لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف روڈولف ہائیکل نے منگل کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معزز مہمان کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند تینوں مسلح افواج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا،ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو میں پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام اور عالمی امن مشنز میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
