Baaghi TV

Author: Khalid Mehmood Khalid

  • چینی ایپس پر پابندی کے باوجود بھارت چینی کمپنیوں سے چندہ لیتا رہا

    چینی ایپس پر پابندی کے باوجود بھارت چینی کمپنیوں سے چندہ لیتا رہا

    بھارت میں پی ایم کیئرس فنڈ کا طرزعمل شفاف نہیں ہے اور اس کوآر ٹی آئی ایکٹ کے دائرے سے بھی باہر کر دیا گیا، جس کی وجہ سے پتہ نہیں چل پا رہا ہے کہ واقعی یہ فنڈ کس طرح سے کام کر رہا ہے، کون اس میں چندہ دے رہا ہے اور اس جمع رقم  کو کن کن کاموں  میں خرچ کیا جا رہا ہے؟ بھارتی میڈیا رپورٹس اور کمپنی کے بیانات  کامطالعہ  کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ کم سے کم پانچ چینی کمپنیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے پی ایم کیئرس فنڈ میں چندہ  دیا ہے یا دیں گے۔چندےکی تفصیلات کچھ یوں ہیں۔ چینی نیٹ ورکنگ اور ٹیلی کام کمپنی ہواوےنے بھی فنڈ میں سات کروڑ روپے دینے کو کہا تھا۔ قبل میں ایسی کئی رپورٹس آئی ہیں جو یہ دکھاتی ہیں کہ ہواوے چین کی پیپلز لبریشن آرمی سے براہ راست  جڑی ہوئی ہے۔اس کے علاوہ چینی موبائل فون کمپنی شاؤمی، جس نے حال ہی میں یہ بتایا ہے کہ وہ ہندوستان میں فون بناتی ہے، اس نے کہا کہ اس نے پی ایم کیئرس فنڈ اورملک  بھر کے مختلف وزرائے اعلی ریلیف فنڈز کو 10 کروڑ روپے دیے تھے۔ دو دیگر چینی موبائل فون برانڈ (اوپو اور ون پلس) جو کہ ایک ہی کمپنی کے ہیں، اس نے بھی وزیراعظم مودی کے پی ایم کیئرس فنڈ میں ایک ایک کروڑ روپے کاچندہ دیا ہے۔جیسا کہ نیچے دےگئےٹیبل میں دکھایا گیا ہے کہ تین مشہور ہندوستانی کمپنیاں، جس میں بہت زیادہ چینی سرمایہ نہیں ہے، انہوں نے بھی فنڈ میں چندہ  دیا ہے۔ پی ایم کیئرس فنڈ میں چندہ دینے کے زیادہ تراعلانات اپریل 2020 میں کیے گئے تھے۔ اس کے کچھ ہی ہفتوں بعد چین اور ہندوستان کے بیچ حالات کشیدہ  ہونے کی خبریں آئی تھیں۔

  • پاک بھارت سفارتی تعلقات آج تاریخ کی کم ترین سطح پر آجائیں گے

    پاک بھارت سفارتی تعلقات آج تاریخ کی کم ترین سطح پر آجائیں گے

    بھارتی مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور دنیا کی تاریخ کے بد ترین لاک ڈاون کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات آج تاریخ کی کم ترین سطح پر آجائیں گے جب بھارتی حکومت کے فیصلے کے مطابق نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کے 140 کے قریب سفارتکاروں اور افسروں کی پاکستان واپسی ہو جائے گی۔ فیصلوں کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کےسفارتی عملے کے 8 ارکان سمیت 38 ملازمین پاکستان سے واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔ دونوں ملکوں کے ہائی کمیشن کے ان افراد کی واپسی کے لئے لاہور کے قریب واہگہ اٹاری بارڈر خصوصی طور پر کھولا جائے گا۔ بھارتی سفارتی عملہ کرائے کی گاڑیوں میں سوار ہو گا اور واہگہ بارڈر پر رکے بغیر انہی گاڑیوں میں سرحد عبور کرے گا جب کہ یہی گاڑیاں عملے کو امرتسر ہوائی اڈے پر چھوڑ کر واپس لاہور پہنچیں گی۔ یہاں اہم امر یہ ہے کہ بھارتی سفارتی ملازمین اور عملہ کے ارکان کی اکثریت بھارتی خفیہ اداروں سے تعلق رکھتی ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کے ہر واقعہ سے ان کا براہ راست تعلق ثابت بھی ہو چکا ہے۔ مختلف تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مظلوم عوام کو دہشت گردی سے بچانے کے لئے بھارتی عملے کی بھارت واپسی وقت کی اہم ضرورت تھی۔

  • بھارتی شہریوں کی وطن واپسی دوبارہ موخر

    بھارتی شہریوں کی وطن واپسی دوبارہ موخر

    بھارت میں مسلسل لاک ڈاون اور پاک بھارت سرحدیں بند ہونے کے باعث پاکستان میں پھنسے ہوئے 300 کے قریب بھارتی شہریوں کی بھارت واپسی کی امیدیں ایک بار پھر دم توڑ گئیں۔ بھارتی ہائی کمیشن کی ایک سینئر افسر نے بھارتی شہریوں کی اسی ہفتے واپسی کی نوید سنادی تھی تاہم اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ بھارتی شہریوں کی واپسی کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جب کہ ابھی ان شہریوں کی واپسی کی تاریخ طے نہیں کی گئی۔ ترجمان نے جنگ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت واپس جانے والے شہری بھارت کے مختلف شہروں سے تعلق رکھتے ہیں جب کہ ابھی مختلف شہروں میں لاک ڈاون ختم نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ جب تیاریاں مکمل ہو جائیں گی تو اس کے بعد پاکستانی دفتر خاجہ کو بھی مطلع کردیا جائے گا جو اپنا پروسیجر 5 ورکنگ دنوں میں مکمل کرنے کے بعد ہائی کمیشن کے حکام کو مطلع کریں گے جس کے بعد بھارتی شہری اپنے وطن روانہ ہو سکیں گے۔

    300 بھارتی شہریوں کے لئے خوش خبری

  • 300 بھارتی شہریوں کے لئے خوش خبری

    300 بھارتی شہریوں کے لئے خوش خبری

    بالآخر بھارت کو پاکستان میں پھنسے ہوے اپنے شہریوں پر ترس آہی گیا. بھارت نے لاک ڈاون اور پاک بھارت سرحد بند ہونے کے باعث پاکستان کے مختلف شہروں میں موجود 300 کے قریب بھارتی شہریوں کوہفتہ کے روز اپنے وطن جانے کی اجازت دے دی. ہفتہ کے روز پاک بھارت واہگہ اٹاری سرحد ایک بار پھر خصوصی طور پر کھولی جا رہی ہے جہاں سے 300 بھارتی شہری اپنے ملک روانہ ہوں گے. ان شہریوں میں پاکستان میں زیر تعلیم 80 کے قریب کشمیری شہری بھی شامل ہیں جو لاہور کی مختلف تعلیمی درس گاہوں میں زیر تعلیم ہیں. اس کے علاوہ 10 بھارتی شہری اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہیں جب 12 ننکانہ صاحب میں اپنے عزیزواقارب کے ہمراہ رہ رہے ہیں . باقی دو سو کے قریب بھارتی شہری کراچی اور سندہ کے مختلف شہروں میں موجود ہیں. یہ تمام شہری کورونا وائرس کی وجہ سے بھارت میں لاک ڈاون اور پاک بھارت سرضدیں بند ہونے وجہ سے پاکستان میں پھنس گئے تھے جنہوں نے کئی مرتبہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے اپنے وطن واپسی کے لئے رابطہ کیا لیکن بھارت نے نا معلوم وجوہات کی بنا پر انہیں بھارت جانے کی اجازت نہیں دی. اس وقت بھارت نے اپنے 300 شہریوں سے انڈر ٹیکنگ فارمز پر دستخط کروائے ہیں جس کے بعد انہیں بھارت جانے کی اجازت دی جارہی ہے. پاکستانی حکام نے بھارت کے ان تمام شہریوں کو بحفاطت واہگہ بارڈر پہنچانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جب کہ بھارتی شہری جمعہ کی رات تک لاہور پہنچ جائیں گے جہاں سے وہ ہفتہ کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے اپنے ملک روانہ ہو جائیں گے.

  • بدعنوانی کا معاملہ، بی جے پی کے صدرنے استعفیٰ دے دیا۔

    بدعنوانی کا معاملہ، بی جے پی کے صدرنے استعفیٰ دے دیا۔

    بھارت ریاست ہماچل پردیش حکومت کے ذریعے کو رونا وائرس کی روک تھام کے لیے خریدے گئے طبی آلات میں بدعنوانی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد بی جے پی کے ریاستی صدرڈاکٹر راجیو بندل نے ‘اخلاقی بنیاد’ پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ چار مہینے پہلے ہی ریاست میں بی جے پی صدر کی کمان سنبھالنے والے 65 سالہ بندل نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسر پربدعنوانی کے مبینہ الزامات کی پوری جانچ یقینی بنانے کے لیے وہ اپناعہدہ چھوڑ رہے ہیں۔انہوں نے اس معاملے سے کسی طرح کا تعلق ہونے سے بھی انکار کیا ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جےپی نڈا کو بھیجے استعفیٰ میں بندل نے کہا کہ وہ اخلاقی بنیاد پر اپنا استعفیٰ دے رہے ہیں۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، نڈا نے بندل کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ بندل کا استعفیٰ محکمہ صحت کے ڈائریکٹر اجئے کمار گپتا کی گرفتاری کے ایک ہفتے بعد آیا ہے۔ اسٹیٹ ویجیلنس اینڈ اینٹی کرپشن بیورو نے 43 سیکنڈ کا ایک آڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد گپتا کو 20 مئی کو گرفتار کیا تھا۔آ ڈیو کلپ میں گپتا ایک دوسرے شخص سے پانچ لاکھ روپے کی رشوت کا مطالبہ کر رہے تھے۔ بندل پانچ بارایم ایل اے رہے ہیں۔ وہ آیورویدک میڈیسن اور سرجری میں گریجویٹ ہیں۔ وہ سولن سے تین بار ایم ایل اے چنے گئے ہیں اور ناہن سے دوبارہ ایم ایل اے بنے تھے۔

  • سنیما گھروں کے لئے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، ایک نیامسئلہ

    سنیما گھروں کے لئے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، ایک نیامسئلہ

    بھارت میں کو رونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن کے دوران امیتابھ بچن اور آیوشمان کھرانہ کی نئی فلم ‘گلابو ستابو’ سنیما گھروں کے بجائے اب آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم کے ساتھ ساتھ کچھ اور فلمیں ہیں، جو اب انہیں پلیٹ فارمز پر ریلیز ہونے والی ہیں۔ ایسے میں سنیما گھروں کے سامنے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز نے نیامسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔ کو رونا وائرس کے پیش نظر پورے بھارت میں 25 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذکیا گیا تھا اور اب اس میں مسلسل چوتھی باراضافہ کرتے ہوئے اسے31 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے.لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے ہفتہ دس دن پہلے ہی وائرس سے تحفظ کی کوششوں کے
    تحت لوگوں کو ایک جگہ جمع ہونے سے روکنے کے لیے مختلف ریاستوں میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا تھا۔ ساتھ ہی احتیاط کے تحت مختلف ریاستوں میں سنیما گھراورملٹی پلیکس بھی بند کردیےگئے تھے۔ اس طرح سنیما گھر اور ملٹی پلیکس کو بند ہوئے تقریباً تین مہینے سے کچھ زیادہ وقت گزر چکا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دوسرے کاروبار کی طرح دنیا کی دوسری بڑی فلم انڈسٹری بھی بری طرح متاثر ہے۔اسی دوران انڈسٹری سے ایک خبر آئی کہ امیتابھ بچن اور آیوشمان کھرانہ کی ایکٹنگ سے سجی اور شوجیت سرکار کی ہدایت میں بنی فلم ‘گلابو ستابو’ سنیما گھروں کےبجائے اب آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم امیزان پرائم پر ریلیز ہو رہی ہے۔اس خبر نے ایک بار پھریہ سوال اٹھا دیا ہے کہ ملٹی پلیکس کی وجہ سے جس طرح سنگل اسکرین سنیما گھر لگ بھگ ختم ہو گئے، کیا نیٹ فلیکس، امیزان پرائم، ڈزنی ہاٹ اسٹار جیسے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم آنے کی وجہ سے کچھ ویسا ہی مستقبل اس کا ہونے والا ہے؟ گزشتہ چار مئی کو ہی دی ملٹی پلیکس ایسوسی ایشن آف انڈیا(ایم اے آئی)نے اسٹوڈیو پارٹنر، پروڈیوسر، اداکاروں اور فلم انڈسٹری میں اپنی خدمات دینے والے دوسرے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنی فلموں کی ریلیزکو روک کر رکھیں اور ایک بار جب سنیما گھر کھل جائیں تو وہیں ریلیز کریں۔ تنظیم کی یہ اپیل ان قیاس آرائیوں کے بعد آئی تھی، جس میں کہا جا رہا تھا کہ اکشے کمار کی فلم ‘لکشمی بامب’ سمیت کچھ فلموں کو سیدھے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ گلابو ستابو کے ڈیجیٹل ریلیز کے اعلان پربھارت کے سب سے بڑے آئی ناکس اور پی وی آر جیسے ملٹی پلیکس چین نے بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔آئی ناکس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سنیما اوراس کو بنانے والے ہمیشہ باہمی منافع کی خاطر کام کرتے ہیں. ایک بیان میں آئی ناکس نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شیئر ہولڈرز میں سے ایک کے ذریعے اس طرح کا قدم اٹھانا پریشان کن ہے۔بالخصوص اس وقت جب ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ پی وی آر پکچرز کے سی ای او کمل گیان چندانی نے کہا ہے ہماری اپیل کے بعد بھی فلم کے پروڈیوسرزکی طرف سے فلم گلابو ستابو کو ڈیجیٹل ریلیز کئے جانے کے فیصلے سے ہمیں بے حد مایوسی ہوئی ہے۔
    یہ پہلی بارنہیں ہے کہ کوئی فلم براہ راست امیزان یا نیٹ فلکس پر ریلیز ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے رشی کپور کی فلم ‘راجما چاول’ اور ‘مرد کو درد نہیں ہوتا’ جیسی لو بجٹ فلمیں سیدھے آن لائن پلیٹ فارم پر ریلیز ہوئی ہیں۔گلابو ستابو بڑی فلم ہے۔ کہا جارہا تھا کہ لاک ڈاؤن کے بعد اس فلم کی ریلیز سے سنیما گھروں کو نئی جان مل سکتی تھی۔ انڈین ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے فلم ایکزبٹر اکشے راٹھی نے کہا کہ گلابو ستابو کی اسٹار کاسٹ بڑے پردے پر جادو جگا دیتی۔ وہ کہتے ہیں، ‘فلم میں امیتابھ بچن اورآیوشمان کھرانہ ایک ساتھ آ رہے ہیں۔ یہ فلم باکس آفس پر 100 کروڑ روپے کی حد پار کر لیتی۔ راٹھی نے کہا یہ صحیح ہے کہ کوئی بھی فلم اس کے پروڈیوسر کے بیٹے کی طرح ہوتی ہے اور اس کو اختیار ہوتا ہے کہ وہ اس کو جہاں مرضی ریلیز کر دے، لیکن یہ ایک مثال ہے، جس کا بڑے پردے پر سنیما دکھانے کی روایت منفی اثرمرتب ہوگا۔ واضح رہے کہ اچانک لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں عرفان خان کی آخری فلم ‘انگریزی میڈیم’ اور ‘باغی 3’ کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا تھا، جس کے بعد انہیں فوراً آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کر دیا گیا۔اس لیگ میں ‘گلابو ستابو’ اکیلی فلم نہیں ہے۔ ودیا بالن کی فلم ‘شکنتلا دیوی: ہیومن کمپیوٹر’، ساؤتھ انڈین اداکارہ جیوتیکا کی فلم ‘پونمگل وندھل’، تمل فلم ‘پینگئن’، کنڑ فلم ‘آل’ اور ‘فرینچ بریانی’، ملیالم فلم ‘سوفیم سجاتیم’ بھی امیزان پرائم پر ریلیز ہونے والی ہیں۔

  • ٹرین میں کھانا اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے خاتون کی موت

    ٹرین میں کھانا اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے خاتون کی موت

    بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران خصوصی ریلیف ٹرینوں میں مسافروں کو کھانا اور پانی نہ ملنے کی خبریں لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔ ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آیا ہے، جس میں ایک خاتون ریلوے اسٹیشن پر پڑی ہیں۔ ان کے اوپر ایک چادر ہے اور ان کا ڈھائی سالہ چھوٹا سا بچہ چادر کھینچتے ہوئے ماں کو اٹھانے کی کوشش کرتا ہوا نظر آتا ہے لیکن اسے معلوم نہیں کہ اس کی ماں نہ اٹھنے کے لئے سو گئی ہے.مبینہ ظور پرٹرین میں کھانا اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے اس خاتون کی موت ہو چکی تھی۔ ان کا نام اروینہ خاتون (35) تھا اور وہ کٹیہار کی رہنے والی تھیں۔ وہ اپنے بہن بہنوئی کے ساتھ شرمک ایکسپریس سے احمدآباد سے بہار آ رہی تھیں۔


    گزشتہ اتوار کو وہ ٹرین میں سوار ہوئی تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق کھانا اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے ٹرین میں خاتون کی حالت خراب ہو گئی۔ سوموار دوپہر قریب 12 بجے ٹرین میں اس نے دم توڑ دیا۔مظفر پور جنکشن پر دوپہرتین بجےکے قریب ریلوے پولیس نے خاتون کی لاش ٹرین سے اتاری ۔لاش کو جب پلیٹ فارم پر رکھا گیا تب ان کا ڈھائی سال کا بچہ لاش سے چادر کھینچتے ہوئے انہیں جگانے کی کوشش کرنے لگا۔ حالانکہ ریلوے نے بھوک سے موت ہونے کی بات سے انکار کیا ہے۔ ریلوے کے ڈپٹی ایس پی رماکانت اپادھیائے نے کہا کہ خاتون احمدآباد سے آ رہی تھی۔ خاتون کی مدھوبنی میں موت ہو گئی۔ اس کی بہن نے بتایا کہ اچانک ہی خاتون کی موت ہو گئی۔ انہوں نےمزید کہا کہ ٹرین میں کھانے اور پانی کی کوئی پریشانی نہیں تھی۔ خاتون کو پچھلے ایک سال سے کوئی بیماری تھی اور وہ ذہنی طور پر بھی ٹھیک نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی موت کی اصل وجہ ڈاکٹر ہی بتا سکتے ہیں۔

  • کورونا وباءاوراس کے بعد کی صورتحال پر اعلی سطحی ایف ایف ڈی تقریب

    کورونا وباءاوراس کے بعد کی صورتحال پر اعلی سطحی ایف ایف ڈی تقریب

    وزیراعظم عمران خان کورونا وباءاور اس کے بعد کے دور میں ترقی کے لئے سرمایہ کاری سے متعلق اعلی سطحی ورچوئل تقریب میں آج شرکت کریں گے۔
    اس تقریب کی میزبانی کینیڈا، جمیکا اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کررہے ہیں۔ دنیا بھر سے چنیدہ سربراہان مملکت وحکومت اس اعلی سطحی تقریب میں مدعو کئے گئے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کے علاوہ، فرانس، جنوبی افریقہ، قزاخستان کے صدور، برطانیہ، جاپان، ناروے، اٹلی، آئیرلینڈ کے وزرا اعظم، جرمن چانسلر اور سعودی عرب کے ولی عہد اس اعلی سطحی تقریب سے خطاب کریں گے۔ ترقی پزیر ممالک کے قرض سے متعلق مسائل مالی امور سے متعلق ان چھ موضوعات میں شامل ہیں جن پر اعلی سطحی تقریب میں بات ہوگی۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپریل کے مہینے میں ’قرض میں ریلیف دینے کے عالمی اقدام‘ کا آغاز کیاتھا تاکہ ترقی پزیر ممالک کے لئے وسائل کی فراہمی کی گنجائش پیدا کی جائے تاکہ وہ کورونا وباءکے نتیجے میں درپیش موجودہ بحران سے موثر انداز میں نمٹ سکیں اور پائیدار معاشی ترقی کی بحالی ممکن ہوپائے۔ ان کے اس اقدام اور پاکستان کی قیادت میں ترقی پزیر اور ترقی یافتہ ممالک کے نمائندہ گروپ اور بڑے مالیاتی اداروں نے اقوام متحدہ کی سائیڈ لائنز پراس موضوع پر غیررسمی صلاح مشورہ شروع کیا تاکہ بعض امور اور ان عملی اقدامات پر اتفاق رائے پیدا ہو جن کے ذریعے ترقی پزیر ممالک کو درپیش قرض کے مسئلہ سے نبردآزما ہواجاسکے۔

    اس اعلی سطحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اپنے وژن سے آگاہ کریں گے کہ کس طرح قرض کے مسئلے اور ترقی پزیر ممالک کودرپیش شدید مالی مشکلات سے نمٹا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت ترقی پزیر ممالک کے مخلص ترجمان کے طورپر ان کے کردار اور غریب ممالک کو قرض کے دباو سے نجات کے اجتماعی حل کے ان کے بروقت مطالبے کے اعتراف کا مظہر ہے۔ اس اعتراف نے پاکستان کو یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ بڑی معاشی واقتصادی طاقتوں سمیت معتبر ممالک کے گروپ کے ساتھ مل کرقرض کے مسئلے کو حل کرے۔

    قرض، لیکویڈٹی، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی جیسے کلیدی مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم عمران خان کے قائدانہ کردار سے پاکستان اور دیگر ترقی پزیر ممالک کے لئے امکانات میں بے انتہاءاضافہ ہوا ہے کہ وہ عالمی حمایت، یک جہتی اور تعاون حاصل کریں جس کی انہیں اس وقت اشد ضرورت ہے تاکہ ایک صدی قبل آنے والی بدترین عالمی کساد بازاری کے بعد سے درپیش موجودہ شدید معاشی بحران سے دنیا کی تیزی کے ساتھ بحالی کی طرف واپسی یقینی ہوسکے ۔

  • کورونا کیسز. بھارت دنیا کے ٹاپ 10 ممالک میں شامل

    کورونا کیسز. بھارت دنیا کے ٹاپ 10 ممالک میں شامل

    بھارت میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 7 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو اب تک یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ گزشتہ روز بھارت، ایران کو پیچھے چھوڑ کر کورونا سے متاثر 10بڑے ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔ صرف ایک روز میں 6977 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 845 تک پہنچ گئی۔ جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 154 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہزار21 ہو گئی ہے۔ بھارت میں اب تک صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 57 ہزار721ہو گئی ہے۔

  • بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے خوشخبری

    بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے خوشخبری

    بھارت میں لاک ڈاون اور پاک بھارت سرحد بند ہونے کے باعث بھارت کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے 179پاکستانی شہریوں کو پاکستان واپس آنے کی اجازت مل گئی ہے۔ اس سلسلے میں واہگہ اٹاری بارڈر کل ایک بار پھر خصوصی طور پر کھولا جائے گا۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے بھارتی ریاستوں گجرات، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، دہلی، ہریانہ، اترپردیش، اور پنجاب کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے179پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لئے جو انتظامات کئے ہیں ان کے تحت تمام پاکستانی آج شام تک بھارتی شہر امرتسر میں پہنچ جائیں گے جہاں سے وہ کل واہگہ بارڈر کے راستے اپنے وطن پاکستان پہنچ جائیں گے۔ اس مقصدکے لئے پاکستان اور بھارت کے حکام نے واہگہ اٹاری بارڈر ایک روز کے لئے کھولنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔بھارتی حکام نے اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کو ایک خط لکھ دیا ہے جس میں پاکستانی شہریوں کو بحفاظت اٹاری بارڈر تک پہنچانے کے لئے انتظامات کرنے کا کہا گیا ہے۔ان تمام پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لئے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے بھر پور کوششیں کی ہیں۔