Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • امریکا،ایران مذاکرات،اسلام آباد میں ریڈ زون بند، شہریوں کیلئے اہم ہدایات جاری

    امریکا،ایران مذاکرات،اسلام آباد میں ریڈ زون بند، شہریوں کیلئے اہم ہدایات جاری

    راولپنڈی اور اسلام آباد میں 10 اپریل 2026 کو شام 5 بجے تک کی ٹریفک صورتحال کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستے عام ٹریفک کیلئے کھلے رکھے گئے ہیں، تاہم ریڈ زون میں سکیورٹی کے باعث اہم شاہراہیں بدستور بند ہیں۔

    ٹریفک حکام کے مطابق ریڈ زون میں داخلے کیلئے متعدد راستوں پر رکاوٹیں اور متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس دوران اسلام آباد ایکسپریس وے کو کورال چوک سے زیرو پوائنٹ تک جبکہ پرانے ائیرپورٹ کے علاقے سے بھی بند رکھا گیا ہے۔اسی طرح زیرو پوائنٹ سے سیرینا ہوٹل جانے والی سڑک کو بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹریفک پلان ممکنہ طور پر 11 اپریل کی شام تک برقرار رہے گا، لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل ٹریفک اپڈیٹس ضرور چیک کریں۔مزید کسی بھی نئی صورتحال یا تبدیلی سے متعلق شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

  • سعودی وزیر خزانہ کی  پاکستان آمد، پاکستانی وزیرخزانہ،سعودی سفیر نے کیا استقبال

    سعودی وزیر خزانہ کی پاکستان آمد، پاکستانی وزیرخزانہ،سعودی سفیر نے کیا استقبال

    سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ محمد الجدعان جمعہ 10 اپریل 2026 کو دوپہر 3 بج کر 50 منٹ پر جدہ سے پرواز SV728 کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔

    ایئرپورٹ کے بین الاقوامی آمدی حصے میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور پاکستان کے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق سعودی وزیرِ خزانہ نے ایئرپورٹ پر اسٹیٹ گیسٹ لاؤنج میں مختصر قیام کیا، جس کے بعد وہ شام 4 بج کر 9 منٹ پر اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جہاں اسپیشل برانچ کا عملہ ڈیوٹی پر موجود تھا جبکہ ضلعی پولیس نے بھی ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔

  • تم کالے ہو،بیوی نے عاشق کے ساتھ ملکر شوہر کی جان لے لی

    تم کالے ہو،بیوی نے عاشق کے ساتھ ملکر شوہر کی جان لے لی

    بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک تاجر کے قتل کا معاملہ ڈرامائی موڑ اختیار کر گیا، جہاں ابتدائی طور پر ڈکیتی قرار دی جانے والی واردات درحقیقت گھریلو سازش نکلی۔ پولیس نے مقتول کی بیوی اور اس کے مبینہ عاشق کو گرفتار کر لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ دیوکرشن پروہت کو 7 اپریل کی رات ان کے گھر میں تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد مقتول کی اہلیہ پریانکا پروہت نے پولیس کو بیان دیا کہ نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے، ساڑھے 3 لاکھ روپے کے زیورات لوٹے اور مزاحمت پر اس کے شوہر کو قتل کر دیا،تاہم پولیس کو ابتدائی تفتیش کے دوران ہی بیان میں تضادات محسوس ہوئے۔ گھر کی تلاشی کے دوران وہی زیورات برآمد ہو گئے جنہیں مبینہ طور پر لوٹا گیا تھا، جبکہ موبائل فون کے ریکارڈ نے پریانکا پروہت اور کملیش پروہت کے درمیان قریبی رابطوں کا انکشاف کیا۔پولیس کے مطابق پریانکا اپنے مبینہ عاشق کملیش پروہت کے ساتھ مل کر شوہر کو راستے سے ہٹانا چاہتی تھی۔ اس مقصد کے لیے سریندر بھاٹی نامی شخص کو ایک لاکھ روپے کے عوض قتل کی ذمہ داری سونپی گئی۔

    تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ واردات کی رات گھر کا دروازہ جان بوجھ کر کھلا چھوڑا گیا تاکہ ملزم آسانی سے اندر داخل ہو سکے۔ بعد ازاں کمرے کو الٹ پلٹ کر ڈکیتی کا تاثر دیا گیا جبکہ پریانکا نے خود کو بھی متاثرہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔مسلسل تفتیش کے بعد پریانکا پروہت نے اپنے شوہر کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے پریانکا اور کملیش کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم سریندر بھاٹی تاحال مفرور ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب مقتول کے اہلِ خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ پریانکا اکثر اپنے شوہر کو رنگت کے حوالے سے تضحیک کا نشانہ بناتی تھی اور اسے نازیبا القابات سے مخاطب کرتی تھی، جو کہ گھریلو تنازعات کی ایک ممکنہ وجہ بھی ہو سکتی ہے۔پولیس حکام کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اثرات،مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اثرات،مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات ملک بھر میں نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں، جس کے باعث ہفتہ وار مہنگائی میں تقریباً 2 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی مہنگائی کی شرح بڑھ کر 12.15 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ 19 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔

    ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سبزیوں اور خوراک کی بنیادی اشیاء میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، ٹماٹر کی قیمت میں 9.35 فیصد، آلو میں 4.13 فیصد، پیاز میں 3.84 فیصد جبکہ انڈوں کی قیمت میں 3.77 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ بیف، مٹن اور بریڈ سمیت دیگر ضروری اشیاء بھی مہنگی ہوگئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ مہنگائی کی بڑی وجہ بنا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 54.71 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیٹرول 18 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح ایل پی جی کی قیمت میں بھی 8.61 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے اثرات براہ راست اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں پر پڑتے ہیں۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • اسلام آباد، امریکا ایران امن مذاکرات پر دنیا کی نظریں

    اسلام آباد، امریکا ایران امن مذاکرات پر دنیا کی نظریں

    دنیا بھر میں بے چینی کے ساتھ اس بات کا انتظار کیا جا رہا ہے کہ آیا پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران کے درمیان اہم امن مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچ پائیں گے یا نہیں۔ یہ مذاکرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ کے کروڑوں افراد کی زندگیوں بلکہ عالمی معیشت، خصوصاً تیل کی منڈیوں کے مستقبل کا بھی تعین کریں گے۔

    اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکومت نے دو روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے باعث شہر کی سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں۔ یہ مذاکرات ایران،امریکا جنگ کے آغاز کے بعد پہلی براہِ راست بات چیت ہوں گے۔دو ہفتوں پر مشتمل ایک نازک جنگ بندی فی الحال برقرار ہے، جس نے ان مذاکرات کی راہ ہموار کی۔ تاہم لبنان میں اسرائیلی حملے اور جنگ بندی کے دائرہ کار پر اختلافات اس عمل کو سبوتاژ کر سکتے ہیں۔امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، ایران نے باضابطہ طور پر اپنے وفد کا اعلان نہیں کیا، تاہم اطلاعات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکروفد کی قیادت کر سکتے ہیں۔

    مذاکرات کے ایجنڈے پر دونوں ممالک کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے 10 نکاتی منصوبے کو قابلِ غور قرار دیا، تاہم ایران کی جانب سے پیش کردہ بعض شرائط جیسے آبنائے ہرمز پر کنٹرول، جنگی ہرجانے اور تمام پابندیوں کا خاتمہ،امریکا کے لیے ناقابل قبول سمجھی جا رہی ہیں۔
    دوسری جانب امریکا نے 15 نکاتی منصوبہ تیار کیا ہے، جس میں ایران سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی ضمانت، افزودہ یورینیم کی حوالگی، دفاعی صلاحیتوں میں کمی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے جیسے مطالبات شامل ہیں۔

    لبنان اس وقت تنازع کا سب سے حساس پہلو بن چکا ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ جنگ بندی میں لبنان اور حزب اللہ شامل ہیں، جبکہ امریکا اور اسرائیل اس سے انکار کرتے ہیں۔جنگ بندی کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیل نے لبنان میں شدید فضائی حملے کیے، جن میں 300 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے۔ اس صورتحال نے عالمی سطح پر شدید ردعمل پیدا کیا اور مذاکرات کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا۔

    دوسری جانب اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔ ایران کی جانب سے محدود آمدورفت کے باعث عالمی تیل کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ سینکڑوں جہاز اب بھی خلیج میں پھنسے ہوئے ہیں۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اپنی یقین دہانیاں پوری نہ کیں تو جنگ بندی ختم ہو سکتی ہے۔

    اگرچہ امریکا ان مذاکرات کے حوالے سے پرامید دکھائی دیتا ہے، تاہم ایران کا مؤقف اس کے برعکس ہے، جہاں سرکاری بیانات میں جنگ کو اپنی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ ملاقات ممکنہ طور پر ایک طویل اور پیچیدہ مذاکراتی سلسلے کا آغاز ہے، اور یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ آیا صرف ایک ویک اینڈ میں دونوں ممالک اپنے اختلافات ختم کر سکیں گے یا نہیں۔اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات عالمی سیاست کا رخ بدل سکتے ہیں۔ اگر کامیاب ہوئے تو مشرقِ وسطیٰ میں امن کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں، بصورت دیگر ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا سکتے ہیں۔

  • ایران کے سابق وزیر خارجہ کمال خرازی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید

    ایران کے سابق وزیر خارجہ کمال خرازی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید

    تہران: ایران کے سابق وزیر خارجہ کمال خرازی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ ایرانی حکام نے ان کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں سوگ کی فضا قائم ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق کمال خرازی گزشتہ روز اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ یکم اپریل کو ہونے والی شدید بمباری میں زخمی ہوگئے تھے، جو کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کا حصہ تھی۔حملے کے دوران ان کی اہلیہ موقع پر ہی شہید ہوگئیں جبکہ کمال خرازی کو شدید نوعیت کے زخم آئے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کئی روز تک زیر علاج رہے، تاہم زخموں کی شدت کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔ایرانی قیادت اور عوامی حلقوں کی جانب سے کمال خرازی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حکومتی شخصیات نے انہیں ایک تجربہ کار سفارتکار اور قومی مفادات کے مضبوط محافظ کے طور پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں،پاکستان کی جنگ بندی کوششوں کی تعریف

    مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں،پاکستان کی جنگ بندی کوششوں کی تعریف

    غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرِقبضہ جموں کشمیر کے متعدد علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں پر پاکستان کی تعریف کی گئی ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں، کھمبوں اور ستونوں پر چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں جنگ بندی کی کوششوں کو فروغ دینے پرفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا گیا ہے۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ ان کوششوں سے خطے میں امن اور امید کی فضا پیدا ہوئی ہے ، جس سے ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر جانی نقصان کو روکا جاسکا ہے ۔ جنگ بندی اور امریکہ اور ایران کے درمیان جاری بات چیت نے دنیا بھر کے لوگوں کو خاص طور پر تنازعے سے براہِ راست متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو راحت اور امید کا پیغام دیا ہے۔

    علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک مقامی شہری پاکستان کی سفارتی کوششوں اور عسکری قیادت کی تعریف کر رہا ہے،ویڈیو میں شہری نے بڈگام سے پاکستانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے،ویڈیو پیغام میں شہری کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار پر ہر کشمیری خوش اور دعاگو ہے،وائرل ویڈیو میں شہری کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بڈگام سے تمام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو سلام، فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ہر کشمیری آپ کے لیے دعا کر رہا ہے کہ آپ نے امریکا ایران جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا۔

    شہری نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گودی میڈیا اس پیش رفت کے بعد خاموش دکھائی دے رہا ہے، پاکستان کی قیادت پر تنقید کرنے والے موجود رہیں گے لیکن قافلے چلتے رہیں گے۔ اگر خدا ساتھ ہو تو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، چاہے پوری قوم مخالف کیوں نہ ہو، میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے محبت کرتا ہوں، کشمیر ان سے محبت کرتا ہے۔

  • سوشل میڈیا پر بچوں اور خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا فیصلہ

    سوشل میڈیا پر بچوں اور خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا فیصلہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس میں صوبے میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم، خصوصاً سوشل میڈیا پر بچوں اور خواتین کو ہراساں کرنے اور بلیک میلنگ کے واقعات کے تدارک کیلئے بڑے اقدامات کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں ایک جدید اور خصوصی پنجاب سائبر کرائم یونٹ قائم کیا جائے گا، جو سوشل میڈیا پر ہونے والے جرائم کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنائے گا۔ اس یونٹ کا بنیادی مقصد متاثرہ افراد، خاص طور پر خواتین اور بچوں، کو محفوظ، آسان اور بروقت سہولت فراہم کرنا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اب متاثرہ افراد کو شکایت درج کروانے کیلئے روایتی طور پر تھانے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے بجائے جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت موبائل سائبر کرائم یونٹس خود متاثرہ افراد تک پہنچیں گے۔ مزید برآں، ورچوئل پولیس اسٹیشن اور پی کے ایم (PKM) ایپ کے ذریعے بھی شکایات درج کروانے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے فوری رسپانس اور کارروائی ممکن ہو سکے گی۔رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ متاثرہ افراد کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا تاکہ وہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے اپنی شکایات درج کروا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے سائبر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں کیلئے نئی قانون سازی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، تاکہ ایسے جرائم کی موثر روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سائبر کرائم آج کے دور کا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جو خاص طور پر نئی نسل کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں، خواتین اور بچوں کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

  • ایران کے ساتھ امن معاہدے کیلئے پر اُمید ہوں،ٹرمپ

    ایران کے ساتھ امن معاہدے کیلئے پر اُمید ہوں،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے کیلئے پر اُمید ہوں، ایرانی رہنماء بہت معقول لوگ ہیں، لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کمی آئی ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فون کرکے لبنان پر حملوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔امریکی صدر نے ایک اور پیغام میں لکھا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکرز سے فیس وصولی کی اطلاعات ہیں، اگر ایران ایسا کررہا ہے تو اسے روکنا ہوگا، جو ہورہا ہے وہ معاہدے کے مطابق نہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ یا اس کے بغیر آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل جلد شروع ہوگی۔

    دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے ایرانی میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بحری جہازبھی آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں اگر وہ دشمنی پر مبنی طرزِ عمل اختیارنہ کریں،سعید خطیب زادہ نے کہا کہ آبنائے ہرمزکھلی ہوئی ہے، تکنیکی وجوہات کی بنا پر ایرانی افواج کے ساتھ رابطہ رکھنا ضروری ہے، آبنائے ہرمز سے محفوظ راستوں کے ذریعے سفر کو یقینی بنائیں گے۔

    قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹامر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے پر بات چیت کی گئی،برطانوی وزیراعظم کے دفتر (ڈاؤننگ اسٹریٹ) کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت کے لیےعملی منصوبہ تیار کیا جائے،برطانوی وزیراعظم اس وقت خلیجی ممالک کے دورے پر ہیں، جہاں وہ قطر، سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں،اس سے قبل بھی برطانوی وزیراعظم نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کا ٹول یا فیس قابل قبول نہیں ہوگی۔

  • میرپورخاص،طالبہ کی خود کشی،کالج پرنسپل، ان کی اہلیہ سمیت 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج

    میرپورخاص،طالبہ کی خود کشی،کالج پرنسپل، ان کی اہلیہ سمیت 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج

    میرپورخاص میں میڈیکل طالبہ کی پُراسرار خودکشی کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوگئی۔ کالج پرنسپل، ان کی اہلیہ سمیت 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    میرپور خاص میں میڈیکل طالبہ کی پراسرار خودکشی کے مقدمے میں کالج پرنسپل تنویر عالم، ان کی اہلیہ پروفیسر فرزانہ سمیت 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں ہراسانی اور خودکشی پر مجبور کرنے کی دفعات شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں فارمیسی لیکچرر عابد لغاری اور 2 طالب علم بھی نامزد کیے گئے ہیں، مقدمہ متوفیہ طالبہ کے ماموں کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ لیکچرر اور 2 طالب علم طالبہ کو بلیک میل کرتے تھے، معاملے پر کالج پرنسپل اور ان کی پروفیسر اہلیہ سے کئی بار شکایت کی گئی، تاہم انہوں نے کارروائی کے بجائے طالبہ پر شکایت واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا۔متن کے مطابق پرنسپل اور ان کی پروفیسر اہلیہ نے شکایت واپس نہ لینے پر طالبہ کا داخلہ رد کرنے کی دھمکی دی اور ہراساں کیا۔