Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ملک ناز کی جرات کو سلام، بیٹیاں بھی دفاع وطن کیلیے جانیں نچھاور کر رہی ،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

    مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے بلوچستان میں دہشتگردانہ حملے میں لیڈی کانسٹیبل ملک ناز کی شہادت پر کہا ہے کہ پاکستان کی محب وطن بیٹیاں بھی وطن کے دفاع کے لئے جانیں نچھاور کر رہی ہیں ،بزدل دشمن دہشتگردی و تخریب کاری کے ذریعے پاکستانیوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتا،دہشتگردی کی لعنت کے خلاف قوم متحد اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے

    ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ خضدار میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید لیڈی کانسٹیبل ملک ناز نے وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جان نچھاور کر کے سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ،ملک ناز نے بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی عظیم مثال قائم کی ہے،بلوچستان کی پہلی خاتون شہید ملک ناز ایک ایسی بہادر خاتون جنہوں نے پہلے اپنے شوہر کی شہادت کے بعد بھی حوصلہ نہیں ہارا اور خود وطن کی خدمت کا راستہ اختیار کیا،ملک ناز کی جرات،قربانی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، ملک ناز جیسی بہادر خواتین اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی بیٹیاں بھی دفاعِ وطن میں کسی سے پیچھے نہیں، دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،مرکزی مسلم لیگ قیام امن کے لئے سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.

  • مودی کے ہاتھوں افتتاح سے ایک روز قبل  راجھستان ریفائنری میں آگ

    مودی کے ہاتھوں افتتاح سے ایک روز قبل راجھستان ریفائنری میں آگ

    مودی کے ہاتھوں افتتاح سے ایک دن قبل راجھستان میں 13 برس سے زیر تعمیر ریفائنری میں آگ لگ گئی

    بھارت کی ریاست راجستھان کے ضلع بالوترا کے علاقے میں قائم ایچ پی سی ایل راجستھان ریفائنری (HRRL) میں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے مجوزہ افتتاح سے صرف ایک روز قبل خوفناک اور پراسرار آگ بھڑک اٹھی، جس نے پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 80 ہزار کروڑ بھارتی روپے مالیت کے بڑے منصوبے پچپدرا ریفائنری کمپلیکس میں پیش آیا، جو 9 ایم ایم ٹی پی اے صلاحیت کی ریفائنری اور پیٹروکیمیکل منصوبہ ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں جائے وقوعہ پر دھویں کے بادل اور آگ کے شعلے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ ایک مقام پر مودی کا اسٹینڈی بورڈ بھی نظر آیا۔ذرائع کے مطابق ریفائنری تاحال زیرِ تعمیر تھی اور منصوبے کا باقاعدہ افتتاح اگلے روز بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے کرنا تھا۔ تاہم افتتاح سے عین پہلے آتشزدگی کے اس واقعے نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تاحال آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔حکام کی جانب سے کسی جانی نقصان یا زخمیوں کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی،

  • چھوٹی عمر سے بالغوں کے درمیان کام، وقت سے پہلے بالغ ہو گئی تھی،اداکارہ کا انکشاف

    چھوٹی عمر سے بالغوں کے درمیان کام، وقت سے پہلے بالغ ہو گئی تھی،اداکارہ کا انکشاف

    بالی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اور اجے دیوگن کی فلم “سن آف سردار 2” میں کام کرنے والی روشنی والیا ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور والدہ کی کھلی سوچ کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔

    انٹرویو کے دوران روشنی والیا نے بتایا کہ ان کی والدہ نہ صرف انہیں زندگی سے بھرپور لطف اٹھانے اور دوستوں کے ساتھ گھلنے ملنے کی ترغیب دیتی ہیں بلکہ وہ انہیں ہر معاملے میں کھل کر رہنمائی بھی فراہم کرتی ہیں۔اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ کا انداز روایتی نہیں بلکہ کافی جدید ہے، جو انہیں آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔روشنی والیا نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ ان سے گفتگو کھل کر کرتی ہیں اور انہیں ذمہ داری کے ساتھ زندگی گزارنے کا مشورہ دیتی ہیں، جس میں ذاتی حفاظت اور احتیاط سے متعلق باتیں بھی شامل ہوتی ہیں،میری والدہ مجھ سے پہلے میری بہن کو بھی یہی سمجھاتی تھیں اور اب وہ مجھے بتاتی ہیں،جب ان کی ماں اسے گھر میں بیکار بیٹھی دیکھتی ہیں تو وہ اکثر اسے روکتی ہیں،وہ اکثر اس سے کہتی ہیں، آج تم گھر پر کیوں بیٹھی ہو، باہر جاؤ، اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی کرو، اور زندگی کا لطف اٹھاؤ، کبھی کبھی، وہ مذاق میں پوچھتی ہے، کیا آج تم نے شراب نہیں پی؟

    اداکارہ نے بتایا کہ چھوٹی عمر میں بالغوں کے درمیان کام کرنے سے وہ اپنے وقت سے پہلے بالغ ہو گئی تھیں، انھوں نے نہ صرف کام کی پیچیدگیوں کو سیکھا بلکہ فلمی صنعت کے پیچھے کی سیاست کو بھی سمجھا،انہوں نے مختلف ڈراموں اور پروجیکٹس میں کام کیا جبکہ بالی وڈ میں بھی اپنی موجودگی کا آغاز کیا۔روشنی کے مطابق ان کی کامیابی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ ان کی والدہ کی قربانی اور سپورٹ ہے، جنہوں نے اپنا آبائی شہر چھوڑ کر ممبئی میں ان کے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے ساتھ دیا۔

  • وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی سفیر سے ملاقات

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی سفیر سے ملاقات

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات ہوئی ہے،

    ملاقات میں اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کیلئے کئے انتظامات پر گفتگو کی گئی، کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارتی و مذاکراتی چینلز کے ذریعے پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا گیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے حالیہ دورہ ایران بارے آگاہ کیا ،ایرانی سفیر نے کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا،وزیر داخلہ محسن نقوی کاکہنا تھا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کیلئے تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، غیر ملکی وفود کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔پاک ایران تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستان ایران امریکہ تنازعہ کے مذاکرات کے ذریعے حل کا داعی ہے، تنازعہ کا دیرپا حل ہی خطے کے استحکام و امن کا ضامن ہے، چیف کمشنر اسلام آباد۔ آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے

  • بلوچستان میں بہادری کی نئی مثال،شہید کی اہلیہ لیڈی کانسٹیبل ملک ناز شہید

    بلوچستان میں بہادری کی نئی مثال،شہید کی اہلیہ لیڈی کانسٹیبل ملک ناز شہید

    ہمارے شہداء ،ہمارا افتخار، بلوچستان میں بہادری کی نئی مثال،بلوچستان کی بہادر بیٹی نےاپنا فرض نبھاتے ہوئے وطن عزیز پر جان قربان کر دی

    خضدار میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں لیڈی کانسٹیبل ملک ناز نے جام شہادت نوش کیا،لیڈی کانسٹیبل ملک ناز 19اپریل 2026 کو خضدار کے علاقے بَجوئی میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملہ میں شہید ہوئیں،2011 میں ملک ناز کے شوہر عبدالغنی بھی لیویز فورس میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں شہید ہوگئے تھے، شہید لیڈی کانسٹیبل ملک ناز کو 2013 میں شہید کوٹہ کے تحت لیویز فورس میں بھرتی کیا گیا تھا،شہید شوہر کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک ناز نے بلوچستان کی پہلی شہید بیٹی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ،شہید ملک ناز کے سوگواران میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں ،وطن عزیز کی بقا اور سلامتی کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کو قوم کا سلام ہو،

  • روس میں مبینہ بم حملے کی سازش ناکام، جرمن خاتون گرفتار

    روس میں مبینہ بم حملے کی سازش ناکام، جرمن خاتون گرفتار

    روس میں سکیورٹی اداروں نے مبینہ بم حملے کی ایک بڑی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد ایک جرمن خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    روسی سرکاری میڈیا کے مطابق سکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے قبضے سے دیسی ساختہ بم برآمد کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر ایک منصوبہ بند حملے کا حصہ تھا۔روسی سکیورٹی ایجنسی کے مطابق گرفتار خاتون پر الزام ہے کہ وہ جنوبی روس میں ایک سکیورٹی تنصیب کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔حکام نے مزید بتایا کہ ملزمہ کو قفقاز کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ممکنہ نیٹ ورک اور پس پردہ عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔

  • اسلام آباد مذاکرات،پاکستان ثالث کے طور پر فعال،میڈیابھی کرے ذمہ دارانہ کردار ادا

    اسلام آباد مذاکرات،پاکستان ثالث کے طور پر فعال،میڈیابھی کرے ذمہ دارانہ کردار ادا

    امریکا ،ایران جنگ بندی کے سلسلہ میں اسلام آباد ایک بار پھر میزبانی کرنے کو تیار ہے ،پاکستان واحدثالث ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تین روزہ دورہ ایران کیا اور ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں یہ دورہ مذاکرات کے پہلے دور کے بعد ہوا، اب دوسرے دور کا اعلان ہو چکا کہ مذاکرات ہونے ہیں، امریکی صدر ٹرمپ بھی کہ چکے کہ امریکی وفد اسلام آباد آج پہنچے گا ،امریکا ایران مذاکرات کے حوالہ سے ساری دنیا کی نظریں اسلام آباد پر ہیں ایسے میں پاکستانی میڈیا کو بھی اعتماد کی فضا بنانی ہو گی، مصدقہ خبر کو ہی نشر کرنا چاہئے نہ کہ افواہیں، تجزیوں کو خبر بنا کر پیش کیا جائے

    گزشتہ دورِ مذاکرات سے پہلے جس طرح دیکھا گیا تھا، اب بھی دوسرے مرحلے کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے میڈیا میں کافی ہائپ پیدا ہو رہی ہے۔ایران کی جانب سے مختلف رپورٹس سامنے آ رہی ہیں کہ ان کا وفد آئے گا یا نہیں۔اگر ماضی کودیکھا جائے تو یہ زیادہ امکان ہے کہ ایران کی طرف سے میڈیا میں اشارے اور سیاسی حکمتِ عملی کے تحت دباؤ بنایا جا رہا ہے تاکہ مذاکرات میں زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے اور اندرونی سیاست کو بھی مدنظر رکھا جا سکے۔ایران کے وزیرِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ “ابھی کوئی منصوبہ نہیں”۔ یہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ وہ معاملے پر غور کر رہے ہیں لیکن حتمی فیصلہ نہیں ہوا،یہ ایک روایتی دباؤ کی حکمتِ عملی ہے۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اب بھی واحد ثالث کے طور پر کام کر رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسلام آباد اس کردار میں فعال ہے اور آئندہ دور بھی اسی جگہ ہونے کا امکان ہے۔

    میڈیا کو دونوں انتہاؤں سے گریز کرنا چاہیے؛ نہ یہ کہنا درست ہے کہ مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں اور نہ ہی یہ کہ معاہدہ طے پا چکا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ عمل جاری ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ دونوں وفود اسلام آباد کا دورہ کریں گے، کیونکہ دونوں فریقین معاہدے تک پہنچنے کے لیے مثبت سوچ رکھتے ہیں، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

  • کراچی،میٹرک امتحانات،وزیر کا دورہ،طلبا نقل کرتے پکڑے گئے

    کراچی،میٹرک امتحانات،وزیر کا دورہ،طلبا نقل کرتے پکڑے گئے

    میٹرک بورڈ کے جاری امتحانات کے دوران لیاری کے ایک اسکول میں بڑے پیمانے پر نقل کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیر بورڈ سندھ اسماعیل راہو نے اچانک اسکول کا دورہ کیا تو امتحانی نظام کی سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

    دورے کے دوران متعدد طلبہ و طالبات کو موبائل فون اور نقل کے دیگر مواد کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ چھوٹے چھوٹے کلاس رومز میں ایک ہی ڈیسک پر دو دو طالبات کو بٹھا کر امتحان دینے کی اجازت دی گئی تھی، جس پر انتظامی غفلت واضح نظر آئی۔مزید انکشاف اس وقت ہوا جب ایک اسپیشل روم میں صرف چار طالبات کو موبائل فون اور دیگر نقل کے مواد کے ساتھ پرچہ حل کرتے ہوئے پایا گیا۔ وزیر بورڈ نے موقع پر ہی طلبہ کی کاپیاں چیک کیں تو حیران کن طور پر تمام پرچوں کے جوابات حرف بہ حرف ایک جیسے نکلے۔

    وزیر بورڈ سندھ اسماعیل راہو نے موقع پر موجود سینٹر سپرنٹنڈنٹ سے وضاحت طلب کی تاہم وہ تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔اسماعیل راہو نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ بورڈ انتظامیہ فوری طور پر متعلقہ امتحانی سینٹر کو منسوخ کرے اور سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو برطرف کیا جائے۔

  • افغان طالبان کے رہنما بم دھماکوں،خود کش حملوں کی منصوبہ بندی کے ماسٹر مائنڈ قرار

    افغان طالبان کے رہنما بم دھماکوں،خود کش حملوں کی منصوبہ بندی کے ماسٹر مائنڈ قرار

    امریکی تحقیقاتی ادارے مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کی تازہ رپورٹ میں افغان طالبان کے حکومتی ڈھانچے اور اہم رہنماؤں سے متعلق سنگین نوعیت کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کے 20 فیصد سے زائد رہنما ماضی میں بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں مبینہ طور پر ملوث رہے ہیں، جنہیں "ماسٹر مائنڈز” قرار دیا گیا ہے۔دوسری جانب افغان میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طالبان کی 33 رکنی کابینہ میں سے 13 سے 14 ارکان اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان میں افغان عبوری وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند، نائب وزیر اعظم، افغان عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی اور وزیر خارجہ امیر خان متقی سمیت متعدد اہم شخصیات کے نام شامل ہیں۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر طالبان سے وابستہ 135 افراد اور 5 ادارے عالمی پابندیوں کی فہرست میں موجود ہیں۔ ان پابندیوں کے تحت ان افراد کے اثاثے منجمد ہیں جبکہ ان پر سفری پابندیاں اور اسلحہ کی خرید و فروخت پر بھی پابندیاں عائد ہیں۔

  • صدر مملکت آصف علی زرداری کا چین کا اہم دورہ متوقع

    صدر مملکت آصف علی زرداری کا چین کا اہم دورہ متوقع

    صدر مملکت آصف علی زرداری کا جلد چین کا اہم سرکاری دورہ متوقع ہے، جس کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا مجوزہ دورۂ چین تقریباً 5 سے 6 دن پر محیط ہوگا، جس میں وہ چین کی اعلیٰ قیادت اور اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت ممکنہ طور پر 24 یا 25 اپریل کو چین روانہ ہوں گے، تاہم ان کے دورے کے حتمی شیڈول کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    دورے کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال بھی ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگی، جہاں دونوں ممالک کی قیادت موجودہ جغرافیائی و سیاسی حالات، خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو کرے گی۔یہ دورہ پاکستان اور چین کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔