Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • 
سعودی عرب میں مزید 9 ڈرونز تباہ، دو گھنٹوں میں تعداد 20 ہوگئی

    
سعودی عرب میں مزید 9 ڈرونز تباہ، دو گھنٹوں میں تعداد 20 ہوگئی

    
ریاض سے موصول اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت دفاع نے مزید 9 ڈرونز مار گرانے کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد صرف دو گھنٹوں کے دوران تباہ کیے گئے ڈرونز کی مجموعی تعداد 20 ہو گئی ہے۔
    سعودی حکام کے مطابق یہ ڈرونز ملک کے مختلف حساس علاقوں کی جانب بڑھ رہے تھے جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکارہ بنایا گیا۔ سکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور دفاعی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
    ‎دوسری جانب بحرین میں بھی خطرے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں ایئر ریڈ سائرن بجائے گئے ہیں جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
    ‎خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ فضائی نگرانی کا نظام بھی مزید فعال کر دیا گیا ہے۔

  • ایران ہمارے ساتھ ڈیل کرنا چاہتا ہے اور ہم بھی چاہتے ہیں۔ٹرمپ

    ایران ہمارے ساتھ ڈیل کرنا چاہتا ہے اور ہم بھی چاہتے ہیں۔ٹرمپ

    
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اس بات پر رضامند ہو گیا ہے کہ وہ کبھی بھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
    ‎اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور مارکو روبیو ایران کے معاملے پر سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں اور مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں۔
    ‎ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق امریکا درست لوگوں سے بات چیت کر رہا ہے اور ایران معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت کسی بھی قیمت پر معاہدہ چاہتی ہے۔
    ‎امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران امریکا کے ساتھ ڈیل کرنا چاہتا ہے اور امریکا بھی اس حوالے سے مثبت پیش رفت چاہتا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

  • 
تبریز میں رہائشی علاقوں پر حملہ، 6 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    
تبریز میں رہائشی علاقوں پر حملہ، 6 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے شہر تبریز کے رہائشی علاقوں پر گزشتہ رات ہونے والے حملوں میں کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔
    رپورٹس کے مطابق یہ حملے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے، جن میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
    ‎حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مزید نقصانات کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
    ‎ابھی تک امریکا یا اسرائیل کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق ایسے حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور انسانی بحران میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

  • 
لبنان کا بڑا فیصلہ، ایرانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم

    
لبنان کا بڑا فیصلہ، ایرانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم

    
لبنان نے ایک اہم سفارتی اقدام کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
    رپورٹس کے مطابق لبنانی حکومت نے ایرانی سفیر کو اتوار تک ملک چھوڑنے کی مہلت دی ہے، جس کے بعد انہیں لبنان میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
    ‎ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور حالیہ واقعات کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
    ‎ماہرین کے مطابق کسی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینا سفارتی سطح پر ایک سخت اقدام ہوتا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

  • 
ایل این جی بحران کے خدشات، پاکستان کس طرح توانائی نظام کو سنبھال رہا ہے

    
ایل این جی بحران کے خدشات، پاکستان کس طرح توانائی نظام کو سنبھال رہا ہے

    
آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث پاکستان کو ایل این جی کی ممکنہ قلت کا سامنا ہو سکتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق صورتحال اتنی سنگین نہیں جتنی ظاہر کی جا رہی ہے۔
    بزنس ریکارڈر کے تجزیہ کار علی خضر کے مطابق پاکستان نے طویل المدتی معاہدوں اور متنوع توانائی نظام کے ذریعے اپنی سپلائی کو کافی حد تک مستحکم رکھا ہوا ہے۔ ماضی میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کو ادائیگیوں کے مسائل کے باعث کارگو منسوخی اور بلیک آؤٹ کا سامنا کرنا پڑا، لیکن پاکستان اس صورتحال سے کافی حد تک محفوظ رہا ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق پاکستان کے پاس طویل المدتی معاہدوں کی وجہ سے گیس کی دستیابی برقرار ہے، تاہم محدود اسٹوریج کے باعث ماضی میں مقامی گیس پیداوار کم رکھی جاتی تھی۔ اب مقامی پیداوار بڑھا کر ممکنہ قلت کو کم کیا جا سکتا ہے اور بجلی گھروں کو چلایا جا سکتا ہے۔
    ‎پنجاب میں گرمیوں کے دوران لوڈشیڈنگ کا امکان موجود ہے کیونکہ وہاں زیادہ تر بجلی ایل این جی پر چلنے والے پلانٹس سے پیدا ہوتی ہے، جبکہ جنوبی پاکستان میں نیوکلیئر اور کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کے باعث بجلی کی فراہمی نسبتاً مستحکم رہنے کی توقع ہے۔
    ‎اس کے علاوہ پاکستان میں شمسی توانائی کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو توانائی کے خلا کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی کمی کو جزوی طور پر تیل کے ذریعے بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔ روس نے رعایتی قیمت پر خام تیل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، تاہم اس حوالے سے دو بڑی رکاوٹیں موجود ہیں۔ پہلی یہ کہ پاکستان کی ریفائنریز روسی خام تیل کیلئے مکمل طور پر تیار نہیں، اور دوسری یہ کہ درآمد کیلئے ممکنہ طور پر امریکا کی اجازت درکار ہوگی، جیسا کہ بھارت کو استثنیٰ حاصل ہے۔

  • 
چین میں انسان نما روبوٹ ’گرفتار‘، خاتون کو ڈرانے پر پولیس حرکت میں آگئی

    
چین میں انسان نما روبوٹ ’گرفتار‘، خاتون کو ڈرانے پر پولیس حرکت میں آگئی

    
چین کے شہر مکاؤ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں پولیس نے ایک انسان نما روبوٹ کو معمر خاتون کو ڈرانے کے بعد اپنی تحویل میں لے لیا۔
    رپورٹس کے مطابق تقریباً 4 فٹ 4 انچ قد کا یہ روبوٹ ایک سڑک پر موجود تھا جب اس کا سامنا 70 سالہ خاتون سے ہوا۔ خاتون نے اچانک اپنے پیچھے کسی کی موجودگی محسوس کی اور مڑ کر دیکھا تو روبوٹ کو انتہائی قریب پایا، جس سے وہ گھبرا گئیں۔
    ‎عینی شاہدین کے مطابق روبوٹ نے ہاتھ اوپر کیے جیسے کسی کو ڈانٹ رہا ہو، جس پر خاتون خوفزدہ ہو کر چیخنے لگیں اور کہا کہ وہ بہت ڈر گئی ہیں اور ان کا دل تیزی سے دھڑک رہا ہے۔
    ‎واقعے کی ویڈیو بھی موقع پر موجود افراد نے ریکارڈ کی، جس کے بعد پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور روبوٹ کو اپنے ساتھ لے گئے۔
    ‎بعد ازاں خاتون کو احتیاطی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں معائنے کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا۔ حکام کے مطابق روبوٹ نے کسی قسم کا جسمانی حملہ نہیں کیا تھا۔
    ‎تحقیقات میں سامنے آیا کہ یہ روبوٹ ایک تعلیمی ادارے کا تھا اور اسے ایک 50 سالہ شخص دور بیٹھ کر کنٹرول کر رہا تھا، جو اس کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا تھا۔
    ‎پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس میں کوئی غفلت یا خلاف ورزی شامل تھی۔

  • 
امریکی فوج کی بغداد کے کیمپ وکٹری سے انخلا کی تیاری، اہم پیشرفت

    
امریکی فوج کی بغداد کے کیمپ وکٹری سے انخلا کی تیاری، اہم پیشرفت

    
بغداد سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں العربیہ ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کیمپ وکٹری فوجی اڈے سے انخلا کی تیاری کر رہی ہے۔
    رپورٹ کے مطابق امریکی افواج نے اڈے میں موجود ہتھیاروں اور بھاری سامان کو تباہ کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ انخلا کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور سکیورٹی حکمت عملی کے تحت کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

  • ‎ایران کے بارے میں آپ کا جو بھی نظریہ ہو لیکن جنگ میں پہل ایران نے نہیں کی، عمانی وزیر خارجہ

    ‎ایران کے بارے میں آپ کا جو بھی نظریہ ہو لیکن جنگ میں پہل ایران نے نہیں کی، عمانی وزیر خارجہ

    
عمان کے وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف جاری جنگ کے طویل ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کے نتیجے میں معاشی مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
    عمانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کے بارے میں مختلف آراء ہو سکتی ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ جنگ کا آغاز ایران کی جانب سے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے باعث پہلے ہی بڑے پیمانے پر معاشی دباؤ پیدا ہو چکا ہے اور اگر جنگ جاری رہی تو اس کے اثرات مزید سنگین ہو جائیں گے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ عمان آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہا ہے تاکہ خطے میں توانائی کی ترسیل متاثر نہ ہو اور عالمی معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

  • عمران خان نے اپنے بچوں کو بتایا ہے انکی آنکھ اب بہترہے: بہن علیمہ خان

    عمران خان نے اپنے بچوں کو بتایا ہے انکی آنکھ اب بہترہے: بہن علیمہ خان

    
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی آنکھ کی حالت میں کچھ بہتری آئی ہے۔ اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپنے بچوں سے بات کروائی گئی جس میں بچوں نے بھی آنکھ کی حالت میں بہتری کا ذکر کیا۔
    علیمہ خان کے مطابق متاثرہ آنکھ میں تھوڑی بہت بہتری ضرور آئی ہے تاہم انہیں خدشہ ہے کہ کہیں دوسری آنکھ متاثر نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ عمران خان کا کیا علاج کیا جا رہا ہے اور حکومت اس معاملے کو واضح نہیں کر رہی۔
    ‎انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کو خفیہ طور پر اسپتال منتقل کرتی ہے جبکہ اہلخانہ کو مکمل معلومات فراہم نہیں کی جاتیں۔
    ‎دوسری جانب آج بھی علیمہ خان، دیگر بہنوں اور وکلا کو اڈیالہ جیل کے قریب گورکھ پور ناکے پر روک لیا گیا، جس کے خلاف انہوں نے احتجاج بھی کیا۔
    ‎ادھر جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی گئی جو تقریباً 25 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے عمران خان کی آنکھ کی صحت سے متعلق دریافت کیا جبکہ بچوں سے عید کے موقع پر ٹیلیفونک گفتگو پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • اسرائیل کی مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش: ٹرمپ کے منع کرنے کےباوجود ایران میں گیس تنصیبات پر حملہ

    اسرائیل کی مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش: ٹرمپ کے منع کرنے کےباوجود ایران میں گیس تنصیبات پر حملہ

    
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے جہاں اسرائیل کی جانب سے ایران میں مختلف مقامات پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق تہران اور بوشہر میں شدید دھماکے سنے گئے جبکہ توانائی کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔
    ذرائع کے مطابق خرمشہر میں گیس پائپ لائن اور اصفہان میں گیس پریشر ریڈکشن اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ تبریز میں ہونے والی بمباری کے نتیجے میں چھ شہری جاں بحق جبکہ 122 افراد زخمی ہوئے۔ ایک یونیورسٹی پر حملے میں باپ اور بیٹا بھی جان کی بازی ہار گئے۔
    ‎رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حالیہ حملوں کے دوران بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، جس میں سینکڑوں تعلیمی ادارے اور طبی مراکز متاثر ہوئے جبکہ ہزاروں رہائشی یونٹس کو بھی نقصان پہنچا۔
    ‎دوسری جانب لبنان میں بھی کارروائیوں کی اطلاعات ہیں جہاں بیروت میں حملے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوئے جبکہ متعدد عمارتیں متاثر ہوئیں۔
    ‎خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث انسانی بحران کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں اور عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔