محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، بعض مقامات پر پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ راولپنڈی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی حفاظت کے لیے ندی نالوں میں نہانے پر پابندی بھی عائد کر دی ہے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے لاہور میں بارش کے باوجود موسم میں حبس برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 جولائی تک ایسی بارشوں کا امکان نہیں جو بڑے پیمانے پر سیلاب کا سبب بنیں، تاہم 29 جولائی سے مون سون کا ایک نیا اور زیادہ وسیع سلسلہ بالائی دریائی کیچمنٹ ایریاز، اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو اپنی لپیٹ میں لے گا، جس سے بارشوں کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عمر عباس میلہ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی ندی نالوں میں اچانک سیلاب اور مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 کے سخت نفاذ کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ عوام کو خطرناک مقامات پر جانے سے روکا جا سکے۔ صوبائی پالیسی کے تحت بارشوں یا سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہےپشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند، خیبر، کرم، کوہاٹ، اورکزئی، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں اور شمالی وزیرستان میں بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ روز پشاور، چراٹ، کالام، مالم جبہ، دیر اور پٹن میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ پٹن میں 14 ملی میٹر، چراٹ میں 7 ملی میٹر، کالام، دیر اور مالم جبہ میں 5،5 ملی میٹر جبکہ پشاور میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی، پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 13 اور کالام میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور قلات میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں 27، ژوب میں 35، سبی میں 39، تربت میں 42، نوکنڈی میں 45، چمن میں 38، جبکہ ساحلی علاقوں گوادر میں 31 اور جیوانی میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اُدھر کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ مطلع جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ بوندا باندی بھی متوقع ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق مجموعی طور پر دریاؤں کی صورتحال قابو میں ہے، اگرچہ دریائے چناب اور راوی کے بعض مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول سے زیادہ ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہے، جبکہ دریائے سندھ میں تربیلا، دریائے کابل میں نوشہرہ اور دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
ڈویژن نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مرالہ کے مقام پر دریائے چناب اور بلوکی کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی سطح نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ دریائے راوی پر سدھنائی کا مقام بلند وارننگ کی حد کے سب سے قریب ہے اسی طرح آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
