Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • ‎پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔

    ‎پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔

    ‎وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بتایا کہ صوبے بھر میں اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے اب 19 جنوری سے دوبارہ کھولے جائیں گے، جبکہ سردیوں کی چھٹیاں 18 جنوری تک برقرار رہیں گی۔
    ‎وزیر تعلیم کے مطابق سرد موسم اور طلبہ و اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے چھٹیوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ متعلقہ محکموں اور ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں محفوظ ماحول میں بحال کی جاسکیں۔
    ‎محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ نئی تاریخ کے مطابق تعلیمی شیڈول ترتیب دیں۔

  • ‎سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر دوران میچ انتقال کر گئے

    ‎سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر دوران میچ انتقال کر گئے

    ‎
بھارت کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر 38 سالہ Khawlhring Lalremruata دوران میچ اچانک گرنے کے بعد انتقال کر گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ خالد میموریل سیکنڈ ڈویژن اسکریننگ ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا، جہاں بھارتی ریاست میزورمسے تعلق رکھنے والے کرکٹر اچانک زمین پر گر گئے۔
    ‎بھارتی میڈیا کے مطابق، انہیں فوری طبی امداد دی گئی اور اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
انتقال کی خبر کے بعد اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے احتراماً تمام طے شدہ میچز منسوخ کر دیے۔
    ‎واضح رہے کہ Khawlhring نے میزورم کی جانب سے 2 فرسٹ کلاس میچز اور 7 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ پروفیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد بھی وہ مقامی کرکٹ میں سرگرم رہے۔

  • ‎
وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ، نجی اداروں کے ملازمین کے لیے اولڈ ایج پنشن لازمی

    ‎
وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ، نجی اداروں کے ملازمین کے لیے اولڈ ایج پنشن لازمی

    
وفاقی آئینی عدالت نے نجی اداروں کے ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے تمام درخواست گزاروں کو ماہانہ اولڈ ایج پنشن دینے کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالت نے ای او بی آئی کی جانب سے دائر تمام اپیلیں خارج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے 2024 اور 2025 کے فیصلے برقرار رکھے۔
    فیصلے کے مطابق وہ ملازمین جنہوں نے 15 سال سے کم مگر ساڑھے 14 سال سروس مکمل کی ہے، وہ بھی اولڈ ایج پنشن کے حقدار ہوں گے۔ عدالت نے واضح کیا کہ سروس کے 6 ماہ یا اس سے زائد عرصے کو پورا ایک سال تصور کیا جائے گا اور پنشن کے معاملے میں راؤنڈنگ آف کا اصول لاگو ہوگا۔
    ‎آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے یہ فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے کہا کہ 2022 کا ای او بی آئی سرکلر پنشن کے حق کو متاثر نہیں کر سکتا اور ساڑھے 14 سال سے زائد سروس مکمل کرنے والے ملازمین کو 15 سال مکمل سروس کے برابر تصور کیا جائے گا۔

  • 
ملالہ یوسفزئی کا جنگ زدہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 3 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

    
ملالہ یوسفزئی کا جنگ زدہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 3 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

    
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے غزہ، سوڈان اور جمہوریہ کانگو میں تنازعات سے متاثرہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 3 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس امدادی رقم میں سے ایک لاکھ ڈالر غزہ، ایک لاکھ ڈالر سوڈان اور ایک لاکھ ڈالر جمہوریہ کانگو کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جہاں جاری تنازعات کے باعث لاکھوں لڑکیاں تعلیم سے محروم ہو چکی ہیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے ان علاقوں میں شدید حالات کا سامنا کرنے والی لڑکیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم بحران کے شکار معاشروں کے لیے امید اور مستقبل کی واحد ضمانت ہے۔
    ‎ملالہ نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ لڑکیوں کے تعلیم کے حق کا تحفظ یقینی بنائیں، جبکہ عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ جنگی جرائم کے مرتکب عناصر کو بین الاقوامی قوانین کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی حمایت کریں۔

  • ‎
کویت میں منشیات اسمگلنگ پر دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت

    ‎
کویت میں منشیات اسمگلنگ پر دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت

    
کویت میں منشیات اسمگلنگ کے سنگین مقدمے میں دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق کویت کی فوجداری عدالت نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے اور بین الاقوامی نیٹ ورک سے روابط ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سنایا۔
    رپورٹس کے مطابق ملزمان کو کیفان اور شوویخ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں تلاشی کے دوران 14 کلوگرام ہیروئن، 8 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین اور دو الیکٹرانک وزن تولنے والی مشینیں برآمد ہوئیں۔ استغاثہ نے عدالت میں شواہد پیش کیے جن سے ثابت ہوا کہ دونوں افراد ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھے جو کویت سے باہر سے آپریٹ کر رہا تھا۔
    ‎کویت کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ خفیہ معلومات، مسلسل نگرانی اور منظم تفتیش کے بعد ملزمان تک پہنچا گیا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان کو سزائے موت سنانے کا حکم جاری کیا۔

  • ‎تحقیق: ٹیٹو کی سیاہی انسانی مدافعتی نظام پر اثر انداز ہو سکتی ہے

    ‎تحقیق: ٹیٹو کی سیاہی انسانی مدافعتی نظام پر اثر انداز ہو سکتی ہے

    حالیہ سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹیٹو بنانے کے لیے استعمال ہونے والی سیاہی انسانی مدافعتی نظام کو متاثر کر سکتی ہے۔
    جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق مدافعتی خلیات ٹیٹو کی سیاہی کے ذرات کو پہچان لیتے ہیں اور انہیں لمف نوڈز تک منتقل کر دیتے ہیں، جہاں یہ وقت کے ساتھ جمع ہو کر سوزش کا باعث بنتے ہیں۔
    تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ ٹیٹو کی سیاہی ویکسین کے اثرات پر بھی اثر ڈال سکتی ہے، نتائج کے مطابق ٹیٹو رکھنے والے افراد میں کووِڈ 19 ویکسین کا اثر کچھ حد تک کم ہو سکتا ہے جبکہ غیر فعال فلو ویکسین کے لیے مدافعتی ردعمل بہتر دیکھا گیا ہے۔
    ‎یونیورسٹی آف ویسٹرن اونٹاریو کی کیمسٹ یولانڈا ہیڈبرگ کے مطابق جدید دور میں استعمال ہونے والی ٹیٹو سیاہیاں ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ ہیں۔

    ‎انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آج کل زیادہ تر ٹیٹو سیاہی مصنوعی رنگوں (Synthetic Pigments) پر مشتمل ہوتی ہے، جس میں ایزو ڈائیز شامل ہیں، ان رنگوں کو حفاظتی خول میں بند کیا جاتا ہے تاکہ وہ جلد میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہوں۔
    ‎تاہم، ماہرین کے مطابق خطرات اب بھی موجود ہیں، سب سے عام مسئلہ الرجک ردِعمل ہے اور ایک بار اگر الرجی پیدا ہو جائے تو ٹیٹو کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
    ‎تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ لیزر کے ذریعے ٹیٹو ختم کرنے سے رنگ کے ذرات جسم میں مزید پھیل سکتے ہیں۔
    ‎مزید برآں، حالیہ طویل المدتی مطالعات سے پتا چلا ہے کہ ٹیٹو رکھنے والے افراد میں لمفوما اور جلد کے کینسر کا خطرہ معمولی حد تک بڑھ جاتا ہے، اگرچہ یہ خطرہ زیادہ نہیں، لیکن ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ ٹیٹوز صحت پر معمولی مگر قابلِ پیمائش اثرات ضرور ڈالتے ہیں۔

  • ‎چیٹ جی پی ٹی صحت سے متعلق سوالات کا بڑا ذریعہ بن گیا، روزانہ 4 کروڑ افراد رجوع کرنے لگے

    ‎چیٹ جی پی ٹی صحت سے متعلق سوالات کا بڑا ذریعہ بن گیا، روزانہ 4 کروڑ افراد رجوع کرنے لگے

    
اوپن اے آئی کے مقبول آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو دنیا بھر میں روزانہ کروڑوں افراد استعمال کر رہے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روزانہ تقریباً 4 کروڑ صارفین صحت سے متعلق سوالات کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لیتے ہیں۔
    رپورٹ کے مطابق صارفین چیٹ جی پی ٹی سے بیماریوں کی علامات، ادویات، علاج کے طریقوں اور دیگر طبی معلومات کے بارے میں سوالات کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سے کیے جانے والے مجموعی سوالات میں 5 فیصد سے زائد کا تعلق صحت کے شعبے سے ہوتا ہے۔
    ‎اعداد و شمار کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کے مجموعی 80 کروڑ صارفین میں سے تقریباً 20 کروڑ افراد ہر ہفتے کم از کم ایک بار صحت سے متعلق کوئی نہ کوئی سوال ضرور پوچھتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر صارفین سر درد کی نوعیت، کسی پیچیدہ تشخیص کے مفہوم یا نئی ادویات کے ممکنہ اثرات، جیسے تھکن، کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
    ‎رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 55 فیصد صارفین علامات کو سمجھنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا سہارا لیتے ہیں، 52 فیصد صحت سے متعلق عمومی سوالات پوچھتے ہیں، جبکہ 48 فیصد طبی اصطلاحات یا ہدایات کو سمجھنے کے لیے اس اے آئی ٹول کو استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح 44 فیصد افراد علاج کے مختلف آپشنز کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔
    ‎اوپن اے آئی کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی خاص طور پر ان افراد کے لیے مددگار ثابت ہو رہی ہے جنہیں فوری طور پر ڈاکٹر یا طبی سہولیات تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔

  • سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس جگر کے کینسر میں مبتلا

    سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس جگر کے کینسر میں مبتلا

    سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان کرکٹ کے سینئر رکن محمد الیاس جگر کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کی جلد مقامی اسپتال میں سرجری متوقع ہے، جبکہ محمد الیاس نے اپنی صحت یابی اور کامیاب آپریشن کے لیے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
    واضح رہے کہ 79 سالہ محمد الیاس نے پاکستان کی جانب سے 10 ٹیسٹ میچز کھیلے، جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ 82 میچز میں قومی رنگوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ کھیل کے بعد بھی انہوں نے کرکٹ سے وابستگی برقرار رکھی اور پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف سلیکٹر کے فرائض انجام دیے۔
    محمد الیاس قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہنے کے علاوہ جونیئر سلیکشن کمیٹی اور ویمن کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

  • مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ،ملک میں دوبارہ گندم کا بحران

    مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ،ملک میں دوبارہ گندم کا بحران

    
ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ حیدرآباد میں آٹے کی قیمت میں 10 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا ہے، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2400 روپے سے بڑھ کر 2600 روپے تک جا پہنچا ہے۔
    ‎چکی مالکان کے مطابق 100 کلو گندم کی بوری کی قیمت میں 1300 سے 1500 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ ادھر پشاور میں بھی ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔
    ‎فلار ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری گندم کے اجرا میں تاخیر کے باعث پنجاب میں آٹے کی قلت برقرار ہے، جبکہ جنوبی اور وسطی پنجاب میں صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی دستیابی بھی متاثر ہے اور مہنگی گندم کے باعث کئی فلار ملز نے پسائی روک دی ہے۔
    ‎فلار ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا کے مطابق 4600 روپے فی من گندم خرید کر سستا آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ جتنی گندم فراہم کر رہا ہے، اتنا ہی آٹا مارکیٹ میں بھیجا جا رہا ہے۔ گندم کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹا مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال گندم کا اجرا نمایاں طور پر کم رہا ہے۔
    ‎دوسری جانب محکمہ خوراک کے ترجمان نے آٹے کی قلت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم موجود ہے اور پنجاب بھر میں آٹے کا ایک ہی سرکاری ریٹ مقرر ہے۔ ترجمان کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے اور 20 کلو تھیلے کی قیمت 1810 روپے ہے، اور حکومت آٹے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دے گی۔

  • عثمان خواجہ کے کیرئیر کا شاندار اختتام، آخری ٹیسٹ اننگز کے بعد سجدۂ شکر

    عثمان خواجہ کے کیرئیر کا شاندار اختتام، آخری ٹیسٹ اننگز کے بعد سجدۂ شکر

    
آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ کے دوران ایک یادگار لمحہ رقم کر دیا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے آخری دن، عثمان خواجہ اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں سجدۂ شکر بجا لائے۔
    ‎چند روز قبل عثمان خواجہ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد یہ میچ ان کے شاندار ٹیسٹ کیریئر کا آخری باب ثابت ہوا۔ 39 سالہ عثمان خواجہ نے سڈنی میں اپنا 88 واں اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔
    ‎دلچسپ امر یہ ہے کہ آج سے تقریباً 15 برس قبل عثمان خواجہ نے اسی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف ہی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، اور اب اسی میدان پر انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہا۔ ان کا یہ اختتام مداحوں کے لیے جذباتی اور یادگار لمحہ بن گیا۔