قطر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے مزید وقت درکار ہے جبکہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے پرامن حل کیلئے مختلف ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے اور حل تلاش کرنے کیلئے سنجیدہ سفارتی کوششیں کی ہیں اور قطر ان اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
ماجد الانصاری کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں فوری نتائج کی توقع کے بجائے مذاکراتی عمل کو وقت دینا ضروری ہے تاکہ پائیدار پیش رفت ممکن ہو سکے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کیا جا سکے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق قطر اور پاکستان کی سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں سامنے آ رہی ہیں جب مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان تناؤ عالمی تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

امریکا ایران مذاکرات کیلئے مزید وقت درکار ہے، قطر
-

ایران کی نظریں اب زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبلز پر، عالمی ٹیک کمپنیوں کیلئے نئی وارننگ
ایران نے آبنائے ہرمز میں اپنی اسٹریٹجک برتری کو مزید وسعت دیتے ہوئے اب زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبلز پر نظر جما لی ہے، جو دنیا بھر میں انٹرنیٹ اور مالیاتی ڈیٹا کی ترسیل کیلئے نہایت اہم سمجھی جاتی ہیں۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایران چاہتا ہے کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے نیچے بچھائی گئی انٹرنیٹ کیبلز استعمال کرنے والی بڑی عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں فیس ادا کریں۔
ایرانی حکام کے مطابق گوگل، مائیکروسافٹ، میٹا اور ایمیزون جیسی کمپنیوں کو ایرانی قوانین کے مطابق لائسنس فیس دینا ہوگی، جبکہ کیبلز کی مرمت اور دیکھ بھال کے حقوق صرف ایرانی کمپنیوں کو دیے جائیں گے۔
تہران میں قانون سازوں نے گزشتہ ہفتے ایسے منصوبے پر غور کیا جس کے تحت یورپ، ایشیا اور عرب ممالک کو ملانے والی زیرِ سمندر کیبلز کو حکومتی نگرانی میں لایا جا سکے۔
ایرانی فوج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ “ہم انٹرنیٹ کیبلز پر فیس عائد کریں گے۔”
رپورٹ کے مطابق ایران سے وابستہ میڈیا اداروں نے بالواسطہ خبردار بھی کیا ہے کہ اگر کمپنیاں ادائیگی نہ کریں تو ڈیٹا ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے، جس سے عالمی انٹرنیٹ رابطوں اور مالیاتی نظام پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز صرف تیل کی ترسیل کا راستہ نہیں بلکہ عالمی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی اہم ترین شہ رگ بھی بنتی جا رہی ہے۔
تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ ایران ان عالمی کمپنیوں کو ادائیگی پر کیسے مجبور کرے گا، کیونکہ امریکی پابندیوں کے باعث بیشتر امریکی کمپنیاں ایران کے ساتھ مالی لین دین نہیں کر سکتیں۔
سیاسی اور تزویراتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اپنی جغرافیائی حیثیت کو معاشی اور سفارتی دباؤ کے نئے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے خدشات موجود ہیں۔ -

ترکیہ کے شہر مرسین میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک
ترکیہ کے شہر مرسین میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مسلح شخص نے شہر کے مختلف مقامات پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے پہلے ایک ریسٹورنٹ پر فائرنگ کی جہاں ریسٹورنٹ کا مالک اور ایک ملازم موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم فرار ہوتے ہوئے راستے میں ایک چرواہے اور ایک ٹرک ڈرائیور کو بھی گولی مار کر قتل کر دیا۔
فائرنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترک پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے مختلف علاقوں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق شہر کے متعدد داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔
تاحال فائرنگ کے محرکات سامنے نہیں آ سکے جبکہ سکیورٹی ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔ -

پنجاب کے 2 ہزار دیہات کو جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں ماڈل ولیج پروگرام کے تحت دو ہزار دیہات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے جبکہ رابطوں میں بہتری کیلئے شاہراہوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی ترقی دی جا رہی ہے۔
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ورلڈ اربن فورم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہری اور دیہی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” میگا پروجیکٹ کے تحت صفائی کا جامع نظام تشکیل دیا گیا ہے جبکہ لاہور کو شنگھائی تعاون تنظیم کی جانب سے اہم ثقافتی شہر قرار دیا جانا خوش آئند پیش رفت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ پر بھی بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے تاکہ تاریخی اور ثقافتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔
مریم نواز نے آذربائیجان کی قیادت کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر الہام علیئیف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابلِ تحسین ہے اور وہ پاکستان کے عوام کی جانب سے محبت اور خیرسگالی کا پیغام لے کر آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ اربن فورم میں شرکت ان کیلئے خوشی کا باعث ہے جہاں دنیا بھر کے رہنما پائیدار اور جدید شہری ترقی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
فورم کی سائیڈ لائنز پر وزیراعلیٰ پنجاب کی بلغاریہ، کرغزستان، ازبکستان اور جارجیا کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں عوام دوست اور پائیدار ترقی کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔ -

بھارت میں 86 لاکھ مالیت کی ‘وہیل کی قے’ برآمد، 2 افراد گرفتار
بھارتی ریاست گجرات کے علاقے گودھرا میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے مبینہ طور پر “وہیل کی قے” یعنی عنبر برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے عنبر کا وزن تقریباً 860 گرام ہے جبکہ اس کی مالیت 86 لاکھ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ملزمان کو احمد آباد گودھرا ہائی وے کے قریب گرفتار کیا گیا، جہاں ان کی گاڑی سے ٹھوس شکل میں موجود یہ نایاب مادہ برآمد ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں عنبر کی قیمت انتہائی زیادہ ہوتی ہے اور بعض اوقات اس کی قیمت سو کروڑ روپے فی کلوگرام تک پہنچ جاتی ہے۔
برآمد شدہ مادے کو مزید تصدیق کیلئے فارنزک معائنے کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
عنبر، جسے انگریزی میں “Ambergris” کہا جاتا ہے، سپرم وہیل کے نظامِ ہاضمہ سے پیدا ہونے والا ایک نایاب مادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق سپرم وہیل جب آکٹوپس یا دیگر سمندری جاندار کھاتی ہے تو ان کے نوکیلے حصوں سے معدے کو بچانے کیلئے جسم ایک خاص رطوبت پیدا کرتا ہے، جو بعد میں سخت مادے کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔
یہ مادہ دنیا بھر میں مہنگے پرفیومز اور روایتی ادویات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے، خاص طور پر عرب ممالک میں اعلیٰ معیار کی خوشبوؤں جبکہ چین میں بعض روایتی ادویات میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ -

مغربی کنارے کے فلسطینیوں کیلئے سزائے موت کا قانون نافذ
اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات میں خصوصی سزائے موت کا قانون نافذ کر دیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ میجر جنرل ایوی بلوتھ نے قانون کے نفاذ کیلئے ضروری فوجی حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔
نئے قانون کے تحت وہ فلسطینی جو اسرائیلی شہریوں کے قتل کے مقدمات میں مجرم قرار پائیں گے، انہیں سزائے موت دی جائے گی اور عدالت کے پاس متبادل سزا دینے کے اختیارات انتہائی محدود ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق صرف غیر معمولی حالات میں عدالت عمر قید کی سزا سنانے کی مجاز ہوگی۔
یہ قانون مارچ کے آخر میں اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظور کیا گیا تھا، جس کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے فوجی قیادت سے اس کے عملی نفاذ کی درخواست کی تھی۔
قانون میں واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیلی شہریوں یا اسرائیل کے مستقل رہائشیوں پر لاگو نہیں ہوگا بلکہ صرف ان فلسطینیوں پر نافذ ہوگا جن کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہریوں کے مقدمات سویلین عدالتوں میں چلتے ہیں جبکہ فلسطینیوں کیلئے الگ فوجی عدالتی نظام استعمال کیا جاتا ہے۔
انسانی حقوق تنظیموں اور قانونی ماہرین نے اس قانون کو امتیازی قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس فیصلے کے بعد مقبوضہ علاقوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ -

بھارت نے دوبارہ للکارا تو اس کا جغرافیہ بدل دیں گے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے دوبارہ پاکستان کو للکارا تو اس کا جغرافیہ بدل جائے گا اور وہ تاریخ کا حصہ بن سکتا ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام “کیپٹل ٹاک” میں میزبان حامد میر کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پہلے بھی بھرپور جواب مل چکا ہے اور وہ اب تک اس کے اثرات محسوس کر رہا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایران پر امریکا یا اسرائیل کے دوبارہ حملے کا امکان موجود نہیں کیونکہ عالمی سطح پر کئی ممالک جنگ کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری ہیں اور عالمی برادری بھی مزید تصادم سے گریز چاہتی ہے۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے واضح کیا کہ کابینہ میں ابھی تک ایسی کسی ترمیم پر کوئی باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق خواجہ آصف کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں پاکستان، بھارت، ایران اور اسرائیل سے متعلق سفارتی اور سکیورٹی صورتحال مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ -

جنوبی لبنان سے اسرائیل پر راکٹ حملہ، شمالی علاقوں میں دھماکے
عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سرحدی علاقوں میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد شمالی اسرائیل کے علاقے بالائی جلیل میں جنگی سائرن بجنا شروع ہو گئے جبکہ مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ راکٹ حملوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد علاقوں میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے۔
تاحال کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی فوری تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر سکیورٹی صورتحال پہلے ہی انتہائی حساس سمجھی جا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق غزہ جنگ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتے تناؤ کے اثرات اب لبنان اسرائیل سرحد تک مزید پھیلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ -

ایران کا امریکی اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑنے کا دعویٰ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مغربی سرحدی علاقے میں کارروائی کے دوران امریکی اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی ایران کے صوبہ کردستان کے شہر بانہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسلحہ عراقی کردستان سے ایران منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کھیپ کو قبضے میں لے لیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے حمزہ سید الشہداء ہیڈکوارٹر کے مطابق شمالی عراق میں موجود بعض مسلح گروہ امریکا اور اسرائیل کیلئے کام کر رہے ہیں اور ایران کے اندر جدید امریکی اسلحہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایرانی حکام نے دعویٰ کیا کہ قبضے میں لیے گئے اسلحے میں جدید ہتھیار اور بڑی مقدار میں گولہ بارود شامل ہے۔
تاحال امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ایرانی دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ایسے دعوے خطے میں بڑھتے سکیورٹی خدشات کی عکاسی کرتے ہیں۔ -

نیپالی کوہ پیما نے 32 ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے تاریخ رقم کردی
نیپال کے معروف کوہ پیما شیرپا کامی ریٹا نے ایک بار پھر دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
56 سالہ کامی ریٹا نے 32 ویں مرتبہ 8849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک رسائی حاصل کی اور اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جو انہوں نے 2025 میں قائم کیا تھا۔
نیپالی محکمہ سیاحت کے مطابق کامی ریٹا 17 مئی کی صبح ایک کوہ پیماؤں کی ٹیم کے ہمراہ دنیا کی بلند ترین چوٹی پر پہنچے۔
محکمہ سیاحت نے اس تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامی ریٹا دنیا بھر کیلئے عزم، ہمت اور مستقل مزاجی کی علامت بن چکے ہیں۔
کامی ریٹا نے پہلی بار 1994 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا، جس کے بعد وہ تقریباً ہر سال اس چوٹی تک پہنچتے رہے ہیں۔
وہ صرف 2014، 2015 اور 2020 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر نہ کر سکے، کیونکہ مختلف حادثات اور کورونا وبا کے باعث کوہ پیمائی عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس مہم میں 52 سالہ شیرپا خاتون لکھاپا بھی شامل تھیں، جنہوں نے 11 ویں مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا۔
اب تک دنیا بھر سے 8 ہزار سے زائد افراد ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچ چکے ہیں، تاہم کامی ریٹا سب سے زیادہ بار یہ کارنامہ انجام دینے والے کوہ پیما بن گئے ہیں۔
نیپالی شیرپا کوہ پیماؤں کے علاوہ برطانیہ کے Kenton Cool نے سب سے زیادہ 19 بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا ہے۔