Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ماضی میں ساتھی اداکارہ کو تھپڑ مارنے پر ریماخان کو  افسوس

    ماضی میں ساتھی اداکارہ کو تھپڑ مارنے پر ریماخان کو افسوس

    پاکستان کی معروف فلم اسٹار، ہدایت کارہ اور پروڈیوسر ریما خان نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں ایک مشہور اداکارہ کو تھپڑ مارا تھا، تاہم آج بھی وہ اس واقعے پر نادم ہیں۔

    ریما خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم بلندی سے کیا اور بعد ازاں کوئی تجھ سا کہاں، زمین آسمان، جو ڈر گیا وہ مر گیا، چور مچائے شور، ہاتھی میرے ساتھی اور نکاح جیسی کامیاب فلموں سے شہرت حاصل کی۔ وہ شان شاہد، سعود اور بابر علی کے ساتھ اپنی مقبول جوڑیوں کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔انہوں نے مبشر ہاشمی کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ فلم مس استنبول کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔

    ریما خان کے مطابق وہ ایک انٹروورٹ شخصیت کی مالک تھیں اور ہمیشہ اپنے کام پر توجہ دیتی تھیں، لیکن نوجوانی میں جذبات پر قابو رکھنا آسان نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ساتھی اداکارہ نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور دو مرتبہ نازیبا زبان استعمال کی، جس پر وہ خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور سب کے سامنے اسے تھپڑ مار دیا۔اداکارہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صبر سے کام لینا چاہیے تھا اور بعض اوقات بدلہ خدا پر چھوڑ دینا چاہیے۔ریما خان نے یہ بھی واضح کیا کہ فلم انڈسٹری میں نمبر ون یا نمبر ٹو اداکارہ کی بحث اداکاراؤں نے نہیں بلکہ صحافیوں نے شروع کی تھی۔

  • موریطانیہ،جتنی چربی،اتنی حسین،موٹی لڑکیوں کو کیا جاتا پسند

    موریطانیہ،جتنی چربی،اتنی حسین،موٹی لڑکیوں کو کیا جاتا پسند

    دنیا بھر میں خوبصورتی کے معیار مختلف ہیں، لیکن افریقی ملک موریطانیہ میں حسن کا تصور دنیا کے کئی ممالک سے بالکل مختلف ہے۔ جہاں اکثر معاشروں میں پتلا جسم اور دبلی کمر کو خوبصورتی سمجھا جاتا ہے، وہیں موریطانیہ میں زیادہ وزن اور بھاری جسم کو حسن، کشش اور سماجی وقار کی علامت مانا جاتا ہے۔

    موریطانیہ میں موٹی لڑکیوں کو زیادہ پرکشش سمجھا جاتا ہے جبکہ دبلی پتلی لڑکیوں کو کم خوبصورت تصور کیا جاتا ہے۔ اسی سوچ کے تحت بعض خاندان اپنی بیٹیوں کو کم عمری میں زبردستی موٹا بنانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ انہیں شادی کے لیے موزوں سمجھا جائے۔موریطانیہ میں اس روایت کو “لیبلوہ” یا “گیواج” کہا جاتا ہے، جو خاص طور پر دیہی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ اس رسم کے تحت پانچ سے انیس سال تک کی لڑکیوں کو خصوصی گھروں یا مقامات پر رکھا جاتا ہے جہاں انہیں مسلسل زیادہ مقدار میں کھانا کھلایا جاتا ہے۔رپورٹس کے مطابق لڑکیوں کو روزانہ 10 ہزار سے 16 ہزار کیلوریز تک غذا دی جاتی ہے، جو ایک عام انسان کی ضرورت سے کئی گنا زیادہ ہے۔ اس خوراک میں اونٹ کا دودھ، کُسکُس، مکھن، مونگ پھلی کا تیل اور جانوروں کی چربی شامل ہوتی ہے۔

    اگر کوئی لڑکی مزید کھانے سے انکار کرے تو بعض جگہوں پر اسے جسمانی یا ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنان کے مطابق بعض لڑکیوں کو مارا پیٹا جاتا ہے یا مختلف اذیت ناک طریقوں سے کھانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔روایتی ماؤر معاشرے میں موٹاپا خوشحالی، دولت اور عزت کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔ مقامی تصور یہ ہے کہ اگر عورت صحت مند اور بھاری جسم کی مالک ہو تو اس کا مطلب ہے کہ اس کا شوہر اسے اچھا کھانا فراہم کر سکتا ہے۔اسی سوچ کی وجہ سے کئی خاندان اپنی بیٹیوں کو کم عمری میں موٹا کر کے جلد شادی کے قابل بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ بعض علاقوں میں یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ بھاری جسم عورت کی پختگی اور بلوغت کی علامت ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس رسم کے نتیجے میں لڑکیوں کو متعدد طبی مسائل لاحق ہو سکتے ہیں، جن میں موٹاپا،ذیابیطس،ہائی بلڈ پریشر،دل کی بیماریاں،جوڑوں کا درد ،سانس کے مسائل شامل ہیں،بعض اطلاعات کے مطابق کچھ جگہوں پر وزن بڑھانے کے لیے خطرناک کیمیکل یا جانوروں کے لیے استعمال ہونے والے مادے بھی دیے جاتے ہیں، جو مزید نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

    اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور خواتین کے حقوق کے کارکنان اس روایت کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔ شہری علاقوں میں تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کے بدلتے خیالات کے باعث یہ رسم آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے، تاہم دیہی علاقوں میں اب بھی اس کے اثرات موجود ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خوبصورتی کے معیار وقت اور معاشرے کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں، لیکن کسی بھی رسم میں صحت، آزادی اور انسانی وقار کو مقدم رکھنا ضروری ہے

  • مذاکرات کیلئے فی الحال پاکستان جانے کا ارادہ نہیں، ثالث کار پاکستان کو بتادیا، ایران

    مذاکرات کیلئے فی الحال پاکستان جانے کا ارادہ نہیں، ثالث کار پاکستان کو بتادیا، ایران

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کا اب تک امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کا پلان نہیں ہے، مذاکرات کیلئے فی الحال پاکستان جانے کا ارادہ نہیں، ثالث کار پاکستان کو بتادیا،

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے نیوزکانفرنس میں کہا کہ ایران اپنے مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا، ایران کا اب تک امریکا سے مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کا پلان نہیں ہے، مذاکرات کیلئے فی الحال پاکستان جانے کا ارادہ نہیں، ثالث کار پاکستان کو بتادیا، امریکا اب بھی غیر حقیقی مطالبات پر اصرار کررہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ امریکا نے بحری ناکہ بندی جاری رکھ کر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، ایران کو امریکا پر اعتماد نہیں ہے، امریکا اور اسرائیل، ایران میں جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا کا مؤقف اور مطالبات بدلتے رہتے ہیں جو بات چیت کی راہ میں رکاوٹ ہیں، آبنائے ہرمز میں جو کچھ ہورہا ہے اس کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں، امریکی افواج کی جانب سے کسی بھی احماقانہ اقدام کا ایرانی افواج جواب دیں گی۔

  • دلہن کے کمرے میں لڑکے گھس گئے،دولہا کی دھمکی،دلہن کا انکار،نہ ہوئی شادی

    دلہن کے کمرے میں لڑکے گھس گئے،دولہا کی دھمکی،دلہن کا انکار،نہ ہوئی شادی

    بہار: بھارتی ریاست بہار کے ضلع ویشالی میں شادی کی ایک تقریب اس وقت میدانِ جنگ میں تبدیل ہوگئی جب دولہے کے ایک جملے پر دلہن نے نکاح سے انکار کردیا، جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان شدید جھڑپ شروع ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب ایک بینکوئٹ ہال میں جاری تھی جہاں بارات کا استقبال کیا گیا، مہمانوں نے کھانا کھایا اور جے مالا کی رسم بھی خوش اسلوبی سے مکمل ہوئی۔ تاہم خوشی کا ماحول اس وقت کشیدہ ہوگیا جب بارات کے دو نوجوان مبینہ طور پر دلہن کے کمرے میں داخل ہوگئے،لڑکی والوں نے اس پر سخت اعتراض کرتے ہوئے دونوں افراد کو باہر نکال دیا، جس پر تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ ہاتھا پائی میں بدل گیا اور دونوں فریق آمنے سامنے آگئے،عینی شاہدین کے مطابق ہال میں کرسیاں چلیں، لاٹھیاں برسیں اور شدید افراتفری پھیل گئی، جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔ ہال کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اسی دوران دولہا غصے میں آگیا اور اس نے دلہن کو دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ "شادی کے بعد ٹھیک کردیں گے”۔ یہ جملہ سن کر دلہن نے فوری طور پر شادی سے انکار کردیا،اہل خانہ نے معاملہ سنبھالنے اور دلہن کو منانے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنے فیصلے پر قائم رہی۔ بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حالات پر قابو پایا،پولیس نے دونوں خاندانوں کو تھانے منتقل کیا جہاں رات گئے تک مذاکرات جاری رہے، لیکن کشیدگی بڑھنے کے باعث شادی دوبارہ شروع نہ ہوسکی۔ آخرکار دونوں فریقوں نے باہمی رضامندی سے شادی منسوخ کرنے پر اتفاق کرلیا۔

  • ایران کا امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ،ریڈلائنز بھی بتا دیں

    ایران کا امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ،ریڈلائنز بھی بتا دیں

    ایران نے امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا ساتھ ہی اپنی ریڈ لائنز بھی بتادیں۔

    ایرانی نیشنل سیکیورٹی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے الجزیرہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک کہا کہ مذاکرات کا مطلب یہ نہیں کہ ایران کسی بھی قیمت پر بات چیت کرے، اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کا دارومدار امریکی مذاکرات کاروں اور مثبت پیغامات پر ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایران نے جو حدود واضح کی ہیں اُن کا احترام لازمی ہے، لبنان جنگ بندی اور منجمد اثاثوں کی بحالی بنیادی شرائط میں سے ہیں، سابقہ وعدوں کی پاسداری نہ کی گئی تو سمجھیں گے ایرانی شرائط کو تسلیم نہیں کیا گیا۔

    ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف بھی کہہ چکے ہیں کہ بات چیت تب ہی کریں گے جب دوبارہ حملے نہ ہونے کی یقین دہانی ہو۔محمد رضا عارف کا کہنا تھا آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد دشمن اب مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کیلئے سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی اور نیٹلی بیکر کے درمیان ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ، خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ امریکی سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام خاص مہمانوں کیلئے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں، اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔محسن نقوی نے مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کیلئے سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔

    واضح رہے کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے پاکستان پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا، امریکا ایران مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں ہونے جارہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدر خود بھی پاکستان جانے کا عندیہ دے چکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے پُرامید دکھائی دیتے ہیں۔امریکی صدر کہتے ہیں معاہدہ ضرور ہوگا۔ تہران نے بھی واضح کیا ہے کہ مذاکرات کیلئے لبنان میں جنگ بندی اور منجمد اثاثوں کی بحالی بنیادی شرائط ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

  • مودی سرکار کا عالمی سطح پر بھی نااہلی،ناکامی کا اظہار

    مودی سرکار کا عالمی سطح پر بھی نااہلی،ناکامی کا اظہار

    مودی سرکار نے بھارتی معیشت اور انتظامی مشینری کو نقصان پہنچانے کے بعد عالمی سطح پر بھی اپنی نااہلی اور ناکامی کا اظہار کر دیا ہے۔

    رائٹرز کے مطابق بھارتی حکومت نے کوپ 33 کی میزبانی کی اپنی پیشکش واپس لے لی ہے جو 2028 میں منعقد ہونا تھی،انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ فیصلہ ایک واضح یوٹرن قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی نے 2023 میں دبئی میں ہونے والی کانفرنس کے دوران 2028 کی کانفرنس کی میزبانی کی پیشکش کی تھی،بھارتی جریدے کے مطابق یہ اقدام صرف ایک بین الاقوامی ایونٹ کی منسوخی تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کے لیے بھی ایک بڑا دھچکا ہے،رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت پہلے ہی 2035 کے لیے اپنے قومی ماحولیاتی اہداف جمع کرانے کی دو ڈیڈ لائنز کو نظر انداز کر چکا ہے، جو اس کی ماحولیاتی سنجیدگی پر سوالیہ نشان ہے۔

    عالمی ماہرین کے مطابق کانفرنس کی میزبانی سے دستبرداری موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات اور گلوبل ساؤتھ کے نمائندہ ہونے کے بھارتی دعوؤں پر سنگین سوالات کھڑے کر رہی ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ فیصلہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ اپنی ماحولیاتی ذمہ داریوں اور عملی اقدامات کے درمیان موجود تضاد پر بحث سے بچنا چاہتا ہے،واضح رہے کہ دہلی فضائی آلودگی کے باعث دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے اور اس کی آلودگی پورے خطے کے ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔

  • راجن پور میں کم عمری کی شادی کی کوشش ناکام، دولہا اور والدین گرفتار

    راجن پور میں کم عمری کی شادی کی کوشش ناکام، دولہا اور والدین گرفتار

    راجن پور کے علاقے بھنڈو والا میں کم عمر لڑکی اور لڑکے کی شادی کروانے کی کوشش کو بارڈر ملٹری پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

    بارڈر ملٹری پولیس (بی ایم پی) کے مطابق اطلاع ملنے پر اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور جاری شادی تقریب رکوا دی۔ کارروائی کے دوران دولہا، نکاح خواں اور دونوں بچوں کے والدین کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ کم عمری کی شادی کے خلاف قانون پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ نے کم عمری کی شادی پر پابندی کا آرڈیننس منظور کیا تھا۔ آرڈیننس کے مطابق پنجاب میں 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی نہیں ہو سکے گی جبکہ نکاح کے وقت دولہا اور دلہن دونوں کی عمر 18 سال ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔قانون کے تحت کم عمری کی شادی قابلِ سزا جرم ہے اور اس پر کریمنل ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔ کم عمر نکاح رجسٹر کرنے والے رجسٹرار اور نکاح خواں کو کم از کم ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔

  • کوئٹہ میں 400 کلو چاندی اسمگلنگ کیس میں بڑی پیشرفت،ایف بی آر کے 6 افسران معطل

    کوئٹہ میں 400 کلو چاندی اسمگلنگ کیس میں بڑی پیشرفت،ایف بی آر کے 6 افسران معطل

    کوئٹہ میں کروڑوں روپے مالیت کی 400 کلوگرام چاندی اسمگلنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے غفلت، نااہلی اور مبینہ ملوث ہونے پر 6 افسران کو معطل کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق معطل کیے جانے والے افسران میں گریڈ 20 کے تین سینئر افسران اور گریڈ 16 کے تین افسران شامل ہیں۔ گریڈ 20 کے افسران میں ایک کلیکٹر، ایک ڈپٹی کلیکٹر اور ایک اسسٹنٹ کلیکٹر شامل ہیں۔
    ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ چاندی اسمگلنگ کیس کی تحقیقات کے دوران بعض افسران کی ذمہ داری اور کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھے، جس کے بعد ان کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
    اس کے ساتھ ہی کوئٹہ کسٹمز انفورسمنٹ کلیکٹوریٹ میں تین نئے افسران بھی تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ ادارے کے امور کو شفاف اور مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔حکام کے مطابق کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید اہم انکشافات اور کارروائیاں سامنے آ سکتی ہیں۔

  • سخت سیکورٹی ،پھر بھی اسلام آباد میں رات گئے ڈکیتیوں کی لہر، شہریوں میں خوف و ہراس

    سخت سیکورٹی ،پھر بھی اسلام آباد میں رات گئے ڈکیتیوں کی لہر، شہریوں میں خوف و ہراس

    اسلام آباد میں رات گئے ہونے والی مسلسل ڈکیتیوں کی وارداتوں نے شہریوں میں ایک بار پھر سیکیورٹی سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں، جہاں مختصر وقت کے دوران کم از کم چھ وارداتیں رپورٹ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ایک واقعہ شاہپور کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے ایک ڈیلیوری رائیڈر کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں رائیڈر کی ٹانگ میں گولی لگ گئی۔ ملزمان نقدی، موٹر سائیکل اور موبائل فون لے کر فرار ہو گئے۔دیگر علاقوں میں بھی وارداتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں پی ڈبلیو ڈی، چونگی نمبر 26 اور گردونواح شامل ہیں۔ ان واقعات میں شہریوں سے نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا چھین لی گئیں۔ایک خاندان سے مبینہ طور پر 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے لوٹے جانے کی بھی اطلاع ہے،

    تاحال کسی بڑی پیش رفت یا ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی، جبکہ شہری حلقوں کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کب کیے جائیں گے۔ایک طرف اسلام آباد میں سیکورٹی سخت ہے اور دوسری جانب شہری لٹ رہے ہیں،شہریوں نے رات کے اوقات میں پولیس گشت بڑھانے، حساس علاقوں میں نگرانی سخت کرنے اور فوری رسپانس نظام کو مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی حج پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے روانہ

    روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی حج پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے روانہ

    لاہور – روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی حج پرواز SV-5735 مقررہ وقت صبح 10:30 کے بجائے صبح 10:54 پر روانہ ہوئی۔

    اس موقع پر ایئرپورٹ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مولانا طاہر اشرفی اور مملکت سعودی عرب کے سفیر عزت مآب نواف بن سعید نے شرکت کی۔ دیگر معزز شرکاء میں انجینئر جفن بن خلف علی الشمر، جناب ابرار احمد مرزا (وفاقی سیکرٹری مذہبی امور)، میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابہ، جناب خواجہ سلمان رفیق (صوبائی وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر)، اور جناب سردار محمد یوسف (وفاقی وزیر مذہبی امور) شامل تھے۔ ایئرپورٹ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جن میں ائیرپورٹمینیجر، ڈپٹی ائیرپورٹ مینیجر، سٹیشن مینیجر، ٹرمینل مینیجرز ڈیپارچرز اینڈ ارائیولز، مینیجر ائیرسائیڈ، آفیسر انچارج پی ایس ایس، چیف سیکیورٹی آفیسر اے ایس ایف، اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن شامل ہیں۔ پرواز کی روانگی کے دوران دیگر تمام ائیرپورٹ آپریشنز معمول کے مطابق جاری رہے۔

    قبل ازیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے ایئرسیال کی پہلی حج پرواز PF-7700 ایک سو ساٹھ 160 عازمینِ حج کو لے کر سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیر مملکت برائے اوقاف اور صوبائی وزیر مذہبی امور نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر، ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے افسران بھی موجود تھے۔ معزز مہمانوں نے عازمینِ حج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ معزز مہمانوں نے روٹ ٹو مکہ سہولت کے تحت فراہم کردہ انتظامات کا بھی جائزہ لیا، جس میں سعودی امیگریشن کاؤنٹرز شامل ہیں۔ انہوں نے ان سہولیات کو سراہتے ہوئے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ایئرسیال کی پرواز PF-7700 علی الصبح 2:05 بجے روانہ ہوئی، جو کراچی سے پری حج آپریشنز کا آغاز ہے۔

    علاوہ ازیں ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پری حج آپریشنز 2026 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ائیربلو کی پرواز PA-876 کے ذریعے 151 عازمینِ حج کو مدینہ منورہ روانہ کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں میاں محمد کاظم پیرزادہ (صوبائی وزیر آبپاشی)، رانا عبد المنان ساجد (رکن صوبائی اسمبلی)، اور بیگم مقصودہ انصاری (رکن صوبائی اسمبلی) شامل تھے۔اس موقع پر سی او او/اے پی ایم ایم انور ضیاء، ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر، ڈائریکٹر ٹرمینل آپریشنز ایئر بلیو کنور یاسر، ڈائریکٹر کمرشل ایئر بلیو ایم شفیق، جبکہ اے ایس ایف، ایف آئی اے اور اے این ایف کے افسران بھی موجود تھے۔مہمانِ خصوصی نے ایئرپورٹ انتظامیہ اور ڈائریکٹوریٹ حج کی جانب سے عازمینِ حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور حج کے مقدس سفر کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے عازمینِ حج کو پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔