Baaghi TV

Author: +9251

  • ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز کو بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کی ہدایت

    فیصل آباد (اے پی پی):ماہرین لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز اور دیہاتیوں و کسانوں کو ہدائت کی ہے کہ وہ زیادہ گوشت اور اچھی اون کیلئے بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دیں اور اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز کو ہدائت کی کہ بھیڑوں کے باڑے کو سطح زمین سے 2فٹ اونچا رکھا جائے، بھیڑوں کو کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائی جائیں اور اون کی کترائی موسم بہار اور موسم خزاں میں سال میں 2بار کروائی جائے۔ا نہوں نے کہا کہ بھیڑوں بکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ کی ہدایات کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگوائیں جائیں اور حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کر کے انہیں زود ہضم غذا کی فراہمی کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر سٹیک ہولڈرز صبح 8سے رات 8بجے تک مذکورہ ہیلپ لائن 0800-78685 پر مفت رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • فاروق عبداللہ نظربند نہیں بلکہ ” فلاں “ جگہ موج مستی کر رہے ہیں، بھارتی وزیر داخلہ نے نیا دعویٰ کر دیا

    فاروق عبداللہ نظربند نہیں بلکہ ” فلاں “ جگہ موج مستی کر رہے ہیں، بھارتی وزیر داخلہ نے نیا دعویٰ کر دیا

    بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھارتی لوک سبھا میں کھڑے ہو کر دعویٰ کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ کو نہ تو حراست میں لیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں نظربند کیا گیا ہے بلکہ وہ اپنی مرضی سے گھر میں رہ رہے ہیں،

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کل سے میڈیا میں یہ خبریں‌ چل رہی ہیں کہ فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو نظربند کر دیا گیا ہے تاہم آج جب بعض‌ ممبران اسمبلی نے سوال اٹھایا کہ فاروق عبداللہ اسمبلی میں نظر کیوں نہیں‌ آ رہے کیا انہیں‌ نظربند کیا گیا ہے تو ہندوستانی وزیر داخلہ نے صاف طور پر اس سے انکار کیا اور کہا کہ فاروق عبداللہ سے متعلق ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا،

    بھارتی وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ فاروق عبداللہ کو گرفتار یا نظربند نہیں‌ کیا گیا بلکہ ان کی طبیعت بھی مکمل طو رپر ٹھیک ہے بس وہ موج مستی میں اپنے گھر پر ہیں، امیت شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کوئی پارلیمنٹ نہیں آنا چاہتا تو ’کنپٹی پر بندوق رکھ کر‘ اسے نہیں لایا جا سکتا، بھارتی وزیر داخلہ کے اس بیان پر کشمیری لیڈر فاروق عبداللہ کا ابھی کوئی موقف سامنے نہیں‌ آیا ہے،

  • اینٹی کرپشن سرگودہا نے 28 کنال اراضی واگزار کروالی

    اینٹی کرپشن سرگودہا نے 28 کنال اراضی واگزار کروالی

    سرگودہا(نمائندہ باغی ٹی وی )ساڑھے 28 کنال سرکاری اراضی مالیتی دو کروڑ اسی لاکھ روپے با اثر نا جائز قابضین سے اینٹی کرپشن سرگودھا نے واگزار کروالی

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن سرگودھا کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ موضع سبھروال سرگودھا میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر بااثر افراد عامر دھول سابقہ وائس چئیرمین , رضوان دھول اور جوگی پڑھاڑ وغیرہ نے محکمہ مال کے افسران وا ہلکاران کی ملی بھگت سے قبضہ کیا ہوا ہے۔ جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انکوائری تصور عباس بوسال،اسسٹنٹ ڈائریکٹر(تفتیش)،اینٹی کرپشن سرگودھا کے سپرد کی۔دوران انکوائری ریکارڈ کی مکمل چھان بین سے یہ بات ثابت ہوئی کہ سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے جس پرتصور عباس بوسال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر(تفتیش)،اینٹی کرپشن سرگودھا نے ضلعی انتظامیہ سے مل کر با اثر قبضہ مافیا سے سرکاری زمین واگزار کروا کر سرکاری اراضی ضلعی انتظامیہ کی تحویل میں دے دی.

  • اسلام آباد میں بھارت کے حق میں بینرز آویزاں، پولیس کچھ نہ کرسکی

    اسلام آباد میں بھارت کے حق میں بینرز آویزاں، پولیس کچھ نہ کرسکی

    اسلام آباد میں بھارت کے حق میں بینرز آویزاں کر دیے گئے، پولیس خاموش تماشائی بنے رہے
    باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ کوہسار اور آبپارہ کی حدود میں بھارت کے حق میں پوسٹرز آویزاں کردیے گئے.جس کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے حرکت میں آگئے یہ پوسٹر پاکستان کی سالمیت کے خلاف شہر اقتدار کی سڑکوں پر صبح سویرے لگائے گئے وفاقی دارلحکومت کی پولیس واقعہ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد حرکت میں آ گئی قریبی علاقوں اور سیف سٹی کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داران کو پکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے.

  • محکمہ انسداد ِرشوت ستانی کے اہلکاروں کو ایئر ریڈ وارننگ سسٹم اور فائر فائٹنگ کی تربیت کا اہتمام

    محکمہ انسداد ِرشوت ستانی کے اہلکاروں کو ایئر ریڈ وارننگ سسٹم اور فائر فائٹنگ کی تربیت کا اہتمام

    سرگودھا۔06اگست(اے پی پی)سول ڈیفنس آفیسر ثناء اللہ خان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ انسداد رشوت ستانی کے اہلکاروں کو ایئر ریڈ وارننگ سسٹم اور فائر فائٹنگ کی تربیت کا اہتمام کیاگیا جس میں چیف انسٹرکٹر محمد نعیم الرحمان اور انسٹرکٹر سرفراز حسین ہاشمی نے ٹرینرز کے فرائض سرانجام دیئے۔ تربیت میں اینٹی کرپشن کی جونیئر اور سینئر ایسٹیبلشمنٹ نے حصہ لیا۔ تربیت کامقصد ادارے کے اہلکاروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار بنانا ہے۔ تربیت کے دوران آگ سے بچاؤ کی مختلف تدابیر اور تراکیب کا عملی مظاہرہ کیاگیا جبکہ جنگ کی صورت میں ہوائی حملے سے محفوظ رہنے کی تربیت بھی دی گئی۔

  • خانیوال، نامعلوم شخص نے نوجوان پر پیٹرول پھینک کر آگ لگا دی

    خانیوال، نامعلوم شخص نے نوجوان پر پیٹرول پھینک کر آگ لگا دی

    خانیوال (اے پی پی) کبیروالا سٹی گیٹ کے نزدیک عثمان نامی نوجوان پر نامعلوم شخص نے پیٹرول پھینک کر آگ لگا دی، آگ لگنے سے نوجوان بری طرح جھلس گیا، نوجوان کو انتہائی تشویش ناک حالت میں تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کبیروالا منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی، بعد ازاں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق نوجوان کا 70 فیصد جسم کا حصہ جھلس گیا، آگ لگانے والے شخص کی پہچان نہیں ہو سکی، پولیس تھانہ سٹی کبیروالا نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔

  • محکمہ سوئی گیس کے دفتر میں مسلسل کھلی کچہریاں منعقد کر رہے ہیں،کنسلٹنٹ وفاقی محتسب

    محکمہ سوئی گیس کے دفتر میں مسلسل کھلی کچہریاں منعقد کر رہے ہیں،کنسلٹنٹ وفاقی محتسب

    سرگودھا۔06اگست(اے پی پی)کنسلٹنٹ وفاقی محتسب ملک مشتاق اعوان نے کہاہے کہ وہ ہر 15 روز بعد سرگودہا میں محکمہ سوئی گیس کے دفتر میں مسلسل کھلی کچہریاں منعقد کر رہے ہیں اب تک 22کھلی کچہریوں میں 25 ہزار سے زائد عوامی شکایات وصول کر کے متعلقہ محکموں کو بھجوا چکے ہیں، متعلقہ محکمے ان شکایات پر 60 یوم کے اندر عمل درآمد کے پابند ہیں ورنہ انہیں جرمانے او رسزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔انہوں نے محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ محتسب کے دفتر میں موصول ہونے والی شکایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکے۔ انہوں نے محکمہ سوئی گیس، فیسکو، پاسپورٹ اور دیگر وفاقی محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ صارفین کے لیے آسانیاں پیدا کریں انہیں معمولی مفاد کی خاطر دفاتر کے چکر نہ لگوائیں تاکہ عوام کا اداروں پر اعتماد مضبوط ہو سکے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں دو دن سے اخبارات شائع نہ ہو سکے

    مقبوضہ کشمیر میں دو دن سے اخبارات شائع نہ ہو سکے

    بھارتی مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ دو دن سے اخبارات شائع نہ ہو سکے۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں تمام انسانی حقوق معطل ہیں۔ انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔ ٹیلی فون لائنیں بندپڑی ہیں۔بھارتی حکومت نے پچھلے ایک ہفتہ کے اندر 38,000بھارتی فوجی کشمیر میں بھیجے ہیں۔ اکثر علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت اور بھارت نواز سیاسی قیادت گرفتار یا گھر وں میں نظربند ہے۔

    دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری شہید ہورہے ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی صدرنے مقبوضہ کشمیر کی 4 نکاتی ترامیم پردستخط کردیئے جس کے بعد بھارتی آئین میں مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہو گئی ہے۔

    صدارتی حکم نامہ کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیرکی علیحدہ قانون سازاسمبلی ہوگی ۔ لداخ کومقبوضہ کشمیر سے الگ کردیا گیا۔ بھارتی صدرنے گورنرکا عہدہ ختم کردیا اوراختیارات کونسل آف منسٹرزکوتفویض کر دیئے ۔

  • ضلع بھر میں مسافر گاڑیوں، سکول وینز میں سی این جی /ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال پر پابندی عائد

    ضلع بھر میں مسافر گاڑیوں، سکول وینز میں سی این جی /ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال پر پابندی عائد

    سرگودھا۔06اگست(اے پی پی) سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھار ٹی نے حکومت کی ہد ایت کے مطابق ضلع بھر میں مسافر گاڑیوں اور سکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے یہ حکم اوگرا کی طرف سے جاری نوٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے نافذ کیا۔ انہوں نے اس حوالہ سے پولیس اور ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت کی کہ مسافر گاڑیوں کی شہری وقومی شاہراہوں پر چیکنگ کو سخت بنائیں۔ایل پی جی او رسی این جی سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر دیا جائے اور انہیں بھاری جرمانے کیے جائیں اور ان کے سلنڈر بحق سرکار ضبط کر لیے جائیں۔ انہوں نے ٹرانسپوٹروں کو خبر دار کیا کہ وہ پابندی پر سختی سے عمل د رآمد کریں تاکہ انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مالی خسارہ سے محفوظ رکھا جاسکے۔

  • عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں  تحریر: فہد شیروانی

    عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں تحریر: فہد شیروانی

    پاکستانی فلم انڈسٹری پر عرصے سے طاری جمود آہستہ آہستہ ٹوٹتا جا رہا ہے۔ حالیہ برسوں میں ریلیز ہونے والی فلمز نے اس میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بہت طویل عرصے کے بعد اس عیدالاضحی پر کئی پاکستانی فلمز نمائش کے لئے سینماز میں پیش کی جارہی ہیں۔ ان میں سے کئی فلمز میں پاکستانی نامور فلمسٹار اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ فلمز پاکستانی فلم انڈسٹری کو مزید پروان چڑھانے میں اپنا کردار بخوبی ادا کریں گی۔

    سپر سٹار:
    پاکستان فلم انڈسٹری کی سب سے بڑی سپر سٹار ماہرہ خان کی ڈرامہ فلم "سپر سٹار” 12 اگست کو عید کے دن ہم فلمز کے بینر تلے شائقین فلم کے لئے سینماز میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔ پروڈیوسر مومنہ درید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم کے مرکزی کرداروں میں ماہرہ خان، بلال اشرف، ندیم بیگ، جاوید شیخ، مرینہ خان، اسماء عباس، علیزے شاہ اور علی کاظمی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔ عدنان شاہ ٹیپو، کبری خان، ہانیہ عامر، عثمان خالد بٹ، مانی، سائرہ شہروز، فہیم برنی اور وہاج علی نے فلم میں مہمان اداکار کا کردار ادا کیا ہے۔ ٹیلنٹڈ محمد احتشام الدین نے فلم کی ڈائریکشن کے فرائض سرانجام دئیے ہیں۔ علی اور مصطفی آفریدی کے قلم سے نکلے خوبصورت الفاظ نے اس فلم کی انفرادیت میں بھرپور اضافہ کیا ہے۔ "سپر سٹار” کا سکرین پلے اور میوزک اذان سمیع خان کی تخلیق ہے۔ "سپر سٹار” کا ٹریلر عنقریب ریلیز ہونے والی فلمز میں سب پر سبقت لے چکا ہے اور شائقین فلم کے ریلیز ہونے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

    پرے ہٹ لو:
    پروڈیوسر شہریار منور اور عاصم رضا کی 12 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ” پرے ہٹ لو” میں پاکستان کے مایا ناز ڈائریکٹر عاصم رضا نے ہدایتکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ ARY فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی اس فلم میں نمایاں کردار ہر دلعزیز حنا دلپذیر، شہریار منور، مایا علی، ندیم بیگ، احمد علی بٹ اور فریحہ الطاف نے ادا کئے ہیں۔ عمران اسلم نے اس فلم کر تحریر کیا ہے جبکہ فلم کا میوزک اذان سمیع خان نے ترتیب دیا ہے۔ خوبصورت لوکیشنز پر فلمائی گئی اس فلم کے ٹریلر نے ابھی سے شائقین فلم کے دل موہ لئے ہیں ۔

    ہیر مان جا:
    اظفر جعفری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم "ہیر مان جا” عیدالاضحی پر سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔ جیو فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی اس رومانٹک کامیڈی فلم میں پاکستان کی حسین اداکارہ حریم فاروق، آمنہ شیخ، علی رحمان، سلیم معراج، عابد علی، اور فیضان شیخ نمایاں کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ فلم کو امان الحقی، عمران رضا کاظمی، حریم فاروق اور عارف لاکھانی نے پروڈیوس کیا ہے۔ اویس بلوچ کی عمدہ تحریر اور جملوں پر مشتمل "ہیر مان جا” کا ٹریلر اس وقت عوام کی بھرپور توجہ کا باعث بنا ہوا ہے۔

    پاکستان کی فلم انڈسڑی اور شائقین کی امیدیں ان فلموں سے وابستہ ہو چکی ہیں۔امید کی جارہی ہے کہ یہ فلمز شائقین فلمز کو دوبارہ سینما ہالز کا رخ کرنے پر مجبور کر دیں گی۔