Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • امریکی بحریہ کا طیارہ سان ڈیاگو بے میں حادثے کا شکار

    امریکی بحریہ کا طیارہ سان ڈیاگو بے میں حادثے کا شکار

    امریکی بحریہ کا ایک طیارہ سان ڈیاگو بے کے قریب شیلٹر آئی لینڈ میں لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔

    یو ایس نیوی کے مطابق حادثہ 11 فروری 2025 کو صبح 10:15 بجے پیش آیا، جب EA-18G Growler طیارہ شیلٹر آئی لینڈ کے قریب زمین پر گر گیا۔ یہ طیارہ ایف 18 سپر ہارنٹ کی ایک قسم ہے اور الیکٹرانک اٹیک اسکواڈرن (VAQ) 135 کا حصہ تھا، جو واشنگٹن کے نیول ایئر اسٹیشن Whidbey Island پر تعینات تھا۔حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس کو فوری طور پر بچا لیا گیا اور انہیں ہل کرسٹ کے یو سی سان ڈیاگو میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں پائلٹس ایجکٹ کرنے میں کامیاب رہے اور ایک منٹ تک پانی میں رہنے کے بعد مچھلی پکڑنے والے ایک جہاز نے انہیں بچا لیا۔اس حادثے کے بعد، یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن نیول بیس Coronado نے ایک ہنگامی آپریشن سینٹر قائم کیا ہے اور اس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔

    امریکا میں ایک ماہ کے اندر پیش آنے والے فضائی حادثات

    یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب امریکا میں حالیہ مہینوں کے دوران فضائی حادثات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے
    11 فروری: ایریزونا کے اسکاٹسڈیل ایئرپورٹ پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔ اس حادثے میں ایک نجی جیٹ طیارہ رن وے پر کھڑے طیارے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جیٹ طیارے کا پائلٹ ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔
    3 فروری: ہیوسٹن سے نیویارک جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کے انجن میں آگ لگ گئی، جس کے بعد فوری طور پر پرواز کو خالی کروانا پڑا۔
    یکم فروری: فلڈیلفیا میں روزویلٹ مال کے قریب لیر جیٹ 55 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ طیارہ اسپرنگ فیلڈ برینسن نیشنل ایئرپورٹ جا رہا تھا۔
    30 جنوری: واشنگٹن ڈی سی کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب امریکی ایئرلائنز کے طیارے اور ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم ہوگیا۔ اس حادثے میں دونوں طیارے فضا میں ٹکرا کر دریا میں گر گئے، جس کے نتیجے میں تمام 67 افراد ہلاک ہو گئے۔

    یہ فضائی حادثات اور ان کی تحقیقات امریکی فضائی حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھا رہے ہیں اور حکام اس بارے میں مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

  • ایڈیشنل چیف سیکریٹری ساؤتھ پنجاب سے تاوان مانگنے والاگرفتار

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری ساؤتھ پنجاب سے تاوان مانگنے والاگرفتار

    ملتان میں پولیس نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ساؤتھ پنجاب سے تاوان مانگنے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق، تین روز قبل ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا جس میں 2 ارب روپے کا تاوان طلب کیا گیا تھا۔ خط میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر یہ رقم ادا نہیں کی گئی تو ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو جان سے مار دیا جائے گا۔پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ تین دن کے بعد ملزم کا سراغ لگایا گیا اور اُسے ایم ڈی اے چوک کے قریب سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تفتیش کا عمل جاری رکھا ہوا ہے تاکہ اس کے ساتھیوں اور اس کے جرم کی حقیقت سامنے لائی جا سکے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور اس کے دیگر جرائم کے بارے میں بھی تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔ اس کارروائی کے بعد ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور دیگر حکام میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

  • پارٹی میں رہوں یا نہ رہوں سچائی اور عزت نفس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔شیر افضل مروت

    پارٹی میں رہوں یا نہ رہوں سچائی اور عزت نفس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔شیر افضل مروت

    رکن قومی اسمبلی ،پی ٹی آئی سے گزشتہ روز نکالے گئے رہنما شیر افضل مروت کا پی ٹی آئی سے نکالنے پر ردعمل سامنے آیا ہے

    شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ پی ٹی آئی کے ان افراد نے ناانصافی کی ہے جو مجھے شروع سے ناپسند کرتے تھے۔ میرا ایسے لوگوں سے جھگڑا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن میں ایسے اذیت دینے والوں کے سامنے کبھی نہیں جھکوں گا۔ میرا جرم صرف یہ ہے کہ میں نے پارٹی کے اندر کبھی کسی گروپ کا ساتھ نہیں دیا کیونکہ میں نے ہمیشہ خان کو اپنا گروپ لیڈر مانا۔ میں اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کا جاری بائیکاٹ ختم کرتا ہوں۔ میں خان صاحب کے نظریات کے خلاف کبھی نہیں جاؤں گا اور وہ ہمیشہ میرے لیڈر رہیں گے۔ میں اس کی پوزیشن اور اس حقیقت کو سمجھتا ہوں کہ اس کے پاس معلومات تک محدود رسائی ہے اور اس حقیقت کو کہ وہ سازشیوں کے گھیرے میں ہے۔ میں آج رات قومی میڈیا پر اپنے نقطہ نظر کی وضاحت کروں گا۔ میں امید کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے کارکنان آزمائش کی اس گھڑی میں ساتھ دیں گے کیونکہ میں ان کی آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا تھا۔

    شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ آئیے ان موقع پرستوں کے خلاف اکٹھے کھڑے ہوں جنہوں نے پچھلے ایک سال میں خان صاحب اور پارٹی کو ناکام کیا ہے۔ پارٹی میں رہوں یا نہ رہوں سچائی اور عزت نفس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ میری اقدار مجھے کبھی بھی ناانصافی کے خلاف رحم مانگنے کی اجازت نہیں دیں گی اور اگر یہ فیصلہ یکطرفہ طور پر واپس نہ لیا گیا تو میں کبھی بھی اس کی درخواست نہیں کروں گا۔ میں اس سلوک کا کبھی مستحق نہیں تھا اور میں پاکستان کے اندر اور بیرون ملک پی ٹی آئی کے ان تمام رہنماؤں سے گزارش کرتا ہوں کہ جن کے ساتھ میں نے بہت برے دنوں میں کام کیا ہمت پیدا کریں اور اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائیں۔ پی ٹی آئی کے وہ پارلیمنٹیرینز جنہوں نے 26ویں ترمیم کے دوران اپنے ہوش و حواس بیچ دیئے وہ آج بھی پی ٹی آئی میں ہیں جب کہ مجھے بلا وجہ نکال دیا گیا ہے۔ یہ آمریت ہے نہ کہ منصفانہ یا جمہوری انداز۔ اگر اس اجارہ داری کو نہ روکا گیا تو یہ ہمیں مکمل ناکامی کی طرف لے جائے .

  • ویلنٹائن ڈے سے ایک روز قبل لاہور میں حیا واک

    ویلنٹائن ڈے سے ایک روز قبل لاہور میں حیا واک

    لاہور: جامعہ پنجاب میں ویلنٹائن ڈے سے ایک روز قبل اسلامی جمیعت طلبہ کے زیر اہتمام ایک شاندار حیا واک کا انعقاد کیا گیا۔

    اس واک میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس کا مقصد نوجوان نسل میں حیا اور اسلامی اقدار کے فروغ کا پیغام دینا تھا۔اس واک کا آغاز جامعہ پنجاب کے مرکزی دروازے سے ہوا اور یہ مختلف راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے دوران شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حیا ہماری پہچان ہے اور اسلامی اقدار کا تحفظ جیسے نعرے درج تھے۔ اسلامی جمیعت طلبہ کے رہنماؤں احسن فرید اور صہیب عامر فخری نے واک کے دوران خطاب کیا۔ احسن فرید نے کہا کہ حیا کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور اس کے بغیر معاشرتی سکون اور ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو مغربی یلغار سے بچانے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    اس واک میں جماعت اسلامی کی رہنما سمیعہ راحیل نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں حیا کی ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے اور خواتین کے حقوق کی اصل روح اسلامی تعلیمات میں ہے۔ سمیعہ راحیل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمیعت طلبہ کے نوجوانوں سے جامعہ کی طالبات محفوظ ہیں، ان کے تحفظ اور اسلامی اقدار کے نفاذ کے لیے جمیعت کا کردار قابل تحسین ہے۔

    حیا واک کے دوران طلبہ میں جوش و خروش نمایاں رہا۔ ان کا عزم تھا کہ وہ اسلامی روایات کے تحفظ اور حیا کی اہمیت کے بارے میں معاشرے کو آگاہ کریں گے۔ اس واک میں شرکاء نے اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے اور ان کو پھیلانے کا عہد کیا۔ اس واک میں شریک تمام افراد نے عہد کیا کہ وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں گے اور نوجوان نسل کو بھی حیا اور اسلامی اقدار کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

  • ہم نے اپنا قانون دیکھنا برطانیہ کا نہیں، غیر ضروری بحث نہ کریں،جسٹس امین الدین

    ہم نے اپنا قانون دیکھنا برطانیہ کا نہیں، غیر ضروری بحث نہ کریں،جسٹس امین الدین

    سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ سماعت کر رہا ہے۔

    دورانِ سماعت ملٹری کورٹ سے سنائی گئی سزا پر اپیل کنندہ کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بینچ کی جانب سے بھارت میں کورٹ مارشل کے خلاف اپیل کا حق دینے کا سوال ہوا تھا، برطانیہ میں کورٹ مارشل فوجی افسر نہیں بلکہ ہائی کورٹ طرز پر تعینات ججز کرتے ہیں، کمانڈنگ افسر صرف سنجیدہ نوعیت کا کیس ہونے پر مقدمہ آزاد فورم کو بھیج سکتا ہے۔جسٹس امین الدین نے وکیل سے کہا کہ ہم نے اپنا قانون دیکھنا ہے برطانیہ کا نہیں، غیر ضروری بحث سے وقت ضائع کر رہے ہیں۔

    جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ زیرِ سماعت اپیلوں میں کالعدم شدہ دفعات بحالی کی استدعا کی گئی ہے، قانون کی شقوں کا جائزہ لینا ہے تو عالمی قوانین کو بھی دیکھنا ہو گا، اگر دفعات کالعدم نہ ہوتیں تو دلائل غیر متعلقہ ہو سکتے تھے، اب نہیں ہیں۔جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل سلمان اکرم راجہ سے سوال کیا کہ موجودہ نظام کے تحت شہری کا کورٹ مارشل ہوسکتا ہے یا نہیں؟وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ شہریوں کا کورٹ مارشل کسی صورت میں بھی ممکن نہیں۔جسٹس محمد علی مظہر نے وکیل سے سوال کیا کہ برطانوی قانون تو اپنی فوج کے ڈسپلن سے متعلق ہے، موجودہ کیس میں تو جرم عام شہریوں نے کیا ہے، شہریوں پر کیسے لاگو ہو سکتا ہے؟وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ برطانوی قانون کی مثال ٹرائل کے آزاد اور شفاف ہونے کے تناظر میں دی ہے۔

  • کراچی، محسن نقوی نے ناظم آباد میں نئے پاسپورٹ آفس کا کیا افتتاح

    کراچی، محسن نقوی نے ناظم آباد میں نئے پاسپورٹ آفس کا کیا افتتاح

    کراچی میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا میگا سنٹر ناظم آباد میں قائم ہونے والے نئے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ نیا پاسپورٹ آفس تین شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرے گا، جس سے شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں موجود کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے نادرا میگا سنٹر میں شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور پراسیس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر شہریوں نے وزیر داخلہ کے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں بہترین سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ "یہ بہت زبردست سہولت ہے، آپ نے ہمارے لئے بہت آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔”

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر میں خواتین کے مسائل پر بھی توجہ دی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بائیو میٹرک کرانے کے لیے خواتین کی شکایات سنی۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر مسائل کے حل کی ہدایات دیں۔ بزرگ خواتین نے وزیر داخلہ کے فوری احکامات پر شکریہ ادا کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ "آپ کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اور ہم ہمیشہ شہریوں کی سہولت کے لئے اقدامات کریں گے۔”

    اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی اور نادرا کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے پاسپورٹ آفس کی ورکنگ کے بارے میں وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔یہ نیا پاسپورٹ آفس شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، جو انہیں کسی بھی وقت پاسپورٹ بنانے کے لئے مدد فراہم کرے گا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا بے گھر افراد کیلئے 3مرلہ کے مفت پلاٹ کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کا بے گھر افراد کیلئے 3مرلہ کے مفت پلاٹ کا اعلان

    وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ضرورت منداور ناداربے گھر افراد کیلئے 3مرلہ کے مفت پلاٹ کا اعلان کیا ہے

    پنجاب میں بے گھر افراد کو مفت پلاٹ دینے کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغازکر دیا گیا،پہلے مرحلے میں 22اضلاع میں 33 سکیموں میں 1892 پلاٹ دئیے جائیں گے،راولپنڈی ڈویژن کے 4اضلاع میں 5سکیموں میں 658تین مرلہ کے پلاٹ دئیے جائیں گے،فیصل آباد ڈویژن کے 5اضلاع کی 4سکیموں میں 288تین مرلہ پلاٹ ملیں گے،لاہور ریجن کے 3اضلاع کی 5سکیموں میں 518 تین مرلہ پلاٹ دئیے جائیں گے،بھکر ریجن کی 7سکیموں میں 131 تین مرلہ پلاٹ دئیے جائیں گے،ملتان ریجن کے 5اضلاع کی 9سکیموں میں 270 تین مرلہ پلاٹ دئیے جائیں گے،بہاولپور ریجن کی 3سکیموں میں 27تین مرلہ پلاٹ دئیے جائیں گے، حضرو، اٹک، جہلم،گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں تین مرلہ سکیم کے تحت پلاٹ ملیں گے، فری پلاٹ سکیم میں چنیوٹ ماموں کانجن،سلانوالی،جھنگ،پتوکی،اوکاڑہ،رینالہ خورد،بھکر،خوشاب،لیہ بھی شامل ہیں، وہاڑی، لودھراں، ساہیوال، چیچہ وطنی،فورٹ منرو،راجن پو،بہاولپور اور بہاولنگربھی تین مرلہ سکیم بھی شامل ہیں

    وزیراعلی مریم نواز شریف نےبے گھر نادار افراد کو مفت پلاٹ دینے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا اور کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کے پاس اپنا گھر میراخواب ہے۔نادار اور مستحق لوگوں کا بھی حکومتی وسائل پر حق ہے۔ مفت پلاٹ کسی پر احسان نہیں ہو گا بلکہ اپنا فرض ادا کررہے ہیں۔

    لائن آف کنٹرول پر بھارتی تخریبی کاروائیاں بے نقاب

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے وزیر کھیل سندھ کی ملاقات

  • لائن آف کنٹرول پر بھارتی تخریبی کاروائیاں بے نقاب

    لائن آف کنٹرول پر بھارتی تخریبی کاروائیاں بے نقاب

    بھارتی فوج اورانٹیلی جنس ایجنسیوں کی آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پرامن علاقوں میں بدامنی پھیلانے کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ اور تخریبی سرگرمیوں کی تاریخ پرانی ہے، بھارت کی جانب سے ایل او سی پر آئی ای ڈیز(دھماکہ خیز مواد) کی نقل و حمل اور استعمال کے ذریعے تخریب کاری کی کوشش کی جا رہی ہے،شواہد کے مطابق 2016 ء کے بعد سے ایل او سی پر بھارت کی طرف سے آئی ای ڈیز لگانے کے 54 واقعات سامنے آئے، چکوٹھی، نیزا پیر، چیریکوٹ، رکھ چکری، دیوا، بٹل، کوٹ کوٹیرہ اور دیگر علاقوں میں بھارتی آئی ای ڈیز ملنے اور پھٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوا،ان بھارتی آئی ای ڈیز دھماکوں کے نتیجے میں اب تک متعدد معصوم شہری زخمی اور شہید ہو چکے ہیں، طویل عرصے سے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر تخریبی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، بھارت کی ان تخریبی سرگرمیوں میں بھارتی آئی ای ڈیز،ہتھیار اورمنشیات کی نقل و حمل باغ، بٹل، دیوا اور دیگر علاقوں میں کی جا رہی ہے،

    4 تا 6 فروری 2025ء کے دوران بٹل سیکٹر اور راولاکوٹ کے علاقے میں 4 بھارتی آئی ای ڈیز برآمد ہوئیں جبکہ دھماکے سے ایک شہری شہید ہوا، 12 فروری 2025 کو بھارتی فوج نے دیوا اور باگسر سیکٹر میں فائر بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں دو جوان زخمی ہوئے، پاکستان کی جانب سے پونچھ، باغ، کوٹلی، میرپور اور راولاکوٹ میں بدامنی پھیلانے اور بھارتی آئی ای ڈیز کی نقل و حمل پر بھارت سے احتجاج بھی کیاگیا،پاکستان نے ان علاقوں میں موجود اقوام متحدہ کے حکام کے ساتھ ان بھارتی تخریبی سرگرمیوں کے شواہد کا تبادلہ بھی کیا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی فوج پر دراندازی کے جھوٹے الزامات کیلئے فالس فلیگ آپریشنز اور جعلی مقابلے کئے جاتے رہے ہیں بھارتی فوج نے متعدد افسران جن میں 3راجپوت، 12 جاٹ اور دیگریونٹس کو منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ کیلئے فوجی ذرائع استعمال کرنے پر سزائیں بھی دیں، ڈبل ایجنٹوں کے ذریعے اسلحے کی کھیپ کوبھارتی سرحدی یونٹس کیساتھ مل کر سمگل کیا جاتا ہے تاکہ ان کو پاکستانی ہتھیار ثابت کیا جائے، بھارتی فوج بعدمیں ان ڈبل ایجنٹوں کو پاکستانی ظاہر کرکے مالی انعامات کیلئے مار دیتی ہے، نومبر 2022ء میں ایک ویڈیو میں شہری نے بھارتی فوجی کو گولی مار کر ہلاک کردیا جو اسلحہ کا ذخیرہ چھپانے کی کوشش کر رہا تھا، بھارتی فوج میں بددلی کی وجہ سے ہر سال خود کشی کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، خود کشی کے واقعات کو بھارتی فوجی تحقیقات سے بچنے کیلئے دو طرفہ فائرنگ تبادلے کا نام دے دیتی ہے،

    بھارتی فوج کے منظم ہتھکنڈے بنیادی طور پر مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہیں،دفاعی ماہرین
    دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے دیگر ممالک میں دراندازی اور تخریبی سرگرمیاں کے ناقابل تردید شواہدکی تاریخ موجود ہے، بھارت کی جانب سے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی، آئی ڈی ایز اورہتھیاروں کی نقل و حمل خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بھارتی فوج کے منظم ہتھکنڈے بنیادی طور پر مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہیں،بھارت مقبوضہ کشمیر میں اختلاف رائے رکھنے والوں کو قید جبکہ مقامی لوگوں کی املاک پر قبضہ کر رہا ہے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کا استحصال کیا جا رہا ہے ،بھارت اس طرح کی حرکات کرکے دراصل مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کر رہا ہے، بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات عائد کرنا، اپنی دہشت گردی کی کارروائیوں سے توجہ ہٹانے کا حربہ ہے،بھارت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں بدامنی پیدا کرکے عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے، بھارت کی جانب سے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں پاکستان کو اشتعال دلانے اور کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے، بھارتی فوج جعلی مقابلوں سے پاکستان پر دراندازی کے بے بنیاد الزامات کے ذریعے اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے،مودی کے دورہ امریکا سے قبل بھارت سازشیں کررہا ہے تاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر دہشتگردی کی حمایت کرنے والا ثابت کرسکے، بھارت کے کینیڈا، امریکا، برطانیہ اور آسڑیلیا میں بھی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے تخریبی سرگرمیوں کے شواہد ملے ہیں،بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے کینیڈا میں ہردیب سنگھ نجر کا قتل اور امریکا میں گروپتونت سنگھ پنن کے قتل کی سازش اس سلسلے کی کڑی ہے، بھارت کو ادراک ہونا چاہیے کہ ایسی سرگرمیاں بحران کو بڑھا سکتی ہیں، جس سے علاقائی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، بھارت کو یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ پاکستان بھی اسی انداز میں جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • ترک صدر کی وزیراعظم ہاؤس میں آمد،گارڈ آف آنر پیش

    ترک صدر کی وزیراعظم ہاؤس میں آمد،گارڈ آف آنر پیش

    پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ خاتون اول کا وزیراعظم ہاؤس میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر اور خاتون اول کا دل سے استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی پیش کیے گئے تاکہ دو طرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کو وفاقی کابینہ کے اراکین سے فرداً فرداً ملاقات کرائی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط روابط قائم کیے جا سکیں۔ اس ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی ترک صدر سے مصافحہ کیا۔

    ترک صدر اور ان کی اہلیہ رات گئے نور خان ائیر بیس پر پہنچے تھے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں خوش آمدید کہا۔ترک صدر کو نور خان ائیر بیس پر 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی، جس سے پاکستان کی طرف سے ترکیہ کے ساتھ دوستی اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

    وزیرِاعلیٰ پنجاب کی اسلام آباد میں ترکیہ کی خاتون اول ایمنہ اردوان سے ملاقات
    وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اسلام آباد میں ترکیہ کی خاتون اول ایمنہ اردوان سے ملاقات ہوئی ہے،وزیراعلی مریم نواز شریف نے ترکیہ کی خاتون اول کا پرتپاک استقبال کیا،وزیراعلی مریم نواز شریف نے خاتون اول ایمنہ اردوان کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا.وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکستان ترکیہ پارٹنر شپ برائے سسٹین ایبلٹی کے تحت سرکلر اکانومی کی تقریب میں شرکت کی،

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امید ہے رجب طیب اردوان کا دورۂ پاکستان بہت مفید ثابت ہو گا۔ترکیہ پاکستان کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

    پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہو ئے،وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے،پاک ترکیہ اسٹریٹجک تعلقات مزید مستحکم کرنے کے اعلامیے پر جبکہ سماجی و ثقافتی بنیادوں پر ملٹری اور سول پرسنیلز کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔دونوں ممالک کے درمیان ایئر فورس الیکٹرانک وار فیئر اور انرجی ٹرانزیشن کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے، کان کنی کے شعبے میں تعاون، ہائیڈرو کاربنز کے شعبے میں پاک ترک تعاون کے معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول پر بھی دستخط کیے گئے۔صنعتی پراپرٹی میں تعاون کے علاوہ ترکیہ سیکرٹریٹ آف ڈیفنس انڈسٹریز اور وزارت دفاعی پیداوار میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ترکیہ ایرو اسپیس انڈسٹریز اور نیول ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ اور پاکستان میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ایکسپورٹ کریڈٹ بینک ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک پاکستان میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جبکہ سامان کی تجارت بڑھانے کے حوالے سے مشترکہ وزارتی اسٹیٹمنٹ پر بھی دستخط کیے گئے۔حلال ایکریڈیٹیشن اتھارٹی آف ترکیہ اور پاکستان حلال اتھارٹی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جبکہ لیگل میٹرولوجی انفرا اسٹرکچر کے قیام کے حوالے سے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔پاکستان اور ترکیہ کے درمیان میڈیا اور کمیونیکیشنز کے شعبوں میں تعاون، مذہبی خدمات اور مذہبی تعلیم کے شعبوں میں تعاون، سائینٹفک اینڈ ٹیکنالوجیکل ریسرچ کونسل ترکیہ اور این ٹی یو فیصل آباد کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ اس کے ساتھ ساتھ صحت اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

  • چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے وزیر کھیل سندھ  کی ملاقات

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے وزیر کھیل سندھ کی ملاقات

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر بات چیت کی۔ وزیر کھیل سندھ نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں پی سی بی کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ حکومت کا تعاون چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعاون سے ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں مزید سہولت حاصل ہو گی اور کرکٹ کی ترقی کے لیے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

    اس ملاقات کے دوران وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے سندھ کے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں نظر انداز کرنے پر شکوہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو میرٹ پر قومی ٹیم میں جگہ دینی چاہیے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔سردار محمد بخش مہر نے مزید کہا کہ سندھ کے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بھرپور مواقع دئیے جائیں گے اور ان کی مکمل حمایت کی جائے گی۔