Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • سائنسدانوں نے انسانی رہائش کے امکانات رکھنے والا نیا سیارہ دریافت کر لیا

    سائنسدانوں نے انسانی رہائش کے امکانات رکھنے والا نیا سیارہ دریافت کر لیا

    ‎سائنسدانوں نے زمین کے حجم کے قریب ایک ایسے سیارے کی دریافت کا اعلان کیا ہے جس پر انسانی رہائش کے امکانات موجود ہو سکتے ہیں۔ یہ سیارہ زمین سے تقریباً 146 نوری برس کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کا ماحول مریخ سے ملتا جلتا بتایا جا رہا ہے۔
    ‎اس سیارے کو ایچ ڈی 137010 بی کا نام دیا گیا ہے جو ایک سورج جیسے ستارے کے گرد گردش کر رہا ہے۔ محققین کے مطابق یہ سیارہ زمین کے مقابلے میں تقریباً 6 فیصد بڑا ہے، جبکہ اپنے ستارے کے گرد اس کی گردش کا دورانیہ 355 دن ہے، جو زمین کے سال سے خاصا مشابہ ہے۔
    ‎یہ دریافت آسٹریلیا، برطانیہ، امریکا اور ڈنمارک کے سائنسدانوں پر مشتمل ایک بین الاقوامی تحقیقی ٹیم نے کی۔ تحقیق کے لیے ناسا کی کیپلر اسپیس ٹیلی اسکوپ سے حاصل کردہ ڈیٹا استعمال کیا گیا، جو 2017 میں جمع کیا گیا تھا۔
    ‎سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ سیارہ اپنے ستارے کے گرد ایسے خطے میں موجود ہے جسے قابلِ رہائش زون قرار دیا جاتا ہے۔ محققین کے مطابق تقریباً 50 فیصد امکان ہے کہ وہاں انسانی زندگی کے لیے سازگار ماحول موجود ہو سکتا ہے۔
    ‎تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ سیارہ اس وقت سامنے آیا جب وہ مختصر مدت کے لیے اپنے ستارے کے سامنے سے گزرا، جس کے باعث روشنی میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ابتدائی طور پر یہ سگنل نو آموز سائنسدانوں نے نوٹ کیا، جس کے بعد اس پر تفصیلی سائنسی تحقیق کی گئی۔
    ‎ماہرین کے مطابق یہ ستارہ ہمارے سورج کے مقابلے میں نسبتاً ٹھنڈا اور کم روشن ہے، جس کے باعث ایچ ڈی 137010 بی کی سطح کا درجہ حرارت مریخ سے مشابہ ہو سکتا ہے اور بعض اوقات منفی 70 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
    ‎سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ سیارہ فلکیاتی پیمانے پر نسبتاً قریب ہے، تاہم موجودہ ٹیکنالوجی کے ساتھ وہاں تک پہنچنے میں ہزاروں سال لگ سکتے ہیں۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ سے اخراج کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا آئی سی سی پر ایک اور الزام

    ٹی 20 ورلڈ کپ سے اخراج کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا آئی سی سی پر ایک اور الزام

    ‎ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر ایک اور سنگین الزام عائد کر دیا ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے پر آئی سی سی نے مسائل حل کرنے کے بجائے بنگلہ دیش کو میگا ایونٹ سے ہی باہر کر دیا۔
    ‎اب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوران بھی بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بی سی بی نے اپنی جونیئر ٹیم کو ذاتی اخراجات پر انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے زمبابوے بھیجا، جبکہ ٹیم کی کارکردگی متاثر ہونے کی ایک بڑی وجہ ٹورنامنٹ کا پیچیدہ اور بار بار تبدیل ہونے والا شیڈول قرار دیا گیا ہے۔
    ‎بی سی بی کے گیم ڈیولپمنٹ کوآرڈینیٹر حبیب البشر نے بتایا کہ آئی سی سی نے اچانک بنگلہ دیش کے دو میچز کا شیڈول تبدیل کر دیا۔ ان کے مطابق اس حوالے سے باضابطہ شکایت بھی کی گئی، مگر اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران آئی سی سی کی جانب سے ڈومیسٹک فلائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے باعث ٹیم کو بس کے ذریعے طویل سفر کرنا پڑا۔ تاہم بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچز کو دیکھتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے خرچ پر ٹیم کے لیے ہوائی سفر کا انتظام کیا۔

  • اسپتال میں بانی پی ٹی آئی کی حالت پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تحفظات کا اظہار

    اسپتال میں بانی پی ٹی آئی کی حالت پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تحفظات کا اظہار

    ‎وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسپتال لے جانے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ بانی کی صحت کی حالت یہاں تک کیوں پہنچ گئی کہ انہیں اسپتال لے جانا پڑا اور یہ بیماری کیوں چھپائی گئی۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ بانی کی فیملی کو ان کی صحت کے بارے میں کیوں نہیں بتایا گیا۔ شفیع جان کا کہنا تھا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے سخت تحفظات ہیں اور کسی بھی قیدی کو اسپتال لایا جائے تو اس کی فیملی کو مطلع کیا جانا چاہیے۔
    ‎خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ میڈیا سے بات چیت میں آئندہ کا لائحہ عمل بتائیں گے۔

  • ‎ایرانی فوج میں ایک ہزار اسٹریٹجک ڈرونز شامل، جنگی صلاحیت میں نمایاں اضافہ

    ‎ایرانی فوج میں ایک ہزار اسٹریٹجک ڈرونز شامل، جنگی صلاحیت میں نمایاں اضافہ

    
ایرانی فوج کے عسکری ڈھانچے میں ایک ہزار اسٹریٹجک ڈرونز شامل کر لیے گئے ہیں، جس سے بری فوج کی عملی اور دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق یہ اقدام فوج کے کمانڈر میجر جنرل امیر حاتمی کے حکم پر کیا گیا۔
    ‎رپورٹ کے مطابق یہ ڈرونز ایرانی ماہرین نے وزارتِ دفاع کے تعاون سے تیار کیے ہیں۔ ان کی تیاری ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات اور جون 2025 میں ہونے والی 12 روزہ جنگ سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر کی گئی۔
    ‎یہ بغیر پائلٹ طیارے حملہ آور کارروائیوں، نگرانی اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیت رکھتے ہیں اور زمینی، بحری اور فضائی حدود میں موجود متحرک اور غیر متحرک اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
    ‎اس موقع پر میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ مستقبل کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اسٹریٹجک برتری کو برقرار رکھنا اور مزید مضبوط بنانا فوج کی مستقل ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد تیز رفتار جنگی تیاری اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں مؤثر اور بھرپور جواب دینا ہے۔

  • یورپی یونین ،بھارت تجارتی معاہدہ, ایک کروڑ سے زائد افراد کا روزگار خطرے میں, گوہر اعجاز

    یورپی یونین ،بھارت تجارتی معاہدہ, ایک کروڑ سے زائد افراد کا روزگار خطرے میں, گوہر اعجاز

    ‎سابق وزیرِ تجارت گوہر اعجاز نے یورپی یونین اور بھارت کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے کو پاکستان کی صنعتوں، خصوصاً ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اس معاہدے سے ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد افراد کا روزگار متاثر ہو سکتا ہے۔
    ‎لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ اس معاہدے کی وجہ سے پاکستان کی تقریباً 9 ارب ڈالر مالیت کی ٹیکسٹائل برآمدات شدید دباؤ میں آ سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی خصوصی تجارتی سہولتوں کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو چکا ہے اور اب تمام علاقائی ممالک کے لیے زیرو ٹیرف کا اطلاق ہوگا، جس سے پاکستان کی صنعتوں کی مسابقت کمزور ہو جائے گی۔
    ‎گوہر اعجاز نے حکومت پر زور دیا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، بشمول بجلی اور گیس کی فراہمی علاقائی نرخوں پر یقینی بنانا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتوں پر ٹیکس کی شرح اور مجموعی کاروباری لاگت ہمسایہ ممالک کے برابر لانا ناگزیر ہے، کیونکہ ملکی صنعتیں مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتیں۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

    ‎پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں آ گئی ہے اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہی دن میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کھو بیٹھا۔
    ‎مالی ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں یہ مندی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی اور ملکی و عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 82 ہزار پوائنٹس کی سطح پر آگیا، جو حالیہ مہینوں میں ایک اہم کم ترین سطح ہے۔
    ‎ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملکی معیشت کے استحکام اور سرمایہ کار اعتماد بحال نہ ہوا تو اسٹاک مارکیٹ میں مزید گراوٹ کا امکان موجود ہے۔
    ‎سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں خطرے کی گھنٹی بجنے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دی ہیں۔

  • ایف بی آر کو تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں سے 90 ارب روپے کی وصولی متوقع

    ایف بی آر کو تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں سے 90 ارب روپے کی وصولی متوقع

    ‎ایف بی آر ذرائع کے مطابق تیل اور گیس کی تلاش میں مصروف کمپنیوں سے تقریباً 90 ارب روپے کی وصولی باقی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کمپنیاں پہلے ہی 44 سے 55 فیصد تک ٹیکس ادا کر رہی ہیں اور موجودہ قانون کے تحت ان سے اس سے زیادہ ٹیکس وصول نہیں کیا جا سکتا۔
    ‎ایف بی آر ذرائع کے مطابق بڑی کمپنیوں سے آئندہ تین دن کے دوران 100 ارب روپے جمع کرنے کے لیے رابطے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سپر ٹیکس سے متعلق آئینی عدالت کے فیصلے سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت محصولات میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف شعبوں سے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے وصولیوں کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • نیپاہ وائرس, ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد کھلاڑیوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف، ماہرین

    نیپاہ وائرس, ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد کھلاڑیوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف، ماہرین

    ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نیپاہ وائرس کی موجودگی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز مختلف ممالک سے آنے والے کھلاڑیوں کی جان کو شدید خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ نیپاہ وائرس کو دنیا کے خطرناک ترین وائرسز میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں اموات کی شرح 40 سے 70 فیصد تک بتائی جا رہی ہے۔
    بھارت میں نیپاہ وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ایشیائی ممالک نے سرحدوں پر نگرانی سخت کر دی ہے جبکہ متعدد ہوائی اڈوں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق نیپاہ وائرس انتہائی مہلک ہے، جبکہ تائیوان کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے اسے کیٹیگری 5 کا خطرہ قرار دیا ہے۔
    ‎عالمی ادارہ صحت نے بھی نیپاہ وائرس کو ترجیحی خطرناک وائرس قرار دیتے ہوئے فوری اور جامع تحقیق پر زور دیا ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق برطانیہ، نیپال، تھائی لینڈ، تائیوان، میانمار اور سری لنکا نے بھارتی مسافروں کے لیے ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں عالمی کرکٹ ایونٹ کا انعقاد نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہوگا بلکہ یہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین صحت کے لیے بھی سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔

  • ‎کراچی انٹر بورڈ نتائج میں رد و بدل کیس، سابق چیئرمین نسیم میمن سمیت ملزمان پر فردِ جرم عائد

    ‎کراچی انٹر بورڈ نتائج میں رد و بدل کیس، سابق چیئرمین نسیم میمن سمیت ملزمان پر فردِ جرم عائد

    کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں رد و بدل کے مقدمے میں اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر نسیم میمن سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
    عدالتی کارروائی کے دوران عدالت نے مقدمے کے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے بیانات ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔ سماعت کے موقع پر تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا۔
    ‎عدالت نے گواہوں کو 26 فروری تک نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ استغاثہ کے مطابق یہ مقدمہ وزیراعلیٰ انکوائری کمیٹی کی سفارش پر درج کیا گیا تھا۔
    ‎ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے پری میڈیکل 2022 اور 2023 کے نتائج میں غیر قانونی رد و بدل کیا، جس سے امتحانی نظام کی شفافیت متاثر ہوئی۔

  • نئے ڈویژن اور انتظامی اصلاحات سے عوامی مسائل حل ہوں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    نئے ڈویژن اور انتظامی اصلاحات سے عوامی مسائل حل ہوں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    ‎رکھنی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انتظامی یونٹس کی تقسیم اور نئے ڈویژن کے قیام سے عوامی مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی یکساں ترقی حکومت کا پختہ عزم ہے اور دور دراز علاقوں کو ترقی کے دھارے میں لانا اولین ترجیح ہے۔
    ‎وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارا سر کٹ سکتا ہے لیکن ہم کبھی نہیں جھکیں گے۔ بلوچ عوام کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا گیا جبکہ بلوچ نوجوانوں کو پروپیگنڈے کے ذریعے ریاست سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔
    ‎سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ امن و امان خراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جبکہ دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف قومی یکجہتی ناگزیر ہے اور ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔
    ‎وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام سے ہی ترقی ممکن ہے اور پورے بلوچستان میں میرٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔