Baaghi TV

Tag: کراچی

  • کراچی: گل پلازا کے قریب ایک اور مارکیٹ میں آتشزدگی

    کراچی: گل پلازا کے قریب ایک اور مارکیٹ میں آتشزدگی

    کراچی کے مصروف ترین تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع ایک اور مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی-

    عینی شاہدین اور ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ مکی مسجد کے قریب فرنیچر مارکیٹ کی عمارت کے میزنائن فلور پر پیش آیا جہاں بجلی کے میٹر نصب تھےبجلی کے میٹروں میں لگنے والی اس آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور عمارت کی بیسمنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا آتشزدگی کی اطلا ع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ جس عمارت میں آگ لگی وہاں بڑی مقدار میں فرنیچر اور دیگر تجارتی سامان موجود ہے جس کی وجہ سے آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا امدادی ٹیموں نے فوری طور پر عمارت کو خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کیا تاہم ریسکیو ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خوش قسمتی سے آتشزدگی کے وقت عمارت کے اندر کوئی شخص موجود نہیں تھا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    فائر فائٹرز نے عمارت کے بیسمنٹ میں لگی آگ پر قابو پالیا فائر فائٹنگ آپریشن میں سات فائر ٹینڈرز اور دو واٹر باؤذرز نے حصہ لیاعلاقے میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے تاکہ امدادی کاموں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو، پولیس اور رینجرز کی نفری نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے تاکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آنے جانے میں آسانی رہے۔

    ابھی تک آگ لگنے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے تاہم ابتدائی طور پر اسے شارٹ سرکٹ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہےانتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ مکمل طور پر بجھانے کے بعد ہی نقصانات کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا اور کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمارت کے معائنے کی اجازت دی جائے گی۔

  • کراچی: پولیس نے منشیات نیٹ ورک کی بڑی سرغنہ کی گرفتاری ظاہر کر دی

    کراچی: پولیس نے منشیات نیٹ ورک کی بڑی سرغنہ کی گرفتاری ظاہر کر دی

    کراچی میں گارڈن پولیس کراچی نے شہر بھر میں کوکین اور دیگر مہلک منشیات کی سپلائی میں مبینہ طور پر ملوث ایک سرغنہ انمول عرف پنکی کی شناخت ظاہر کر دی ہے-

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمہ کو متعدد اداروں بشمول اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے بھی مطلوب قرار دیا گیا تھا اور وہ مبینہ طور پر مختلف مقدما ت میں مفرور تھی،کارروائی کے دوران ملزمہ سے اسلحہ، راؤنڈز، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکل اور دیگر منشیات برآمد کی گئی ہیں۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ کراچی میں منشیات کی ایک منظم اور وسیع سپلائی چین چلا رہی تھی جس میں آن لائن آرڈرز اور مخصوص رائیڈرز کے ذریعے ترسیل کا نظام شامل تھا اس نیٹ ورک میں خواتین رائیڈرز کا استعمال بھی کیا جاتا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظر سے بچا جا سکے۔

    ملزمہ کے مبینہ خریداروں میں تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہو سکتے ہیں جبکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے مالیت کی منشیات کی فروخت میں ملوث رہی ہے ملزمہ کے خلاف مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔

  • معرکہ حق کا ایک سال مکمل :  پاک بحریہ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد

    معرکہ حق کا ایک سال مکمل : پاک بحریہ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد

    معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک بحریہ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاک بحریہ نے قومی یکجہتی، بہادری اور فیصلہ کن کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

    پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں ایک پروقار یادگاری تقریب منعقد ہوئی ،تقریب میں صوبائی وزرا، اعلیٰ حکومتی شخصیات، تینوں مسلح افواج کے افسران، کاروباری برادری کے نمائندگان، ممتاز شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی،تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے۔

    اس موقع پر منعقدہ تقریبات میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو اجاگر کیا گیا جبکہ معرکہ حق میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا تقریب سے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کو سراہا اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ معرکۂ حق قومی اتحاد اور عسکری برتری کی روشن علامت بن چکا ہے-

    واضح رہے کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر سمیت بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے بھی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا، اور اس عزم کا اعادہ کیاکہ وطن عزیز کی سالمیت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائےگا۔

  • مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

    مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پرسندھ اسمبلی پہنچ گئے-

    مرتضیٰ وہاب کے ایم سی ہیڈ آفس سے میٹنگ کے لیے سندھ اسمبلی الیکٹرک بائیک پر پہنچے جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ گیٹ پر پہنچے تو ایک پولیس والے نے انہیں پہچانا نہیں اور مرکزی دروازہ بند کرنے کی کوشش کی جس پر میئر کے ساتھ آئے اہلکاروں نے پولیس والے سے دروازہ کھلوایا۔

    انہوں ںے کہا کہ کے ایم سی ملازمین کو 20 الیکٹرک بائیکس دی ہیں، ملازمین کو مزید الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، پہلی بار موٹر سائیکل چلائی ہے تاہم سائیکل چلاتا رہا ہوں میں موٹر سائیکل پر اسمبلی آیا اور واپس اپنی نجی گاڑی میں جا رہا ہوں،مجھ سے بائیک چلانے کے لائسنس کا سوال پوچھا گیا مجھے نہیں پتا موٹر سائیکل اور کار کے الگ الگ ڈرائیونگ لائسنس ہوتے ہیں۔

    دوسری جانب بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے بائیک چلانے پر صارفین مرتضیٰ وہاب پر برس پڑے،ایک صارف نے لکھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صاحب نے بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے قانون ساز ادارے سندھ اسمبلی تک اسکوٹی چلا کر اچھا کیا یا عوام کو غلط پیغام دیا؟ایک صارف نے لکھا کہ مرتضی وہاب کے آس پاس موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن رکھے ہیں لیکن وہ کھلم کھلا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،ایک صارف نے لکھا کہ قانون بنانے والے ہی جب قانون توڑنے لگیں تو ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں صرف غریب کو قانون کی لاٹھی سے ہانکتے ہیں ان کے لئے واقعی پیرس ہے۔

  • کراچی: ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق

    کراچی: ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق

    کراچی میں گرفتار ہونے والا ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق ہوگیا۔

    پاک کالونی تھانے کی پولیس کی حراست میں گرفتار ملزم پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لے جائی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ شاہ زیب کے نام سے کی گئی پولیس کے مطابق ملزم کی وجہ موت کا فوری طور پر تعین نہیں ہوسکا۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ زون اسد رضا نے پاک کالونی پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ،انہوں نے اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کیماڑی سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

    اُدھر پاک کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص مبینہ طور پر نشے کا عادی تھا جسے جمعرات کی صبح گرفتار کر کے لاک اپ میں رکھا گیا تھا اور دوران حراست اس کی طبیعت خراب ہونے پر اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا۔

  • ایم کیو ایم کارکن کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

    ایم کیو ایم کارکن کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

    سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کے کارکن آصف کٹو کے قتل کے مقدمے میں سنائی گئی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا ہے۔

    یہ فیصلہ 2015 میں کراچی کے علاقے کورنگی میں 4 پولیس اہلکاروں کے قتل کے مقدمے سے متعلق اپیل کی سماعت کے دوران سنایا گیا،سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 4 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہو چکا ہے۔

    سماعت کے دوران پروسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 4 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہو چکا ہے، لیبارٹری رپو رٹ بھی مثبت ہے، جو استغاثہ کے مؤقف کو تقویت دیتی ہے۔

    دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا نام اور حلیہ ایف آئی آر سے مطابقت نہیں رکھتا آصف کٹو کو جیل سے اٹھا کر اس کے خلاف گرفتاری ڈالی گئی، ملزم ایم کیو ایم کا کارکن تھا اور اسے سیاسی بنیادوں پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑا، آصف کٹو دیگر مقدمات میں بری ہو چکے ہیں۔

    سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ موجودہ شواہد ملزم کے لیے سزائے موت برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں، عدالت نے قرار دیا کہ شواہد کمزور ہیں، اس لیے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا جاتا ہے۔

  • خفیہ اطلاع پر بغیر لائسنس ادویات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ ،ملزم گرفتار

    خفیہ اطلاع پر بغیر لائسنس ادویات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ ،ملزم گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے غیر قانونی ادویات بنانے والی فیکٹری کے خلاف کا رووائی کی، جس میں ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی ہدایت پر ملیر میں بڑی کارروائی کی گئی جس سے جعلی فارما نیٹ ورک پر کاری ضرب لگائی گئی، خفیہ اطلاع پر بغیر لائسنس ادویات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ ماراگیا۔ کارروائی کے دوران ملزم فیصل شاہد کو موقع پر گرفتار کیا گیا جو فیکٹری کا مالک اور آپر یٹر نکلا۔

    چھاپے میں بڑی مقدار میں خام مال، تیار شدہ ادویات اور مشینری برآمد، جعلی پروڈکشن کا بڑا دھندا سامنے آگیا۔ برآمد شدہ سامان ڈریپ حکام کے حوالے کردیا گیا جبکہ سامان قانونی تقاضوں کے مطابق تحویل میں لے لیا گیا ہےمزید ملوث افراد کی تلاش جاری ہے اور نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے تحقیقات تیز کردی گئی ہیں۔

  • یورپی یونین کراچی میں پانی کی فراہمی اور  سیلاب متاثرین کیلئے  16 کروڑ یوروقرض دے گی

    یورپی یونین کراچی میں پانی کی فراہمی اور سیلاب متاثرین کیلئے 16 کروڑ یوروقرض دے گی

    یورپی یونین کراچی میں پانی کی فراہمی اور سیلاب متاثرین کیلئے مجموعی طور پر 16 کروڑ یورو قرض دے گی-

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین سیلاب متاثرین اور کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے پاکستان کو مجموعی طور پر 16 کروڑ یورو قرض فراہم کرے گی جس کے لیے باقاعدہ قرض معاہدوں پر دستخط 28 اپریل کو ہوں گے یہ معاہدے یورپی انویسٹمنٹ بینک اور حکومت پاکستان کے درمیان طے پائیں گے۔

    یورپی یونین کے اس مالی پیکیج میں سے 10 کروڑ یورو سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے فراہم کیے جائیں گے، اس رقم سے تقریباً 21 لاکھ گھروں کی تعمیر ممکن بنائی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ آباد کیا جا سکے 6 کروڑ یورو کراچی میں پانی کی فراہمی اور اس کے معیار کو بہتر بنانے کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے، جس سے شہریوں کو صاف پانی کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔

  • اسمگلرز نے نے پولیس اہلکار کو گاڑی تلے کچل دیا

    اسمگلرز نے نے پولیس اہلکار کو گاڑی تلے کچل دیا

    کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں تلاشی کے دوران ایک انتہائی افسوسناک واقعے میں چھالیہ اسمگل کرنے والے ملزمان نے پولیس اہلکار کو گاڑی کے نیچے کچل دیا ، 36 سالہ پولیس کانسٹیبل عبدالمنان جاں بحق ہوگیا-

    پولیس کے مطابق معمار موڑ پر معمول کی چیکنگ کے دوران جب ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تو اسمگلروں نے رکنے کے بجائے گاڑی کی رفتار بڑھا دی اور ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو زوردار ٹکر مار دی کانسٹیبل عبدالمنان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے دونوں اسمگلروں، آغا جان اور نسیم کو گرفتار کر لیا ہے تلاشی لینے پر معلوم ہوا کہ گاڑی میں بھاری مقدار میں چھالیہ لدی ہوئی تھی اور ملزمان اس پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر اسمنگلنگ کررہے تھے پولیس نے گاڑی قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف قتل اور اسمنگلنگ کی دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے، شہادت کا رتبہ پانے والے اہلکار کی نمازِ جنازہ ڈی آئی جی ایسٹ زون کے ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلہ

    ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلہ

    ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں-

    زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے زلزلہ پیما مرکز نے خیبرپختونخوا میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ریکارڈ کی جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.5 بتائی گئی، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 199 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

    پشاور مردان، دیر اپر، دیر لوئر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ، کاغان اور ہری پور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسی طرح صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، شانگلہ، چترال، باجوڑ، کرم، پاراچنار، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان ، ملاکنڈ، سوات، سیدو شریف، بریکوٹ، کالام، سخاکوٹ اور درگئی سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے باعث شہریوں میں خوف کی فضا قائم ہوگئی تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

    دوسری جانب بلوچستان کے علاقے پسنی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں ریکٹر اسکیل پر شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 13 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز پسنی سے 48 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔

    ادھر کراچی کے علاقے ملیر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.4 ریکارڈ کی گئی ہےزلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر زیرِ زمین تھی جب کہ اس کا وقت دوپہر 1 بج کر 13 منٹ ریکارڈ کیا گیا اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔