بُکر انعام یافتہ بھارتی مصنفہ اروندھتی رائے نے برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سے اپنی شرکت واپس لے لی ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے اس وقت کیا جب جیوری کے صدر وِم وینڈرز نے اسرائیل کی غزہ میں کارروائی پر سوال کے جواب میں کہا کہ فلم سازوں کو ’سیاست سے دور رہنا چاہیے۔‘
اروندھتی رائے، جو اپنی 1989 کی فلم ’ان وچ اینی گیوز اٹ دوز ونز‘ کے بحال شدہ ورژن کی سکریننگ میں شرکت کرنے والی تھیں، نے کہا کہ فیسٹیول کے افتتاحی موقع پر پریس کانفرنس میں کیے گئے تبصروں کی وجہ سے وہ ’صدمے اور بیزاری‘ محسوس کر رہی ہیں۔
جب صحافی نے جیوری سے جرمن حکومت کی غزہ میں مبینہ نسل کشی کی حمایت اور دیگر انسانی حقوق کے مسائل کے حوالے سے سوال کیا تو جیوری کے سربراہ وینڈرز نے جواب دیا کہ فلم سازوں کو ’سیاست سے دور رہنا ہوگا۔‘
اروندھتی رائے نے ایک بیان میں اس رائے کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’انتہائی افسوس کے ساتھ‘ فیسٹیول سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ’یہ سن کر حیرانی ہوئی کہ فن کو سیاسی نہیں ہونا چاہیے۔ یہ انسانیت کے خلاف جرائم پر بات کرنے کو روکنے کا ایک طریقہ ہے، حالانکہ یہ جرائم ہمارے سامنے حقیقی وقت میں ہو رہے ہیں۔ فنکاروں، مصنفین اور فلم سازوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے خلاف آواز بلند کریں۔‘
Author: Aqsa Younas Rana
-

بُکر انعام یافتہ مصنفہ اروندھتی رائے نے برلن فلم فیسٹیول سے کنارہ کشی اختیار کر لی
-

عارف حبیب گروپ کنسورشیم کا پی آئی اے کے باقی 25 فیصد حصص خریدنے کا فیصلہ
عارف حبیب گروپ کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) میں حکومت کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص خریدنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد قومی فضائی کمپنی کا مکمل اختیار کنسورشیم کے پاس چلا جائے گا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر شاہد علی حبیب نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ کنسورشیم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اپریل میں یہ معاملہ حتمی طور پر طے کیا جائے گا اور اس کے بعد بارہ مہینے کے اندر ادائیگی مکمل کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے سو فیصد حصص کی خریداری کے بعد ایئر لائن مکمل طور پر نجی شعبے کے کنٹرول میں ہوگی اور سرکاری نامزد ارکان سے آزاد ہو جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایئر لائن اپنی عملی اور انتظامی سرگرمیاں خود انجام دے گی اور نجی شعبے کے معیار کے مطابق خدمات فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کے عوض پی آئی اے کے 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے۔ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کا مقصد خسارے میں جانے والی فضائی کمپنی کو منافع بخش بنانا، طیاروں کے بیڑے میں توسیع اور مسافروں کے لیے خدمات کو بہتر بنانا تھا۔ -

ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی، قومی ٹیم 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ عثمان خان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
صائم ایوب 6، بابر اعظم 5 اور کپتان سلمان آغا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان 14 اور محمد نواز 4 رنز ہی بنا سکے جبکہ صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
نچلے نمبروں پر بھی مزاحمت دیکھنے میں نہ آئی، فہیم اشرف 10 رنز بنا سکے جبکہ ابرار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے، جس کے باعث پاکستان مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ -

ایران جوہری معاہدے کے لیے امریکہ کے ساتھ سمجھوتے پر بات کرنے کو تیار، نائب وزیر خارجہ
ایرانی نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے اتوار کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدے تک پہنچنے کے لیے سمجھوتوں پر غور کرنے کو تیار ہے، بشرطیکہ واشنگٹن پابندیاں اٹھانے پر بات کرنے کے لیے رضامند ہو۔
بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں تخت روانچی نے کہا کہ ایران پابندیوں کے بدلے اپنے جوہری پروگرام پر بعض اقدامات کرنے پر بات کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن اس نے اس مسئلے کو میزائل پروگرام اور دیگر حساس امور سے جوڑنے کو بارہا مسترد کیا ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ جوہری مذاکرات کا دوسرا دور منگل کو جنیوا میں ہوگا۔
تہران اور واشنگٹن کے درمیان عمان میں بات چیت کا عمل رواں ماہ ہی دوبارہ بحال ہوا ہے۔ تخت روانچی نے کہا: ’ابتدائی بات چیت کم و بیش مثبت سمت میں رہی، لیکن ابھی کوئی حتمی فیصلہ کرنا بہت جلدی ہوگا۔‘
ایک ذرائع نے جمعے کو روئٹرز کو بتایا تھا کہ امریکی وفد، جس میں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں، منگل کی صبح ایرانی وفد سے ملاقات کرے گا، اور عمانی نمائندے اس عمل میں ثالثی کر رہے ہیں۔ -

انڈیا میں مسلمان دکان دار کی حفاظت پر ہندو شہری کو موت کی دھمکیاں
شمالی بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں ایک 42 سالہ جم مالک دیپک کمار نے مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے والے 70 سالہ مسلمان دکان دار کے دفاع میں آگے آ کر نفرت انگیز رویے کے خلاف کھڑے ہو کر ملک میں مذہبی اتحاد کی ایک علامت قائم کر دی۔
26 جنوری کو دیپک کمار نے دیکھا کہ کچھ مردوں کا ایک گروہ دکان دار پر دباؤ ڈال رہا تھا کہ وہ اپنی مذہبی شناخت کی وجہ سے اپنی دکان کا نام بدل دے۔ دیپک کمار نے ہجوم سے کہا کہ بھارت میں ہر شہری کو مذہب سے قطع نظر مساوی سلوک حاصل ہونا چاہیے اور یہ حق ملک کے آئین میں محفوظ ہے۔
اس موقع پر جب ہجوم نے ان سے ان کا نام پوچھا، تو انہوں نے جواب دیا: ’میرا نام محمد دیپک ہے۔‘ یہ لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا کیونکہ ان کے نام میں ہندو اور مسلم دونوں عناصر شامل ہیں؛ ’دیپک‘ سنسکرت سے ماخوذ ہے اور ’روشنی‘ کے معنی رکھتا ہے، جبکہ ’محمد‘ مسلم نام ہے۔
دیپک کمار کی مداخلت کے بعد مقامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا اور مبینہ طور پر تقریباً ڈیڑھ سو افراد نے ان کے خلاف نعرے لگانے کے لیے جمع ہونا شروع کر دیا۔
دیپک کمار نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے بزرگ دکان دار کو دھمکانے والے نوجوانوں کو روکا اور کہا: ’میرا مقصد یہ تھا کہ میں ایک انڈین ہوں اور قانون کے تحت سب برابر ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ دکان دار کے نام ’بابا کلاتھس‘ کے لفظ ’بابا‘ پر تنازع پیدا ہوا، جو عام طور پر روحانی یا معزز افراد کے لیے استعمال ہوتا ہے اور ہندو یا مسلمان دونوں ہی اس لفظ کو استعمال کرتے ہیں۔ نوجوانوں کا دعویٰ تھا کہ یہ لفظ صرف ہندو دیوتا ہنومان کے لیے مختص ہونا چاہیے۔
دیپک کمار نے کہا کہ اس واقعے کے بعد انہیں دھمکیاں موصول ہوئیں اور ان کے جم ’ہلک جم‘ کے کلائنٹس کی تعداد تقریباً 150 سے گھٹ کر 15 رہ گئی، جس سے ان کی آمدنی متاثر ہوئی۔ انہوں نے مقامی میڈیا کو بتایا: ’آدھا شہر میری حمایت کرتا ہے، لیکن جب آپ اچھا کام کرتے ہیں تو ہر کوئی داد نہیں دیتا۔ ایمانداری کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔‘ -

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 11 فلسطینی شہید
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اتوار کی صبح اسرائیل کے تازہ حملوں میں کم از کم 11 فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی فائر بندی کے باوجود فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور دونوں فریق ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔
سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ شمالی غزہ کے جبالیہ علاقے میں بے گھر افراد کے خیمے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں پانچ افراد مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ جنوبی شہر خان یونس میں علی الصبح ایک اور حملے میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
غزہ سٹی میں بھی اسرائیلی گولہ باری سے ایک شخص جان سے گیا۔ الشفا اور ناصر ہسپتالوں نے کم از کم سات لاشوں کی تصدیق کی ہے۔
ادھر ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے کہا کہ افواج فائر بندی معاہدے کی حماس کی جانب سے خلاف ورزیوں کے جواب میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔ -

کراچی: جناح ایئرپورٹ کے دوبارہ تعمیر شدہ مین رن وے کا افتتاح
سیکریٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دوبارہ تعمیر شدہ مین رن وے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ دوبارہ تعمیر شدہ رن وے پر پہلی کمرشل پرواز 19 فروری کو لینڈ کرے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے سیکریٹری دفاع اور ایڈیشنل سیکریٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری دفاع کو ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے رن وے اور ایئرپورٹ کے دیگر جدید سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لقمان رشید بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ -

سندھ متحد رہے گا، صوبہ بنانے کی بات کرنے والے خاموش رہیں: مراد علی شاہ
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ متحد رہے گا اور جو لوگ صوبہ بنانے کی بات کر رہے ہیں، وہ چپ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سندھ کو تقسیم کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہے تو وہ پاکستان کے لیے نہیں سوچ رہا۔
مراد علی شاہ نے یہ بات کراچی کے علاقے ملیر میں خالد بن ولید فلائی اوور کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، اور یہ وزیراعظم کا کام نہیں کہ گلیوں میں گٹر کے ڈھکن لگائے جائیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ میئر کراچی کو 100 روز میں پل بنانے کا چیلنج دیا گیا تھا، اور اب عظیم پورہ فلائی اوور کے قیام کا ایک اور چیلنج دے رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کراچی کو وہ انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا جس کا شہر حقدار ہے۔ -

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کی تین وکٹیں گر گئیں، سلمان آغا بھی آؤٹ
کولمبو: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف بیٹنگ کا آغاز کیا، مگر ابتدائی اوورز میں ہی ٹیم کو نقصان ہوا۔
پاکستان کی تین وکٹیں گر چکی ہیں، جس میں سب سے پہلے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب آؤٹ ہوئے، اور بعد ازاں کپتان سلمان آغا بھی وکٹ کے پیچھے چلے گئے۔
پاکستان کی فائنل الیون میں شامل کھلاڑیوں میں بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق بھی شامل ہیں۔
ٹیم اب بھارتی بولرز کے خلاف بیٹنگ میں سنبھلنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ 176 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا جا سکے۔ -

ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان کو 176 رنز کا ہدف دے دیا
کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 176 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستانی کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، اور ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ اوپنر ابھیشیک شرما پہلے اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ ایشان کشن نے 40 گیندوں پر جارحانہ 77 رنز کی اننگز کھیلی لیکن صائم ایوب کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
15 ویں اوور میں 126 کے مجموعی اسکور پر تلک ورما 25 رنز بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے، اور اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو 32 رنز بنا کر عثمان طارق کی گیند پر پچیسویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ دوبے نے 27 اور اکشر پٹیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق، شاہین آفریدی اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ لی۔ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
پاکستان کی پلئینگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابراعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔ بھارتی ٹیم میں ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادیو کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔