گوگل نے اپنی سالانہ آئی او ڈویلپر کانفرنس کے دوران مصنوعی ذہانت پر مبنی متعدد نئے ٹولز، ماڈلز اور اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیے ہیں۔
19 مئی سے شروع ہونے والی اس کانفرنس میں کمپنی نے واضح کیا کہ اس کا بنیادی مقصد اے آئی ٹیکنالوجی کو ہر صارف کیلئے زیادہ مفید، تیز اور قابل رسائی بنانا ہے۔
گوگل کی جانب سے پیش کیے گئے اہم اعلانات میں نئے جیمنائی ماڈلز، اے آئی سرچ انجن، اسمارٹ گلاسز اور ڈیجیٹل اسسٹنٹس شامل ہیں۔
گوگل نے “جیمنائی اومنی” نامی نیا ماڈل متعارف کرایا ہے جو ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز کو ملا کر ہائی کوالٹی میڈیا مواد تیار کر سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ماڈل سب سے پہلے جیمنائی ایپ، فلو اور یوٹیوب میں شامل کیا جائے گا۔
گوگل نے دعویٰ کیا ہے کہ “جیمنائی 3.5 فلیش” اب تک کا سب سے طاقتور اور تیز رفتار کوڈنگ اور اے آئی ایجنٹک ماڈل ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ وہ کام چند لمحوں میں مکمل کر سکتا ہے جن کیلئے پہلے کئی دن یا ہفتے درکار ہوتے تھے۔
گوگل نے اپنے سرچ انجن کو گزشتہ 25 برس کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ قرار دیا ہے۔
نئے اے آئی سرچ باکس کے ذریعے صارفین ٹیکسٹ، تصاویر، ویڈیوز، فائلز اور یہاں تک کہ کروم ٹیبز کے ذریعے بھی زیادہ ذہین انداز میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔
گوگل نے نئے اے آئی اسمارٹ گلاسز بھی متعارف کرائے ہیں جو اینڈرائیڈ ایکس آر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوں گے۔
یہ گلاسز صارف کے کان میں خاموشی سے معلومات فراہم کریں گے جبکہ موسیقی سننے، تصاویر لینے، کالز کرنے اور فون ایپس استعمال کرنے میں مدد دیں گے۔
گوگل نے “ڈیلی بریف” اور “جیمنائی اسپارک” نامی نئے اے آئی اسسٹنٹس بھی متعارف کرائے ہیں۔
یہ ٹولز صارفین کی ڈیجیٹل زندگی کو منظم کرنے، مشورے دینے اور آن لائن مختلف کام خودکار طریقے سے انجام دینے میں مدد فراہم کریں گے۔
جیمنائی ایپ کے انٹرفیس کو بھی اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جس میں نئی اینیمیشنز، بہتر رنگ، جدید ٹائپوگرافی اور مزید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
گوگل کے مطابق یہ تمام نئے فیچرز اور ٹولز مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کیلئے متعارف کرائے جائیں گے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

گوگل نے نئے اے آئی ٹولز اور اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیے
-

24 گھنٹوں میں 26 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، ایرانی پاسداران انقلاب
ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان جہازوں میں آئل ٹینکرز، کنٹینر شپ اور دیگر تجارتی بحری جہاز شامل تھے۔
پاسداران انقلاب بحریہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت اجازت ناموں اور متعلقہ حکام کے تعاون سے معمول کے مطابق جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران اس اہم عالمی بحری گزرگاہ میں بحری ٹریفک کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو محفوظ اور منظم رکھا جا سکے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے روزانہ بڑی مقدار میں تیل اور تجارتی سامان دنیا بھر میں منتقل کیا جاتا ہے۔
حالیہ ہفتوں میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ -

سی پیک فیز ٹو کا آغاز ہو چکا، وزیراعظم جلد چین کا دورہ کریں گے: اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں سی پیک فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور اب اس کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان “ون چائنا پالیسی” پر مکمل طور پر کاربند ہے جبکہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا اہم سرکاری دورہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات بھی کریں گے جہاں دوطرفہ تعاون، اقتصادی شراکت داری اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سفارتی اور اسٹریٹجک تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔ -

چینی پارلیمانی وفد کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد، پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے نائب چیئرمین کائی دافنگ کی قیادت میں چینی پارلیمانی وفد پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا جہاں سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سینیٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے وفد کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے۔
چینی وفد نے پاکستانی مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال کو سراہا جبکہ وفد کے اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
بعد ازاں سینیٹ چیئرمین کی جانب سے چینی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا جس میں وفاقی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
ملاقات کو پاک چین تعلقات اور پارلیمانی سفارتکاری کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ -

وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت وفاقی وزیر تعلیم اور ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کی۔
وفد میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، قومی اسمبلی کے ارکان سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے دوران ایم کیو ایم وفد نے آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں۔
اس موقع پر سندھ اور کراچی میں وفاقی حکومت کے تحت جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے جس نے عوامی فلاح کے اقدامات میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا جائے اور قابلِ عمل و جامع حکمت عملی تیار کر کے پیش کی جائے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ -

امریکا میں ہوٹل نے کیک کاٹنے کے 30 ہزار روپے سے زائد چارج کر لیے
امریکا کے علاقے بیورلی ہلز میں ایک ہوٹل کی جانب سے صرف کیک کاٹنے کیلئے 110 ڈالر فیس وصول کیے جانے کا واقعہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک خاتون فوڈ انفلوئنسر اپنے دوستوں کے ساتھ ایک لگژری ہوٹل کے روف ٹاپ ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئی جہاں انہوں نے سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
بعد ازاں جب بل سامنے آیا تو ہوٹل انتظامیہ نے کیک کاٹنے کے اضافی 110 ڈالر یعنی پاکستانی 30 ہزار روپے سے زائد چارج کر لیے، جس پر خاتون اور ان کے دوست حیران رہ گئے۔
فوڈ انفلوئنسر نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بل بھی دکھایا اور بتایا کہ انتظامیہ نے فی فرد 10 ڈالر کیک کاٹنے کی فیس وصول کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسی کوئی پالیسی تھی تو مہمانوں کو پہلے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ کئی افراد نے ہوٹل انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کچھ صارفین نے اسے “امیرانہ فیس” قرار دیا۔
واقعہ وائرل ہونے کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مہمانوں کو کیک کاٹنے کی فیس کے بارے میں بروقت آگاہ نہ کرنا ان کے معیار کے مطابق نہیں تھا۔
ہوٹل نے خاتون کو مکمل رقم واپس کرنے کی پیشکش بھی کی اور اعلان کیا کہ اب فی فرد کیک کاٹنے کی فیس 10 ڈالر سے کم کر کے 5 ڈالر کر دی گئی ہے۔
یہ عجیب و غریب واقعہ اب سوشل میڈیا پر “مہنگی ترین کیک کٹنگ” کے نام سے وائرل ہو رہا ہے۔ -

چین میں امریکی وزیر خزانہ کو سیکیورٹی چیک پر مختصر طور پر روکے جانے کی ویڈیو وائرل
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو ایک سرکاری تقریب کے دوران مختصر وقت کیلئے سیکیورٹی اہلکاروں نے روک لیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گریٹ ہال آف دی پیپل کے باہر پیش آیا جہاں امریکی وفد ایک سرکاری ضیافت میں شرکت کیلئے پہنچا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی سیکیورٹی اہلکاروں نے اسکاٹ بیسنٹ کو داخلی اجازت نامہ یا کلیئرنس بیج نہ ہونے پر دروازے پر روک لیا۔
بعد ازاں امریکی وزیر خزانہ کے معاونین نے مطلوبہ کارڈ فراہم کیا جس کے بعد انہیں اندر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے تعلقات تجارت، تائیوان اور عالمی سیاسی معاملات پر کشیدگی کا شکار ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس واقعے کو مختلف انداز میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں بعض صارفین نے اسے چین کے بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد اور بدلتے ہوئے عالمی طاقت کے توازن سے جوڑا۔
تاحال امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ -

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر بھی آنکھوں کے عارضے میں مبتلا
بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر بھی آنکھوں کی بیماری کا شکار ہو گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے بیرون ملک طبی معائنے کے باعث اپیلوں کی فوری پیروی سے معذوری ظاہر کر دی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست میں سزا معطلی کی اپیلوں کو فوری سماعت کیلئے مقرر نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کیلئے مہلت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر کی طبیعت کے باعث قانونی کارروائی کے شیڈول پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سلمان صفدر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مختلف اہم مقدمات میں وکالت کر رہے ہیں اور حالیہ عدالتی کارروائیوں میں مرکزی قانونی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کے طبی معائنے اور جیل ملاقاتوں سے متعلق معاملات بھی سیاسی اور قانونی حلقوں میں زیر بحث ہیں۔ -

وفاق نے پنجاب کو گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹیں ختم کرنے کی ہدایت کر دی
وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو ہدایت جاری کی ہے کہ خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو آٹے اور گندم کی ترسیل میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر ختم کی جائیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی نے خیبرپختونخوا حکومت کو ایک خصوصی واٹس ایپ نمبر فراہم کیا ہے جہاں آٹا اور گندم ڈیلرز ترسیل میں رکاوٹ کی صورت میں ویڈیوز اور تصاویر شیئر کر سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا جس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین، چاروں صوبوں کے سیکرٹریز خوراک، خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت اور پنجاب حکام کو متعدد بار آگاہ کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری فوڈ پنجاب نے مؤقف اپنایا کہ پنجاب حکومت نے گندم یا آٹے کی بین الصوبائی ترسیل پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔
اس پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے سوال اٹھایا کہ اگر پابندی نہیں تو پھر خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے واضح ہدایت دی کہ خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں فوری ختم کی جائیں تاکہ بحران پر قابو پایا جا سکے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ پنجاب آئینی طور پر گندم اور آٹے کی ترسیل نہیں روک سکتا جبکہ بلوچستان میں 100 کلو آٹے کی بوری خیبرپختونخوا کے مقابلے میں سستی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پابندیاں ختم کر کے ترسیل کو جلد معمول پر لایا جائے گا۔ -

لاہور میں آن لائن فراڈ کا بڑا اسکینڈل بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار
لاہور میں آن لائن فراڈ کے ایک مبینہ بڑے اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے جہاں فیصل ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان آن لائن مارکیٹ پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں سے موبائل فون خریدنے کے بہانے رابطہ کرتے تھے اور بعد ازاں مبینہ طور پر فراڈ کے ذریعے متاثرین کے بینک اکاؤنٹس سے رقم منتقل کر لیتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا گیا اور کامیاب کارروائی کے دوران گرفتاریاں عمل میں آئیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان مزمل اور اسفند اب تک 23 سے زائد شہریوں کو او ایل ایکس کے ذریعے نشانہ بنا چکے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان مختلف ہاسٹلز سے لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا کی چوری میں بھی ملوث رہے ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ لیپ ٹاپ، دو موبائل فون، نقد رقم اور دو پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ اس نیٹ ورک سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آن لائن خرید و فروخت کے دوران غیر معروف افراد سے لین دین کرتے وقت احتیاط برتی جائے اور ذاتی یا بینک معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کی جائیں۔