Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • فخر زمان نے ہیڈ کوچ کیجانب سے اَن فٹ ہونے کے بیان کو مسترد کر دیا

    فخر زمان نے ہیڈ کوچ کیجانب سے اَن فٹ ہونے کے بیان کو مسترد کر دیا

    لاہور: پاکستانی کرکٹر فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں فٹنس مسائل کی وجہ سے قومی اسکواڈ سے باہر کیے جانے کے بیان کو مسترد کر دیا۔

    باغی ٹی وی : گزشتہ دنوں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا جس میں فخر زمان سمیت اہم کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا فخر زمان سے متعلق عبوری وائٹ بال ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا تھا کہ فخر کے نام پر اس لیے نہیں غور کیا گیا کہ وہ ابھی فارم اور میچ فٹنس حاصل نہیں کر پائے ہیں۔

    لیکن فخر نے ایک انٹرویو میں اپنی فٹنس اور ٹیم میں واپسی سے متعلق کہا کہ میں فٹ ہوں اور اسی لیے کھیل رہا ہوں، اور اگر موقع ملا تو پاکستان ٹیم میں ضرور کھیلوں گا،میں نے اپنا کیریئر چیمپئنز ٹرافی سے شروع کیا تھا، اور شکر گزار ہوں کہ میری کارکردگی اچھی رہی اور ہم نے وہاں میچ جیتے اس چیمپئنز ٹرافی میں میری پوری کوشش ہوگی کہ ٹیم میں شامل ہوں اور اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

    واضح رہے کہ ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے یہ بھی کہا تھا کہ قومی سلیکشن کمیٹی فخر کے ساتھ رابطے میں ہے اور انہیں فٹنس حاصل کرنے کے بعد منتخب کیا جائے گا –

  • اوورسیز پاکستانیوں نے ڈالرز پاکستان بھیجنے کا ریکارڈ توڑدیا

    اوورسیز پاکستانیوں نے ڈالرز پاکستان بھیجنے کا ریکارڈ توڑدیا

    کراچی: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے صرف پانچ ماہ میں آئی ایم ایف ڈیل سےبھی زیادہ ڈالرز پاکستان بھیج ڈالے ،اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ن تفصیلات جاری کردیں-

    باغی ٹی وی : اسٹیٹ بینک کے مطابق نومبر کی ورکرز ترسیلات 2.91 ارب ڈالر رہیں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ 72.92 کروڑ ڈالر وطن بھیجے،نومبر کے مہینے میں یو اے ای سے 61.94 کروڑ ڈالر اور برطانیہ سے 40.99 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رواں مالی سال کے 5 ماہ میں ورکرز ترسیلات کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے 5 ماہ میں پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ رقم پاکستان بھیجی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں ورکرز ترسیلات 14.76 ارب ڈالر رہیں جو کہ پچھلے مالی سال کے اسی عرصے میں 33 فیصد زیادہ ہیں رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں سعودی عرب سے 3.65 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجی گئیں، جولا ئی سے نومبر تک یو اے ای سے 2.95 ارب ڈالر بھیجے گئے،5 ماہ میں برطانیہ سے 2.18 ارب ڈالر بھیجےگئے۔

  • کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی:بھارتی اور آسٹریلوی بیٹرز کو سزا کا سامنا

    کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی:بھارتی اور آسٹریلوی بیٹرز کو سزا کا سامنا

    ایڈیلیڈ : بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج اور آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کوسزا کا سامنا ہے-

    باغی ٹی وی: اتوار کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے جیت کے لیے مطلوبہ 19 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کر لیا تھا، بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انڈین کرکٹ ٹیم 180 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

    تاہم دوران میچ آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کو 140 رنزپرآؤٹ کرنےکے بعد محمد سراج نے اشتعال انگیز انداز میں جشن منایا اور نامناسب اندازمیں ڈریسنگ روم جانے کا اشارہ کیا تھا،جس کے جواب میں ٹریوس ہیڈ نے بھی نامناسب رویہ اختیار کیا تھا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔

    جس پرآسٹریلوی سابق کرکٹرز اور کمنٹیٹرز کی جانب سے بھی محمد سراج پر تنقیدکی گئی تھی، تاہم پیر کو فاسٹ بولرمحمد سراج پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ،آئی سی سی نے محمد سراج پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جبکہ سراج اور ٹریوس ہیڈ کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا،محمد سراج اور ٹریوس ہیڈ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کو ایک، ایک سے برابر کردیا۔

  • اداکارہ ریکھا کی دولت اور قیمتی اثاثوں کی حیران کُن  تفصیلات

    اداکارہ ریکھا کی دولت اور قیمتی اثاثوں کی حیران کُن تفصیلات

    ممبئی: بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ ریکھا کی دولت اور قیمتی اثاثوں کی حیران کُن تفصیلات منظر عام پر آگئیں،بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ریکھا کی مجموعی دولت تقریباً 332 کروڑ روپے ہے جو ان کی برسوں کی محنت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    باغی ٹی وی: اداکارہ ریکھا اپنی خوبصورتی، دلکشی اور اداکاری کے باعث آج بھی لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہیں ان کی محنت، ہنر اور لگن نے انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کی سب سے قابل احترام اور لوگوں کی پسندیدہ شخصیات میں شامل کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ریکھا کی دولت کا اندازہ ان کے قیمتی اثاثوں سے لگایا جا سکتا ہے ان کے پاس بیش قیمت گاڑیاں ہیں جن میں ’آڈی اے 8‘، ’مرسیڈیز بینز ایس کلاس‘، ’رولز رائس گوسٹ‘ اور ’بی ایم ڈبلیو 17‘ شامل ہیں شاندار لگژری گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ریکھا مہنگے زیورات اور قیمتی ساڑھیوں کی بھی شوقین ہیں جو کہ ورسٹائل اداکارہ کے فیشن کے معیار کی ایک جھلک ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اپنے عروج کے دور میں ریکھا ایک فلم کے لیے تقریباً 14 کروڑ روپے وصول کرتی تھیں جبکہ برانڈ کی تشہیر اور عوامی تقریبات کے لیے وہ 6 کروڑ روپے چارج کرتی تھیں،2012 میں ریکھا نے راجیہ سبھا کی رکنیت اختیار کی اور انہیں حکومتی الاؤنس کے طور پر 12 لاکھ روپے ملے ان کا ممبئی کے باندرہ، بینڈ اسٹینڈ علاقے میں ایک شاندار بنگلہ ہے جس کی مالیت 100 کروڑ روپے ہے۔

  • شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی سہولت کیلئے کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال

    شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی سہولت کیلئے کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال

    اسلام آباد: شام میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزارت خارجہ نے شام میں موجود پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا ہے۔

    باغی ٹی وی :شام کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ دمشق میں پاکستان کا سفارتی عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے، پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے اساتذہ اور عملہ بھی محفوظ ہے،حکام نے شام میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شام میں موجود پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، اہلخانہ فون نمبر یا ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں شام میں 1200 پاکستانی ہیں، تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور دمشق سفارتخانہ سے رابطے میں ہیں، پاکستان میں رابطے کے لیے درج ذیل فون نمبر: 051-9207887 اور ای میل cmu1@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    ترجمان کے مطابق دمشق میں پاکستانی سفارتخانہ شام میں موجود پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے شام میں رابطے کے لیے درج ذیل فون نمبر/واٹس ایپ +963987127822، +963990138972 اور ای میل parepdamascus@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد باغی ملیشیا حیات التحریر الشام نے سرکاری عمارتوں اور ائیر پورٹس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں تقریباً 250 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ہیں، ہر سال لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام کا سفر کرتے ہیں۔

  • تحریک انصاف اگر اپنا قبلہ درست کرے تو بہتر ہوگا،فیصل واوڈا

    تحریک انصاف اگر اپنا قبلہ درست کرے تو بہتر ہوگا،فیصل واوڈا

    کراچی: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی کی جان کو خطرہ ہے، بیگم اور ان کے حواریوں سے عمران خان کی جان بچانی ہے، آج کہیں سب سے زیادہ مخلص کوئی عمران خان کے ساتھ ہے وہ ان کی بہنیں ہیں۔

    باغی ٹی وی : سینیٹر فیصل واوڈا ایم کیو ایم کے مرکزی آفس بہادرآباد، کراچی پہنچے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی،ملاقات کے بعد مصطفیٰ کمال کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتےہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا قومی مقصد ہے، مصطفی کمال اور میری یکساں فطرت ہے، پیار سے بھی کام کرانا جانتے ہیں اور ہاتھ مروڑ کر بھی، ہمیں سب کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا، روز لاشیں گرانا دھرنے اور ناانصافی اب پاکستان برداشت نہیں کرسکتا، تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہوگا اس کا احترام کرنا ہوگا-

    انہوں نے کہا کہ سب کو تمام سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہو گا، بانی پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کرنا پڑے گا، وزیر اعلی کے پی کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی، ایم کیو ایم کی قیادت فضل الرحمان سے ملاقات کرے گی، مولانا کے بل کے حوالے سے ہم مل کر کوئی راستہ نکالیں گے، میں وہ نہیں جو اندر خانے اسٹیبلشمنٹ کے پیر پڑے اور باہر آکر برا بھلا کہے تحریک انصاف میں بھی بہت اچھے لوگ ہیں، تحریک انصاف اگر اپنا قبلہ درست کرے تو بہتر ہوگا-

    انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ اور ان کے حواری مولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں ،وزیراعلیٰ علی امین کی مولا جٹ کی سیاست زیادہ دن نہیں چلے گی پی ٹی آئی کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ نے کوئی رابطہ نہیں کیا،بانی پی ٹی آئی کی جان پر سیاست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کیساتھ اگر کوئی مخلص ہے تو وہ ان کی بہنیں ہیں۔

    سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو سول نافرمانی کی کال دی ہے،فیض حمید کے کیس کی کارروائی پر دباؤ ڈالنے کے لیے ہے، 14 تاریخ فیض حمید کی پروسیڈنگ پر پریشر ڈالنے کے لیے مقرر کی لیکن یہ پروسیڈنگ اس سے پہلے شروع ہو جائے گی، اسٹیبلشمنٹ کوئی سودا نہیں کررہی، حکومت کے پاس جاؤں گا کہ وہ فیملی کارپوریشن کی طرح حکومت نہ چلائے-

    اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ میں صحیح اور دوسرا غلط ہے ، ملک میں اس وقت عدم استحکام ہے،فیصل واڈا ون مین آرمی ہیں ہر طرف چھائے ہوئے ہیں، پاکستان کو جوڑنے اور سیاسی قوتوں کو ایک جگہ لانے کا کام بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے نہیں ہوا، یہ کام اکیلے فیصل واوڈا کررہے ہیں، ان کی پوری تائید اور سپورٹ کرتے ہیں، ان کے لیے جو کردار ادا کرسکیں گے کریں گے۔

  • پی ٹی آئی احتجاج کے دوران  من گھڑت خبریں ، عالمی ادارے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    پی ٹی آئی احتجاج کے دوران من گھڑت خبریں ، عالمی ادارے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی-

    باغی ٹی وی : تحقیقاتی رپورٹ عالمی ادارے فیک نیوز واچ ڈاگ نے جاری کی، رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج سے چلنے والی من گھڑت خبروں نے تباہ کن کردار ادا کیا، بغیر تصدیق کے خبروں کے پھیلاؤ سے پاکستان کا عالمی سطح پر چہرہ مسخ ہوا وزیر داخلہ سے منسوب آزاد کشمیر کے شہریوں سے متعلق خود ساختہ اور خطرناک بیان زیر گردش رہا جبکہ بانی پی ٹی آئی کے مبینہ ویڈیو پیغام سے متعلق بھی جعلی خبریں چلتی رہیں۔

    فیک نیوز واچ ڈاگ رپورٹ میں بتایا گیا کہ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے متعلق جعلی خبر نے احتجاج کی شدت بڑھائی جبکہ پمز اور پولی کلینک اسپتال میں سینکڑوں لاشوں کی جعلی خبروں کے بھی منفی اثرات ہوئے، اسد قیصر کو پی ٹی آئی چیئرمین بنانے سے متعلق جعلی خبریں بھی بریکنگ نیوز بنیں، بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے سلیمان عیسیٰ خان کے نام سے جعلی اکاؤنٹ سےکارکنان کو اکسایا جاتا رہا، بانی پی ٹی آئی کو اڈیالا جیل سے منتقل کرنے کی خبریں بھی جعلی ثابت ہوئیں۔

    اس کے علاوہ فیک نیوز واچ ڈاگ کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران آرمی اکیڈمیز سے 600 جوانوں کے استعفے کی خبریں بھی بےبنیاد ثابت ہوئیں جبکہ اسد قیصر اور محمود خان اچکزئی پر فائرنگ کی بے بنیاد خبریں بھی چلائی گئیں۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ قاسم سوری کے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بیانات کے انتہائی منفی اثرات ہوئے، ڈی پی او اٹک غیاث گل کی پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی احتجاج کی پرانی تصویر چلائی گئی دوران نماز کنٹینر سےگرنے والے پی ٹی آئی کارکن کی موت کی خبر بھی عالمی سطح پر زیر بحث رہی تاہم گرنے والے کارکن کےمنظر عام پر آنے اور وزیر اعلیٰ کےپی سے ملاقات سے موت کی خبریں بھی غلط ثابت ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیک نیوز کی وجہ سے سیکورٹی اداروں بلکہ پی ٹی آئی قیادت کو بھی شدید مشکلات کاسامنا رہا، فیک نیوز کے متاثرین میں حکومت، سکیورٹی ادارے اور سیاسی جماعتیں شامل ہیں، پاکستان میں فیک نیوز کے سدباب سے متعلق ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

  • شامی فوج نےسرحدی چوکیاں خالی کر دیں،بفر زون اور متعدد ضروری مقامات پر اسرائیلی فوج تعینات

    شامی فوج نےسرحدی چوکیاں خالی کر دیں،بفر زون اور متعدد ضروری مقامات پر اسرائیلی فوج تعینات

    شامی فوج نے ملک پر باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے قبضے کے ساتھ ہی لبنان کے ساتھ تمام سرحدی چوکیوں کو بھی خالی کردیا۔

    باغی ٹی وی : عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق شامی افواج کی جانب سے سرحدی چوکیاں خالی کرنے پر اسرائیلی فوج کے ٹینک اور بکتر بند جنوب مغربی شام کے قنیطرہ میں داخل ہو گئے ہیں،اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز کہا ہے کہ اس نے شام کے برابر میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ نگرانی بفر زون اور متعدد ضروری مقامات پر فوجی تعینات کر دیئے ہیں یہ اقدام شام میں تازہ ترین واقعات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ شام میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، باغیوں کو بشارالاسد کی فوج کے اسلحے پر قبضے سے روکنےکی کوشش کریں گے، شامی باغی اسرائیل کے ساتھ جنگ کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

    عراقی حکام کا کہنا ہے کہ 2000 شامی فوجیوں نے عراق میں پناہ لے لی ہے، دمشق پر قبضے سے پہلے باغیوں نے حمص شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کیا، حمص کی فوجی جیل سے 3500 سے زائد قیدیوں کو رہا کیا گیا۔

    شامی صدر بشار الاسد کے دمشق سے فرار اور ان کی 24 سالہ حکومت کے خاتمے کے بعد مسلح اپوزیشن گروہوں نے دارالحکومت کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جس کے پیشِ نظر اتوار کے روز اردن نے شام کے استحکام اور سلامتی کے تحفظ کی اہمیت کا اعادہ کیا ہےخطے میں سلامتی کی حالت کو تقویت دینے پر "کام جاری ہے، لبنانی فوج نے ضروری یونٹس اور بٹالین شام کے ساتھ سرحد پر بھیج دی۔

    بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹے جانے سے چند گھنٹوں قبل قطر، سعودی عرب، اردن، مصر، عراق، ایران، ترکیے اور روس کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا جس میں شام کی موجودہ صورتِ حال کو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرناک قرار دیا گیا۔

    ادھر شامی باغیوں نے دارالحکوت دمشق کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اتوار کی صبح ایران کے سفارت خانے پر بھی دھاوا بول دیا۔

    شامی باغی گروپ حیات تحریر الشام (HTS) نے دارالحکومت دمشق پر دھاوا بول کر اسے اپنے قبضے میں لے لیا ہے، العربیہ کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دمشق میں واقع ایرانی سفارت خانے کی عمارت اور املاک کی تباہی کو دکھایا گیا ہے۔

    ایران کے انگریزی نشریاتی ادارے ”پریس ٹی وی“ نے سفارت خانے پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اس صورتحال کو شام میں ایرانی مفادات پر براہ راست حملہ قرار دیا،فوٹیج میں افراتفری کے مناظر دکھائے گئے، سفارت خانے کے اندرونی حصے کو کافی نقصان پہنچا، جبکہ جنگجوؤں نے حسن نصر اللہ کے پوسٹرز بھی پھاڑ دئے۔

    خیال رہے کہ ایران صدر بشار الاسد کا ایک اہم اتحادی ہے اور شام پر اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنے میں بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہےدمشق میں ایران کے سفارت خانے پر حملہ شام میں ایرانی مفادات کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات کی نشاندہی کرتا ہے برسو ں سے، ایران اسد کا بڑا حامی رہا ہے، جو اس کی حکومت کو اقتدار میں رکھنے کے لیے فوجی، مالی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا ہے، تاہم باغی افواج کی حالیہ پیش قدمی اور شام میں بڑھتی ہوئی عدم استحکام کے باعث خطے میں ایرانی مداخلت کا مستقبل غیر یقینی ہے۔

  • میں کسی بھی منتخب حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہوں،شامی وزیراعظم

    میں کسی بھی منتخب حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہوں،شامی وزیراعظم

    دمشق: شامی وزیراعظم محمد غازی الجلالی نے کہا کہ ان کا بشار الاسد سے گزشتہ شام آخری بار رابطہ ہوا تھا۔

    باغی ٹی وی : عرب میڈیا کے مطابق شام میں حیات التحریر کے جنگجوؤں نے بشار الاسد کا 24 سالہ اقتدار ختم کردیا اور وزیراعظم محمد غازی الجلالی کو ہی پُرامن انتقالِ اقتدار تک ملکی امور دیکھنے ٹاسک کا دیا ہے-

    شام کے وزیراعظم محمد غازی الجلالی نے العربیہ ٹی وی سے ٹیلیفون پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معزول صدربشارالاسد سے آخری رابطہ ہفتے کی رات ہوا تھا، اس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیاتھا، آخری بات چیت کےدوران صدربشارالاسدکو صورتحال سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد صدر الاسد نے کہا موجودہ حالات پر کل بات کریں گے، مجھے نہیں معلوم سابق صدر اس وقت کہاں ہیں اور کیا واقعی وہ ملک چھوڑ گئے ہیں۔

    محمد غازی الجلالی کا کہنا تھا کہ ہمیں صورتحال کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا، مذاکرات سے بغاوت روکنےکی امید تھی لیکن جس تیزی کے ساتھ حالات تبدیل ہوئے اس کے لیے ہم کسی بھی طرح تیار نہیں تھے، شامی حکومت کے 28 وزرا میں بیشتر شام میں ہی موجود ہیں، غازی الجلالی نے اپنے ایک بیان میں ملک میں آزاد اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی عوام کو اپنی مرضی سے نئی قیادت منتخب کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام میں خوف وہراس کی فضا پھیلی ہوئی ہے لیکن عوام کو تبدیلی سےگھبرانےکی ضرورت نہیں ہے، حالات جلد معمول پر آجائیں گے، موجودہ حکومت ملک میں عام انتخابات اور پُرامن انتقال اقتدارکی پابند ہے۔

    شامی وزیراعظم نے باغی گروہوں کے سربراہ ابو محمد الجولانی سے رابطے میں ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی بھی منتخب حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہوں،ملک میں رہنے کا میرا فیصلہ عارضی ہے اور اولین ترجیح 4 لاکھ ملازمین کو واپس ملازمتوں پر لانا ہے-

    واضح رہے کہ آج اتوار آٹھ دسمبر کو شام نے مسلح دھڑوں کی پیش قدمی کے ساتھ شامی حکومت کے سربراہ کے اعلان کے ساتھ شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا ہے،شام میں دھڑوں کی جامع کارروائی کی قیادت کرنے والے حیۃ تحریر الشام کے رہنما احمد الشارع نے اتوار کے روز کہا کہ سرکاری اداروں تک جانا ممنوع ہے وہ سابق وزیر اعظم کی نگرانی میں رہیں گے جب تک کہ انہیں باضابطہ طور پر اقتدار ان کے حوالے نہیں کیا جاتا‘‘۔

    انہوں نے ٹیلیگرام پر اپنے بیان میں کہا کہ دمشق شہر میں تمام فوجی دستوں کے لیے سرکاری اداروں کی طرف جانے کی سختی سے ممانعت ہے شام کےتمام ادارے وزیراعظم کی نگرانی میں رہیں گے جب تک کہ انہیں باضابطہ طور پر حوالے نہیں کیا جاتا۔ ہوا میں گولیاں چلانا بھی منع ہے-

  • شام سے فرار ہونیوالے بشار الاسد طیارہ حادثے میں جاں بحق،عالمی میڈیا کا دعویٰ

    شام سے فرار ہونیوالے بشار الاسد طیارہ حادثے میں جاں بحق،عالمی میڈیا کا دعویٰ

    دمشق: عالمی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دمشق سے فرار ہونے کے لیے شامی صدر بشار الاسد جس طیارے پر سوار ہوئے وہ کہیں گر کر تباہ ہوگیا ہے-

    باغی ٹی وی : عالمی میڈیا کے مطابق شام کے صدر بشار الاسد کو لے جانیوالا IL-76 دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پہلے ٹیک آف کرنے کے بعد یا تو گر کر تباہ ہو گیا ہے یا حمص کے مغرب میں ہنگامی لینڈنگ کر چکا ہے جس کے بعد سوار افراد کی حفاظت کے بارے میں خدشات پیدا ہو گئے۔

    دنیا کی مختلف پروازوں کو ٹریک کرنے والی فلائٹ ٹریڈر 24 ویب سائٹ کے مطابق شامی ایئرلائن کا ایک طیارہ دمشق ہوائی اڈے سے اسی وقت روانہ ہوا جب باغی فوجیوں نے شہر کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لیا تھا طیارہ شام کے ساحل کی طرف جا رہا تھاتاہم طیارے نے اچانک اپنا رخ بدلا اور چند منٹوں کے لیے دوسری سمت کی طرف جانے لگا بعد ازاں کچھ ہی دیر بعد یہ حمص شہر کے قریب ریڈار سے غائب ہو گیا۔
    location
    رپورٹ میں کہا گیا کہ پرواز کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ طیارہ غائب ہونے سے قبل تیز رفتار کے ساتھ اونچائی سے زمین پر گرا یہ تاحال واضح نہیں ہے کہ طیارہ آخر گیا کہاں؟ لیکن شامی صدر کی پرواز کے راستے میں اچانک تبدیلی اور سگنل اچانک غائب ہونے سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ یا تو انہیں حملے میں مار دیا گیا یا ان کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ طیارہ شام کے شہر لطاکیہ میں ایک روسی ایئربیس کی طرف جا رہا تھا، جسے اسد کے لیے محفوظ مقام سمجھا جاتا ہے یہ ایئربیس روسی افواج کے زیر کنٹرول ہے اور شام کے ان چند مقامات میں سے ایک ہے جہاں باغیوں نے قبضہ نہیں کیا تاہم اس حوالے سے حکام کی جانب سے تاحال تصدیق سامنے نہیں آئی۔

    دوسری جانب ترک میڈیا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ طیارہ مبینہ طور پر گر کر تباہ ہوا، شاید اسے باغیوں نے مار گرایا، کیونکہ ان کے پاس طیارہ شکن نظام بہت زیادہ ہے، شامی فوج نے اپنا سب کچھ چھوڑ دیا ایک ورژن یہ بھی ہے کہ ہوائی جہاز نے ٹرانسپونڈر کو بند کر دیا تاکہ اسے ٹریک نہ کیا جا سکے اس وقت طیارہ گرنے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی لیکن اس کی تردید بھی نہیں کی جا رہی۔