بھارتی خفیہ اداروں کی نشاندہی پر ریاست ہریانہ کے شہرریواڑی میں ملٹری انجینئرنگ سروسز کے ایک سویلین ملازم کو گرفتار کر لیا گیااور اس پرمضحکہ خیز الزام لگایا گیا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے پاکستان کی ملٹری انٹیلی جنس سے تعلق رکھنے والی ایک اہم خاتون سےفیس بک پر رابطے میں ہے اور انہیں اہم نوعیت کی معلومات فراہم کرتا رہا ہے۔ یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ ہریانہ کے مہیش کمار کو لکھنئو ملٹری انٹیلی جنس کی نشاندہی پر ہریانہ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس نے گرفتار کیا ہے جب کہ ہریانہ کے انٹیلی جنس ادارے ڈھائی سال تک مہیش کے رابطوں سے بے خبر رہے جب کہ مہیش پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر پاکستان ملٹری انٹیلی جنس سے کئی مواقع پررقم بھی وصول کرتا رہا۔ہریانہ پولیس نے مہیش کے کمپیوٹر اور اس کا موبائل فون قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے جب کہ اسے ” آپریشن میڈم جی” کا نام دیا گیا ہے۔
Author: Khalid Mehmood Khalid

چین نہیں بلکہ بھارت اور ترنگا سکھوں کا اصل دشمن ہے۔
امریکہ میں قائم سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس کے سربراہ سردار گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ چین کے خلاف کارروائیاں کرنے کے لئے بھارتی حکومت سکھ فوجیوں کو لائین آف ایکچوئل کنٹرول پر تعینات کر رہی ہے اور انہیں ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

لداخ میں چینی فوج کے خلاف لڑنے والے بھارتی سکھ فوجیوں کے نام ایک ویڈیو پیغام میں سردار گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ چین سکھوں کا دشمن نہیں بلکہ بھارت اور ترنگا سکھوں کا اصل دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی ترنگا ہے جسے 1984 میں بھارتی فوج نے امرتسر میں سکھوں کے مقدس دربار صاحب کو منہدم کرکے وہاں لہرایا تھا جب کہ سکھوں کی نسل کشی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ کانپور میں سکھ فوجی جوان کے 13 دن کے بچے کو دھکتے تندور میں بھون دینے کا واقعہ سکھ فوجی کیسے بھول سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی ترنگے کے سائے تلے دہلی میں سکھوں کی ماوں بہنوں اور بیٹیوں کی سرعام عزتیں پامال کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بھارت اسی ترنگے تلے سکھ فوجیوں کو ورغلا رہا ہے اور انہیں ڈھال بنا کر بارڈر پر لڑنے کے لئے بھیج رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جن فوجیوں کو بارڈر پر بھارتی فوج استعمال کر رہی ہے ان کے خاندان کےمکمل افراد کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔ ان کی عزت کوپامال کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سال نومبر میں خالصتان کے قیام کے لئے عالمی ریفرنڈم کروا رہے ہیں۔ انہوں نے سکھ فوجیوں سے اپیل کی کہ وہ ہتھیاروں کو چھوڑ کر سکھ فار جسٹس کے سفیر بن جائیں انہیں جتنی تنخواہ بھارت میں ملتی ہے وہ انہیں اس سے دس ہزار روپے زیادہ دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج اس بات کاموقعہ آگیا ہے کہ سکھ فوجیوں کو بتایا جائے کہ چین ان کا دشمن نہیں بلکہ ان کااصل دشمن بھارت اور ترنگا ہے۔
نریندر مودی جمعرات کو 70 سال کے ہوگئے
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو 70 سال کے ہوگئے اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے ان کی سالگرہ کے موقع پر پیر (14 ستمبر) سے تین ہفتوں تک جاری رہنے والے ملک گیر پروگراموں اور تقریبات کا اعلان کیا ہے جو دو اکتوبر تک جاری رہیں گے ۔
اس موقع پر وزیر اعظم کی طرف سے تقریبا تین دہائیوں قبل لکھے گئے خطوط کا مجموعہ بھی جاری کیا جائے گا۔ ’لیٹرٹو مدر ‘ (جگت جننی) کو مخاطب خط کے اس مجموعے میں انہوں نے اپنے مقاصد اور خدشات کے تعلق سے تفصیل سے لکھا ہے۔
تین ہفتوں تک جاری رہنے والے اس پروگرام کے تناظر میں کئی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا جس میں بی جے پی کی پلاسٹک مخالف مہم کے تحت ملک کے دیہی علاقوں میں لوگوں کو کپڑے سے تیار کردہ تھیلے فراہم کئے جائیں گے۔
بی جے پی کی جانب سے مسٹرمودی کی سالگرہ کے موقع پر خون عطیہ کیمپ ، مفت آنکھوں کی جانچ کے کیمپ ، چشمے تقسیم کرنے کے پلازمہ عطیہ کیمپوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
بھارت چین کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گا
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج پھر ملک کو یقین دہانی کروائی کہ بھارت مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول پر شریک حیثیت بدلنے کی چین کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ کسی بھی قیمت پر ملک کی پیشانی نہیں جھکنے دی جائے گی۔ مشرقی لداخ کی صورتحال پر راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کو سیاسی، سفارتی اور فوجی سطح پر بھارت کے موقف سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ بھارت تمام مسائل کو پرامن مذاکرات سے حل کرنے کاحامی ہے لیکن ایل اے سی پر شریک حیثیت کو بدلنے کی کسی بھی یکطرفہ کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا،’ ہم نے چین کو سفارتی اور فوجی چینل کے توسط سے آگاہ کروا دیا کہ چین کی سرگرمیاں شریک حیثیت کو یکطرفہ بدلنے کی کوشش ہیں۔ یہ بھی واضح کر دیا گیا کہ یہ کوشش ہمیں کسی بھی طور منظور نہیں ہے‘۔
"چھوڑ گئے بالم مجھے ہائے اکیلا چھوڑ گئے”
فلمی صنعت کی 1949 میں بننے والی مقبول ترین فلم برسات کے گانے "چھوڑ گئے بالم مجھے ہائے اکیلا چھوڑ گئے”سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کرنے والے نغمہ نگار اقبال حسین المعروف حسرت جے پوری کی 21ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

حسرت جے پوری 17 ستمبر 1999 کو 77 سال کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئے تھے۔ 15 اپریل 1922 کو جے پور میں پیدا ہونے والے اقبال حسین عرف حسرت جے پوری کو شاعری ورثے میں ملی۔ ان کے نانا فدا حسین فدا مشہور شاعر تھے۔ لیکن شعرو شاعری کو اپنے ساتھ رکھنے کے لئے حسرت کو جو جدوجہد کرنی پڑی وہ سب کے لئے ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے 20 سال کی عمر میں شاعری شروع کی۔ حسرت جے پوری نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز فلم برسات کے دو گانوں سے شروع کیا۔جیا بے قرار ہے چھائی بہار ہے، آجا مورے بالما تیرا انتظار ہے، کی زبردست مقبولیت کے بعد انہوں نے کئی فلموں کے لئے گیت لکھے جو ان فلموں کی کامیابی کا باعث بنے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں اپنے ہمسائے کی ایک ہندو لڑکی رادھا سے محبت ہو گئی تو انہوں نے اس کا اظہار ایک خط لکھ کر کرنا چاہا۔ خط میں انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار صرف ایک شعر کی شکل میں کیا۔ "یہ میرا پریم پتر پڑھ کر، کہ تم ناراض نہ ہونا”۔ تاہم اس لڑکی نے تواس خط کاجواب نہیں دیالیکن راج کپور نے یہی شعر 1964 کی فلم سنگم میں ایک گیت کی شکل میں لے لیا۔ فلموں میں جب بھی ٹائٹل گیتوں کا ذکر ہوتا ہے، نغمہ نگار حسرت جے پوری کا نام سر فہرست آجاتا ہے۔ ویسے تو حسرت جے پوری نے ہر طرح کے گیتوں میں طبع آزمائی کی لیکن فلموں کے ٹائٹل گیت لکھنے میں انہیں کمال کی مہارت حاصل تھی۔ فلموں کے سنہری دور میں ٹائٹل گیت لکھنا بڑی بات سمجھی جاتی تھی۔ فلم سازوں کوجب بھی ٹائٹل گیت کی ضرورت ہوتی تھی، سب سے پہلے حسرت جے پوری سے رابطہ کیا جاتا تھا۔ان کے تحریر کردہ ٹائٹل گیتوں نے کئی فلموں کوکامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 1966 میں انہیں فلم سورج کے گیت بہارو پھول برساو میرا محبوب آیا ہے، پر فلم فئیر ایوارڈ دیا گیا۔ حسرت جے پوری کے دو بیٹے اختر اور آصف ان دنوں ممبئی میں پراپرٹی کا کام کر رہے ہیں جب کہ ان کی بیٹی کشور رحیم یار خان میں گھریلو زندگی بسر کر رہی ہیں۔
بھارتی وزیر دفاع کے سر پر چاند ستارہ بن گیا
بھارتی پارلیمینٹ کے اجلاس کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی تقریر کے دوران ان کے سر پر پڑنے والے روشنی سے چاند ستارہ بن گیا۔ چاند ستارہ پاکستان کے جھنڈے پر بنا ہوا ہے

مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی
شنگھائی تعاون تنظیم کے این ایس ایز اجلاس میں بھارت کی جانب سے اٹھائے جانے والے بلاجواز اعتراض پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اہم بیان۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس کچھ دن قبل ماسکو میں ہوا جس میں مجھے بھی شرکت کا موقع ملا۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں یہ اصول طے ہے کہ اس فورم پر دو طرفہ معاملات کو نہیں اٹھایا جا سکتا۔ دو طرفہ معاملات کیلئے سائیڈ لائن ملاقاتیں طے ہوتی ہیں۔ ہم نے ایس سی او کے قواعد کی پاسداری کی۔ بھارت نے اس قاعدے کی خلاف ورزی کی اور دو طرفہ معاملے پر اعتراض اٹھایا۔ کل شنگھائی تعاون تنظیم کے این ایس ایز کا اجلاس تھا جس میں بھارت نے پاکستان کے نقشے پر اعتراض اٹھایا جسے مسترد کر دیا گیا چنانچہ اسے ندامت اٹھانا پڑی۔ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے،اقوام متحدہ کی اس ضمن میں قراردادیں موجودہیں۔ روس نے اجلاس کے میزبان کی حیثیت سے بھی بھارت کے نقطہ نظرکو تسليم نہيں کيا۔ بھارت کے سیکورٹی ايڈوائزر نے اجلاس سے واک آؤٹ کي دھمکی دی اور پھر واک آؤٹ کیا۔ بھارت اپنے رويے سے ہر فورم پر اپنی ساکھ کھو رہا ہے۔ لداخ کے حوالے سے چین نے بھارت کو بارہا گفتگو کے ذریعے معاملات کو سلجھانے کی پیشکش کی۔ لیکن بھارت نے وہاں بھی جارحیت کا راستہ اختیار کیا اور بھر اسے سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کی جارحانہ حکمت عملی کو چين نے تسليم نہيں کيا۔ چين نے بھارت کو جارحيت پر جواب دیا

بھارت نے پاکستان کے نقشے پر اعتراض کرکے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ زاہدحفیظ کا بھارتی وزارت خارجہ امور کے بیان پر ردعمل
پاکستان، شنگھاٸی تعاون تنظیم کو علاقاٸی تعاون کے لئے اہم پلیٹ فارم سمجھتے ہوئے اس کے ساتھ وابستہ ہے۔ ہم شنگھاٸ تعاون تنظیم کے چارٹر کے تحت تعمیری اور مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم اپنے کسی ملک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو شنگھاٸ تعاون تنظیم پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج شنگھاٸی تعاون تنظیم کے این ایس ایز کے اجلاس میں بھارت نے پاکستان کے نقشے پر اعتراض کرکے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔نقشہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتاہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہم اس معاملے میں بھارت کے بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں
جودھ پورمیں11پاکستانیوں کا قتل: پاکستان ہندو کونسل کاانڈین ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان
جودھ پور انڈیا میں گیارہ پاکستانی ہندو تارکین وطن کی پراسرار موت، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ویڈیو پیغام جاری کردیا۔ رکن قومی اسمبلی اورپاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے ایک ویڈیو بیان میں پاکستانی ہندو گھرانے کی موت کو افسوسناک سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہندو شرنارتھیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے فارن آفس سے بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمارنے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت تحقیقاتی رپورٹ پاکستان سے فوری طور پر شیئر کرے۔ انہوں نے پاکستان ہندو کونسل کی طرف سے بھارتی حکومت کو پانچ دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہندو کونسل ڈپلومیٹک انکلیو میں انڈین ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی دھرنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خاندان کا ایسے مارا جانا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کو پوسٹ مارٹم اور ایف آئی آر کی کاپی فراہم نہیں کی گئی جب کہ پاکستانی ہائی کمیشن کو رسائی نہ دینا شکوک وشبہات کو جنم دیتا ہے۔ پاکستان ہندو کونسل نے افسوس ناک سانحہ کے فوراً بعد مظلوم گھرانے کیلئے آوازبلند کی۔ایک ماہ گزرگیا لیکن کوئی معلومات شیئرنہیں کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ اس افسوس ناک سانحہ کوعالمی سطح پراٹھانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمارنے واضح کیا کہ مظلوم ہندو کمیونٹی کیلئے آواز اٹھانا پاکستان ہندو کونسل کا فریضہ ہے۔ بھارتی حکومت اپنی سرزمین پر موجود تمام پاکستانی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

بھارت امریکہ 17 ویں انسدادِ دہشت گردی مشترکہ ورکنگ گروپ کے اعلامیے پر پاکستان کا ردعمل
پاکستان، بھارت- امریکہ مشترکہ ورکنگ گروپ برائے انسداد دہشت گردی کے 17 ویں اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کے بلاجواز حوالے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اس حوالے سے اپنے تحفظات امریکی متعلقہ حکام تک پہنچا دیے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام شریک ممالک جنوبی ایشیائی خطے کے امن و امان سے جڑے مسائل کا تذکرہ، زمینی حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے کریں اور یک طرفہ اور حقائق کے منافی آراء سے احتراز کریں۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اس حقیقت سے اچھی طرح باخبر ہے کہ پاکستان ہندوستان کی ایما اور معاونت پر مبنی سرحد پار سے ہونیوالی دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ عالمی برادری پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کاوشوں، قربانیوں اور ان کے نتیجے میں حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو بھی تسلیم کرتی ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس امر کا بارہا اظہار کر چکا ہے کہ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر گامزن بی جے پی سرکار کا غیر ذمہ دارانہ رویہ، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک، مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی، اورپاکستان اور خطے کے دیگرممالک کےخلاف بھارت کاجارحانہ سلوک، پورے جنوبی ایشیائی خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔ عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ خطے کے امن و استحکام کے منافی روش اپنانے سے باز رہے۔











