Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • سندھ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی نافذ، دکانوں اور مارکیٹس کے اوقات محدود

    سندھ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی نافذ، دکانوں اور مارکیٹس کے اوقات محدود

    کراچی: سندھ حکومت نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت صوبے بھر میں کاروباری اوقات کار محدود کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دکانوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور شادی ہالز کے نئے اوقات کا اعلان کر دیا ہے۔

    حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ دیگر اضلاع میں یہ اوقات رات 8 بجے تک محدود کر دیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو شام 7 بجے سے رات 11 بج کر 30 منٹ تک کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں ہوگی۔اسی طرح شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے 12 بجے تک تقریبات منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ تندور، دودھ کی دکانیں، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری پالیسی پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ نئے اوقات کار پر سختی سے عمل یقینی بنایا جائے۔

  • امریکا،ایران مذاکرات،وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سیکورٹی اجلاس

    امریکا،ایران مذاکرات،وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سیکورٹی اجلاس

    وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں امریکہ ایران مذاکرات کے حوالے سے تیاریوں اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔

    وفاقی وزیر محسن نقوی نے غیر ملکی مہمانوں کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جنگ بندی کے بعد امریکہ ایران مذاکرات کا اسلام آباد میں انعقاد پاکستان کیلئےاعزاز کی بات ہے ۔ اجلاس کوآگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کےسلسلے میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیاہے۔اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری،وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد پولیس، کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز، فیڈرل کانسٹیبلری اور وزارت خارجہ کے حکام نے شرکت کی۔

  • اسلام آباد، امریکا،ایران مذاکرات، امریکی وفد اپنی گاڑیاں استعمال کرے گا

    اسلام آباد، امریکا،ایران مذاکرات، امریکی وفد اپنی گاڑیاں استعمال کرے گا

    اسلام آباد میں ہونے والے امریکا،ایران مذاکرات کے دوران امریکی وفد اپنی ذاتی سکیورٹی گاڑیاں استعمال کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی آمد سے قبل جمعرات کے روز ایک خصوصی طیارہ پاکستان پہنچا، جس میں وفد کے لیے جدید اور محفوظ گاڑیاں بھی لائی گئی ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں امریکی وفد کی نقل و حرکت کے لیے استعمال ہوں گی تاکہ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ خصوصی طیارہ C-15 کے ذریعے لایا گیا سامان سفارتی سطح پر غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

    پاکستان ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے کیونکہ اس کی میزبانی میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز آج سے اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ سفارتی حلقوں کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی اہم پیش رفت سمجھے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کا پہلا مرحلہ آج وفود کی سطح پر ہوگا، جبکہ مرکزی اور فیصلہ کن مرحلہ ہفتے کے روز متوقع ہے۔ امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس کے علاوہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے، جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے،اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، شرکاء کیلئے ویزا آن آرائیول کی سہولت بھی متعارف کرادی گئی ہے۔

  • اسلام آباد میں   امن مذاکرات سے قبل ہائی الرٹ، سکیورٹی سخت

    اسلام آباد میں امن مذاکرات سے قبل ہائی الرٹ، سکیورٹی سخت

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ امن مذاکرات سے قبل سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ اقدامات ایران اور امریکا ،اسرائیل جنگ میں دو ہفتوں کی جنگ بندی کے بعد کیے گئے ہیں، جس کا اعلان بدھ کے روز سامنے آیا تھا۔

    ایران کی جانب سے جنگ کے ممکنہ حل کے لیے 10 نکاتی تجویز بھی جاری کی گئی ہے، جس میں آبنائے ہرمز پر کنٹرول برقرار رکھنے، جوہری افزودگی کے حق کو تسلیم کرنے، اقتصادی پابندیاں ختم کرنے اور خطے میں جنگ کے خاتمے جیسے نکات شامل ہیں۔ ایران نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جاری کارروائیوں کو بھی معاہدے کا حصہ قرار دیا ہے، جبکہ امریکا اور اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حالیہ جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں۔

    پاکستان، جس نے اس بحران میں ثالث کا کردار ادا کیا، کے مطابق لبنان بھی اس معاہدے کا حصہ ہے۔ حکام کے مطابق مذاکرات کا پہلا دور ہفتہ کے روز اسلام آباد میں متوقع ہے، جس کے لیے شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ اسلام آباد میں ان اہم مذاکرات کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ ان کے مطابق ریڈ زون، جہاں اہم سرکاری اور سفارتی دفاتر واقع ہیں، کو مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا اور صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ وزارت داخلہ میں ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

    سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ وفد میں سینئر شخصیات اسٹیو وٹکوف اور جیراڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔ایرانی وفد کی قیادت اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے۔پاکستانی قیادت، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل،چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر شامل ہیں، کی سفارتی کوششوں کے باعث پاکستان اس بحران میں اہم ثالث کے طور پر ابھرا ہے۔

  • آبنائے ہرمز میں محدود بحری آمد و رفت، عالمی توانائی بحران کے خدشات برقرار

    آبنائے ہرمز میں محدود بحری آمد و رفت، عالمی توانائی بحران کے خدشات برقرار

    امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے باوجود آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت تاحال انتہائی محدود ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر توانائی بحران کے خدشات کم ہونے کے بجائے برقرار ہیں۔

    شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق جنگ بندی کے بعد بھی اس اہم آبی گزرگاہ سے صرف چند جہاز ہی گزر سکے ہیں۔ بدھ کے روز 5 جہازوں نے آبنائے ہرمز عبور کی، جبکہ جمعرات کو یہ تعداد صرف 7 رہی، جو معمول سے کہیں کم ہے۔مارکیٹ انٹیلی جنس فرم کے مطابق صورتِ حال بدستور غیر یقینی ہے اور جہاز مالکان محتاط حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اگر جنگ بندی برقرار بھی رہتی ہے تو یومیہ صرف 10 سے 15 جہازوں کی محدود آمد و رفت ممکن ہو سکے گی۔رپورٹس کے مطابق خلیجی پانیوں میں 600 سے زائد جہاز پھنسے ہوئے ہیں، جن میں 325 آئل ٹینکرز بھی شامل ہیں، جس سے عالمی سپلائی چین پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

    یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا بھر میں تیل اور ایل این جی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، جہاں سے عالمی توانائی کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے، اور عام حالات میں روزانہ 120 سے 140 جہاز اس راستے کو استعمال کرتے ہیں۔امریکی صدر نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا اور جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران تیل کی ترسیل کی اجازت دینے میں رکاوٹ بن رہا ہے۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کو جنگ بندی برقرار رکھنے یا مزید کشیدگی بڑھانے میں سے ایک راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

    ادھر متحدہ عرب امارات کی سرکاری آئل کمپنی کے سربراہ سلطان احمد الجابر نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی نہیں بلکہ اس تک رسائی محدود اور مشروط ہے، جو آزادانہ بحری آمد و رفت کے اصولوں کے منافی ہے۔جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں عارضی کمی دیکھی گئی تھی، تاہم موجودہ غیر یقینی صورتحال کے باعث قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے لگی ہیں، جس سے عالمی معیشت پر مزید دباؤ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

  • شاندار سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی ، بھارت میں صف ماتم

    شاندار سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی ، بھارت میں صف ماتم

    شاندار سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی سے ، بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ۔ پاکستان کی ثالثی سے امن کی جیت پرانتہائی تذبذب، مایوسی اور حیرت کا شکارگودی بھارتی میڈیا سیخ پا ہے۔

    سنگا پور کے جریدہ دی اسٹریٹ ٹائمز نے بھی بھارت میں مودی کی پسپائی پر جاری کڑی تنقید کو آشکار کر دیا ۔ بھارتی سیاستدان اور مصنف سنجےجاہ نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت شدید ناکامی کا شکار ہےجبکہ پاکستان دنیا کو تباہ کن خطرات سے نکالنے میں کامیاب ہوا ہے۔بھارتی سیاستدان ششی تھرور نے کہا ہے کہ پاکستان مرکزی حیثیت اختیار کر کے دنیا کیلئے نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر بن چکا ہے۔بھارتی دفاعی تجزیہ کار یشپال سنگھ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے وفد اسلام آباد آئیں گے اور پاکستان انہیں بٹھا کر ثالثی کرائے گا۔بھارتی جریدہ ہندوستان ٹائمز کیساتھ دیگر بھارتی میڈیا چینلز نے بھی نام نہاد وشو گرو کے دعویدار مودی سرکار کی قلعی کھول دی ۔بھارتی اپوزیشن راہول گاندھی سمیت دیگر رہنماؤں نے مودی کی ڈپلومیسی کو تصویری، مذاق ، ناکام اور کمزور قرار دے دیاہے۔ماہرین کے مطابق تصویری نمائش اور کھوکھلے دعوؤں پر بنا نام نہاد وشوگرو بھارت انتہاءپسندانہ پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔

  • پاکستانی معیشت میں بہتری کا رجحان، خطرات اب بھی موجود، ایشیائی ترقیاتی بینک رپورٹ

    پاکستانی معیشت میں بہتری کا رجحان، خطرات اب بھی موجود، ایشیائی ترقیاتی بینک رپورٹ

    اسلام آباد: ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں معیشت میں بتدریج بہتری کی نشاندہی کی گئی ہے، تاہم مختلف اندرونی و بیرونی خطرات بدستور برقرار ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت رواں مالی سال کے دوران 3.5 فیصد کی شرح سے بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں یہ شرح بڑھ کر 4.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔اے ڈی بی نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پاکستان کی معیشت پر اثر انداز ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافہ اور معاشی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 6.4 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ 2027 میں یہ بڑھ کر 6.5 فیصد تک جا سکتی ہے۔رپورٹ میں تیل اور گیس کی عالمی قیمتوں میں اضافے کو پاکستانی معیشت کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے، اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بیرونی معاشی جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کا تسلسل نہایت ضروری ہے۔ ساتھ ہی نجی سرمایہ کاری میں اضافے کو معیشت کے استحکام کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔اے ڈی بی کے مطابق تعمیراتی شعبے اور صنعتی پیداوار میں بہتری کی توقع ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے محتاط مانیٹری پالیسی میں نرمی کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

  • امریکا،ایران مذاکرات ،اسلام آباد میں‌میدان سج گیا،شرکاء کو ویزا آن ارائیول دینے کا فیصلہ

    امریکا،ایران مذاکرات ،اسلام آباد میں‌میدان سج گیا،شرکاء کو ویزا آن ارائیول دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد مذاکرات کےلیے آنے وفود اور صحافیوں کے حوالے سے پاکستان نےبڑا فیصلہ کر لیا

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نےٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام آباد مذاکرات 2026 میں شریک تمام مندوبین اور صحافیوں کا خیرمقدم کرے گا،اسلام آباد ٹاکس 2026 کے شرکاء کو ویزا آن ارائیول دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تمام ایئرلائنز کو بغیر ویزا مسافروں کو بورڈنگ کی اجازت دینے کی ہدایت کی ہے،شرکاء کو پاکستان آمد پر ویزا جاری کیا جائے گا،اسلام آباد ٹاکس کے لیے آنے والوں کو خصوصی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے،ایئرپورٹس پر شرکاء کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کر دیے گئے،متعلقہ اداروں کو شرکاء کی مکمل معاونت کی ہدایت کر دی گئی،اسلام آباد ٹاکس 2026 کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے،پاکستان عالمی مندوبین کے لیے آسان سفری سہولتیں فراہم کرے گا،صحافیوں سمیت غیر ملکی شرکاء کے لیے ویزا پالیسی میں خصوصی رعایت دی گئی ہے،

    امریکا ایران جنگ بندی کے بعد پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا، پاکستان کی میزبانی میں ایران اور امریکا کے مذاکرات آج اور کل اسلام آباد میں ہوں گے،ذرائع کے مطابق وفود کی سطح پر مذاکرات آج اور اہم مرکزی مرحلہ ہفتے کو ہوگا، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پاکستان آئیں گے،ایران کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کریں گے۔

    مذاکرات کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز مذاکرات کے مقام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات ہوئی، محسن نقوی نے کہا امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور کشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے۔

  • دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم

    دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ دستور 10 اپریل 2026 کے موقع پر پیغام میں‌کہا ہے کہ آج ہم، آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبہ سے منا رہے ہیں۔ ہم دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین عوام اور ریاست کے مابین مقدس معاہدے کا نام ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔ 10 اپریل 1973 کو منظور کیے گئے متفقہ آئین پاکستان نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت اور ریاست پاکستان کے مضبوط ادراجاتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔ 1973 کا آئین پاکستان، تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے۔ یہ آئینی دستاویز تفصیل سے بنیادی انسانی حقوق کو بیان کرتی ہے بلکہ انکی فراہمی کے لئے قانونی لائحہ عمل کو بھی یقینی بناتی ہے۔ 1973 کا آئین، وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے۔ وفاق پاکستان کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں اور تابندہ مستقبل کے لئے کام کرنے کے لیۓ پر عزم ہیں۔ یہی قابل رشک اتفاق اللہ بزرگ و برتر کا ملک خداداد پر اپنے فضل و کرم کا عکاس ہے۔اللہ تعالی نے پاکستان کو جس عزت واکرام سے نوازا ہے اس کے لئے ہمارے سر اسکے آگے سر بسجود ہیں. پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے ہوئے، اپنی ترقی و خوشحالی کا سفر انشاءاللہ جاری رکھے گا۔پاکستان زندہ باد!

  • سعودی عرب میں حالیہ حملوں سے توانائی منصوبے متاثر

    سعودی عرب میں حالیہ حملوں سے توانائی منصوبے متاثر

    سعودی سرکاری نیوز ایجنسی نے بتایاکہ حالیہ حملوں کے باعث ملک کے کئی توانائی منصوبے متاثر ہوئے ، حملوں سے تیل اور گیس کی پیداوار اور ترسیل میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق ایک تیل پمپنگ اسٹیشن پر حملے سے 7 لاکھ بیرل یومیہ ترسیل متاثر ہوئی، منیفہ اور خریص آئل فیلڈز پر حملوں سے پیداوار یومیہ 3 لاکھ بیرل کم ہوئی، سعودی عرب کی تیل پیداواری صلاحیت میں یومیہ 6 لاکھ بیرل کمی ہوئی،رپورٹ میں بتایاگیا کہ جبیل میں سٹورپ، راس تنورہ، ینبع میں سامرف اور ریاض ریفائنری جیسے بڑے پلانٹس بھی متاثر ہوئے اور پلانٹس متاثر ہونے سے عالمی منڈی کو تیل کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے،سعودی میڈیا کے مطابق جُعیمہ کے پروسیسنگ پلانٹس میں آگ لگنے سے ایل پی جی کی برآمدات متاثر ہوئیں، ان حملوں میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 7 سعودی شہری زخمی ہوئے، اگر یہ حملے جاری رہے تو عالمی تیل کی سپلائی مزید متاثر ہوگی۔