Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • شور کوٹ  ریلوے اسٹیشن پر حادثہ، ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر

    شور کوٹ ریلوے اسٹیشن پر حادثہ، ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر

    شور کوٹ کے کینٹ ریلوے اسٹیشن پر ایک بڑی حادثہ پیش آیا جب خانیوال سے شاہین آباد جانے والی مال بردار گاڑی کا ایک ڈبہ پٹری سے اتر گیا۔ حادثے کے بعد ریلوے کے نظام میں خلل آیا جس کے نتیجے میں مختلف ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔

    حادثے کے فوراً بعد کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کو عبدالحکیم اسٹیشن پر روک لیا گیا تاکہ وہاں کسی مزید ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں، جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں مزید تاخیر ہو گئی۔متاثرہ مال بردار گاڑی خانیوال سے شاہین آباد جا رہی تھی اور اس حادثے کے باعث ملت ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس بھی تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق مرمت کا کام جاری ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ٹرین کو بحال کر دیا جائے گا۔ اس وقت بھی ریلوے حکام اس صورتحال کے حل کے لئے سرگرم عمل ہیں تاکہ عوام کو زیادہ تکلیف نہ ہو۔

  • پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر  نوٹس جاری

    پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر نوٹس جاری

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے متنازعہ پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر وزارتِ قانون، وزارتِ اطلاعات اور وزارتِ داخلہ کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

    جسٹس راجہ انعام امین منہاس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور وزارتِ داخلہ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھی نوٹس جاری کر دیے ہیں اور ان سے دو ہفتوں کے اندر جواب طلب کر لیا ہے۔

    ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل کو بھی کیس میں معاونت فراہم کرنے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے تاکہ عدالت کو اس معاملے میں مزید قانونی نقطہ نظر فراہم کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ پیکا ایکٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا

  • کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہونا، اللّٰہ مالک ہے،جسٹس منصور علی شاہ

    کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہونا، اللّٰہ مالک ہے،جسٹس منصور علی شاہ

    سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام ججز کے ساتھ ملاقات ہوتی ہے، اکٹھے چائے بھی پیتے ہیں۔

    اسلام آباد میں سپریم کورٹ میں تقریبِ حلف برداری تقریب کے بعد جسٹس منصور نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی، اس موقع پر صحافی نے جسٹس منصور علی شاہ سے سوال کیا کہ کہا جاتا ہے کہ آپ لوگ کام نہیں کرتے؟جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیا کہ مقدمات نمٹانے کی شرح دیکھ لیں، کس کے کتنے فیصلے قانون کی کتابوں میں شائع ہوئے سب سامنے ہے،تمام ریکارڈ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہے، ابھی توحلف برداری کے بعد چائے پینے آیا ہوں۔

    صحافی نے جسٹس منصور علی شاہ سے ایک اور سوال کیا کہ سنا ہے آپ کے خلاف ریفرنس آرہا ہے؟اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیا کہ ریفرنس جب آئے گا تب دیکھی جائے گی، کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہونا، اللّٰہ مالک ہے کسی سے کوئی ذاتی عناد یا اختلاف نہیں، کمرے میں موجود ہاتھی کسی کو نظر نہ آئے تو کیا کہہ سکتے ہیں۔

  • لاہور ، دو بڑے  خاندانوں میں صلح  ،گینگ وار کا خطرہ ٹل گیا

    لاہور ، دو بڑے خاندانوں میں صلح ،گینگ وار کا خطرہ ٹل گیا

    لاہور شہر میں گینگ وار کے خطرات میں کمی آگئی ہے اور دو بڑے دشمن دار خاندانوں کے درمیان صلح کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔

    یہ صلح خواجہ تعریف بٹ عرف طیفی بٹ کے گھر پر ہوئی، جس میں طیفی بٹ گروپ اور قیصربٹ گروپ کے درمیان تعلقات کی دراڑوں کو ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ذرائع کے مطابق، اس صلح کی تقریب میں اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں شفقت بگا بٹ، اسرار بٹ اور تاجر رہنما شامل تھے۔ اس موقع پر دونوں گروپوں کے درمیان لڑائیوں اور دشمنیوں کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا۔یہ صلح اس وقت ایک اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے جب طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے سلسلے میں قیصر بٹ کو نامزد ملزم قرار دیا گیا تھا۔ اس قتل کے واقعہ نے دونوں گروپوں کے درمیان تناؤ کی فضا پیدا کی تھی، جسے اب ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب، قیصربٹ گروپ نے امیر بالاج ٹرکاں والا گروپ سے اپنی لاتعلقی کا باضابطہ طور پر اعلان کیا، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ قیصربٹ گروپ نے اپنی پوزیشن صاف کر لی ہے اور اب اس گروپ کا کوئی تعلق امیر بالاج کے ساتھ نہیں ہے۔

  • ہرنائی میں دھماکہ 9 مزدور جاں بحق، متعدد کان کن زخمی

    ہرنائی میں دھماکہ 9 مزدور جاں بحق، متعدد کان کن زخمی

    بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں ایک افسوسناک دھماکے کے نتیجے میں 9 مزدور جاں بحق اور متعدد کان کن زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکا اس وقت ہوا جب مزدور کوئلے کی کان میں کام کر کے واپس جانے والے تھے اور ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔

    پولیس کے مطابق، دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت نازک ہے اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر چکے ہیں اور دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق، اس واقعے میں 9 مزدور جان سے گئے جبکہ 6 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، شاہرگ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق سوات اور شانگلہ سے تھا۔

    یہ دھماکہ بلوچستان میں مزدوروں کی حفاظت کے حوالے سے نئے سوالات اٹھاتا ہے، اور اس پر غم و غصہ کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ مزدوروں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • سپریم کورٹ میں 6 نئے ججز نے حلف اٹھا لیا

    سپریم کورٹ میں 6 نئے ججز نے حلف اٹھا لیا

    سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والے 6 نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس پاکستان، یحییٰ آفریدی نے ان نئے ججز سے عہدے کا حلف لیا۔ ان ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی ایکٹنگ جج کے طور پر سپریم کورٹ میں حلف اٹھایا۔ چیف جسٹس پاکستان، یحییٰ آفریدی نے ان سے بھی حلف لیا۔تقریب حلف برداری میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلا، لاء افسران اور عدالتی اسٹاف نے شرکت کی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں 6 ججز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔ اس اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے اجلاس کی کارروائی نہ روکنے پر بائیکاٹ کیا، جب کہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔

    جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہاشم خان کاکڑ، پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شفیع صدیقی، اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کے ناموں کی منظوری دی تھی۔ اس کے علاوہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور اور پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد کو بھی سپریم کورٹ کا جج بنانے کی منظوری دی تھی۔

  • مودی ٹرمپ ملاقات: تیل و گیس کی فراہمی اور دہشت گردی کیخلاف تعاون کا عزم

    مودی ٹرمپ ملاقات: تیل و گیس کی فراہمی اور دہشت گردی کیخلاف تعاون کا عزم

    واشنگٹن: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو دو روزہ دورے پر امریکا کا سفر کیا، جس کے دوران ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور متعدد اہم معاملات پر بات چیت کی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس بھارت کو فراہم کرنے کے لیے کافی مقدار میں تیل اور گیس موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور امریکا کے درمیان توانائی، بجلی، اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔ٹرمپ نے اس بات کا ذکر کیا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی خسارہ 100 ملین ڈالر ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اس خسارے کو کم کرنے اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بات ہوئی۔ امریکی صدر نے ممبئی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا بھارت کے ساتھ مل کر انتہا پسند دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گا۔

    ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا بھارت کو ایف 35 جنگی طیارے اور دیگر دفاعی سازوسامان فراہم کرے گا۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کا حصہ ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی یونیورسٹیوں کو بھارت میں کیمپس کھولنے کی دعوت دی اور امریکی صدر ٹرمپ کو بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میگا خوشحالی کے لیے ہیں۔مودی نے کہا کہ امریکا اور بھارت مصنوعی ذہانت (AI) اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک انڈو پیسیفک خطے میں امن کے قیام کے لیے بھی تعاون کریں گے۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت امریکا کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون کو مزید بڑھائے گا اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

    مودی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے اور یہ سبق انھوں نے خود سے سیکھا ہے۔ انھوں نے ٹرمپ کی روسی صدر پیوٹن سے جنگ ختم کرنے کے لیے بات چیت کی تعریف بھی کی اور کہا کہ بھارت کا مؤقف ہمیشہ امن کی طرف ہے، نہ کہ جنگ کی طرف۔

    مودی نے ٹرمپ سے ملاقات سے قبل ایلون مسک سے بھی ملاقات کی، جہاں انہوں نے جنوبی ایشیا کے لیے اسٹارلنک انٹرنیٹ سروس کی فراہمی پر بات چیت کی۔ اس ملاقات میں ایلون مسک کے تین بچوں سمیت خاندان کے افراد بھی موجود تھے۔

    مودی اور ٹرمپ کے درمیان یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مزید مضبوطی کی طرف اشارہ کرتی ہے اور دونوں ممالک کے لیے ایک نئی سفارتی اور اقتصادی سمت کی بنیاد رکھتی ہے۔

  • ترک صدر کا دورہ   تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا.خالد مسعود سندھو

    ترک صدر کا دورہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا.خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے تاریخی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی ہمیشہ سے ایک دوسرے کے قابلِ اعتماد شراکت دار رہے ہیں، اور صدر اردگان کا یہ دورہ باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، تجارتی اور سفارتی شعبوں میں تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے.مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری سیف اللہ خالد طیب اردگان کے دورہ پاکستان کے موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ پاک-ترک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایسے فیصلے ہوں گے جو دونوں اقوام کو مزید قریب لائیں گے.مرکزی مسلم لیگ کی قیادت نے صدر طیب اردگان کی مسلم اُمّہ کے لیے خدمات کو بھی سراہا اور ان کے دورے کو پاک-ترک دوستی کے ایک نئے باب سے تعبیر کیا.

  • پاکستان بینکنگ سمٹ  24 فروری کو کراچی میں ہو گی

    پاکستان بینکنگ سمٹ 24 فروری کو کراچی میں ہو گی

    پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 (پی بی ایس’25) کے آغاز کا باضابطہ اعلان کیا ہے، جو 24 اور 25 فروری، 2025 کو کراچی میں منعقد ہوگی۔

    یہ اعلان پی بی ایس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین، بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، عاطف باجوہ کی قیادت میں پی بی اے کے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ اس پریس کانفرنس میں پی بی اے کے چیئرمین اوربینک آف پنجاب کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ظفر مسعود کے علاوہ جے ایس بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، باصر شمسی، پی بی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسراور سیکرٹری جنرل،منیر کمال کے علاوہ بینکنگ انڈسٹری کے دیگر سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔

    پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی پاکستان بینکس ایسوسی ایشن 25 کا مقصد ملک میں مالیاتی اور معاشی مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ اس کانفرنس میں 12 سے زائد ممتاز بین الاقوامی مقررین، 20 سے زائد مقامی موضوعات کے ماہرین کے علاوہ روایتی، اسلامی، ڈیجیٹل اور مائیکرو فنانس بینکوں کے علاوہ ترقیاتی مالیاتی اداروں سمیت 45 سے زائد دیگر اداروں کے رہنما بھی شریک ہوں گے۔ حکومت، ریگولیٹرز، بینکنگ، فِن ٹیک، اکیڈیمیا، میڈیا اور کارپوریٹ پاکستان کے ایک ہزار سے زائد نمائندگان کا یہ تاریخی بینکنگ سمٹ پاکستان کے مالیاتی شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل کی علامت ہوگا۔

    پاکستان بینکنگ سمٹ25 اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عاطف باجوہ نے کہا کہ ”پاکستان بینکنگ سمٹ ،بینکنگ انڈسٹری اور اس کے اسٹیک ہولڈرز کو ابھرتے ہوئے رجحانات اور بینکاری اور فنانس کے مواقع سے متعلق اہم گفتگو میں شامل ہونے کے لیے ایک بے مثل پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ اجلاس کا مقصد عالمی اور مقامی اقتصادی ترقی، معاشی ترقی میں بینکاری کے شعبے کے کردار، ترجیحی شعبے کی فنانسنگ، اسلامی بینکاری کے مستقبل اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق اہم موضوعات کا احاطہ کرنا بھی ہے۔“

    پی بی اے کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے ظفر مسعود نے کہا کہ ”پی بی ایس’25 پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی جانب سے معاشی ترقی کو فروغ دینے کے مسلسل عزم کا ثبوت ہے، جو نہ صرف مالی اکاؤنٹس بلکہ وسیع تر مالیاتی شمولیت، سسٹین ابیلیٹی اور جامع ترقی کے ذریعے بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ اہم اسٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کرکے یہ سمٹ بامعنی بات چیت اور تبدیلی لانے والے حل کے لیے محرک کا کام کرے گی جو پاکستان کے مالیاتی شعبے کے مستقبل کو تشکیل دیں گے۔“

  • کرپشن پر قابو نہ پایا گیا تو ملک کی جڑیں کھوکھلی ہوجائیں گی ۔سبیل اکرام

    کرپشن پر قابو نہ پایا گیا تو ملک کی جڑیں کھوکھلی ہوجائیں گی ۔سبیل اکرام

    پاکستان کو دنیا کا 46واں کرپٹ ترین ملک قرار دیا جانا بدنامی کا باعث اور ہمارے حکمرانوں کے لیے شرمناک ہے ۔کرپشن اور لاقانونیت کی وجہ سے جرائم بڑھتے اور ملک کمزور ہوتے ہیں ۔ ملک میں ہر جگہ اختیارات سے تجاوز کیا جارہا اور وسائل کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے ۔کرپشن پر قابو نہ پایا گیا تو ملک کی جڑیں کھوکھلی ہوجائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان 180ممالک کی درجہ بندی میں کرپشن کے اعتبار سے 135ویں نمبر پر آچکا ہے ۔ملک کے چہرے کو کرپشن ، بدعنوانی اور لاقانونیت سے داغدار کرنے کے ذمہ دار ہمارے سیاستدان ، حکمران اور افسر شاہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک کرپشن ،مہنگائی اور لاقانونیت میں آگے بڑھ رہا ہے جبکہ معاشی ترقی اور امن وامان کے قیام میں مسلسل پیچھے جارہا ہے ۔ عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ سیاستدان ،اراکین اسمبلی اور وزراءمراعات کے نام پر ملک کے خزانے کو لوٹ رہے ہیں ۔ پاکستان ہمارے پاس اللہ کی امانت ہے اس کے قیام میں لاکھوں شہدا کا مقدس خون شامل ہے لیکن نالائق سیاستدانوں اور افسر شاہی نے ملک کا چہرہ بگاڑ دیا ہے ۔ وہ پاکستان جو کبھی معاشی اعتبار سے خطے میں دیگر ممالک کےلئے مثال تھا آج وہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے اور اس کی کرپشن کی رسوائیوں کے تذکرے عالمی میڈیا میں ہیں ۔ ہمارے سسٹم کی خرابی کی انتہا ہے کہ ایک شخص کو کرپشن اور بدعنوانی کے الزام میں وزیر اعظم ہاﺅس سے اٹھا کر باہر پھینکا جاتا ہے تو کچھ ہی عرصے بعد اسی کو دوبارہ قوم پر مسلط کردیا جاتا ہے ۔جس سے لوگوں کا جمہوری عمل پر سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے ۔ کمزور حکمرانی ، سیاسی عدم استحکام اور احتساب نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن بڑھ رہی ہے ۔ ہر سال اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے ۔اگر ملک کو بچانا اور معاشی استحکام کی راہ پر لانا ہے تو بدعنوانی کے خاتمے کےلئے تمام مذہبی سیاسی جماعتوں ، سول سوسائٹی اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا ۔