Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • ‎اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ قتل کی دھمکیاں، حکام سے کارروائی کا مطالبہ

    ‎اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ قتل کی دھمکیاں، حکام سے کارروائی کا مطالبہ

    ‎پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایک بااثر شخصیت کی جانب سے مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
    ‎اداکارہ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
    ‎مومنہ اقبال کے مطابق انہیں کافی عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی اذیت اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔
    ‎انہوں نے دعویٰ کیا کہ این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود مطلوبہ شخص کے سیاسی اثر و رسوخ کے باعث مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
    ‎اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ قانونی مدد فراہم کرنے کے بجائے انہیں حوصلہ شکنی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ان کے خاندان کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔
    ‎مومنہ اقبال نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ان کے اہل خانہ کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اعلیٰ حکام اختیارات کے ناجائز استعمال اور انصاف میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
    ‎اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مختلف سرکاری اداروں، نیوز چینلز اور میڈیا پورٹلز کو بھی ٹیگ کیا۔
    ‎سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد اداکارہ کے حق میں سامنے آ گئی ہے اور سیاسی شخصیات و حکام سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

  • ایران مذاکرات چاہتا ہے، ڈیموکریٹس رکاوٹ ڈال رہے ہیں: ٹرمپ

    ایران مذاکرات چاہتا ہے، ڈیموکریٹس رکاوٹ ڈال رہے ہیں: ٹرمپ

    ‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران مذاکرات کی میز پر آ چکا ہے اور معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم امریکا میں ڈیموکریٹس اس عمل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
    ‎بال روم کی تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر حملہ کرنے کا فیصلہ صرف ایک گھنٹے کی دوری پر تھا لیکن حالات نے نیا رخ اختیار کر لیا۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس ایران کے ساتھ مذاکرات کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ایران اب معاہدہ کرنے کیلئے آمادہ دکھائی دیتا ہے۔
    ‎ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
    ‎ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے پاس ایٹم بم آ گیا تو سب سے پہلے اسرائیل خطرے میں ہوگا اور پھر پورا مشرق وسطیٰ اور دنیا عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہے۔
    ‎امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ ایران خطے میں تباہی پھیلانا چاہتا ہے لیکن امریکا ایسا نہیں ہونے دے گا۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ ممکن ہے دوبارہ بڑے حملوں کی ضرورت پیش آئے، تاہم انہیں امید ہے کہ صورتحال اس نہج تک نہیں پہنچے گی۔
    ‎ٹرمپ نے مبہم انداز میں کہا کہ ایران پر دوبارہ حملے ہوں گے یا نہیں، اس بارے میں دنیا کو جلد معلوم ہو جائے گا۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کے حالیہ بیانات نے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور ممکنہ فوجی کارروائیوں کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔

  • ‎روسی صدر پیوٹن دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

    ‎روسی صدر پیوٹن دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

    ‎روسی صدر ولادیمیر پیوٹن چین کے دو روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کیا۔
    ‎چینی وزارت خارجہ کے مطابق صدر پیوٹن چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین پہنچے ہیں اور اس دورے کے دوران دونوں رہنما اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
    ‎ترجمان کریملن کے مطابق روسی صدر کل اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے باضابطہ ملاقات کریں گے۔
    ‎مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، توانائی کے شعبے میں تعاون، تجارتی روابط اور نئے اقتصادی معاہدوں پر بات چیت متوقع ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق روس اور چین کے درمیان 240 ارب ڈالر کی تجارت اب روبل اور یوآن میں کی جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک مغربی پابندیوں کے اثرات سے کسی حد تک محفوظ ہو گئے ہیں۔
    ‎کریملن کے ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں گیس پائپ لائن منصوبے سمیت توانائی کے نئے معاہدے بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
    ‎چین اس وقت روسی تیل کا دنیا میں سب سے بڑا خریدار ہے جبکہ دونوں ممالک حالیہ برسوں میں اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق پیوٹن کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی سیاست میں نئے اتحاد اور اقتصادی بلاکس تیزی سے ابھر رہے ہیں۔

  • پنجاب میں 3 ماہ کی گرمیوں کی چھٹیوں کے خلاف درخواست، حکومت کو نوٹس جاری

    پنجاب میں 3 ماہ کی گرمیوں کی چھٹیوں کے خلاف درخواست، حکومت کو نوٹس جاری

    ‎لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں اسکولوں کیلئے تین ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت اور متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
    ‎آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پر جسٹس خالد اسحاق نے سماعت کی۔
    ‎عدالت نے فوری طور پر طویل تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
    ‎درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ 90 دن کی طویل تعطیلات سے بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہوگی اور تعلیمی نقصان میں مزید اضافہ ہوگا۔
    ‎ایسوسی ایشن کے چیئرمین کاشف مرزا نے سوال اٹھایا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں صرف دو ماہ کی چھٹیاں دی گئی ہیں تو پنجاب میں تین ماہ کی تعطیلات کیوں دی جا رہی ہیں۔
    ‎انہوں نے دیگر نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بچوں کو تعلیم سے دور کرنے کے مترادف ہے۔
    ‎کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، مگر مختلف وجوہات کے نام پر مسلسل تعلیمی سرگرمیاں متاثر کی جا رہی ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران سموگ، ڈینگی، ایندھن بچاؤ اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر تقریباً 173 دن اسکول بند رہے جبکہ اب مزید 90 دن کی تعطیلات سے طلبہ کا بنیادی حق متاثر ہوگا۔
    ‎درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ اگر حکومت سمر کیمپ کی اجازت دے سکتی ہے تو باقاعدہ تعلیمی سیشن جاری رکھنے میں کیا رکاوٹ ہے۔

  • سان ڈیاگو مسجد حملہ، برطانوی وزیراعظم کی مذمت، مسلمانوں کے تحفظ پر تشویش

    سان ڈیاگو مسجد حملہ، برطانوی وزیراعظم کی مذمت، مسلمانوں کے تحفظ پر تشویش

    ‎برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے امریکا کے شہر سان ڈیاگو میں مسجد پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔
    ‎اپنے بیان میں کیئر اسٹارمر نے کہا کہ سان ڈیاگو میں مسجد پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے اور ان کی ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد برطانوی مسلمان بھی تشویش میں مبتلا ہوں گے کیونکہ ایسے حملے مسلمانوں کو عبادت کیلئے مسجد جاتے وقت بھی عدم تحفظ کا احساس دلاتے ہیں۔
    ‎برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ تشدد اور نفرت پر مبنی ایسے واقعات اچانک جنم نہیں لیتے بلکہ اسلام مخالف رویوں، تقسیم اور نفرت انگیز بیانیے کو معمول بنانے سے ایسے سانحات سامنے آتے ہیں۔
    ‎کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال ناقابل برداشت ہے اور معاشرے کو متحد ہو کر نفرت اور انتہاپسندی کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔
    ‎دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سان ڈیاگو اسلامک سینٹر پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایسا معاہدہ چاہتا ہے جس کے تحت ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

  • اماراتی فضائی دفاعی نظام نے 48 گھنٹوں میں 6 ڈرونز تباہ کردیے

    اماراتی فضائی دفاعی نظام نے 48 گھنٹوں میں 6 ڈرونز تباہ کردیے

    ‎متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ملکی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 6 ڈرونز کو تباہ کر دیا۔
    ‎وزارت دفاع کے جاری بیان کے مطابق یہ ڈرونز سویلین آبادی اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
    ‎بیان میں کہا گیا کہ اتوار کے روز جوہری توانائی پلانٹ پر ہونے والے حملے میں استعمال ہونے والے ڈرونز عراق کی سمت سے آئے تھے۔
    ‎اماراتی حکام کے مطابق تکنیکی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ حملہ مجموعی طور پر 3 ڈرونز کے ذریعے کیا گیا۔
    ‎وزارت دفاع نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے دو ڈرونز کو کامیابی سے فضا میں تباہ کر دیا جبکہ تیسرا ڈرون جوہری توانائی پلانٹ کے جنریٹر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔
    ‎حکام کے مطابق واقعے کے بعد صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول کر لیا گیا اور ریڈیولوجیکل سیفٹی سطح مکمل طور پر محفوظ رہی۔
    ‎اماراتی وزارت دفاع نے واضح کیا کہ ملک کے دفاعی نظام ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور حساس تنصیبات کی حفاظت یقینی بنائی جا رہی ہے۔
    ‎اس واقعے کے بعد خطے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں جبکہ مختلف ممالک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

  • ایران نے آبنائے ہرمز کیلئے نئی اتھارٹی قائم کر دی

    ایران نے آبنائے ہرمز کیلئے نئی اتھارٹی قائم کر دی

    ‎ایران نے آبنائے ہرمز پر انتظامی اختیار اور بحری ٹریفک کی نگرانی کیلئے “پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی” کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق نئی اتھارٹی کا باضابطہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی لانچ کر دیا گیا ہے جبکہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اس اہم پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔
    ‎ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کا انتظام سنبھالنے کے بعد اس آبی راستے سے گزرنے والی تمام فائبر آپٹک کیبلز ایران کی نگرانی، اجازت ناموں اور ٹول فیس کے دائرہ اختیار میں آئیں گی۔
    ‎خبر ایجنسیوں کے مطابق آبنائے ہرمز کے نیچے بچھا زیرِ سمندر مواصلاتی نیٹ ورک عالمی مالیاتی نظام کیلئے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔
    ‎رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے روزانہ 10 ٹریلین ڈالر سے زائد مالیت کے عالمی مالیاتی لین دین کا ڈیٹا منتقل ہوتا ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ اقدام نہ صرف خطے میں اس کی تزویراتی اہمیت کو مزید بڑھا سکتا ہے بلکہ عالمی تجارت، انٹرنیٹ انفراسٹرکچر اور توانائی سپلائی کے حوالے سے بھی نئی بحث چھیڑ سکتا ہے۔
    ‎آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل تجارت کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔

  • کانگو میں ایبولا سے اموات 131 تک پہنچ گئیں، امریکا کی سخت سفری وارننگ

    کانگو میں ایبولا سے اموات 131 تک پہنچ گئیں، امریکا کی سخت سفری وارننگ

    ‎افریقی ملک کانگو میں ایبولا وائرس سے صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے جہاں اموات کی تعداد 131 تک پہنچ گئی ہے جبکہ سینکڑوں مشتبہ کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے صورتحال کے پیش نظر کانگو کیلئے سب سے سخت سطح چار کی سفری وارننگ جاری کر دی ہے اور اپنے شہریوں کو فوری طور پر کانگو کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
    ‎رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک امریکی ڈاکٹر سمیت چھ امریکی شہریوں میں بھی ایبولا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
    ‎عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس مرتبہ پھیلنے والے وائرس سے نمٹنا زیادہ مشکل ثابت ہو رہا ہے کیونکہ اس کے تدارک کیلئے مؤثر ویکسین دستیاب نہیں۔
    ‎ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وائرس مزید افریقی ممالک تک پھیل سکتا ہے۔
    ‎دوسری جانب پڑوسی ملک یوگنڈا نے بھی ایبولا کیسز میں اضافے کے بعد بعض اضلاع میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
    ‎طبی حکام کے مطابق ایبولا ایک انتہائی خطرناک وائرس ہے جو جسمانی رطوبتوں کے ذریعے تیزی سے ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتا ہے۔
    ‎عالمی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ مختلف ممالک نے ہنگامی طبی اقدامات اور نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔

  • بجلی صارفین کیلئے 63 ارب روپے سے زائد ریلیف کا امکان

    بجلی صارفین کیلئے 63 ارب روپے سے زائد ریلیف کا امکان

    ‎ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، نیپرا میں ہونے والی سماعت کے بعد صارفین کو مجموعی طور پر 63 ارب 94 کروڑ روپے ریلیف ملنے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    ‎تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جنوری سے مارچ تک کی ایڈجسٹمنٹ درخواستوں پر سماعت مکمل کر لی ہے۔
    ‎سماعت کے دوران ڈسکوز، پیسکو اور میپکو حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف مدوں میں اخراجات کم ہونے کے باعث بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دینا ممکن ہوا ہے۔
    ‎حکام کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران کپیسٹی چارجز میں 36 ارب 83 کروڑ 70 لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ یوز آف سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشن فیس میں بھی 11 ارب 24 کروڑ روپے کمی آئی۔
    ‎اسی طرح انکریمنٹل یونٹس کی مد میں 23 ارب 51 کروڑ روپے کمی کی درخواست بھی دی گئی ہے۔
    ‎میپکو نے اپنی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 6 اعشاریہ 3 ارب روپے کمی کی درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ انڈسٹری کو بجلی کی فروخت میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
    ‎پیسکو نے بھی 8 اعشاریہ 6 ارب روپے کمی کی درخواست دی جس میں کپیسٹی پیمنٹ اور سسٹم چارجز میں نمایاں کمی شامل ہے۔
    ‎سماعت کے دوران بجلی کی قیمت میں ایک روپے 93 پیسے فی یونٹ تک کمی کے امکان پر صارفین اور صنعتکاروں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
    ‎صنعتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر توانائی مہنگی ہونے کے باوجود پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں کمی خوش آئند پیش رفت ہے۔
    ‎نیپرا سماعت میں یہ معاملہ بھی زیر بحث آیا کہ ملک میں اس وقت 45 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ ضرورت کے مطابق صرف 25 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
    ‎صارفین نے سوال اٹھایا کہ اضافی پیداواری صلاحیت موجود ہونے کے باوجود نئے پاور پلانٹس کیوں لگائے جا رہے ہیں جبکہ موجودہ نظام کو بہتر بنا کر بجلی مزید سستی کی جا سکتی ہے۔

  • ایران کی 14 نکاتی نئی امن تجاویز، جوہری پروگرام منجمد کرنے پر آمادگی

    ایران کی 14 نکاتی نئی امن تجاویز، جوہری پروگرام منجمد کرنے پر آمادگی

    ‎العربیہ نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کیلئے 14 نکاتی نئی امن تجاویز تیار کر لی ہیں اور یہ تجاویز پاکستانی ثالثوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق ایران نے اپنے سخت مؤقف میں اہم نرمی دکھاتے ہوئے طویل مدت کیلئے اپنے جوہری پروگرام کو منجمد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
    ‎العربیہ نیوز اور ایرانی میڈیا کے مطابق ایران جوہری پروگرام مکمل ختم کرنے کے بجائے اسے عارضی طور پر روکنے پر راضی ہوا ہے۔
    ‎تجاویز میں یہ بھی شامل ہے کہ ایران اپنے افزودہ یورینیم کے ذخائر امریکا کے بجائے روس منتقل کرنے کیلئے تیار ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ایران نے جنگی نقصانات کے معاوضے کے مطالبے سے بھی پیچھے ہٹتے ہوئے اپنی توجہ اقتصادی مراعات اور پابندیوں میں نرمی پر مرکوز کر دی ہے۔
    ‎نئی تجاویز میں آبنائے ہرمز سے متعلق خصوصی فریم ورک بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے اور عالمی تجارت و تیل کی سپلائی محفوظ رہ سکے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق امریکا نے بھی ان تجاویز پر مثبت اشارے دیے ہیں اور ایرانی تیل کی فروخت پر عائد پابندیاں نرم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
    ‎مجوزہ فریم ورک کے تحت مذاکرات جاری رہنے تک امریکا ایرانی تیل پر عائد بعض پابندیوں سے عارضی دستبرداری اختیار کر سکتا ہے تاکہ ایرانی معیشت کو ریلیف مل سکے۔
    ‎ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان تجاویز کا مقصد عالمی اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، خطے میں تناؤ کم کرنا اور ایک پائیدار معاہدے تک پہنچنا ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ پیش رفت کامیاب رہی تو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔