پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم کی ہلاکت کے بعد ایک بار پھر پولیس مقابلوں کے طریقہ کار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں ہلاک ہونے والا نعمان قیصر تھا جس پر سائیکلیں بنانے والی کمپنی سہراب سائیکل کے مالک کے بیٹے معاذ کے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم حال ہی میں سپین سے واپس پاکستان آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ جب پولیس نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہوا اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی ملزم کی ہلاکت مبینہ پولیس مقابلے میں ہوئی ہو۔ ماضی میں بھی ایسے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں جن پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اور تحقیقات کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

رحیم یار خان میں مبینہ پولیس مقابلہ، معاذ قتل کیس کا ملزم نعمان قیصر ہلاک
-

اٹلی کا ایران کے خلاف جنگ میں شامل نہ ہونے کا اعلان
اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے واضح کیا ہے کہ اٹلی مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کا حصہ نہیں ہے اور ایران کے خلاف کسی فوجی کارروائی میں شامل نہیں ہوگا۔
اٹلی کی سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے جارجیا میلونی نے کہا کہ اٹلی اس تنازع میں شامل نہیں اور نہ ہی ایران کے خلاف کسی جنگ میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال نہایت پیچیدہ ہے اور اس کا حل جنگ کے بجائے سفارتی کوششوں کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اٹلی خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں چاہتا اور اس کی ترجیح امن اور استحکام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے قومی مفادات اور شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دے گی۔ -

ایران کو ثالثی کے لیے حملے روکنا ہوں گے، یو اے ای کا مؤقف
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اگر ایران خطے میں ثالثی کے عمل کو ممکن بنانا چاہتا ہے تو اسے پہلے پڑوسی ممالک پر حملے بند کرنا ہوں گے۔
یو اے ای کی اعلیٰ اہلکار لانا نسیبہ نے کہا کہ موجودہ جنگ کا خاتمہ بالآخر مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہوگا، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ کشیدگی کم ہو اور حملے رک جائیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے کئی ممالک اس بات پر حیران ہیں کہ ایران نے اپنے پڑوسی ممالک کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق جب حملے جاری ہوں تو اس وقت ثالثی کے بارے میں بات کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔
لانا نسیبہ نے مزید کہا کہ کسی بھی سفارتی پیش رفت کے لیے مناسب ماحول درکار ہوتا ہے اور ثالثی اسی وقت ممکن ہے جب بندوقیں خاموش ہوں۔
اس سے قبل یو اے ای کی وزارت دفاع نے بتایا تھا کہ ایران نے مجموعی طور پر 16 بیلسٹک میزائل داغے جن میں سے ایک سمندر میں جا گرا جبکہ باقی کو دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔
وزارت دفاع کے مطابق ایرانی حملوں کے دوران 121 ڈرونز کا سراغ لگایا گیا جن میں سے 119 کو مار گرایا گیا جبکہ دو ڈرونز یو اے ای کی حدود میں گرے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 221 بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے جن میں سے 205 کو تباہ کر دیا گیا جبکہ صرف دو میزائل زمین پر گرے۔ -

مارگلہ ہلز میں ایک اور ڈرون مار گرایا گیا، اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال
اسلام آباد کے مارگلہ ہلز کے علاقے میں فضائی دفاعی نظام نے ایک اور مشتبہ ڈرون کو مار گرایا جس کے بعد دارالحکومت میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے۔
حکام کے مطابق ڈرون کو فضا میں ہی نشانہ بنایا گیا اور اس کا ملبہ مارگلہ کی پہاڑیوں کے جنگلاتی علاقے میں گر گیا۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان یا انفراسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا۔
اس واقعے کے بعد احتیاطی طور پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کچھ وقت کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ تاہم سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اب پروازوں کا سلسلہ دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے اور ملکی و غیر ملکی فلائٹس معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے مارگلہ ہلز کے اطراف اہم مقامات پر تعینات ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے نگرانی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مکمل سیکیورٹی جائزے کے بعد مقامی فضائی حدود کو تجارتی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ -

ایرانی اجازت کے بعد ترک جہاز آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب
ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر اورال اوغلو نے اعلان کیا ہے کہ ترک ملکیت کا ایک بحری جہاز ایرانی حکام کی خصوصی اجازت کے بعد آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
ترک وزیر کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب ترکیہ کے 15 بحری جہاز موجود تھے جو خطے میں کشیدگی کے باعث انتظار کر رہے تھے۔ اس صورتحال کے بعد انقرہ اور تہران کے درمیان اعلیٰ سطح پر سفارتی رابطے کیے گئے۔
عبدالقادر اورال اوغلو نے بتایا کہ مذاکرات کے نتیجے میں ایران نے ایک جہاز کو گزرنے کی خصوصی اجازت دی۔ وزارت کے مطابق اس جہاز کا نام “روزانہ” ہے جس نے پہلے ایک ایرانی بندرگاہ استعمال کی تھی اور اب وہ کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کر چکا ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق اس علاقے میں موجود ترک جہازوں پر مجموعی طور پر 171 عملہ سوار ہے اور باقی جہازوں کے محفوظ گزرنے یا واپسی کے لیے تہران کے ساتھ سفارتی رابطے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے ردعمل میں ایران نے تزویراتی اہمیت کے حامل سمندری راستے آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے جس کے باعث عالمی تجارتی جہازوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔ -

اقوام متحدہ کے سربراہ کا اسرائیل اور حزب اللہ سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور حزب اللہ سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب مسلح گروہوں کے بجائے مضبوط ریاستی نظام کا وقت ہے۔
بیروت کے دورے کے آغاز پر صدارتی محل میں گفتگو کرتے ہوئے گوتریس نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے فوری طور پر جنگ بندی ضروری ہے تاکہ لبنان میں استحکام قائم ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور اسرائیل دونوں کو جنگ بند کر کے لبنان کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر کام کرنے کا موقع دینا چاہیے جہاں طاقت کے استعمال کا اختیار صرف ریاستی اداروں کے پاس ہو۔
انتونیو گوتریس نے ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب مسلح گروہوں کا دور ختم ہونا چاہیے اور مضبوط ریاستی اداروں کے قیام کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔ -

بنگلادیش کے خلاف میچ میں حسین طلعت زخمی، اسپتال منتقل
پاکستان کے آل راؤنڈر حسین طلعت بنگلادیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بنگلادیش کی اننگز کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے حسین طلعت کندھے کی انجری کا شکار ہوئے۔ طبی عملے نے فوری طور پر میدان میں آ کر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس کے بعد انہیں اسٹریچر کے ذریعے میدان سے باہر لے جایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کے میڈیکل اسٹاف نے ابتدائی معائنہ کیا تاہم مزید تفصیلی جانچ کے لیے کھلاڑی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مکمل طبی معائنے کے بعد ہی انجری کی نوعیت اور شدت کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.3 اوورز میں 274 رنز بنائے اور بنگلادیش کو جیت کے لیے 275 رنز کا ہدف دیا۔ نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے 46 گیندوں پر 75 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
سلمان علی آغا 64 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صاحبزادہ فرحان نے 31 رنز بنائے جبکہ شامل حسین 6، حسین طلعت 9 اور عبدالصمد 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن نے 2 اور مستفیض الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ -

پیٹرول ڈیلرز کا 27 مارچ سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان
پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ 27 مارچ سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے جائیں گے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیلرز عالمی سطح پر تیل کی قلت اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث اپنے منافع کے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم اس معاملے پر حکومت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے پیٹرول کی قیمت میں ریکارڈ 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ اطلاعات ہیں کہ حکومت آج ہونے والے ہفتہ وار جائزے میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے پر غور کر رہی ہے۔
پیٹرول ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے جس سے ایندھن کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔ -

امریکا کا ایران پر شدید حملوں کا اعلان، آج جنگ کا سب سے سخت دن ہوگا
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ ایران کے فضائی دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے اور جنگ کے دوران مزید سخت حملے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اپنی کارروائیاں روکنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور آج ایران پر حملوں کا سب سے سخت دن ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی حکومت کے اہم رہنما زیر زمین پناہ گاہوں میں چلے گئے ہیں۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی صورتحال پر دنیا کو زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور امریکا وہاں حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
اس موقع پر امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ ایران پر فوجی کارروائیوں کو آج چودہ دن مکمل ہو گئے ہیں اور آج کے حملے شدت کے اعتبار سے اب تک کے سب سے بڑے حملے ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایرانی بحریہ کو بڑی حد تک غیر فعال کر دیا گیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب بھی اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ خطے میں موجود اتحادی افواج اور تجارتی جہازوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ -

اسلام آباد کے قریب دو ڈرون مار گرائے گئے، ائیرپورٹ عارضی طور پر پروازوں کے لیے بند
پاکستانی حکام کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم کے قریب فیصل آباد روڈ کے علاقے میں پرواز کرنے والے دو مشتبہ ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا ہے۔
سینئر پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز دارالحکومت کے فضائی حدود کے قریب منڈلا رہے تھے جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کے بعد احتیاطی اقدامات کے طور پر اسلام آباد کی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے تمام آپریشنز بھی وقتی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق تمام پروازوں کو روک دیا گیا ہے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور فضائی حدود کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔