Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • اسرائیلی حملے میں جنوبی لبنان کو ملک سے ملانے والا آخری پل تباہ

    اسرائیلی حملے میں جنوبی لبنان کو ملک سے ملانے والا آخری پل تباہ

    لبنان کے ایک سینئر سکیورٹی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں جنوبی لبنان کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا آخری پل تباہ ہو گیا ہے، جس کے بعد زمینی رابطہ شدید متاثر ہوا ہے۔

    عہدیدار کے مطابق حملے کے نتیجے میں پل مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور اب اسے قابلِ مرمت نہیں سمجھا جا رہا۔ اس پیش رفت کے بعد جنوبی لبنان میں آمدورفت، امدادی سرگرمیوں اور شہری نقل و حرکت پر سنگین اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کی رکن گیلا گملیئل نے کہا ہے کہ ایک اہم ملاقات متوقع ہے، تاہم اس کے وقت یا مقام کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔لبنانی حکام نے اسرائیلی قیادت سے کسی ممکنہ رابطے یا ملاقات کے بارے میں لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس اس حوالے سے کوئی معلومات موجود نہیں ہیں۔

    یاد رہے کہ ایران جنگ کے آغاز سے ہی جنوبی لبنان میں اسرائیل اور ایران نواز حزب اللہ کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں کارروائیوں کے دوران حزب اللہ کے ایک اسلحہ ڈپو کا سراغ لگایا گیا ہے۔اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے اپنے ٹیلیگرام بیان میں کہا کہ فوجیوں پر حملے کی دو کوششوں کو ناکام بنایا گیا، جن میں مبینہ شدت پسندوں کو ڈرون حملے اور فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا۔بیان کے مطابق کارروائی کے دوران کلاشنکوف رائفلیں، اینٹی ٹینک راکٹ، آر پی جی لانچر، مارٹر گولے اور زیرِ زمین اسلحہ ذخیرہ گاہ بھی برآمد کی گئی۔

  • پاکستان،ترکیہ مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز مشق  ترکیہ میں کامیابی سے مکمل

    پاکستان،ترکیہ مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز مشق ترکیہ میں کامیابی سے مکمل

    پاکستان،ترکیہ مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز مشق "جنّاح-XIII” ترکیہ میں کامیابی سے مکمل کر لی گئی

    مشق کا فوکس انسدادِ دہشتگردی آپریشنز پر رہا، پاک فوج کے دستوں نے ترک فورسز کے ساتھ مشترکہ شرکت کی ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق تربیتی سرگرمیاں انقرہ اور اسپارٹا میں منعقد ہوئیں،مشق نے تمام تربیتی اور عسکری سفارتی اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے ۔دونوں ممالک کے دستوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔مشق کا مقصد انسداد دہشتگردی سے متعلق ڈرلز، طریقہ کار اور تکنیکس کو مزید بہتر بنانا تھا ۔شہری علاقوں میں جنگی حکمت عملی اورآئی ای ڈیز کے خلاف کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی گئی ۔مشترکہ مشق سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ۔۔

  • ژوب میں انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ جاری،ایف سی بلوچستان نارتھ کے مثالی سیکیورٹی انتظامات

    ژوب میں انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ جاری،ایف سی بلوچستان نارتھ کے مثالی سیکیورٹی انتظامات

    بلوچستان کے ضلع ژوب میں جاری انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جہاں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مہم کے دوران مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 240 بچوں کو پولیو ویکسین دی جا چکی ہے، جس کا مقصد بچوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ بنانا ہے۔محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ ٹیمیں دور دراز اور حساس علاقوں تک بھی رسائی حاصل کر رہی ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔انسدادِ پولیو مہم کے پرامن انعقاد میں ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سے کیے گئے مثالی سیکیورٹی انتظامات نے اہم کردار ادا کیا۔ سیکیورٹی فورسز کی موجودگی کے باعث ٹیمیں بلا خوف و خطر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں، جس سے مہم کی کامیابی یقینی بنائی جا سکی۔

    علاوہ ازیں، مقامی آبادی نے بھی اس قومی مہم میں بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔ والدین کی جانب سے بچوں کو ویکسین پلانے میں دلچسپی اور آگاہی ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جو پولیو کے مکمل خاتمے کی جانب اہم قدم ہے۔ماہرین صحت کے مطابق پولیو ایک خطرناک اور معذور کرنے والی بیماری ہے، جس سے بچاؤ صرف ویکسین کے ذریعے ممکن ہے۔ ایسے میں انسدادِ پولیو مہمات کا تسلسل نہایت ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔عوامی حلقوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور محکمہ صحت کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے، اور اس عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

  • اسلام آباد کی حدود سےایک درخت بھی کٹا تو توہین عدالت،اسلام آباد ہائیکورٹ

    اسلام آباد کی حدود سےایک درخت بھی کٹا تو توہین عدالت،اسلام آباد ہائیکورٹ

    اسلام آباد ہائیکورٹ نےوفاقی دارالحکومت میں درختوں کی کٹائی کے خلاف کیس میں بڑا حکم دے دیا،

    اسلام آبادہائیکورٹ نےوفاقی دارالحکومت میں درختوں کی کٹائی کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس خادم حسین سومرو نےدرختوں کی کٹائی کےخلاف کیس کی سماعت کی،جسٹس خادم حسین سومرونےسی ڈی اےوکیل سےمکالمہ کیا،کہا ہم نے ابھی سوا سال میں توہین عدالت میں کسی کوسزا نہیں دی،بہت افسوس ہوا ادارے ایسےچلتے ہیں،اب اگرسی ڈی اے کاکوئی افسردرختوں کی کٹائی میں ملوث ہوا تو توہین عدالت میں سزا ہوگی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر مستند انوائرمینٹل ایکسپرٹ کوپیش ہونےکی ہدایت کردی،جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا سی ڈی اے آئندہ سماعت پر دلائل دے اس کیس کا فیصلہ کر دیں۔

    جسٹس خادم حسین سومرونےریماکس دئیےکہ اس شہرمیں ہم رہتے ہیں چاہتےہیں یہ خوب صورت رہے کسی زمانےکا کراچی دیکھیں اور آج کا کراچی دیکھیں آپکو پتہ چل جائے گا۔

  • مذاکرات کے اگلے دور کی کوئی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی،ترجمان دفترخارجہ

    مذاکرات کے اگلے دور کی کوئی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی،ترجمان دفترخارجہ

    ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور کی کوئی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی،چیف آف ڈیفنس فورسز کا دورہ ایران اور وزیراعظم کا سہہ ملکی دورہ پاکستان کی امن کوششوں کا حصہ ہے،ہم تہران اور مذاکرات میں فریقین کی پوزیشنز پر تبصرہ نہیں کریں گے،یہ فریقین کے ہم پر اعتماد کا حصہ ہے،میڈیا بھی قیاس آرائیوں سے گریز کرے،مذاکرات انتہائی اعتماد اور خفیہ و خاموشی سے ہو رہے ہیں

    ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ سے دوحہ روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر گزشتہ روز تہران پہنچے،پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور فوری امن کا خواہاں ہے اور اسلام آباد میں امن مذاکرات کے انعقاد کیلئے وزیراعظم نے بھرپور کردار ادا کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم بھی اس عمل میں سرگرم رہی، پاکستان کی مؤثر ثالثی اور جاندار سہولتکاری کے باعث جنگ بندی ممکن ہوئی، گزشتہ ہفتے امریکی اور ایرانی وفود نے وزیراعظم اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور بہترین میزبانی پر پاکستان کو سراہا، عالمی سطح پر پاکستان کی امن کوششوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ بھی کیا جہاں سعودی قیادت کو پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا جبکہ امیرِ قطر، جرمن چانسلر اور اطالوی وزیراعظم نے بھی شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطے کیے۔ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 9 اپریل کو اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملوں کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے اور ان فضائی حملوں کو علاقائی امن کیلئے خطرہ قرار دیتا ہے، بھارت کا انتہا پسندانہ ایجنڈا خطے کے استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے، جبکہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔

  • مولانا امیر حمزہ پر حملہ قابل مذمت،ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، مرکزی مسلم لیگ

    مولانا امیر حمزہ پر حملہ قابل مذمت،ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، مرکزی مسلم لیگ

    مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے تحریک حرمتِ رسول کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور علما کرام کو مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے،مولانا امیر حمزہ اتحاد امت کے داعی ہیں، ان پر حملہ امت کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی مذموم سازش ہے

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، نائب صدر حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالرؤف، جوائنٹ سیکرٹری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر، انجینئر حارث ڈار، مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، چیئرمین خدمت خلق شفیق الرحمان وڑائچ اور صدر مسلم یوتھ لیگ تابش قیوم سمیت دیگر رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ لاہور میں دن دہاڑے فائرنگ کا واقعہ پنجاب حکومت کی سیکیورٹی کے نظام پر سوالیہ نشان ،حکومتی غفلت اور ناکامی ہے، ایسے وقت میں جب پاکستان عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے، دشمن عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے علما کرام کو نشانہ بنا رہے ہیں،مولانا امیر حمزہ نے ہمیشہ اتحادِ امت کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا اور مختلف مکاتب فکر کے علما کو ایک پلیٹ فارم تحریک حرمت رسول پر جمع کیا، حکومت فوری طور پر حملہ آوروں کی گرفتاری یقینی بنائے ،علما کرام کو تحفظ فراہم کیا جائے،

  • راولاکوٹ پولیس کی بڑی کامیابی ،را  کا جاسوس گرفتار کر لیا

    راولاکوٹ پولیس کی بڑی کامیابی ،را کا جاسوس گرفتار کر لیا

    آزاد کشمیر پولیس نے راولاکوٹ میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے لیے کام کرنے والے ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے جو حساس تنصیبات اور عوامی مقامات کی جاسوسی میں ملوث تھا۔

    انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر، کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے مظفرآباد میں ایک اہم پریس کانفرنس بتایا کہ گرفتار ایجنٹ عرفان راولاکوٹ میں فوجی تنصیبات، اسکولوں اور دیگر حساس مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کر رہا تھا،ملزم کے قبضے سے ملنے والے موبائل ڈیٹا سے ثابت ہوا ہے کہ وہ براہِ راست بھارت میں بیٹھے اپنے ہینڈلرز کے رابطے میں تھا۔ ملزم کو بھارت سے ملنے والے پیغامات میں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ایسی مساجد کی ویڈیوز بنائے جہاں شام کو افطاری کا اہتمام ہوتا ہے، اسے مسجد کے اندر، باہر اور گلیوں کی مکمل ویڈیو کلپس کے ساتھ ساتھ لائیو لوکیشن بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا، دشمن کے ایجنٹ چھوٹے چھوٹے ویڈیو کلپس کے ذریعے حساس معلومات سرحد پار پہنچا رہے تھے تاکہ تخریب کاری کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔

    آئی جی پولیس کا کہناتھا کہ آزاد کشمیر کی سرزمین کا تقدس کسی صورت پامال نہیں ہونے دیں گے اور دشمن کے ہر مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • وزیراعلیٰ مریم کی پنجاب کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی منظوری

    وزیراعلیٰ مریم کی پنجاب کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی منظوری

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں پنجاب بھر میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبوں پر اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فری ٹرانسپورٹ پروگرام، الیکٹرک بسوں، ای ٹیکسی اور ای بائیک منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کے فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت 21 روٹس پر ایک لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ بسوں کے 3560 ٹرپس مکمل کیے جا چکے ہیں۔اجلاس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ ان اضلاع میں اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور اوکاڑہ شامل ہیں۔حکام کے مطابق رواں ماہ 100 الیکٹرک بسیں پنجاب پہنچیں گی، مئی کے وسط تک مزید 350 جبکہ جون کے آخر تک 264 بسیں فراہم کر دی جائیں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کے لیے خصوصی بس ڈپو قائم کیا جائے گا تاکہ جدید ٹرانسپورٹ نظام کو مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تحصیل سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے جامع پلان طلب کر لیا ہے، جس سے دیہی اور نیم شہری علاقوں میں سفری سہولیات بہتر ہونے کی توقع ہے۔اجلاس میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹس پر ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی سکیم پر رپورٹ پیش کی گئی۔ بتایا گیا کہ مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسیاں پنجاب پہنچ جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے میٹرو بس اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔لاہور میں "ایمپاور۔ہر” پراجیکٹ کے تحت نئے اور جدید ترین بس اسٹیشنز کی تنصیب کا جائزہ بھی لیا گیا۔اجلاس میں سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیک پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی، جس کا مقصد ملازمین کو سستی، آسان اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

  • بی جے پی کا بھارت کو ہندوریاست بنانے کا منصوبہ بےنقاب

    بی جے پی کا بھارت کو ہندوریاست بنانے کا منصوبہ بےنقاب

    بی جے پی نے متنازعہ حلقہ بندیوں کے ذریعے لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت کی سازش تیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق بی جے پی حکومت پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں 131واں آئینی ترمیمی بل 2026 (بل نمبر 107 آف 2026) پیش کر رہی ہے۔ لوک اور راجیہ سبھا کا مشترکہ اجلاس 16-18 اپریل کو بلایا گیا ہے۔ بی جے پی حکومت بھارتی آئین کے آرٹیکل 81,82,170, 330 اور 332 میں ترمیم کا ارادہ رکھتی ہے۔نئے بل میں 2020 کی حلقہ بندیوں کے دوران بڑھائی گئی نشستوں کی حد ختم کی جارہی ہے۔ بل کا مقصد حلقہ بندی کے عمل کو بی جے پی کے سیاسی مفادات کے حساب سے مکمل کرنا ہے۔ بل میں لوک سبھا کی نشستیں بڑھا کر تقریباً 850 کرنے کی تجویز سے سیاسی طاقت کا توازن بی جے پی کے حق میں بدل جائے گا۔مودی حکومت 2020میں بھی انتخابی فائدے کیلئے حلقہ بندیاں کر چکی ہے۔ بی جے پی محض ہندو اکثریتی ریاستوں کی مدد سے دو تہائی اکثریت حاصل کر لے گی۔ بی جے پی دو تہائی اکثریت کو ہندوتوا کے مکمل نفاذ کے لئے استعمال کرے گی۔ سیاسی ماہرین کے نزدیک بل کی منظوری سے سیاسی طاقت کا توازن بگڑنے کا خدشہ ہے۔

  • دبئی کا مشہور برج العرب ہوٹل 18 ماہ کے لیے بند

    دبئی کا مشہور برج العرب ہوٹل 18 ماہ کے لیے بند

    دبئی کا معروف اور پُرتعیش ہوٹل برج العرب بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کے منصوبے کے تحت تقریباً 18 ماہ کے لیے بند کیے جانے کا امکان ہے۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہوٹل کے ایک عملے کے رکن نے اس حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ بادبان نما طرزِ تعمیر کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جانے والا برج العرب اپنی 1999 میں افتتاح کے بعد بند ہوگا۔ یہ ہوٹل دبئی کی نمایاں ترین علامتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہوٹل کی مالک سرکاری کمپنی جمیرا نے تصدیق کی ہے کہ تزئین و آرائش کا کام مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جبکہ اس منصوبے کی نگرانی پیرس سے تعلق رکھنے والے معروف انٹیریئر آرکیٹیکٹ ٹریسٹن اوئر کریں گے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مرمت کے دوران ہوٹل مکمل طور پر بند رہے گا یا نہیں۔عملے کے رکن کے مطابق جن مہمانوں کی بکنگ اس عرصے میں موجود ہے، انہیں قریبی مقامات پر متبادل رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔

    یاد رہے کہ مارچ کے آغاز میں ایک ایرانی ڈرون کو روکنے کے دوران اس کا ملبہ برج العرب کی بیرونی دیوار سے ٹکرا گیا تھا، جس سے معمولی نقصان پہنچا تھا۔ تاہم ہوٹل انتظامیہ کے مطابق مجوزہ تزئین و آرائش کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات کی سیاحت بھی متاثر ہوئی ہے، جبکہ پروازوں میں رکاوٹوں نے سیاحوں کی آمد پر منفی اثر ڈالا ہے۔