رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی کویت نے سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔ یکم رمضان سے سرکاری اداروں میں کام کے اوقات ساڑھے چار گھنٹے ہوں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق سول سروس کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملازمین صبح ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 10 بجے کے درمیان کسی بھی وقت دفتر آ کر ساڑھے چار گھنٹے کام مکمل کر سکتے ہیں۔
کمیشن نے رمضان کے دوران تمام سرکاری اداروں میں مقررہ دورانیے پر عمل درآمد کی ہدایت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ خلیجی ممالک میں پہلا روزہ 18 فروری جبکہ پاکستان سمیت دیگر خطے کے ممالک میں 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana

کویت میں رمضان کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقات کار مختصر

رحمان اللہ گرباز پشاور زلمی ٹیم میں شامل
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے آغاز سے قبل پشاور زلمی نے افغانستان کے وکٹ کیپر اور جارحانہ بلے باز رحمان اللہ گرباز کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
ٹیم کے مالک جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا پر گرباز کو ’زلمی فیملی‘ میں خوش آمدید کہا۔ رحمان اللہ گرباز پہلے بھی پی ایس ایل میں کھیل چکے ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان کے پاور پلے میں جارحانہ انداز سے بلے بازی کرنے کی صلاحیت زلمی کو ابتدائی شروعات میں فائدہ دے سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گرباز اس وقت افغانستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 اسکواڈ میں شامل ہیں، جو 7 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔
پی ایس ایل 11 کی ابتدائی مارکیٹ میں دیگر فرنچائزز نے بھی اہم کھلاڑی سائن کیے ہیں۔ لاہور قلندرز نے بنگلہ دیش کے پیک اسٹار مستفیض الرحمٰن کو اپنی ٹیم میں شامل کیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈیوون کون وے کو سائن کیا، کراچی کنگز نے معین علی کو ٹیم میں شامل کیا، جبکہ سیالکوٹ اسٹالینز نے آسٹریلوی اسٹار سٹیو اسمتھ کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔
سہراب برکت کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے, سی پی جے
صحافیوں کے حقوق کے لیے نیویارک سے کام کرنے والی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) نے جمعرات کو پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافی سہراب برکت کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا ادارہ آزادانہ طور پر خبریں نشر کرتا رہے۔
سہراب برکت ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ’سیاست ڈاٹ پی کے‘ کے لیے کام کرتے ہیں اور انہیں 26 نومبر 2025 کو اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔ انہیں الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون 2016 کے تحت رپورٹنگ سے متعلق تین الگ الگ شکایات کا سامنا ہے۔
چھ دسمبر 2025 کو لاہور کی مقامی عدالت نے سہراب کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ پاکستان میں سائبر کرائم ایکٹ کے نفاذ کے بعد سوشل میڈیا ایکٹوسٹس اور ڈیجیٹل میڈیا صحافیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
گذشتہ ماہ 18 جنوری کو ان کے ادارے ’سیاست ڈاٹ پی کے‘ نے اعلان کیا کہ وہ اپنا اسلام آباد دفتر بند کر دے گا اور اس فیصلے کو سہراب برکت کی حراست سے جوڑا گیا ہے۔
ناروے کی شاہی شخصیتیں اور سابق رہنما منظر عام پر، ایپسٹین فائلز
ناروے گذشتہ 120 برسوں سے نوبیل امن انعام جاری کر رہا ہے، لیکن 1960 کے بعد مالدار ہونے والے ناروے نے سفارت کاری کے ذریعے خود کو عالمی امن کا لیڈر بنانے کی کوشش کی۔ اوسلو کو دنیا کے جھگڑوں کے حل کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا گیا، مگر ایپسٹین فائلز نے ناروے کی پچاس سالہ سفارت کاری کو شدید دھچکہ پہنچا دیا۔
امریکی بزنس مین اور بچوں سے جنسی زیادتی کا مجرم جیفری ایپسٹین 2019 میں مر گیا، لیکن اس کے چھوڑے گئے خفیہ فائلز، ای میلز، تصاویر اور ویڈیوز نے دنیا کے بڑے عزت دار افراد کی برہنگی کو بے نقاب کر دیا۔
اب تک ناروے کی بادشاہت کی اگلی ملکہ میتے ماریت، سابق وزیراعظم یاگ لاند، سابق وزیر و ڈپلومیٹ تھاریے رود لارشن اور صف اول کی سفیر مونا یول کے نام سامنے آئے ہیں۔ یہ تمام افراد ایپسٹین کے انتہائی قریبی سرکل سے تعلق رکھتے تھے اور کئی بار ان کے ساتھ دیکھے گئے، ساتھ ہی ہزاروں ای میلز اور پیغامات کے ذریعے رابطے میں رہے۔
ناروے کے عوام میں خاص طور پر شہزادی میتے ماریت زیرِ تنقید ہیں۔ پھیپھڑوں کی مزمن بیماری میں مبتلا شہزادی کے لیے حالات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں کیونکہ گذشتہ دو برس سے ان کے سابق شوہر سے بیٹے ماریئس ہویبی کی گرفتاری، تفتیش اور عدالتی ٹرائل جاری ہے، جس پر چار خواتین کے ساتھ ریپ کے الزامات ہیں۔
شہزادی میتے پر ایپسٹین فائلز کا اثر ایک بم کے طور پر پڑا ہے۔ شہزادی کی تصاویر، ایپسٹین سے ذاتی نوعیت کے تعلقات اور مستقل رابطے سکیورٹی ماہرین کی نظر میں صرف دوستی سے زیادہ ہیں، اور یہ ناروے کے شاہی محل میں براہِ راست رسائی کی پیچیدہ کہانی بیان کرتے ہیں۔
ایپسٹین فائلز میں سابق نارویجن وزیراعظم تھور بیورن یاگ لاند بھی شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، یاگ لاند نے ایپسٹین کے ساتھ پیغامات میں نازیبا جنسی استعارے بھی لکھے اور ان کے درمیان لاکھوں ڈالر کے مالی معاملات بھی جاری رہے۔ یہ معاملہ صرف اخلاقی برائی تک محدود نہیں بلکہ قانونی اور سیاسی پیچیدگیوں کو بھی جنم دیتا ہے۔
گوگل کا بجٹ فون پکسل 10 اے کب مارکیٹ میں آئے گا؟
گوگل کا کم قیمت سمارٹ فون پکسل 10 اے رواں ماہ مارکیٹ میں آنے والا ہے، جس کی تصدیق خود گوگل نے کر دی ہے۔ امریکی ویب سائٹس کے مطابق فون کا ڈیزائن پچھلے ماڈل پکسل 9 اے سے کافی ملتا جلتا ہے اور اس میں کیمرے کا بمپ نہیں ہے، جس سے فون کا پچھلا حصہ ہموار اور صاف نظر آتا ہے اور اسے میز یا کسی بھی سطح پر آسانی سے رکھا جا سکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو کے مطابق پکسل 10 اے 18 فروری کو لانچ ہو رہا ہے اور اسی تاریخ سے یہ پری آرڈر کے لیے دستیاب ہوگا۔ فون نیلے رنگ اور میٹل فریم کے ساتھ دکھایا گیا ہے اور رپورٹس کے مطابق یہ چار رنگوں میں دستیاب ہوگا: کالا، ہلکا جامنی، سرخی مائل گلابی اور سلیٹی۔
پکسل 10 اے میں پچھلے ماڈل کی طرح کی فور چپ سیٹ، 6.3 انچ 120 ہرٹز ایمولیڈ ڈسپلے اور 5100 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی جو 23 واٹ فاسٹ چارجنگ کو سپورٹ کرے گی۔ زیادہ تر ڈیزائن اور فیچرز پکسل 9 اے جیسے ہی ہیں، جس کی وجہ سے یہ فون کم قیمت میں صارفین کو جدید فیچرز فراہم کرے گا۔
اس فون کی متوقع قیمت تقریباً 500 امریکی ڈالر ہے، جو پچھلی پکسل اے سیریز کے مطابق ہے۔ گوگل کا یہ بجٹ فون مڈ رینج مارکیٹ میں کمپنی کے لیے اہم قدم ہے اور لیکس اور ٹیزر کے مطابق اس کا سادہ اور جدید ڈیزائن اور ہموار کیمرہ سیٹنگ صارفین کو خاص طور پر پسند آئے گی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ اہلِ خانہ کو فراہم
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی فیملی نے پمز اسپتال کی میڈیکل رپورٹ وصول کر لی ہے۔ رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کے ذریعے اہلِ خانہ کو فراہم کی گئی۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی اور ان کی آنکھ کا مکمل معائنہ جیل میں کیا گیا۔ ماہر امراضِ چشم نے سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی اور اسپتال میں فالو اپ علاج کی سفارش کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات بانی پی ٹی آئی کو پمز منتقل کیا گیا، ان کا علاج ان کی رضامندی سے کیا گیا اور تجویز کردہ طریقہ علاج کامیاب رہا۔ آپریشن تقریباً 20 منٹ میں مکمل ہوا اور علاج کے بعد وہ مستحکم تھے۔ انہیں معمول کی ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے رپورٹ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھیجی تھی، جسے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اہلِ خانہ کو فراہم کر دیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑا اضافہ
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اب یہ 21.33 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جو 4.54 کروڑ ڈالر کے اضافے کے بعد حاصل ہوا ہے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق سرکاری ذخائر 5.61 کروڑ ڈالر اضافے سے 16.15 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 1.07 کروڑ ڈالر کی کمی کے ساتھ 5.18 ارب ڈالر رہ گئے۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ اگلے دو سال تک معیشت بحالی اور استحکام کے مرحلے میں رہے گی، اور اس دوران ایسی بلند شرح نمو کی کوشش نہیں کی جائے گی جو موجودہ حالات میں برقرار نہ رکھی جا سکے۔
مرکزی بینک کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک کی پالیسیاں یہ تعین کریں گی کہ آیا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا موجودہ قرض پروگرام پاکستان کے لیے آخری ثابت ہوگا یا نہیں۔
انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا کہ 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ ختم یا متروک نہیں کیے جا رہے، اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں جعلی ہیں۔ حکومت نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن پر کام کر رہی ہے، تاہم حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
سونے کی قیمت میں بڑی کمی
سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 21 ہزار 400 روپے سستا ہو گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونا 5 لاکھ 7 ہزار 762 روپے ہو گیا ہے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 18 ہزار 347 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 35 ہزار 324 روپے ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونا 214 ڈالر کمی کے بعد 4,850 ڈالر فی اونس پر آگیا ہے، جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1,430 روپے کمی کے بعد 7 ہزار 825 روپے ہو گئی ہے۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 14.03 ڈالر کمی کے بعد 73.50 ڈالر فی اونس ہے۔
سونا عام طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے اور افراط زر یا سیاسی و معاشی عدم استحکام کے اوقات میں اس کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ سال سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی، جس کے تحت قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی تھی۔
پاکستان کو اگلے دس سال میں کتنی نوکریاں پیدا کرنا ہوں گی
عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے پاکستانی معیشت کو درپیش وسائل اور مسائل پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو آئندہ دس برسوں میں کم از کم تین کروڑ نئی ملازمتیں پیدا کرنا ہوں گی، ورنہ بے روزگاری کے ساتھ ساتھ بے امنی اور ہجرت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
کراچی میں عالمی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اجے بنگا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر سال 25 سے 30 لاکھ نئی نوکریوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فری لانسرز کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ملک میں موجود کاروباری صلاحیت اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت قرار دیا۔
عالمی بینک کے صدر نے بتایا کہ عالمی بینک پاکستان کے ساتھ سالانہ تقریباً 4 ارب ڈالر کی شراکت داری جاری رکھے گا تاکہ معیشت کے اہم شعبوں میں اصلاحات اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
اجے بنگا نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، خاص طور پر بجلی کا شعبہ سب سے بڑا چیلنج ہے، جس میں فوری اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق سولر انرجی فائدہ مند ضرور ہے، لیکن مجموعی نظام کو مؤثر اور مستحکم بنانا ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نوجوان آبادی کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم نہ کیے گئے تو اس کے اثرات صرف معیشت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ سماجی عدم استحکام اور بیرونِ ملک ہجرت میں بھی اضافہ ہو گا۔
پاک بھارت میچ کے فینز کی وجہ سے بھاری مالی نقصان, سری لنکن رکن پارلیمنٹ
سری لنکن رکن پارلیمنٹ سجیت بریرا نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ دیکھنے کے خواہش مندوں کی بڑی تعداد کے باعث سری لنکا کو بھاری مالی نقصان ہو رہا ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں سجیت بریرا نے بھارت پر غیر منصفانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ نامعلوم شرائط عائد کر رہا ہے۔ انہوں نے 1996 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا آنے سے انکار کر دیا تھا، مگر پاکستانی ٹیم آئی اور میچ کھیلا، جس پر پاکستانی عوام نے فائنل میں سری لنکن ٹیم کی حمایت کی۔
بریرا نے زور دیا کہ سیاست کو کرکٹ سے دور رکھا جانا چاہیے اور بھارت سیاسی دباؤ کے تحت کھیل پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر نظرثانی کی درخواست بھی کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، سری لنکا کرکٹ نے کہا ہے کہ بائیکاٹ کے اعلان سے ملک کے ٹورازم سیکٹر پر منفی اثر پڑا اور بڑی تعداد میں فینز نے ہوٹل کی بکنگ منسوخ کر دی۔








