لاہور:ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے اٹلی کو شکست دے کر مسلسل تیسری فتح اپنے نام کرلی۔

    باغی ٹی وی : پاکستان کی جانب سے نور زمان، ناصر اقبال اور عاصم خان نے کامیابی حاصل کی اور گروپ کے آخری میچ میں پاکستان نے اٹلی کو 0-3 سے شکست دی،عاصم خان نے عمر زکی کو 11 ۔ 18، 4 ۔ 11 اور 7 ۔ 11 سے ہرایا جب کہ نور زمان نے لورینزو استاورینگو کو 4 ۔ 11، 7۔ 11 اور 5۔ 11 سے ہرایا۔اس کے علاوہ ناصر اقبال نے ڈینیئل ڈی بارتولومیو کو 2 ۔ 11، 1۔ 11 اور 1۔ 11 سے ہرایا-

    اس سے قبل دوسرے گروپ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 1-2سے ہرایا، پاکستان کی جانب سے نور زمان اور ناصر اقبال نے اپنے میچز جیتے۔ اس سے قبل صبح پاکستاں نے پہلے میچ میں پیرو کو 1-2 سے شکست دی تھی، مسلسل 3 میچز جیت کر پاکستان گروپ ایچ میں پہلی پوزیشن پر رہا،جبکہ پاکستان پہلے ہی ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے ناک آوٹ راؤنڈ میں پہنچ چکا ہے۔

  • ڈویژنل اور سرکل افسران زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد نمٹائیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور

    ڈویژنل اور سرکل افسران زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد نمٹائیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور

    لاہور: ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں میٹنگ ہوئی،کرائم میٹنگ میں ڈویژنل ایس پیز، سرکل ڈی ایس پیز اور تمام تھانوں کے انچارج انویسٹی گیشنز نے شرکت کی-

    باغی ٹی وی :محمد نوید نے پینڈنگ اور زیر التواء مقدمات کی پراگرس کا تفصیلی جائزہ لیا،ڈویژنل اور سرکل افسران کو زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی سخت ہدایات کیں،عدم دلچسپی اور کارکردگی بہتر نہ بنانے پر متعدد ڈی ایس پیز کو وضاحتی لیٹر جاری کیا گیا-

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ہدایت کی کہ بیرون ملک فرار اشتہاری ملزمان کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری یقینی بنائی جائے گی، ڈویژنل اور سرکل افسران ریکارڈ کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں، خواتین اور بچوں سے متعلقہ مقدمات کو برق رفتاری سے نمٹایا جائے-

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن نےافسران کو سنگین نوعیت کے واقعات پر موقع پر پہنچنے اور اپنی نگرانی میں شواہد اکٹھے کروانے کی ہدایت کی،ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی افسران کو فنانشل کرائم کے مقدمات کے چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع کروانے کی ہدایات کیں کہا کہ خواتین سے زیادتی، ظلم و تشدد اور ہراسگی کے مقدمات کی تفتیش میں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی-

    محمد نوید نے افسران کو سوشل کرائمز کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات کی ہدایات کیں،کہا کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کر کے گنہگاروں کو سخت سزائیں دلوائیں، کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور میرٹ پر سمجھوتا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں-

  • اسرائیلی وزیراعظم  کرپشن کیسز میں 5 سال بعد عدالت میں پیش

    اسرائیلی وزیراعظم کرپشن کیسز میں 5 سال بعد عدالت میں پیش

    تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کرپشن کیسز میں 5 سال بعد عدالت میں پیش ہوگئے۔

    باغی ٹی وی: اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر ہونے والے حملوں کو اب ایک سال سے زائد کا وقت گزر چکا ہے مگر اسرائیل میں اب بھی خوف کی فضا قائم ہےوزیراعظم نیتن یاہوکےخلاف کرپشن کیسز کی سماعت آج تل ابیب کے ایک تہہ خانے (بم پروف بنکر) میں قائم کی گئی عدالت میں ہوئی جہاں وہ 5 سال بعدعدالت میں پیش ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق دوران سماعت حکمران جماعت کے رہنما اور وزرا بھی نتین یاہو کی حمایت میں عدالت پہنچ گئے جب کہ غزہ جنگ کے مخالف اور جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے اسرائیلیوں نے بھی نتین یاہو کےخلاف مظاہرہ کیا ، مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں حماس کے زیر حراست تقریباً 100 یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مزید مذاکرات کریں۔

    نیتن یاہو نے مقدمہ ملتوی کرانے کی کوشش کی مگر عدالت نے درخواستیں مسترد کردیں،نیتن یاہو کی گواہی تین دن تک جاری رہنے کا امکان ہے اور انہیں گواہی کے بعد وضاحت کے لیے دوبارہ بلایا جا سکتا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق 75 سالہ نیتن یاہو اسرائیل کے پہلے موجودہ وزیر اعظم ہیں جن پر کسی جرم کا الزام عائد کیا گیا ہے وہ ملک کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے رہنما ہیں، جو 2009 سے تقریباً مسلسل اقتدار میں ہیں، اسرائیلی وزیراعظم کو تین کیسز میں فراڈ، ایک کیس میں رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا ہے۔

    اسرائیل ایک سال سے زائد عرصے سے غزہ میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے خلاف جنگ کر رہا ہے، جس کے دوران نیتن یاہو کو ان کی عدالت میں پیشی شروع کرنے میں تاخیر ہوئی تھی لیکن گزشتہ جمعرات کو ججوں نے فیصلہ سنایا کہ اسے گواہی دینا شروع کر دینا چاہیے۔

    عدالت نے کہا کہ غزہ کی جنگ اور پڑوسی ملک شام سمیت مشرق وسطیٰ میں وسیع تر انتشار سے پیدا ہونے والے ممکنہ نئے خطرات کے باوجود،رشوت خوری، دھوکہ دہی اور اعتماد کی خلاف ورزی کے الزام میں، نیتن یاہو ہفتے میں تین بار گواہی دیں گے-