Baaghi TV

نیپالی کوہ پیما نے 32 ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے تاریخ رقم کردی

‎نیپال کے معروف کوہ پیما شیرپا کامی ریٹا نے ایک بار پھر دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
‎56 سالہ کامی ریٹا نے 32 ویں مرتبہ 8849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک رسائی حاصل کی اور اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جو انہوں نے 2025 میں قائم کیا تھا۔
‎نیپالی محکمہ سیاحت کے مطابق کامی ریٹا 17 مئی کی صبح ایک کوہ پیماؤں کی ٹیم کے ہمراہ دنیا کی بلند ترین چوٹی پر پہنچے۔
‎محکمہ سیاحت نے اس تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامی ریٹا دنیا بھر کیلئے عزم، ہمت اور مستقل مزاجی کی علامت بن چکے ہیں۔
‎کامی ریٹا نے پہلی بار 1994 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا، جس کے بعد وہ تقریباً ہر سال اس چوٹی تک پہنچتے رہے ہیں۔
‎وہ صرف 2014، 2015 اور 2020 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر نہ کر سکے، کیونکہ مختلف حادثات اور کورونا وبا کے باعث کوہ پیمائی عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی۔
‎رپورٹ کے مطابق اس مہم میں 52 سالہ شیرپا خاتون لکھاپا بھی شامل تھیں، جنہوں نے 11 ویں مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا۔
‎اب تک دنیا بھر سے 8 ہزار سے زائد افراد ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچ چکے ہیں، تاہم کامی ریٹا سب سے زیادہ بار یہ کارنامہ انجام دینے والے کوہ پیما بن گئے ہیں۔
‎نیپالی شیرپا کوہ پیماؤں کے علاوہ برطانیہ کے Kenton Cool نے سب سے زیادہ 19 بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا ہے۔

More posts