Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • خواتین کی ویڈیوز بنانے والے سیاہ کار کو نوازنے کا انکشاف،انکوائری کا مطالبہ

    خواتین کی ویڈیوز بنانے والے سیاہ کار کو نوازنے کا انکشاف،انکوائری کا مطالبہ

    گوجرخان (قمر شہزاد) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کی کارکردگی پر اس وقت سوالیہ نشان لگ گیا جب ایک ایسے بدنامِ زمانہ اہلکار کو رورل ہیلتھ سنٹر دولتالہ میں تعینات کر دیا گیا جس پر تحصیل کہوٹہ کے سرکاری ہسپتال میں خاتون سے زیادتی اور نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے جیسے سنگین الزامات کا سائبر کرائم میں انکوائری نمبر 1541/25 مکمل ہونے کے بعد مقدمہ نمبر 90/25 درج ہوا۔ اس شرمناک تعیناتی نے عوامی و سماجی حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ سی ای او ہیلتھ راولپنڈی کی جانچ پڑتال کے نظام پر بھی سنگین شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار نہ صرف سنگین اخلاقی جرائم میں ملوث ہے بلکہ اسی کیس میں 8 ماہ اڈیالہ جیل کی ہوا بھی کھا چکا ہے اور تاحال ٹرائل کا سامنا کر رہا ہے، جس پر رواں ماہ ہی فردِ جرم عائد ہونی ہے۔ سوشل میڈیا پر عوامی احتجاج اور شدید دباؤ کے بعد اگرچہ سی ای او ہیلتھ نے مبینہ طور پر یہ احکامات منسوخ کر دیے ہیں، مگر شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا اتنے بڑے عہدے پر بیٹھے افسر کو تعیناتی سے قبل اپنے عملے کے ریکارڈ کا علم نہ تھا؟ یا پھر سب کچھ جانتے بوجھتے کسی خاص مفاد کے تحت خاموشی اختیار کی گئی؟ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب سے موجودہ سی ای او نے چارج سنبھالا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے زیر سایہ چلنے والے سرکاری ہسپتال مبینہ طور پر اسکینڈلز کا گڑھ بن چکے ہیں۔ کبھی ہسپتالوں کے واش رومز میں خواتین کی ویڈیوز بننے کے واقعات سامنے آتے ہیں تو کبھی عملے کی بدتمیزی اور منظورِ نظر افراد کو نوازنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

    عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس مجرمانہ غفلت کا فوری نوٹس لیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کو درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والے غیر ذمہ دار سی ای او راولپنڈی کو فی الفور عہدے سے ہٹا کر کسی فرض شناس افسر کو تعینات کیا جائے اور اس پورے معاملے کی شفاف انکوائری کر کے ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والی مائیں بہنیں خود کو محفوظ تصور کر سکیں۔

  • ایرانی حملے کے بعد امریکی جنگی جہاز پیچھے ہٹنے پر مجبور

    ایرانی حملے کے بعد امریکی جنگی جہاز پیچھے ہٹنے پر مجبور

    ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک امریکی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا اور اسے واپس ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا ایجنسی فارس نیوز کے مطابق، ایل ایچ اے-7 ہیلی کاپٹر کیریئر اور امفی بیئس اسالٹ شپ یعنی یو ایس ایس ٹرپولی پر "بجلی کی رفتار والے ایرانی میزائل” سے حملہ کیا گیا۔ حملے کے بعد امریکی جہاز کو و جنوبی بحر ہند کی گہرائیوں میں واپس ہٹنا پڑا۔حملے کی درست تاریخ اور مقام کے بارے میں معلومات نہیں دی گئیں۔

    واضح رہے کہ یو ایس سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ یو ایس ایس ٹرپولی، جس میں تقریباً 3,500 عملہ اور ٹرانسپورٹ و اسٹرائیک فائٹر طیارے موجود ہیں، 27 مارچ کو مشرق وسطیٰ پہنچا تھا۔اب تک امریکہ نے ایرانی دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔

    دوسری جانب ایران کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کویت کے بوبیان جزیرے پر موجود امریکی افواج پر حملے کیے ہیں۔ایرانی فوج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ جزیرے پر قائم امریکی تنصیبات اور فوجی ساز و سامان کو نشانہ بنایا گیا۔ بوبیان جزیرہ اس وقت امریکی افواج کے زیر استعمال ہے، جو بار بار کے ایرانی حملوں کے بعد کویت کے مین لینڈ میں واقع عروفجان کیمپ سے یہاں منتقل ہو چکی ہیں۔بیان کے مطابق، حملے میں سیٹلائٹ آلات اور دیگر ہتھیار ہدف بنے۔پینٹاگون کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔یاد رہے کہ بوبیان جزیرہ کویت کے ساحلی جزائر میں سب سے بڑا جزیرہ ہے اور خلیج کی شمال مغربی سمت میں واقع ہے۔یہ واقعہ خطے میں تناؤ میں اضافے اور امریکہ-ایران کشیدگی کے نئے مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے۔

  • دبئی ایئر پورٹ پر حملہ،ڈرون،میزائل پہنچ گئے، دھوئیں کے بادل

    دبئی ایئر پورٹ پر حملہ،ڈرون،میزائل پہنچ گئے، دھوئیں کے بادل

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک اہم ایوی ایشن حب دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک بڑی مقدار میں سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی ایئر پورٹ پر حملہ ہوا ہے یا میزائل کے ٹکڑے گرے ہیں

    دھوئیں کے حوالے سے مقامی لوگوں نے گواہی دی ہے کہ شدید بادل دکھائی دے رہے ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک کسی بھی قسم کا سرکاری بیان یا تصدیق جاری نہیں کی گئی۔ متحدہ عرب امارات کے شہروں دبئی اور شارجہ پر میزائل اور ڈرون حملے ہوئے،ٹیلیگرام چینل "نیا” نے اطلاع دی ہے کہ ان حملوں میں دبئی ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا،متذکرہ حملوں میں "شارجہ” شہر کو بھی نشانہ بنایا گیا، خبر رساں ذرائع کا کہنا ہے کہ شارجہ پر حملے میں امریکی مفادات کو نشانہ بنایا گیا تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ شہر کے کس علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

    مارچ کے وسط میں بھی اسی مقام پر دھواں اٹھنے کی ویڈیوز اور تصاویر منظرِ عام پر آئیں تھیں، جب ڈرون حملے کے باعث ایک فیول ٹینکر لگا، جس سے بھڑکتی آگ اور سیاہ دھواں بلند ہوا تھا۔ اسی واقعے کے باعث عارضی طور پر پروازیں معطل یا محدود کردی گئی تھیں۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای نے ایرانی میزائلوں اور ڈرونوں کی ایک سلسلے وار کارروائیوں کا سامنا کیا ہے، جس میں متعدد بار فضائی دفاعی نظام نے اہداف کو ناکارہ بنایا، اور اس دوران ملبہ مختلف مقامات پر گِرنے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

  • موٹر سائیکل مالکان 2 ہزار روپے فیول سبسڈی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

    موٹر سائیکل مالکان 2 ہزار روپے فیول سبسڈی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا ہے کہ محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان اب 2 ہزار روپے فیول سبسڈی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ یہ سبسڈی صرف وہ موٹر سائیکل سوار حاصل کر سکیں گے جن کی گاڑیاں محکمہ ایکسائز میں رجسٹرڈ ہوں۔ سبسڈی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور موٹر سائیکل مالکان اپنی رجسٹریشن محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ویب سائٹ پر چیک کر سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر کوئی شہری اپنی موٹر سائیکل اپنے نام پر کرنا چاہتا ہے تو اس کی رجسٹریشن فیس ختم کر دی گئی ہے۔ محکمہ ایکسائز کے دفاتر صبح سے رات تک کھلے رہیں گے اور ہفتے و اتوار کے دن بھی موٹر سائیکل اپنے نام کروائی جا سکتی ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ سبسڈی کی رقم موٹر سائیکل مالک کے بینک اکاؤنٹ میں خودکار نظام کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔ ضروری ہے کہ موٹر سائیکل آپ کے نام پر رجسٹرڈ ہو،بینک اکاؤنٹ بھی آپ کے نام پر ہو،

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں 6.7 ملین رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں ہیں اور یقین دلایا کہ اپریل میں سبسڈی کی رقم فراہم کر دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی شخص کے نام ایک سے زیادہ موٹر سائیکلیں ہیں تو صرف ایک سبسڈی دی جائے گی۔

    سبسڈی کے لیے آن لائن طریقہ کار،محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر اپنا شناختی کارڈ نمبر اور موٹر سائیکل رجسٹریشن نمبر درج کریں،اگر گاڑی آپ کے نام رجسٹرڈ ہو تو موبائل پر ویریفیکیشن کوڈ آئے گا،اس کوڈ کے اندراج کے بعد اپنا بینک اکاؤنٹ نمبر دیں،سبسڈی کی رقم براہِ راست بینک اکاؤنٹ میں جمع ہو جائے گی

    صحافیوں کے سوال پر جس میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایہ بڑھانے کا معاملہ پوچھا گیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ
    تمام ٹرانسپورٹرز کو بٹھایا گیا اور انہوں نے کرایہ نہ بڑھانے کی تصدیق کی،اگر کرایہ زیادہ لیا جا رہا ہے تو یہ جرم ہے اور کارروائی کی جائے گی،سبسڈی براہِ راست عوام تک پہنچائی جا رہی ہے، نہ کہ ٹرانسپورٹرز کے ذریعے،وزیراعلیٰ سندھ نے زور دیا کہ سبسڈی کا مقصد عوام کو براہِ راست مالی سہولت دینا ہے تاکہ ضرورت مند افراد تک یہ مدد پہنچے۔

  • بیٹے کی خواہش،سفاک باپ نے جڑواں بیٹیوں کو کنویں میں پھینک کر لی جان

    بیٹے کی خواہش،سفاک باپ نے جڑواں بیٹیوں کو کنویں میں پھینک کر لی جان

    بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع کریمنگر کے گاؤں جوبلی نگر میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک باپ نے مبینہ طور پر اپنے ہی چار سالہ جڑواں بیٹیوں کو صرف اس لیے قتل کر دیا کہ وہ بیٹے کا خواہاں تھا۔

    پولیس کے مطابق 28 سالہ سری سیلم نے اپنے والد اشوک، والدہ لاوانیا اور چھوٹے بھائی راکیش کے ساتھ مل کر اس دل دہلا دینے والے جرم کی منصوبہ بندی کی۔ اے نرنجن ریڈی، جو کہ رورل سرکل انسپکٹر ہیں، نے بتایا کہ ملزم شروع سے ہی بیٹیوں کو بوجھ سمجھتا تھا اور بیٹے کی خواہش رکھتا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب ملزم کی بیوی مونیکا حاملہ تھی اور معلوم ہوا کہ جڑواں بیٹیاں پیدا ہوں گی تو اس نے اسقاط حمل کے لیے دباؤ ڈالا، تاہم بیوی نے انکار کر دیا۔ 2022 میں بیٹیوں کی پیدائش کے بعد بھی ملزم نے نہ صرف انہیں قبول کرنے سے انکار کیا بلکہ ہسپتال میں ان کے قریب تک نہیں گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو خدشہ تھا کہ اس کی تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کی جائیداد بیٹیوں کی شادی پر خرچ ہو جائے گی، جس کی وجہ سے اس نے اہل خانہ کے ساتھ مل کر بچوں کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔

    تحقیقات کے مطابق 3 اپریل کو ملزم نے اپنی بیوی کو گھر پر چھوڑا اور بیٹیوں کو کھیتوں میں لے گیا۔ اس نے ایسا وقت چنا جب وہاں کوئی موجود نہ ہو۔ کھیت میں موجود کنویں کے پاس کھیلتی ہوئی بچیوں میں سے ایک، گیتھن وِکا، کو اس نے دھکا دے کر کنویں میں گرا دیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔دوسری بچی، گیتھمشی، پانی میں زندگی بچانے کی کوشش کرتی رہی، تاہم ملزم خود کنویں میں اترا اور اسے ہاتھوں سے ڈبو کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ انتہائی سفاک اور سوچا سمجھا اقدام تھا۔

    قتل کے بعد ملزم نے واقعے کو حادثہ ظاہر کرنے کے لیے شور مچایا اور جھوٹی مدد کی کوشش کا ڈرامہ کیا۔ جب ماں موقع پر پہنچی تو ایک بچی کی لاش کنویں کے قریب تھی جبکہ دوسری لاپتہ تھی۔ گاؤں والوں نے رسیوں کی مدد سے لاشیں نکالیں۔ابتدائی تفتیش میں ملزم کے بیانات میں تضاد پایا گیا جس پر گاؤں والوں کو شک ہوا اور انہوں نے مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں ملزم موقع سے فرار ہو گیا اور اپنے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ "منصوبہ کامیاب ہو گیا”۔پولیس نے چاروں ملزمان کو گاؤں گوپال پور سے گرفتار کر لیا ہے۔ بعد میں ماہر تیراکوں کی مدد سے دوسری بچی کی لاش کنویں سے نکالی گئی۔

  • نئی دہلی،نقاب پوش شخص اسمبلی میں گھس کر فرار،پولیس کی دوڑیں

    نئی دہلی،نقاب پوش شخص اسمبلی میں گھس کر فرار،پولیس کی دوڑیں

    نئی دہلی میں پیر کی دوپہر ایک حیران کن سکیورٹی ناکامی سامنے آئی، جب ایک نقاب پوش شخص گاڑی سمیت دہلی اسمبلی کے احاطے میں داخل ہوگیا اور بآسانی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

    ذرائع کے مطابق یہ واقعہ تقریباً دوپہر 2 بجے پیش آیا، جب اتر پردیش نمبر پلیٹ والی ایک گاڑی اسمبلی کے گیٹ نمبر 2 کو توڑتے ہوئے اندر داخل ہوئی۔ گاڑی میں سوار نقاب پوش ڈرائیور سیدھا اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا کے دفتر کی جانب بڑھا۔سرکاری حکام کے مطابق ملزم نے اسپیکر کے دفتر کے برآمدے میں پھولوں کا گلدستہ رکھا اور بعد ازاں ان کی گاڑی پر سیاہی پھینک دی، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا۔

    یہ واقعہ حال ہی میں اسمبلی کو موصول ہونے والی بم دھمکیوں کے بعد پیش آیا ہے، جس نے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔واقعے کے فوراً بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا، تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق گلدستے میں کسی قسم کا دھماکہ خیز مواد یا مشکوک چیز نہیں ملی،حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

  • شوہر سےجان چھڑانے کیلئےبیوی نے عاشق کے ساتھ ملکر بنائی اپنی ہی "فحش”ویڈیو

    شوہر سےجان چھڑانے کیلئےبیوی نے عاشق کے ساتھ ملکر بنائی اپنی ہی "فحش”ویڈیو

    بھارتی ریاست راجستھان کے ٹیکسٹائل سٹی بھیلواڑہ سے ایک انتہائی سنسنی خیز اور چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے معاشرتی اور اخلاقی اقدار پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

    گاندھی نگر تھانہ کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے نے پورے علاقے میں ہلچل مچا دی ہے،پولیس کے مطابق ایک شادی شدہ خاتون نے اپنے شوہر سے نجات حاصل کرنے کے لیے نہایت خطرناک اور منظم سازش تیار کی۔ خاتون نے مبینہ طور پر اپنے سابق عاشق کے ساتھ مل کر اپنی ایک نازیبا ویڈیو بنائی، جسے بعد ازاں جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے وائرل کیا گیا۔ اس ویڈیو کے ذریعے شوہر کو بدنام کرنے اور اسے قانونی مسائل میں الجھانے کی کوشش کی گئی۔متاثرہ شوہر نے گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میں درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ 20 مارچ کی رات اچانک اس کی بیوی کی ایک “باتھ روم ویڈیو” سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں خاتون کو نہاتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس کے ساتھ ہی یہ تاثر دیا گیا کہ ویڈیو خود شوہر نے ریکارڈ کر کے پھیلائی ہے۔

    متاثرہ شخص کے مطابق، اس کے بعد خاتون اور اس کے مبینہ عاشق نے اسے بلیک میل کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ دھمکی دی گئی کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو اس کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرائے جائیں گے، جس سے اس کی ساکھ اور زندگی تباہ ہو سکتی ہے۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم ٹیم کو شامل کیا، جس نے ڈیجیٹل فرانزک تحقیقات کے دوران اہم شواہد حاصل کیے۔ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا کہ خاتون نے اپنے عاشق اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جعلی آئی ڈی بنائی، جس کے ذریعے ویڈیو اپ لوڈ کی گئی۔

    ضلع پولیس سربراہ دھرمیندر سنگھ یادو کی ہدایت پر سائبر سیل نے مزید تحقیقات کیں، جن میں چیٹس، پیغامات اور دیگر ڈیجیٹل ریکارڈز نے اس سازش کی تصدیق کی۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ عاشق نے خاتون کو سم کارڈ فراہم کیا تھا تاکہ جعلی اکاؤنٹ بنایا جا سکے۔مزید برآں، یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس سے قبل سسرالی افراد کی جانب سے شوہر کے خلاف زیورات ہڑپ کرنے کا مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا، جسے اب اسی بڑی سازش کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس نے خاتون، اس کے مبینہ عاشق اور دو دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ انتہائی چالاکی سے تیار کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر کئی لوگ شوہر کو ہی قصوروار سمجھ بیٹھے، تاہم تکنیکی تحقیقات نے حقیقت آشکار کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور ویڈیو کے اصل ماخذ تک پہنچنے کے لیے سائبر ٹیم مسلسل کام کر رہی ہے اور جلد مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

  • تمہاری بیٹی خوبصورت،10 ہزار دوں‌گا،اے ایس آئی کا گرفتارخاتون سےشرمناک مطالبہ

    تمہاری بیٹی خوبصورت،10 ہزار دوں‌گا،اے ایس آئی کا گرفتارخاتون سےشرمناک مطالبہ

    بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع اکولا میں پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون کے ساتھ مبینہ غیر اخلاقی رویے کا چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے پورے محکمہ پولیس کو ہلا کر رکھ دیا۔

    رپورٹس کے مطابق ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) نے دورانِ حراست ایک خاتون ملزمہ کو نہایت نازیبا پیشکش کی۔ خاتون کو تقریباً 80 لاکھ روپے کے فراڈ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے تھانے لایا گیا تھا، جہاں ملزم اہلکار نے مبینہ طور پر کہا: “تم بہت خوبصورت ہو، تمہاری بیٹی بھی خوبصورت ہوگی، اسے میرے پاس بھیج دو، میں تمہیں 10 ہزار روپے دوں گا۔”اس شرمناک جملے کے بعد خاتون شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو گئی اور اس نے فوری طور پر ایک خاتون پولیس افسر کو شکایت درج کرا دی۔

    شکایت موصول ہوتے ہی ضلعی پولیس حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم اے ایس آئی کو معطل کر دیا۔ پولیس کے مطابق معاملے کی سنگینی کے پیش نظر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ملزم اس وقت مفرور بتایا جا رہا ہے۔حکام نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور یقین دہانی کرائی ہے کہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم پولیس اہلکار کے خلاف ماضی میں بھی خواتین کے ساتھ نامناسب رویے اور دیگر شکایات سامنے آ چکی ہیں، جن میں ایک خاتون پولیس افسر کی جانب سے بھی شکایت شامل تھی۔

    مہاراشٹر اسٹیٹ ویمن کمیشن کی رکن نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور اگر الزامات ثابت ہوئے تو ملزم کو کسی رعایت کے بغیر سخت سزا دی جائے گی۔

  • رات بھر نیند کے باوجود صبح تھکاوٹ،ہو سکتی ہے کون سی بیماری

    رات بھر نیند کے باوجود صبح تھکاوٹ،ہو سکتی ہے کون سی بیماری

    اگر آپ روزانہ 8 سے 9 گھنٹے کی مکمل نیند لینے کے باوجود بھی صبح اٹھتے ہی تھکاوٹ، سستی اور کمزوری محسوس کرتے ہیں تو یہ محض نیند کی کمی نہیں بلکہ کسی سنگین طبی مسئلے کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل تھکاوٹ کو نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

    سر گنگا رام اسپتال کی ماہر ڈاکٹر سونیا راوت کے مطابق بعض اوقات بظاہر مکمل نیند لینے کے باوجود اس کا معیار خراب ہوتا ہے، جس کی وجہ سے جسم کو مکمل آرام نہیں ملتا اور انسان خود کو تھکا ہوا محسوس کرتا ہے۔ماہرین کے مطابق صبح کی مستقل تھکاوٹ درج ذیل 5 بیماریوں یا مسائل کی نشاندہی کر سکتی ہے، نیند کی خرابی،یہ ایک عام مگر خطرناک مسئلہ ہے جس میں نیند کے دوران سانس بار بار رکتی ہے۔ اس سے نیند کا تسلسل متاثر ہوتا ہے اور جسم کو مناسب آکسیجن نہیں مل پاتی، جس کے باعث دن بھر تھکاوٹ رہتی ہے۔ خون کی کمی ،آئرن، وٹامن بی 12 یا فولک ایسڈ کی کمی خون کی کمی کا سبب بنتی ہے، جس سے جسم میں آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوتی ہے اور مسلسل کمزوری محسوس ہوتی ہے۔

    تھائرائیڈ کا مسئلہ ،تھائرائیڈ ہارمون کی کمی میٹابولزم کو سست کر دیتی ہے، جس کے نتیجے میں سستی، وزن میں اضافہ اور تھکاوٹ جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ ذہنی دباؤ اور ڈپریشن،مسلسل ذہنی تناؤ، بے چینی اور ڈپریشن نہ صرف نیند کے معیار کو متاثر کرتے ہیں بلکہ صبح اٹھنے پر بھی تھکن اور بوجھل پن کا احساس برقرار رکھتے ہیں۔وٹامن ڈی کی کمی بھی توانائی کی سطح کو کم کر دیتی ہے، جس سے پٹھوں میں درد، کمزوری اور تھکاوٹ عام ہو جاتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ناقص طرزِ زندگی بھی اس مسئلے کو بڑھا دیتا ہے۔ دیر سے سونا، کیفین کا زیادہ استعمال، ورزش کی کمی اور اسکرین کا زیادہ استعمال جسم کے قدرتی نظام کو متاثر کرتا ہے۔

    ڈاکٹروں کے مطابق اگر آپ کو مسلسل تھکاوٹ کا سامنا ہے تو متوازن غذا کا استعمال کریں،روزانہ ورزش کو معمول بنائیں،سونے کا وقت مقرر کریں،کیفین اور موبائل کے استعمال کو کم کریں،اگر اس کے باوجود مسئلہ برقرار رہے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں، کیونکہ یہ کسی بڑی بیماری کی ابتدائی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ماہرین کا مشورہ ہے کہ اپنی صحت کو سنجیدگی سے لیں، کیونکہ بروقت تشخیص ہی بہتر علاج کی ضمانت ہے۔

  • گرمیوں میں روزانہ خربوزہ کھانے کے حیران کن فوائد

    گرمیوں میں روزانہ خربوزہ کھانے کے حیران کن فوائد

    گرمیوں کے موسم میں جہاں شدید گرمی اور پسینہ انسان کو نڈھال کر دیتا ہے، وہیں قدرت نے ایسے پھل بھی عطا کیے ہیں جو نہ صرف جسم کو ٹھنڈک دیتے ہیں بلکہ صحت کے لیے بے حد مفید بھی ہوتے ہیں۔ انہی میں سے ایک اہم پھل خربوزہ ہے، جسے ماہرین صحت گرمیوں کا “سپر فروٹ” قرار دیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اگر خربوزہ روزانہ غذا کا حصہ بنایا جائے تو یہ جسم پر حیران کن مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ خربوزہ پانی سے بھرپور پھل ہے جس میں تقریباً 90 سے 95 فیصد تک پانی موجود ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔خربوزہ گرمی کی شدت کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جسم کو ٹھنڈا رکھتا ہے اور پیاس کی شدت کم کرتا ہے، جس سے ہیٹ اسٹروک جیسے خطرات بھی کم ہو سکتے ہیں۔

    نظامِ ہضم بہتر بناتا ہے،اس پھل میں موجود فائبر نظامِ ہضم کو بہتر بناتا ہے۔ خربوزہ کھانے سے قبض کی شکایت دور ہوتی ہے اور معدہ صاف رہتا ہے، جس سے مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے۔

    مدافعتی نظام مضبوط کرتا ہے،خربوزے میں وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں اور انفیکشن سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔

    آنکھوں اور جلد کے لیے مفید،وٹامن اے سے بھرپور ہونے کے باعث خربوزہ بینائی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے، جبکہ جلد کو تروتازہ اور چمکدار بناتا ہے۔ گرمیوں میں دھوپ سے متاثرہ جلد کے لیے یہ ایک قدرتی علاج بھی سمجھا جاتا ہے۔

    وزن کنٹرول میں مددگار،کم کیلوریز اور زیادہ فائبر کے باعث خربوزہ وزن کم کرنے یا کنٹرول رکھنے والوں کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ یہ پیٹ کو دیر تک بھرا رکھتا ہے، جس سے غیر ضروری کھانے کی خواہش کم ہو جاتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے مریض خربوزہ استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں، کیونکہ اس میں قدرتی شکر موجود ہوتی ہے۔روایتی طریقہ علاج جیسے آیوروید میں بھی خربوزے کو جسم کی گرمی کم کرنے اور اندرونی نظام کو متوازن رکھنے کے لیے نہایت مفید قرار دیا گیا ہے۔اگر آپ گرمیوں میں صحت مند اور توانا رہنا چاہتے ہیں تو خربوزے کو اپنی روزمرہ غذا کا حصہ بنائیں۔ یہ نہ صرف جسم کو ٹھنڈک دیتا ہے بلکہ مجموعی صحت کو بھی بہتر بناتا ہے