Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • پٹاخہ فیکٹری میں ہونے والے ہولناک دھماکہ، 23 مزدور ہلاک،متعدد زخمی ،حالت تشویشناک

    پٹاخہ فیکٹری میں ہونے والے ہولناک دھماکہ، 23 مزدور ہلاک،متعدد زخمی ،حالت تشویشناک

    بھارتی ریاست تمل ناڈو کے ضلع ویرودھونگر میں پٹاخہ فیکٹری میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں 23 مزدور ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، ویرودھونگر اور سیواکاسی کا علاقہ بھارت میں پٹاخہ سازی کا بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں ہزاروں افراد اس صنعت سے وابستہ ہیں۔

    بھارتی میڈیا کےمطابق دھماکا اتوار کی دوپہر کٹنارپٹی گاؤں میں واقع ایک فیکٹری میں اسوقت پیش آیاجب کارکن پٹاخوں میں استعمال ہونےوالے کیمیکل سنبھال رہے تھے،دھماکا غالباً کیمیکل میں رگڑ پیدا ہونے کے باعث ہوا، جس سے فیکٹری کے کئی شیڈ زمین بوس ہو گئے قریبی کیمیکل اسٹور روم کے با عث دھماکے کی شدت میں اضافہ ہوا، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کیں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں کئی افراد جھلسنے کے باعث تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق فیکٹری کے پاس لائسنس موجود تھا، تاہم اتوار کے روز فیکٹری چلانا قواعد کی خلاف ورزی تھی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فیکٹری کا لائسنس منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہےپولیس کے مطابق فیکٹری مالک اور دیگر ذمہ دار افراد کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں-

  • اسلام آباد: ریڈ زون میں داخلہ بند،  آج ورک فرام ہوم کا اعلان

    اسلام آباد: ریڈ زون میں داخلہ بند، آج ورک فرام ہوم کا اعلان

    وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع تمام سرکاری دفاتر کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے آج پیر 20 اپریل 2026 کو ورک فرام ہوم کا اعلان کر دیا ہے۔

    کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں قائم تمام وزارتیں، ڈویژنز اور دیگر وفاقی ادارے آج گھر سے کام کریں گے جبکہ اس دوران ریڈ زون میں داخلہ بھی بند رہے گا، تمام افسران اور سیکرٹریٹ اسٹاف اپنے اسٹیشن پر موجود رہیں اور ضرورت پڑنے پر مختصر نوٹس پر دفتر پہنچنے کے لیے تیار رہیں، یہ فیصلہ انتظامی ضروریات اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ریڈ زون میں غیر ضروری آمد و رفت کو محدود رکھا جا سکے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے لیے لائسنسنگ سہولیات سے متعلق اہم ایڈوائزری جاری کر دی، ترجمان کے مطابق 20 اپریل 2026 سے تاحکم ثانی بعض پولیس خدمت مراکز میں لائسنسنگ سہولیات معمول کے مطابق جاری رہیں گی، جبکہ بعض مراکز میں یہ سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں پولیس خدمت مرکز ایف-6، پولیس خدمت مرکز گلبرگ گرین اور کیس کیڈ ڈپلومیٹک انکلیو میں لائسنسنگ سے متعلق تمام سہولیات بدستور دستیاب ر ہیں گی۔

    دوسری جانب فیض آباد ٹریفک ہیڈ کوارٹر سمیت دیگر پولیس خدمت مراکز میں لائسنسنگ سے متعلق سرگرمیاں معطل رہیں گی اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ لائسنسنگ سہولیات کے حصول کے لیے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔

  • امریکی وفد کی آج پاکستان آمد متوقع،معاہدہ نا ہونے پر ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

    امریکی وفد کی آج پاکستان آمد متوقع،معاہدہ نا ہونے پر ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ہنگامی اجلاس کے بعد ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس بار معاہدہ نہ ہو سکا تو ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا پہلے ہی ایران کی بحری اور فضائی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا چکا ہے اور تہران اب مزید دباؤ ڈالنے کی پوزیشن میں نہیں، صدر ٹرمپ نے سخت مؤقف کے ساتھ ساتھ سفارتکاری کا راستہ بھی کھلا رکھا اور اعلان کیا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پر مشتمل امریکی وفد پیر کی شام تک اسلام آباد پہنچ جائے گا، جہاں منگل اور بدھ کو مذاکرات متوقع ہیں۔ اگر مذاکرات کامیاب رہے تو وہ خود بھی پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں،امریکی صدر کے مطابق ایران کو امریکی محاصرے کے باعث اب تک تقریباً 500 ملین ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔

    دوسری طرف ایران کی جانب سے بھی سخت ردعمل سامنے آیا ہے، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی بحریہ کسی بھی ممکنہ جنگ کے لیے مکمل تیار ہے اور دشمن کو بھرپور جواب دیا جائے گا ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی مطالبات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ایران کے دفاعی فیصلوں کا تعین کرے۔

    ایرانی فوج کے سپاہ سالار امیر حاتمی نے بھی خبردار کیا کہ ایران کی افواج ہر وقت تیار ہیں اور آخری دم تک ملک کا دفاع کریں گی ایرانی خفیہ اداروں نے کرمن سے امریکا اور اسرائیل کے لیے مبینہ جاسوسی کرنے والے 51 افراد کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

    اُدھر اسلام آباد میں مجوزہ مذاکرات کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے تاہم ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق تہران نے فی الحال مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت سے انکار کر دیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکا کے مطالبات غیر معمولی حد تک سخت ہیں جبکہ اس کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔

  • سینٹکام نے ایرانی کارگو جہاز پر  قبضے اور حملے کی ویڈیو جاری کر دی

    سینٹکام نے ایرانی کارگو جہاز پر قبضے اور حملے کی ویڈیو جاری کر دی

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایک ایرانی کارگو جہاز کے خلاف کارروائی کی ویڈیو جاری کر دی ہے، جس میں امریکی میرینز کو جہاز پر قبضہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    عالمی میرین ڈیٹا کے مطابق ’ایم وی توسکا‘ نامی کنٹینر شپ ایرانی پرچم کے تحت رجسٹرڈ ہے، اور کارروائی سے قبل اس کی رفتار انتہائی کم، قریباً 1.2 ناٹس ریکارڈ کی گئی تھی،سینٹکام کے مطابق یہ جہاز اب امریکی تحویل میں ہے۔

    اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا بیان میں کہا تھا کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرنے والے ایک ایرانی جہاز کو روک کر اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ’توسکا‘ نامی یہ جہاز قریباً 900 فٹ طویل اور وزن میں ایک طیارہ بردار جہاز کے برابر ہے۔

    امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر نے خلیج عمان میں اسے رکنے کا حکم دیا، تاہم ایرانی عملے کی جانب سے ہدایات نہ ماننے پر کارروائی کی گئی امر یکی بحریہ نے جہاز کے انجن روم کو نشانہ بنا کر اسے حرکت سے روکا، جس کے بعد میرینز نے جہاز پر قبضہ کر لیا انہوں نے کہا کہ اب جہاز کی تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ اس میں موجود سامان کی نوعیت کا جائزہ لیا جا سکے۔

  • یمنی حوثیوں کی ریڈ سی میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

    یمنی حوثیوں کی ریڈ سی میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

    حوثی حکومت کے وزیر دفاع میجر جنرل محمد العاطفی کے مطابق یمنی عوام کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    حوثی حکومت کے وزیر دفاع نے کہا کہ حالیہ تنازع میں امریکی اور صہیونی دشمن کے خلاف کارروائیوں نے مختلف محاذوں کے اتحاد کو ظاہر کیا ہے اور مزا حمتی قوتوں کی عسکری حکمت عملی کو مؤثر ثابت کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزاحمتی محور کی کارروائیاں دشمن کے خلاف کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔

    حوثی قیادت نے واضح کیا ہے کہ وہ اس وقت تک حملے جاری رکھیں گے جب تک جنگ مکمل طور پر بند نہیں ہو جاتی۔ ان کے مطابق وہ اپنے اسلحہ ذخائر کو استعمال کرتے ہوئے حساس فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے رہیں گے حوثیوں نے ریڈ سی میں بحری آمد و رفت کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے، جس سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حوثیوں نے مارچ کے آخر میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف جاری جنگ میں باقاعدہ طور پر شمولیت اختیار کی، جس کے بعد انہوں نے اسرائیل کو نشانہ بناتے ہوئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کیے۔

  • حجاج و عمرہ زائرین کے لیے ضابطہ اخلاق جاری

    حجاج و عمرہ زائرین کے لیے ضابطہ اخلاق جاری

    پاکستان علما کونسل، انٹرنیشنل تنظیمِ حرمین شریفین کونسل اور دارالافتا پاکستان نے حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے لیے ایک جامع ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے-

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا حافظ محمد طارق محمود، مولانا اسعد زکریا، علامہ طاہر الحسن اور دیگر علما و مشائخ نے زائرین کو سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی ہدایات پر عمل کی اپیل کی ضابطہ اخلاق میں واضح کیا گیا کہ حجاج کرام رش کے ایام میں حدودِ حرم میں جہاں بھی نماز ادا کریں گے، انہیں ایک لاکھ نماز کا ثواب ملے گا، لہٰذا ازدحام سے بچنے کے لیے حدودِ حرم کا خیال رکھیں۔

    علما نے سخت تنبیہ کی کہ سعودی عرب میں مقیم افراد بغیر اجازت نامے (حج پرمٹ) کے حج نہ کریں، کیونکہ یہ شرعی اور قانونی طور پر جائز نہیں ہے، اس لیے حج و عمرہ پر روانگی سے قبل مکمل معلومات حاصل کریں اور کسی بھی غیر رجسٹرڈ یا غیر قانونی آن لائن گروپ سے بکنگ نہ کروائیں۔ اگر معلومات نہ ہوں تو سفر کے دوران کسی جاننے والے یا وزارتِ مذہبی امور کے نمائندوں سے رہنمائی لیں تاکہ کسی قسم کی گھبراہٹ کا شکار نہ ہونا پڑے۔

    ضابطہ اخلاق میں زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی نیت کو خالص اللہ کے لیے رکھیں کیونکہ حج و عمرہ دنیا کی نمود و نمائش کے لیے نہیں ہے، اس لیے عبادت کے دوران ویڈیوز اور تصاویر بنانے سے حتی الامکان اجتناب کریں اور ایئرپورٹ پر روانگی میں تاخیر پر پریشان ہونے کے بجائے ذکر و اذکار اور درود شریف پڑھیں۔

    دورانِ حج سیاسی میدان سجانے یا کسی ایسی کوشش کا حصہ بننے کی بھی سختی سے ممانعت کی گئی ہے جس سے حرمین کے امن میں خلل پڑے، اور زائرین کو ایسے افراد یا گروہوں سے مکمل دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں قیام کے دوران اپنے گروپ قائد کی ہدایات پر عمل کریں، افواہوں پر توجہ نہ دیں اور رمی جمرات کے دوران جلد بازی سے کام نہ لیں کیونکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں ذمہ دار کون ہوگا۔

    رمی جمرات کے معاملے میں معذوروں، بیماروں اور خواتین کے لیے دی گئی شرعی رخصت اور سہولیات کو مدنظر رکھا جائے اور بلاوجہ مشکلات پیدا نہ کی جائیں، مزید برآں، یہ واضح کیا گیا کہ مملکتِ سعودی عرب میں بھیک مانگنا، منشیات لے جانا یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونا بہت بڑا جرم ہے جس سے زائرین کو مکمل طور پر دور رہنا چاہیے۔

    کانفرنس کے دوران ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں پاکستان کے تمام مکاتبِ فکر کے علما، مشائخ اور سیاسی و مذہبی قائدین نے حجاج و زائرین کے لیے سعودی عرب کی خدمات اور انتظامی تبدیلیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا قرارداد میں واضح کیا گیا کہ پاکستان سمیت تمام ممالک کے حجاج، منتظمین اور حکومتیں مملکتِ سعودی عرب کی حج پالیسی پر عمل درآمد کی پابند ہیں۔

    پریس کانفرنس میں مفتی محمد انتخاب، مولانا اسد اللہ فاروق، حافظ مقبول احمد، مولانا محمد اسلم صدیقی، قاری عبدالحکیم اطہر، مولانا محمد اشفاق پتافی اور دیگر اکابرین بھی شریک تھے۔

  • امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات بڑی حد تک مکمل ہو چکے، ترک وزیر خارجہ

    امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات بڑی حد تک مکمل ہو چکے، ترک وزیر خارجہ

    ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا دونوں کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کا عزم موجود ہے،جبکہ دونوں کے درمیان مذاکرات بڑی حد تک مکمل ہو چکے ہیں-

    جنوبی صوبے انطالیہ میں ایک سفارتی فورم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہاکان فیدان نے کہاکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات بڑی حد تک مکمل ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی متعدد نکات پر اختلافات برقرار ہیں آئندہ ہفتے ختم ہونے والی جنگ بندی میں توسیع کی جانی چاہیے کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد ایک نئی جنگ چھڑ جائے، ہم امید کرتے ہیں کہ فریقین جنگ بندی میں توسیع کریں گے۔

    اس موقع پر ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مذاکرات میں کئی پیچیدہ مسائل زیر غور ہیں۔

    دوسری جانب صدر ٹرمپ نے بھی عویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک یا دو دن میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کو دیے گئے ٹیلیفونک انٹرویو میں ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے اہم پیش رفت کا اشارہ دیا ہےصدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ایک یا دو دن میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، امریکا اور ایران کے مذاکرات کار ممکنہ طور پر اسی ہفتے کے آخر میں ملاقات کریں گے، جہاں ایک حتمی معاہدے کو شکل دی جا سکتی ہے، یہ ممکنہ معاہدہ نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کر ے گا بلکہ اسرائیل کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • اسحاق ڈار اور پولینڈ کے وزیر خارجہ میں ٹیلیفونک رابطہ

    اسحاق ڈار اور پولینڈ کے وزیر خارجہ میں ٹیلیفونک رابطہ

    وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج پولینڈ کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ راڈوسواف سیکورسکی سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔

    گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،گفتگو کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پولینڈ کے وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مذاکرات اور سفارتکاری پر مبنی مؤقف کی تعریف کی انہوں نے اسحاق ڈار کو جون 2026 میں پولینڈ کے دورے کی دعوت بھی دی۔

  • ڈویلپمنٹ پروگرام پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مشکور ہوں،خواجہ سعد رفیق

    مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پارٹی میں نام مختلف ضرور ہیں مگر سب ایک فرد کی طرح کام کرتے ہیں اور وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ڈویلپمنٹ پروگرام پر ان کے شکر گزار ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بننے پر انہیں کچھ تحفظات تھے جس کے باعث وہ ٹیم کا حصہ نہیں بنے، تاہم شہباز شریف کی محنت قابلِ ستائش ہے جنہوں نے دن رات ایک کیا اس وقت حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں اور سیاسی و عسکری قیادت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اگرچہ بعد میں آئی ایم ایف پروگرام اور مہنگائی جیسے چیلنجز بھی سامنے آئے جبکہ سیلاب جیسی آفات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

    انہوں نےالزام عائد کیا کہ پہلگام واقعےکو بنیاد بنا کر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، تاہم پاکستان کی افواج اور فضائیہ نے بھرپور جواب دے کر اپنی صلا حیتیں دنیا پر واضح کیں،آج عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر ابھر رہا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ شہباز شریف اور دیگر قیادت عالمی تنازعات میں کردار ادا کریں۔

    انہیوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں، غزہ میں ہونے والے مظالم نے دنیا کو جھنجھوڑ دیا ہے اور یہ حالات ایک نئے عالمی نظام کی بنیاد بن رہے ہیں جبکہ ایران کی مزاحمت کو بھی سراہا عالمی سطح پر بڑی طاقتیں جیسے چین اور روس بھی اس عمل کا حصہ ہیں اور امید ہے کہ خطے میں امن قائم ہوگا جبکہ مسلم دنیا اب بیدار ہو رہی ہے۔

  • ایرانی حملوں میں تل ابیب کے ہزار سے زائد اپارٹمنٹس  تباہ

    ایرانی حملوں میں تل ابیب کے ہزار سے زائد اپارٹمنٹس تباہ

    اسرائیلی شہر تل ابیب کے میئر رون ہلڈائی نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی میزائلوں اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں شہر کے ایک ہزار سے زائد اپارٹمنٹس رہائش کے قابل نہیں رہے ہیں-

    تل ابیب کے میئر رون ہلڈائی نے اسرائیلی چینل 12 کو بتایا ہے کہ ایرانی حملوں کے باعث شہر کے ایک ہزار سے زیادہ اپارٹمنٹس شدید نقصان کا شکار ہو چکے ہیں اور اب ان میں رہائش ممکن نہیں رہی ایرانی میزائلوں اور ڈرون حملوں نے شہری انفراسٹرکچر کو بھی متاثر کیا ہے، جس کے بعد متعدد عمارتوں کو خالی کرایا گیا ہے۔

    اس سے قبل رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں میں کم از کم 26 اسرائیلی شہری ہلاک جبکہ 2600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، دوسر ی جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں اب تک 3,468 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔