اہل لاہور کےلئے بڑی خوشخبری ، شیریں آواز اور وجد آفریں لہجہ کے حامل قاری ِ قرآن ڈاکٹر سبیل اکرام اس بار بھی پاکستان کی تیسری بڑی مسجد بحریہ ٹاﺅن لاہور میں نماز تروایح کی امامت کرائیں گے ۔ڈاکٹر سبیل اکرام بلند آہنگ اور مسحور کن لہجہ کے حامل ہیں وہ جب خوبصورت آواز میں قرآن مجیدپڑھتے ہیں تو سننے والوں پر رقت طاری ہوجاتی ہے ۔ ڈاکٹر سبیل اکرام کی قرآن مجید کے ساتھ والہانہ محبت کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ انھوں نے صرف دس ماہ کے کم وقت میں قرآن مجید حفظ کرلیا تھا ۔ وہ مسلسل 25برس سے نماز تراویح پڑھا رہے ہیں ۔ وہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت سے بہرہ مند ہوئے ، سب سے پہلے انھوں نے ریاض میں ہی نماز تراویح پڑھائیں ، اس کے بعد کراچی میں نماز تروایح کی امامت کی پھر وہ کئی سال تک مرکز قرآن وسنہ لاہور میں نماز تراویح پڑھاتے رہے ہیں ۔ گذشتہ سال انھوں نے پاکستان کی تیسری بڑی مسجد بحریہ ٹاﺅن لاہور میں نماز تراویح کی امامت کروائی جہاں ہزاروں لوگ روزانہ ان کے پیچھے دور دراز کے علاقوں سے نماز تراویح ادا کرنے کےلئے آتے تھے ۔ ڈاکٹر سبیل اکرام کہتے ہیں قرآن مجید کا پڑھنا اور سننا باعث ثواب اور اس پر عمل کرنا باعث نجات ہے، ضروری ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہم اپنی کاروباری مصروفیات محدود کریں اور ماہ مبارک میں قرآن مجید کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں اس لئے کہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے ۔ والدین کو بھی چاہئے کہ وہ عام حالات میں بھی اپنے بچوں کے دین اور قرآن کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں خصوصاََ رمضان المبارک میں بچوں کی مصروفیات کا شیڈول خود ترتیب دیں ۔میں نوجوانوں سے کہوں گا کہ اگر وہ حقیقی کامیابی اور عزت چاہتے ہیں تو قرآن مجید کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں اس کے احکامات پر عمل کریں میوزک اور دیگر فضول کامیوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے قرآن مجید سنیں۔ بے پناہ کاروباری مصروفیات کے باوجود مجھے قرآن مجید یاد ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ میں دوران سفر بھی قرآن مجید سنتا ہوں ۔
Author: ممتاز حیدر
-

وفاقی کابینہ میں نئے وزراء کی شمولیت، حلف برداری کی تقریب
اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں نئے وزراء کو شامل کرلیا گیا ہے جنہوں نے ایوان صدر میں منعقد ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے وزراء سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔نئے وزراء نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا، جن میں حنیف عباسی، معین وٹو، مصطفیٰ کمال، اور سردار یوسف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اورنگزیب کچھی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج، اور طارق فضل چوہدری نے بھی بطور وفاقی وزیر حلف اٹھایا۔علی پرویز ملک، شزا فاطمہ، جنید انور، خالد مگسی اور پیر عمران شاہ نے بھی وفاقی وزراء کے طور پر حلف لیا۔
اس کے ساتھ ہی طلال چوہدری، بیرسٹر عقیل ملک، ملک رشید، ارمغان سبحانی، کھیئل داس کوہستانی، عبدالرحمان کانجو، بلال اظہر کیانی اور مختار بھرت نے بطور وزیر مملکت حلف اٹھایا۔ مزید برآں، شزرا منصب، عون چوہدری اور وجیہہ قمر نے بھی بطور وزیر مملکت حلف اٹھایا۔
تیرہ نئے وفاقی وزیر، گیارہ وزرائے مملکت اور تین نئے مشیروں نے حلف لیا،محمد علی، سید توقیر شاہ اور پرویز خٹک کو ایڈوائزر بنایا گیا ہے
-

ایشیا کپ 2025 بھارت کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کرانے کی تجویز
ایشیا کپ 2025 بھارت کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کرانے کی تجویز
کرکٹ کی عالمی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، ایشیا کپ 2025 کی میزبانی بھارت کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کروانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ مجوزہ طور پر یہ ٹورنامنٹ ستمبر 2025 میں یو اے ای میں کرانے کا قوی امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ کی وجہ سے ایشیا کپ کا انعقاد نیوٹرل وینیو پر کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کرے گی۔اس وقت ایشیا کپ کے ممکنہ وینیوز کے طور پر سری لنکا اور متحدہ عرب امارات پر بات چیت ہو رہی ہے، لیکن ابھی تک ان میں سے کسی ایک کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔
مزید یہ کہ ایشیا کپ 2025 میں میچوں کا فارمیٹ ٹی20 ہو گا، اور اس سال ہونے والے ایشیا کپ میں 19 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، جو اس ایونٹ کو مزید دلچسپ اور مسابقتی بنائیں گی۔ایشیا کپ کے نئے وینیو اور فارمیٹ پر غور کرنے سے قبل، کرکٹ کی عالمی کمیونٹی کی نظریں ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلوں پر مرکوز ہوں گی، کیونکہ یہ ٹورنامنٹ جنوبی ایشیاء کے کرکٹ شائقین کے لئے ہمیشہ خاص اہمیت کا حامل رہا ہے۔
-

وزیراعلیٰ پنجاب کی پانچ سالہ ٹرانسپورٹ پلان کی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں پانچ سالہ ٹرانسپورٹ پلان کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ سے متعلق خصوصی ویڈیولنک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں نیا جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے بارے میں جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب بھر جدیدترین آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اے آر ٹی کے فوری ٹرائل رن کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم ملایشیاء، ابوظہبی اور قطر سمیت دنیا بھر میں ماس ٹرانزٹ کا کامیاب سسٹم ہے۔ عام بس کی نسبت اے آر ٹی کے لئے روڈ پر کم جگہ درکارہوگی۔ اے آرٹی تین کوچز پر مشتمل بس میں 300 سے زائد مسافر وں کی گنجائش ہوگی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اے آر ٹی سمارٹ اسٹیشن پر بس کھڑے کھڑے چند منٹ میں چارج ہوجائے گی۔ اے آر ٹی میں مسافروں کے لئے فارسٹ چارجنگ، وائی، مانیٹرنگ کیمرے اور دیگر سہولیات میسر ہونگی۔ اے آر ٹی روایتی فیول کی بجائے مکمل سولرائزڈ ٹرانسپورٹ سسٹم ہوگا۔ پہلے مرحلے میں لاہور،فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں اے آر ٹی ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تین مراحل میں دس دس شہروں میں نیا ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کے ساتھ ہر شہر میں فیڈر بسیں بھی چلائی جائیں گی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ پنجاب بھر میں چار سال میں مکمل کرنا چاہتے ہیں۔جدت کا ٹچ دینے کے لئے ہر شہر میں نیا ٹرانسپورٹ سسٹم ضروری ہے۔ ہر شہر میں ”اینڈ ٹو اینڈ“سسٹم متعارف کرانے چاہتے ہیں۔ آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم چھوٹے شہر میں رہنے والوں کا بھی حق ہے محرومیاں دور کرنا چاہتے ہیں۔جدید ٹرانسپورٹ سسٹم سے لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔
-

مصطفیٰ قتل کیس، بیٹے کو بغیر کسی ثبوت کے پہلے ہی مجرم سمجھ لیا گیا ،ساجد حسن
معروف اداکار ساجد حسن نے اپنے بیٹے ساحر حسن کے مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملوث ہونے پر میڈیا سے بات کی ہے
مشہور پاکستانی اداکار ساجد حسن نے اپنے بیٹے ساحر حسن کے مصطفیٰ عامر کے قتل کیس میں ملوث ہونے کے حوالے سے میڈیا میں تفصیلات شیئر کی ہیں۔ ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے ساجد حسن نے کہا کہ ان کے بیٹے کو بغیر کسی ثبوت کے پہلے ہی مجرم سمجھ لیا گیا ہے، حالانکہ ابھی تک کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ مصطفیٰ عامر کا قتل ایک غمگین واقعہ ہے، اور مصطفیٰ کی والدہ کا ویڈیو پیغام سن کر وہ رات بھر سو نہیں سکے۔ساجد حسن کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ عامر بھی ان کے بیٹے کی طرح نوجوان تھا، اور وہ چاہتے ہیں کہ اس کیس میں انصاف ہو تاکہ اصل مجرموں کو سزا مل سکے۔ ساجد حسن نے زور دیا کہ یہ معاملہ انصاف کے مطابق حل ہونا چاہیے اور ان کے بیٹے کا کردار اس سے الگ رکھا جائے۔
ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کو نہ صرف مصطفیٰ عامر کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا بلکہ منشیات کی خرید و فروخت کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ساحر حسن نے اعتراف کیا کہ وہ 13 سال سے منشیات استعمال کر رہا تھا اور دو سال سے اس کی فروخت بھی کر رہا تھا۔ اس نے بتایا کہ وہ ہر ہفتے 4 سے 5 لاکھ روپے کی منشیات فروخت کرتا تھا اور اس کا پورا کاروبار اسنیپ چیٹ پر چلتا تھا۔
ساجد حسن کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ مصطفیٰ عامر کے قتل اور منشیات کے الزامات کو الگ الگ دیکھا جائے کیونکہ دونوں کو ملا کر پیش کرنا اصل کیس کی نوعیت کو متاثر کرتا ہے۔
ساجد حسن نے اپنی ذاتی حالات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ وہ ایک کرائے کے گھر میں رہتے ہیں اور ان کا کام بھی بند پڑا ہے۔ اس کے علاوہ، محلے کے لوگ ان سے قطع تعلق کر چکے ہیں، اور معاشرتی سطح پر انہیں اور ان کے بیٹے کو پہلے ہی مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بیٹے کی حال ہی میں شادی ہوئی ہے، اور ممکن ہے کہ کچھ غلطیاں ہوئی ہوں، لیکن ان کا بیٹا مصطفیٰ عامر کے قتل کے کیس سے منسلک نہیں ہے۔ ساجد حسن نے یہ بھی کہا کہ ان کی تمام تر توجہ اپنے بیٹے کے کیس پر مرکوز ہے اور وہ میڈیا پر وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔انہوں نے عدالت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ عدالت ان کے بیٹے کو بے گناہ ثابت کرے گی اور اصل مجرموں کو سزا دی جائے گی۔ ساجد حسن نے کہا، ’’دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس میں پولیس نے مختلف علاقوں میں آپریشن کر کے ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن سمیت 4 نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق، ساحر حسن سے منشیات بھی برآمد ہوئی ہیں اور اس نے تفتیش کے دوران 12 سے زائد کلائنٹس کے نام بتائے ہیں۔ساجد حسن نے آخر میں کہا کہ وہ ایک اداکار ہیں اور اگر چاہتے تو میڈیا کو اپنے حق میں استعمال کر سکتے تھے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا کیونکہ ان کا بیٹا عدالت کے سامنے ہے اور انہیں انصاف پر پورا یقین ہے۔
-

27 فروری کا دن پاکستان کے دفاعی عزم اور طاقت کا نشان بن چکا .خالد مسعود سندھو
مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ 27 فروری 2019 کو پاکستانی افواج نے ثابت کر دیا کہ وہ ملکی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ 27 فروری کا دن پاکستان کے دفاعی عزم اور طاقت کا نشان بن چکا ہے. پاکستان ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں لیکن قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا .
خالد مسعود سندھو نے 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 برس مکمل ہونے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومیں متحد ہوں تو بڑے سے بڑا دشمن ناکام ہوجاتا ہے،27 فروری والے جذبوں کی ہمیشہ ضرورت ہے، مسلح افواج نے بھارتی غرور،جنگی جنون خاک میں ملا کر ثابت کیا کہ پاکستان دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے. بھارتی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دے کر مسلح افواج نے قوم کے دل جیتے،پاکستان امن کا خواہاں ہے، پاکستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہورہی،بھارتی دہشت گردی، تخریب کاری کے منصوبے دنیا کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں.پاکستان ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں لیکن قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا . پاکستانی قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پاکستان کی عزت و وقار کو بلند رکھا۔کشمیر کی آزادی تک تحریک آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھیں گے۔
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کے لئےمرکزی مسلم لیگ کے کارکنان سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ملک ہے. وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا. مودی سرکار کو فروری 2019 خوابوں میں بھی یاد آتا رہے گا. 27 فروری ہمیں اتحاد، یکجہتی اور قومی استحکام کا درس دیتا ہے
-

پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔سیف اللہ خالد
مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ خالد نے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک یادگاری پودا لگا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔مرکزی مسلم لیگ لیگ شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں ہزاروں پودے لگائے گی
مرکزی مسلم لیگ کی شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر کارکنان اور مقامی شخصیات بھی شریک ہوئیں، اس موقع پر سیف اللہ خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ کی شجرکاری مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے درختوں کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔کارکنان ملک بھر میں شجر کاری مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ مرکزی مسلم لیگ ملک بھر میں لاکھوں درخت لگائے گی.
سیف اللہ خالد نے شجر کاری مہم کے آغاز کے موقع پر قوم سے اپیل کی اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ اپنے گھروں، محلوں اور تعلیمی اداروں میں درخت لگانے کے رجحان کو فروغ دیا جائے. شجر کاری مہم کے دوران عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا مہم بھی شروع کی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شامل ہوں۔اگر ہم سب مل کر ایک ایک درخت لگانے کا عہد کر لیں، تو ہمارا ملک موسمیاتی بحران سے بچ سکتا ہے.
-

حساس ڈیٹا لیک،بھارتی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سُچندرا کمار کیخلاف تحقیقات
بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سُچندرا کمار کے خلاف اعلیٰ سطح تحقیقات شروع
بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سُچندرا کمار کے خلاف انتہائی حساس معلومات کے لیک ہونے کے الزام میں اعلیٰ سطح کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف (اسٹریٹجی) کے طور پر اپنی خدمات کے دوران بھارتی فوج کے اہم رازوں اور حساس ڈیٹا کا افشا کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق، بھارتی فوج کے سربراہ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے 6 ہفتوں کی مدت مقرر کی ہے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ آیا ایسی معلومات کا لیک ہونا حقیقت ہے یا نہیں۔ ان تحقیقات کا مقصد فوج کے اندر سیکیورٹی اور معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، خاص طور پر ایسی معلومات جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہوں۔
لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سُچندرا کمار نے فروری 2024 میں لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیودی کی آرمی ہیڈ کوارٹرز میں نائب آرمی چیف کے طور پر تعیناتی کے بعد شمالی کمانڈ کی کمان سنبھالی تھی۔ اس سے قبل، وہ بھارتی فوج کے وائٹ نائٹ کور کے کمانڈر اور ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف (اسٹریٹجی) کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل سُچندرا کمار نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کھڑکواڑلا کے فارغ التحصیل ہیں اور انہیں آتی وشیشت سیوا میڈل، یودھ سیوا میڈل اور وشیشت سیوا میڈل جیسے اعلیٰ فوجی اعزازات مل چکے ہیں۔
بھارتی فوج کی اس تحقیقاتی کارروائی کا مقصد سیکیورٹی کے سخت ترین نظام کو برقرار رکھنا ہے تاکہ یہ بات یقینی بنائی جا سکے کہ حساس معلومات کا کسی بھی طرح سے افشا نہ ہو، جو نہ صرف فوج کے اندر بلکہ ملک کی قومی سلامتی کے لیے بھی خطرے کا سبب بن سکتی ہو۔
-

مصطفیٰ قتل کیس،ملزم ارمغان گزشتہ آٹھ سالوں سے نشہ منگوا رہا تھا،عدالت میں انکشاف
کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں مصطفیٰ قتل کیس کے ملزم ارمغان کے خلاف منشیات کے دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران تفتیشی حکام نے کیس کا چالان اور مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں، جس میں ملزم ارمغان کے منشیات کے استعمال اور دیگر ملزمان کے کردار سے متعلق اہم انکشافات ہوئے ہیں۔
چالان کے مطابق، ملزم ارمغان گزشتہ آٹھ سالوں سے نشہ آور ویڈ منگوا کر استعمال کر رہا تھا۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ ملزم نے 1 جولائی 2017 سے 24 اپریل 2019 تک 9 مختلف پارسل منگوا کر اپنے اور اپنے والد کے نام پر انہیں وصول کیا۔ اس دوران ملزم نے اپنے دوستوں اور دیگر افراد کے ساتھ کیفے اور پارٹیوں میں نشہ کرنے کا عمل بھی جاری رکھا۔چالان میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ ملزم ارمغان کی نشہ آور اشیاء کے استعمال میں دیگر افراد بھی ملوث ہیں جو ان کے ساتھ نشہ کرتے تھے۔ عدالت نے اس کیس میں مزید تفتیش کی ہدایت دیتے ہوئے ملزم ارمغان کو 18 مارچ کو منشیات کے کیس میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
ملزم ارمغان پر مزید الزامات اور انکشافات سامنے آنا ابھی باقی ہیں، اور اس کیس کی سماعت جاری رہے گی جس میں تفتیشی حکام کی جانب سے مزید شواہد پیش کیے جائیں گے۔
-

خیبر پختونخوا کابینہ کی کارکردگی رپورٹ،عمران خان نے مانگ لی
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے خیبر پختونخوا کابینہ کے اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے احتساب کمیٹی کو ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق،عمران خان نے کمیٹی کو مئی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس رپورٹ میں وزراء کی کارکردگی اور فنڈز کے استعمال سے متعلق تفصیل فراہم کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
احتساب کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے کابینہ اراکین کو طلب کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ وہ اپنی کارکردگی اور فنڈز کے استعمال کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں۔ رپورٹ کے مطابق، خیبر پختونخوا کے 4 صوبائی وزراء کی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی ہے، اور اس رپورٹ کو بانی پی ٹی آئی کو پیش کیا جائے گا۔پی ٹی آئی کی احتساب کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی کو مئی کے پہلے ہفتے میں کابینہ اراکین کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام وزراء، مشیر اور معاونین کمیٹی کے سامنے اپنی رپورٹس پیش کریں گے، اور کابینہ اراکین فنڈز اور ان کے استعمال سے متعلق کمیٹی کو معلومات فراہم کریں گے۔
قاضی انور ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ اس عمل کو مئی میں مکمل کر کے رپورٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پیش کر دی جائے گی۔ اس سے قبل وزیرِ خوراک نے کمیٹی کو اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی تھی، اور اب دیگر وزراء کی رپورٹس کا انتظار ہے۔
