عرب میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد ایک ہزار سے زائد بحری جہاز اس اہم سمندری راستے سے گزرنے کے انتظار میں کھڑے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انتظار کرنے والے جہازوں میں تقریباً 20 تیل بردار ٹینکر بھی شامل ہیں جو عالمی منڈیوں تک تیل کی ترسیل کے لیے روانہ ہونا چاہتے ہیں۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین سمندری راستوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے روزانہ بڑی تعداد میں تیل بردار جہاز گزرتے ہیں اور عالمی توانائی کی فراہمی کا بڑا حصہ اسی گزرگاہ سے ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سمندری راستے کی بندش کے باعث عالمی تیل منڈی اور تجارتی سرگرمیوں پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
Author: Aqsa Younas Rana

آبنائے ہرمز بندش کے بعد ہزار سے زائد جہاز انتظار میں، 20 تیل بردار ٹینکر بھی شامل

امریکا نے پڑوسی ممالک کی سرزمین سے حملے کیے: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا ایران پر
حملوں کے لیے پڑوسی ممالک کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔
اب یہ بالکل واضح ہوگیا ہے امریکا حملوں کے لیے ہمارے پڑوسیوں کی سرزمین استعمال کررہا ہے، ہمارے لیے یہ بالکل بھی قابل قبول نہیں ہے.
عباس عراقچی کے مطابق خارگ اور ابو موسیٰ جزائر پر جدید راکٹ سسٹم کے ذریعے حملے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں کم فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ استعمال کیے گئے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جب ایرانی فورسز نے گزشتہ رات ہونے والے حملوں کو ٹریک کیا تو معلوم ہوا کہ یہ حملے متحدہ عرب امارات کے دو مقامات، راس الخیمہ اور دبئی کے قریب سے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے کیونکہ گنجان آبادی والے علاقوں کے قریب سے حملے کیے جا رہے ہیں۔
عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ ایران ان حملوں کا جواب ضرور دے گا تاہم ایران اس بات کا خیال رکھے گا کہ کسی شہری آبادی کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
ایرانی حملوں کے بعد اسرائیلی دفاعی نظام دباؤ میں، میزائل انٹرسیپٹرز کی کمی کی اطلاعات
ایران کے مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد اسرائیل کا دفاعی نظام شدید دباؤ کا شکار ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کو میزائل انٹرسیپٹرز کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث اس نے صورتحال سے امریکا کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دفاعی نظام پر بڑھتے دباؤ کے باعث اسرائیل کو اپنے دفاعی وسائل کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ نے بھی مشرق وسطیٰ میں دفاعی معاونت کے لیے ہزاروں میزائل انٹرسیپٹر ڈرونز بھیجنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث دفاعی نظام اور فوجی حکمت عملی پر اثرات مزید واضح ہو سکتے ہیں۔
لیاری میں اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار، ایم فور رائفل اور پستول برآمد
کراچی کے علاقے لیاری میں اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک ایم فور رائفل، چار پستول اور اضافی میگزین برآمد کیے گئے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ایک ایسے گروہ کا حصہ تھا جو بین الصوبائی سطح پر غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروہ خیبرپختونخوا سے غیر قانونی اسلحہ مسافر بسوں کے ذریعے کراچی منتقل کرتا تھا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کا ایک ساتھی پہلے ہی اسی جرم میں پکڑا جا
چکا ہے اور اس وقت جیل میں قید ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سرفراز احمد کی چیئرمین پی سی بی سے ملاقات، ریٹائرمنٹ پر اعزازی شیلڈ پیش
سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرفراز احمد کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر اعزازی شیلڈ پیش کی اور ان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سرفراز احمد نے کرکٹ کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا اور قومی ٹیم کو کئی اہم کامیابیاں دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے سرفراز احمد کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کی خدمات کی مقروض رہے گی اور آئندہ بھی ان کے تجربے اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جاتا رہے گا۔
کوٹری کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے چار بچے ڈوب کر جاں بحق
سندھ کے شہر کوٹری کے علاقے کارو کھو کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے چار بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے اور تلاش کے بعد بچوں کی لاشیں دریا سے نکال کر گاؤں منتقل کر دیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 11 سالہ کشمیرہ، 10 سالہ ساجدہ، 13 سالہ اعجاز اور 9 سالہ قربان شامل ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق بچے دریا میں نہانے گئے تھے کہ اچانک گہرے پانی میں چلے جانے کے باعث حادثے کا شکار ہو گئے۔
متوفیوں میں ساجدہ اور اعجاز آپس میں بہن بھائی تھے جبکہ دیگر دو بچے بھی اسی گاؤں کے رہائشی تھے۔ واقعے کے بعد گاؤں میں کہرام مچ گیا اور اہل علاقہ غمزدہ دکھائی دیے۔
آپریشن وعدہ صادق 4 کی 54ویں لہر، ایران کا اسرائیل میں فوجی و انتظامی مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 54ویں لہر کے دوران اسرائیل میں اہم فوجی اور انتظامی مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے جاری بیان کے مطابق اس کارروائی میں مختلف جدید میزائل استعمال کیے گئے جن میں دو ٹن وزنی وارہیڈ والے خرمشہر میزائل، خیبر شکن میزائل، قدر اور عماد میزائل شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس آپریشن میں پہلی مرتبہ سالڈ فیول اسٹریٹجک سجیل میزائل بھی استعمال کیا گیا جو ایران کے جدید ترین میزائلوں میں شمار ہوتا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حملوں کا ہدف اسرائیلی فضائی کارروائیوں سے متعلق انتظامی اور فیصلہ سازی کے مراکز، فوجی و دفاعی صنعتوں کا اہم انفراسٹرکچر اور مقبوضہ علاقوں کے وسط میں موجود عسکری تنصیبات تھیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کارروائیاں ایران کی عسکری حکمت عملی کے تحت کی گئیں اور حملوں کے نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں ہزاروں عمارتیں تباہ، درجنوں طبی مراکز اور اسکول متاثر
ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق 28 فروری سے جاری حملوں کے دوران ملک بھر میں ہزاروں عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں جن میں بڑی تعداد رہائشی عمارتوں کی ہے۔
ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر تباہ ہونے والی 43 ہزار عمارتوں میں سے تقریباً 36 ہزار 500 اقامتی یونٹس شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف تہران میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے دوران تقریباً 10 ہزار عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکومتی ترجمان کے مطابق ان حملوں میں 43 ایمرجنسی طبی مراکز، وہاں موجود 32 ایمبولینسیں اور 120 اسکول بھی متاثر ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں 223 خواتین ہلاک ہو چکی ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والے اساتذہ اور طلبہ کی تعداد 206 تک پہنچ گئی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق شہری انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
برطانیہ کا مشرقِ وسطیٰ میں ہزاروں انٹرسیپٹر ڈرون بھیجنے پر غور
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر مشرقِ وسطیٰ میں ہزاروں انٹرسیپٹر ڈرون بھیجنے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی فوجی حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آکٹوپس نامی انٹرسیپٹر اینٹی ڈرون سسٹم کو ایران کے خلاف دفاعی کارروائیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
یہ جدید انٹرسیپٹر ڈرون برطانیہ میں تیار کیا جاتا ہے اور اسے دشمن کے ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہی نظام اس سے قبل یوکرین کو بھی فراہم کیا جا چکا ہے جہاں اسے روس کے خلاف دفاعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ منظور ہو جاتا ہے تو مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں خطے کی دفاعی صورتحال پر اس کے نمایاں اثرات پڑ سکتے ہیں۔
یومِ پاکستان پر سندھ بھر میں 23 مارچ کو عام تعطیل کا اعلان
حکومتِ سندھ نے یومِ پاکستان کے موقع پر 23 مارچ 2026 کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر 23 مارچ کو سندھ بھر میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ سندھ کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے تمام سرکاری دفاتر، خود مختار اور نیم خود مختار ادارے، کارپوریشنز اور لوکل کونسلز اس روز بند رہیں گے۔ تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ یومِ پاکستان ہر سال 23 مارچ کو قراردادِ لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ 1940 میں اسی دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا مطالبہ پیش کیا گیا تھا۔
اس موقع پر ملک بھر میں قومی تقاریب اور سرکاری تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔








