Baaghi TV

Author: Khalid Mehmood Khalid

  • جھاڑکھنڈ میں ملنے والا مواد یورینیم نہیں تھا. بھارت

    جھاڑکھنڈ میں ملنے والا مواد یورینیم نہیں تھا. بھارت

    ہندوستان نے جھارکھنڈ کے بوکارو میں گذشتہ ہفتے یورینیم ضبط کرنے سے متعلق پاکستان کے الزامات کو ہندوستان کی شبیہ کو خراب اور داغدار کرنے والا قرار دیتے ہوئے پوری طرح مسترد کردیا ہے. بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے ایک ورچول پریس کانفرنس میں کہا کہ جوہری توانائی کمیشن نے گزشتہ ہفتے بوکارو میں برآمد شدہ مواد کا تجزیہ کیا تو پتہ چلا کہ مذکورہ مواد میں یورینیم یا کوئی اور تابکار مادے شامل نہیں تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ کسی بھی میڈیا رپورٹ کے بارے میں پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے مضحکہ خیز بیانات سے لگتا ہے کہ ان کا مقصد حقائق کی جانچ کیے بغیر صرف ہندوستان کی شبیہ کو داغدار کرنا ہے۔

    مسٹر باگچی نے بتایا کہ ہندوستان کے پاس بین الاقوامی سطح پر کنٹرول شدہ مواد کے لئے ایک سخت قانونی وانضباطی نظام موجود ہے۔

  • مودی ویڈیو کے ذریعے جی۔ 7 ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے

    مودی ویڈیو کے ذریعے جی۔ 7 ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے

    بھارتی وزیراعظم نریندرمودی ویڈیو لنک کے ذریعے 12 اور 13 جون کو برطانیہ میں ہونے والے ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی ۔7 کے توسیعی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے ہندوستان کو جی۔ 7 کے توسیعی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے۔ تفصیلی اجلاس میں بطور مہمان شرکت کے لیے آسٹریلیا ، جنوبی کوریا اور جنوبی افریقہ کے رہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باغچی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم مودی جی۔ 7 کے توسیعی اجلاس میں دوسری بار شرکت کر رہے ہیں۔ اس سے قبل سال 2019 میں انہیں فرانس کی جانب سے اجلاس میں شرکت کی دعوت نامہ موصول ہوا تھا۔

    امریکہ ، جاپان ، برطانیہ ، فرانس ، جرمنی ، اٹلی اور کینیڈا پر مشتمل جی۔ 7 بلاک کے اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی رہنما لندن میں ہیں۔ اس سے قبل وزیر اعظم مودی کو بھی اس اجلاس میں شرکت کے لیے وہاں جانا تھا لیکن کورونا وبا کی وجہ سے وزیر اعظم نے اپنا برطانیہ کا دورہ منسوخ کردیاتھا۔

    ترجمان کے مطابق ، جی ۔7 اجلاس میں کورونا وبا سے نمٹنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • پاک بھارت لائن آف کنٹرول فائربندی معاہدے کے 100 دن مکمل، بھارتی آرمی چیف کا دورہ

    پاک بھارت لائن آف کنٹرول فائربندی معاہدے کے 100 دن مکمل، بھارتی آرمی چیف کا دورہ

    بھارتی فوج کے سربراہ ایم ایم نروانے نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

    دونوں ملکوں کے درمیان فائربندی کے تازہ معاہدے کے سو دن مکمل ہونے پر بھارتی مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقعہ پر بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ اگر پاکستان کی طرف سے فائربندی جذبے تسلسل کے ساتھ جاری رہی اور پاکستان نے اپنی ذمہ داری آئندہ بھی پوری کی تو دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی فضا کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

    بھارتی آرمی چیف نے مزید کہا کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو بھارت اپنے کچھ فوجی دستوں کو فعال علاقے سے واپس بلاسکتا ہے۔ تاہم تمام فوجی دستوں کو اکٹھے واپس نہیں بلایا جاسکتا۔

  • پاکستان نے جون میں بھارتی سکھ جتھوں کی آمد پر پابندی لگادی

    پاکستان نے جون میں بھارتی سکھ جتھوں کی آمد پر پابندی لگادی

    پاکستان نے سکھوں کے پانچویں گورو ارجن دیو کی 415 ویں اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 182 ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارتی سکھ جتھوں کی پاکستان آمد کے اجازت نامے منسوخ کردئے ہیں۔

    گورو ارجن دیو کی برسی کی تقریبات 16 جون سے اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات 27 جون کو لاہور میں منائی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں باغی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامراحمد نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بھارتی سکھوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی تاہم انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ این سی او سی کا ہو گا۔

    ڈاکٹر عامر احمد نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جب کہ پاکستان میں کورونا کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔ بھارتی سکھ جتھوں کی پاکستان آمد سے بھارتی وائرس پاکستان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ دونوں تقریبات میں شرکت کے لئے ہرسال بڑی تعداد میں بھارتی سکھ پاکستان پہنچتے ہیں۔ 

  • بھارت سے آنے والے سفارتی عملہ میں کورونا کی علامات

    بھارت سے آنے والے سفارتی عملہ میں کورونا کی علامات

    بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کے بارہ ارکان گزشتہ روز واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔ باغی ٹی وی کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ان ارکان میں شامل ایک خاتون مسز منجو برجیش کو کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر واہگہ بارڈر پر موجود عملے نے روک لیا اور فوری طور پر پر ان کا ٹیسٹ کروایا گیا۔ان کے پاس بھارت کی طرف سے کورونا منفی ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی موجود تھاتاہم واہگہ کے طبی عملے نے اس بات کی تصدیق کی کہ مسزمنجو برجیش میں کورونا کی ابتدائی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔

    بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ مسز منجو کو پندرہ روز کے لئے قرنطینہ میں رکھا جائے۔ ذرائع کے مطابق واہگہ حکام نے انہیں اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ منجو برجیش کو اسلام آباد جانے کی اجازت دینے کی بجائے بھارت واپس کیوں نہیں بھیجا گیا۔ بھارت میں کورونا کی خطرناک قسم فنگس بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اس کے باوجود اسے اسلام آباد بھیجنا حیران کن بات ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت سے گزشتہ روز 17 افراد نے پاکستان آنا تھا لیکن صرف 12 افراد پاکستان آئے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ باقی 5 افراد میں بھی کورونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جن کی وجہ سے انہیں بھارت میں کورونا منفی ہونے کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیااور وہ پاکستان نہ آسکے۔ 

    دریں اثناباغی ٹی وی نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حکام سے جب رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ بھارت سے آنے والے عملہ کے تمام ارکان اور ان کے اہل خانہ کو گھر میں ہی پندرہ روز کے لئے قرنطینہ کرنے کے احکامات جاری کر دئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے پاک بھارت سرحد بند کر رکھی ہے تاہم ویانا کنونشن کے تحت سفارتی عملہ اور ان کے اہل خانہ کے لئے بارڈر کسی بھی کھولے جا سکتے ہیں۔  

  • بھارت میں آکسجن کے بعد شمشان گھاٹوں کی بھی کمی

    بھارت میں آکسجن کے بعد شمشان گھاٹوں کی بھی کمی

    بھارت نے کورونا کے ایک دن میں سب سے زیادہ نئے کیسوں کے معاملے میں پوری دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا، جب کہ متاثرین کے لیے انتہائی ضروری آکسیجن گیس کی قلت پیدا ہوگئی اور اس ضمن میں بلیک مارکیٹ بھی سرگرم ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شمشان گھاٹوں کی بھی کمی ہو گئی ہے.

    بھارت کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کی وبا کا قہر جاری ہے اور اس میں کمی کے بجائے دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بھارت اس وقت دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ہفتہ کے روز ملک میں تقریباً3 لاکھ 46 ہزار کورونا سے متاثرین کے نئے کیس درج کیے گئے۔ دنیا کے کسی ملک بھی میں ایک دن کے اندر اب تک کا یہ سب سے بڑا اضافہ ہے۔

    جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اس وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک دنیا کے کسی بھی ملک میں ایک دن کے اندر اتنی بڑی تعداد میں لوگ متاثر نہیں ہوئے تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2,624 مزید افراد کی موت بھی ہوگئی۔ یہ اعداد و شمار سرکاری ہیں، جب کہ بعض آزاد ذرائع کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ بھارت میں کووڈ 19 سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ70 لاکھ کے قریب ہے، جب کہ تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

    بھارت میں آکسجن کے بعد اب شمشان گھاٹوں کی بھی کمی ہو گئی ہے.لاشوں کو جلانے کے لئے شمشان گھاٹ میں جگہ نہیں مل رہی.جب کہ ہلاک ہونے والوں کے لواحقین میں سے صرف 4 افراد شمشان گھاٹ جا سکتے ہیں. لوگوں کو ایک ہفتہ انتظار کا کہا جا رہا ہےجس سے لاشوں میں بدبو پھیل رہی ہے اور لوگ ان لاشوں کو گندے نالوں میں بہانے پر مجبور ہورہے ہیں.

  • ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ کا مودی کو خط

    ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ کا مودی کو خط

    بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال اور آکسیجن کی مقدار میں کمی کے پیش نظر پاکستان ایدھی فاونڈیشن نے بھارت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔

    ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارتی وزہراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ بھارت میں کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایدھی فاونڈیشن بھارت عوام کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے

  • بھارت میں پولیس گردی۔ ایس ایچ او نے مسلم خاتون کوزبردستی ہندو بنا کر شادی کرلی

    بھارت میں پولیس گردی۔ ایس ایچ او نے مسلم خاتون کوزبردستی ہندو بنا کر شادی کرلی

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریبی علاقہ نوئیڈا میں ایک تھانہ کے ایس ایچ او منیش چوہان نے مبینہ طور پر ایک 23 سالہ مسلمان خاتون کواغوا کر کے اسے زبردستی ہندو مذہب اختیارکرنے پرمجبور کیااوراس سے شادی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق علاقہ پریاگ راج سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون تقریبا دو ماہ قبل 22 فروری کو لاپتہ ہو گئی۔ خاتون کے گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی اور مقامی تھانے میں رپورٹ بھی درج کرائی لیکن خاتون کی بازیابی میں کامیابی نہ ہوسکی۔

    گزشتہ روز مذکورہ خاتون مقامی عدالت میں پیش ہو گئی جہاں اس نے بیان دیا کہ اس نے اسلام کو چھوڑ کر ہندو مذہب اختیار کر لیا ہے اور اپنی مرضی سے منیش سے شادی کر لی ہے۔ اس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ اپنے والدین کے گھر نہیں جانا چاہتی جب کہ اب اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او منیش نے اسے زبردستی عدالت میں پیش کرایا اور اپنے حق میں بیان دلوایا جب کہ اس کی عدالت میں پیشی کے وقت پولیس کے کئی سپاہی وہاں موجود تھے جو اس خاتون کو کسی سے بھی ملنے سے روکنے کے لئے عدالت میں آئے تھے۔ عدالت نے خاتون کو اپنے ہندو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔ 

  • بھارت نے غلطی سے سرحد پار کرنے والے پاکستانی کو گولی مار دی

    بھارت نے غلطی سے سرحد پار کرنے والے پاکستانی کو گولی مار دی

    بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے غلطی سے پاک بھارت لائن آف کنٹرول پار کر کے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے والے پاکستانی شہری کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ بھارتی بی ایس ایف کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بارڈر پوسٹ نمبر 942 کے قریب 40 سالہ پاکستانی شہری شبیر مبینہ طور پراچانک سرحد پار کر کے بھارتی علاقے میں چلا گیاجسے روکنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ مسلسل آگے بڑھتا رہا۔ بی ایس ایف کے حکام نے اس پر گولی چلا دی جس سے وہ زخمی ہو کر وہیں گر گیا جسے گرفتار کرلیاگیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق شبیرکی تلاشی لی گئی لیکن اس سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا۔ ڈرائع کے مطابق شبیر کا ذہنی توازن درست معلوم نہیں ہوتا تاہم بھارتی حکام مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ بھارتی فورسز نے اس حوالے سے فوری طور پر پاکستانی حکام سے رابطہ کیا اور انہیں مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا۔

  • بیساکھی میلہ: بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد متوقع

    بیساکھی میلہ: بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد متوقع

    سکھ مذہب کے بیساکھی میلہ کی تقریبات چودہ اپریل سے حسن ابدال میں شروع ہوں گی۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے ، تقریبات میں ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد کرایا جائے گا۔ تین روزہ تقریبات کی مرکزی تقریب چودہ اپریل کو حسن ابدال ہوگی ، بھارتی مہمان پہلی مرتبہ کرتار پور قیام کریں گے اس کے بعد ننکانہ صاحب، لاہور، سچاسودا سمیت تمام مذہبی مقامات پر حاضری دیں گے۔

    پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کا اجلاس چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کے زیر صدات بورڈ آفس میں گذشتہ روز منعقد ہوا جس میں پردھان سردار ستونت سنگھ، جنرل سیکرٹری سردارامیر سنگھ، بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز طارق وزیراور چاروں صوبوں سے سکھ ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں بیساکھی میلہ کی تقریبات کے سلسلے اہم فیصلے کیے گئے۔

    ترجمان بورڈ عامر ہاشمی کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ نے بیساکھی میلہ کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں اورچیئرمین بورڈ سمیت سکھ رہنماﺅں نے ان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ طارق وزیر کی سربراہی میں ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل اوردیگر افسران بیساکھی میلہ کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں ۔ کرونا وائرس کی وجہ سے بیساکھی میلہ کے دوران ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں ہم اپنی اقلیتوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔ سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات فول پروف ہوں گے۔ رہائشیوں کی رہائشی، ٹرانسپورٹ، قیام و طعام ، میڈیکل کے انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں۔