لاہور کے قریب کوٹ رادھا کشن میں علامہ اقبال ایکسپریس کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ٹرین ڈرائیور نے ریلوے پھاٹک پر ہی ٹرین روک دی۔ آگ لگنے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ کر فوری طور پر آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئے۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
انجن میں آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک تعین نہیں ہو سکا۔ ٹرین کے کولنگ کے عمل کے بعد اسے دوبارہ روانہ کر دیا گیا ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana

کوٹ رادھا کشن میں علامہ اقبال ایکسپریس کے انجن میں آگ

علی امین گنڈاپور آڈیو لیک کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا بھی باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق ملزم کی مسلسل عدم پیشی کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، جبکہ آئندہ سماعت پر اشتہاری قرار دینے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیکس سے متعلق کیس زیر سماعت ہے، جس میں ان پر قانونی کارروائی جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سی پیک 2.0 کو حقیقت میں بدلنے کے عزم کا اظہار
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ سی پیک 2.0 کو عملی شکل دینے اور اسے ایک کامیاب منصوبہ بنانے کے منتظر ہیں، جس سے پاکستان کی معیشت بالخصوص زرعی شعبے کو نئی سمت ملے گی۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں پاک چین ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین میں جدید زرعی تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس ملکی زرعی معیشت کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھا کر برسوں کے کام کو مہینوں میں مکمل کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے اور ہر شعبے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
تقریب میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، جام کمال، اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ، بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، پاکستانی و چینی کمپنیوں کے نمائندے اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔
وزیراعظم نے زراعت کو پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار میں اضافہ، پانی کے مؤثر استعمال، جدید کاشت کاری، ویلیو چین، کولڈ چین اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو جدید مہارتیں اور ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے، جبکہ 2024 اور 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان بی ٹو بی اور جی ٹو جی سطح پر متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جنہیں اب عملی معاہدوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ملک بھر سے میرٹ پر منتخب کیے گئے ایک ہزار زرعی گریجویٹس نے چین کی زرعی جامعات اور تحقیقی مراکز میں اعلیٰ معیار کی تربیت حاصل کی۔ ان کے مطابق یہ گریجویٹس وطن واپس آ کر کسانوں کی رہنمائی کریں گے اور ان کی مہارتیں زرعی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے چینی سفیر کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت میں چین کی ترقی مثالی ہے۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو اس سال 75 برس مکمل ہو رہے ہیں، جو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کا مظہر ہیں۔
لیجنڈری مارشل آرٹس اداکار 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
ہانگ کانگ فلم انڈسٹری کے معروف اور لیجنڈری مارشل آرٹس اداکار سیو لونگ لیونگ 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہلِ خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پُرسکون انداز میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیو لونگ لیونگ کے اہلِ خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق ہانگ کانگ کے ایک معروف میڈیا ادارے کو کی۔ خاندان کا کہنا ہے کہ تدفین کے انتظامات نجی طور پر کیے جا رہے ہیں، جبکہ ان کی آخری رسومات اور الوداعی تقریب 26 جنوری 2026 کو چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر شین ژین کے علاقے لونگ گانگ میں منعقد کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق سیو لونگ لیونگ ہانگ کانگ فلم انڈسٹری کا ایک بڑا نام تھے اور 1970 اور 1980 کی دہائی میں مارشل آرٹس فلموں کے صفِ اول کے اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہیں فلمی دنیا میں خاص شہرت اُس وقت ملی جب انہوں نے فلموں میں کردار ’’چن ژن‘‘ ادا کیا، جو بعد ازاں کنگ فو فلموں کا ایک یادگار کردار بن گیا۔
سیو لونگ لیونگ نے نئی نسل کے ناظرین میں بھی اپنی پہچان برقرار رکھی، خاص طور پر عالمی شہرت یافتہ فلم کنگ فو ہسل میں ’’دی بیسٹ‘‘ کے کردار کے ذریعے۔ اس فلم میں ان کی اداکاری آج بھی فلم کے نمایاں اور پسندیدہ پہلوؤں میں شمار کی جاتی ہے۔
سیو لونگ لیونگ اُن اداکاروں میں شامل تھے جنہوں نے نہ صرف اسکرین پر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی مارشل آرٹس میں مہارت حاصل کی، اور اپنی فنی صلاحیتوں کے ذریعے ہانگ کانگ سنیما پر گہرے نقوش چھوڑے۔
برطانوی وزیر اعظم کا ٹرمپ کو گرین لینڈ پر دباؤ کے بجائے سفارت کاری اختیار کرنے کا مشورہ
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشورہ دیا ہے کہ گرین لینڈ کے معاملے پر دباؤ ڈالنے کے بجائے سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جائے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کیئر اسٹارمر نے اتوار کے روز صدر ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں انہوں نے کھل کر اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو اتحادیوں پر محصولات عائد کرنا ایک غلط فیصلہ ہوگا۔
اس گفتگو سے قبل برطانوی وزیر اعظم ڈنمارک، یورپی یونین اور نیٹو کے اعلیٰ رہنماؤں سے بھی رابطہ کر چکے تھے۔ کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ نیٹو اتحادیوں کی مشترکہ سلامتی کے لیے مل کر کام کرنے والے ممالک پر ٹیرف لگانا ناقابلِ قبول ہے۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان کے مطابق کیئر اسٹارمر نے ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن، یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا فان ڈیر لاین اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے بات کے بعد صدر ٹرمپ سے گفتگو کی۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام گفتگوؤں میں برطانوی وزیر اعظم نے گرین لینڈ کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورو۔اٹلانٹک مفادات کے تحفظ کے لیے شمالی خطے کی سلامتی نیٹو کے تمام اتحادیوں کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیئر اسٹارمر نے گرین لینڈ کی خودمختاری کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ممالک پر محصولات عائد کرنا ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی لکھا کہ نیٹو اتحادیوں کی اجتماعی سلامتی کے اقدامات پر انہیں سزا دینا سراسر غلط ہے۔
برطانوی وزیر اعظم نے واضح کیا کہ گرین لینڈ ڈنمارک کی سلطنت کا حصہ ہے اور اس کے مستقبل کا فیصلہ صرف گرین لینڈ کے عوام اور ڈنمارک کو کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرکٹک خطے کی سلامتی پورے نیٹو کے لیے اہم ہے اور اتحادیوں کو باہمی تعاون کے ذریعے خطرات کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
کابل کے شہرِ نو میں دھماکہ: چینی شہری سمیت 7 افراد جاں بحق
افغان دارالحکومت کابل کے نسبتاً محفوظ علاقے شہرِ نو میں ایک زوردار دھماکے نے 7 افراد کی جان لے لی جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، جاں بحق افراد میں ایک چینی مسلم شہری اور 6 افغان شہری شامل ہیں۔ دھماکا ایک چینی ریسٹورنٹ کے کچن کے قریب رونما ہوا، جسے چینی مسلم شہری عبدالماجد اور افغان شہری عبدالجبار مشترکہ طور پر چلا رہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کا ابھی تک تعین نہیں ہو سکا، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ شہرِ نو غیر ملکیوں کی رہائش گاہ ہونے کی وجہ سے مشہور ہے اور کابل کے محفوظ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔
خالی مکان میں نماز پڑھنے پر 12 مسلمانوں کے خلاف مقدمہ درج
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ایک خالی مکان میں نماز پڑھنے پر 12 مسلمانوں کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کچھ افراد کو ایک مکان کے اندر نماز ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائی محمد گنج گاؤں کے چند افراد کی شکایت پر کی گئی، جنہوں نے اطلاع دی تھی کہ ایک خالی مکان کو کئی ہفتوں سے مبینہ طور پر عارضی مدرسہ یا نماز کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ مکان حنیف نامی شخص کا تھا اور اسے جمعہ کی نماز کے لیے عارضی طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ گرفتار افراد کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں سے انہیں ضمانت مل گئی۔
کانگریس کے رہنما ڈاکٹر شما محمد نے پولیس کی کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھ سے باہر ہے کہ یوپی پولیس اپنے ہی شہریوں کو ان کے گھروں میں نماز پڑھنے پر گرفتار کر رہی ہے، اور پوچھا کہ ان کے خلاف کس قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا ریاست میں تمام مجرم ختم ہو چکے ہیں کہ اب پولیس شہریوں کو مذہبی عبادات پر خوفزدہ کرنے میں مصروف ہے۔
چلی: جنگلاتی آگ سے 20 ہلاک، 20 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل
جنوبی امریکی ملک چلی میں جنگلات میں بھڑکنے والی شدید آگ کے باعث کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 20 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔
روئٹرز کے مطابق ملک کے صدر گیبریل بورک نے اتوار کے روز جنوبی علاقوں نیوبلے اور بیو بیو میں ہنگامی حالت (اسٹیٹ آف کیٹاسٹروفی) نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ چلی کے جنگلاتی ادارے کوناف کے مطابق اتوار کی صبح تک ملک بھر میں 24 فعال آگ کے واقعات ریکارڈ کیے گئے، اور سب سے شدید آگ نیوبلے اور بیو بیو میں لگی۔
صدر بورک نے ایک بیان میں کہا کہ جنگلاتی آگ کی سنگین صورت حال کے پیش نظر نیوبلے اور بیو بیو میں ہنگامی اقدامات ضروری تھے۔ اتوار کی شام جنوبی شہر کونسیپسیون میں متاثرہ علاقوں کے میئرز کے ساتھ اجلاس کے بعد بتایا گیا کہ اب تک تقریباً 8,500 ہیکٹر (21 ہزار ایکڑ) رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے اور متعدد آبادیاں خطرے میں ہیں۔
چلی کے ادارے سیناپریڈ کے مطابق 250 سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور تیز ہوائیں و شدید گرمی نے فائر فائٹرز کے لیے آگ پر قابو پانا مشکل بنا دیا۔ سانتیاگو سے بیو بیو تک درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے، اور ملک کے کئی حصوں میں ہیٹ ویوز جاری ہیں۔
پاکستان: دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کنندہ
بین الاقوامی جریدے گلف نیوز نے پاکستانی چاول کی عالمی سطح پر پذیرائی کو اجاگر کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ سال 2026 کے آغاز پر پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کنندہ ملک بن گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025 میں پاکستانی چاول کی برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں باسمتی چاول کی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد اضافہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
دسمبر 2025 میں پاکستان نے 4 لاکھ 89 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کیے، جبکہ ویتنام کی برآمدات اس دوران 3 لاکھ 87 ہزار ٹن رہیں، جس سے پاکستان نے ویتنام کو پیچھے چھوڑ کر عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
پاکستان سے سب سے زیادہ چاول متحدہ عرب امارات، چین، تنزانیہ، کینیا اور آئیوری کوسٹ کو برآمد کیے گئے۔امریکا سے ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زائد خام تیل درآمد
قومی اسمبلی میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکا سے ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زائد خام تیل درآمد کیا ہے۔ وزارت پٹرولیم کے مطابق نجی آئل ریفائنری سیزجیکو پاکستان لمیٹڈ نے اکتوبر میں 74 ملین ڈالرز سے زائد مالیت کا خام تیل درآمد کیا، جس کی مقدار 1 لاکھ 26 ہزار 175 میٹرک ٹن تھی۔
نومبر میں بھی 72 ملین ڈالرز سے زائد مالیت کا 1 لاکھ 23 ہزار 818 میٹرک ٹن خام تیل درآمد کیا گیا۔ وزارت پٹرولیم نے بتایا کہ کمپنی 2026 کے پہلے تین ماہ میں مزید خام تیل کی درآمدات کا منصوبہ بنا رہی ہے۔








