Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • تہران میں صدی پرانا طبی مرکز حملے کا نشانہ

    تہران میں صدی پرانا طبی مرکز حملے کا نشانہ

    تہران: ایران کے دارالحکومت میں واقع ایک صدی پرانے اور اہم طبی و تحقیقی ادارے پر امریکی و اسرائیلی حملے کی خبر سامنے آئی ہے،

    ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمانپور نے تصدیق کی ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے قدیم ترین اور نمایاں صحت و تحقیقی مراکز میں شمار ہونے والے پاسچر انسٹی ٹیوٹ آف ایران کو نشانہ بنایا گیا۔ اس ادارے کو عالمی صحت کے شعبے میں ایک مضبوط ستون سمجھا جاتا ہے۔ترجمان کے مطابق، “پاسچر انسٹی ٹیوٹ آف ایران پر حملہ عالمی صحت کی سلامتی پر براہِ راست حملہ ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف ایران بلکہ بین الاقوامی سطح پر بیماریوں کی تحقیق اور روک تھام میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ انٹرنیشنل پاسچر نیٹ ورک کا رکن ہے اور ایک صدی سے زائد عرصے سے طبی تحقیق، ویکسین سازی اور عوامی صحت کے فروغ میں سرگرم ہے۔

    حسین کرمانپور نے عالمی اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اس حملے کی مذمت کریں، نقصانات کا جائزہ لیں اور بحالی کے عمل میں تعاون فراہم کریں۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا اور سرکاری ذرائع پر جاری تصاویر میں عمارت کے مختلف حصوں کو شدید نقصان پہنچنے کے آثار دکھائے گئے ہیں، تاہم جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ماہرین کے مطابق ایسے حساس طبی مراکز پر حملے نہ صرف ایک ملک بلکہ عالمی صحت کے نظام کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب دنیا مختلف بیماریوں اور صحت کے چیلنجز سے نمٹ رہی ہے۔

  • حیوانیت،ماں نے بیٹے کے علاج کے لیے بیٹی کو “قربان” کر دیا

    حیوانیت،ماں نے بیٹے کے علاج کے لیے بیٹی کو “قربان” کر دیا

    بھارت کی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع ہزارہ باغ میں انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک ماں نے توہم پرستی اور کالے جادو کے چکر میں آ کر اپنی 12 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق 35 سالہ ریشمی دیوی نے اپنے مبینہ عاشق بھیم رام کے ساتھ مل کر یہ سنگین جرم کیا۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون ایک عاملہ (تانترک) شانتی دیوی کے پاس باقاعدگی سے جاتی تھی، جس نے اسے مشورہ دیا کہ اس کے بیمار بیٹے کی صحت یابی اور گھریلو مسائل کے حل کے لیے ایک “کنواری لڑکی” کی قربانی دینا ضروری ہے۔ملزمہ کو یہ بھی باور کرایا گیا کہ اس کی بیٹی پر دیوی کا سایہ ہے، اس لیے اس کی قربانی “نہایت مقدس” سمجھی جائے گی۔ اس بہکاوے میں آ کر ماں نے اپنی ہی بیٹی کی جان لے لی۔

    پولیس کے مطابق یہ دلخراش واقعہ 24 مارچ کو ہندو تہوار نوراتری کے آٹھویں دن (اشٹمی) کی رات پیش آیا۔ واردات کے دوران ماں نے بچی کو پکڑے رکھا جبکہ بھیم رام نے اس کا گلا گھونٹ دیا۔55 سالہ ‘تانترک’ نے پھر لڑکی کی شرمگاہ کے اندر لکڑی کی چھڑی داخل کی، اور بھیم رام نے رسم کے لیے خون نکالنے کے لیے اس کے سر پر مارا۔ رسم کے لیے مزید تشدد کیا گیا اور قتل کے بعد لاش کو گھر کے باغ میں دفنا دیا گیا۔اگلی صبح بچی کی لاش ملنے پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔ دوران تفتیش ملزمان نے واقعے کو ریپ کا رنگ دینے کی کوشش کی، تاہم پوسٹ مارٹم اور فارنزک رپورٹ میں اس کی تردید ہو گئی۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان ریشمی دیوی، بھیم رام اور عاملہ شانتی دیوی کو گرفتار کر لیا ہے۔مزید انکشاف ہوا ہے کہ ریشمی دیوی اور بھیم رام کے درمیان گزشتہ 10 سال سے تعلقات تھے، جبکہ خاتون کا شوہر مہاراشٹر میں ملازمت کرتا ہے اور اکثر گھر سے دور رہتا ہے۔ پولیس کے مطابق بھیم رام پر پہلے بھی قتل کے مقدمات درج ہیں

  • بھارت میں ایل پی جی بحران کے بعد کنڈوم بھی غریب عوام کی پہنچ سے دور

    بھارت میں ایل پی جی بحران کے بعد کنڈوم بھی غریب عوام کی پہنچ سے دور

    نئی دہلی: مشرقِ وسطیٰ میں جاری امریکا ،اسرائیل اور ایران کشیدگی کے اثرات اب بھارت کی معیشت پر نمایاں ہونے لگے ہیں۔ ایل پی جی کے بعد اب کنڈوم انڈسٹری بھی بحران کی زد میں آ گئی ہے، جس کے باعث آئندہ ہفتوں میں کنڈوم مہنگے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    بھارت کی بڑی کنڈوم بنانے والی کمپنیوں، جن میں HLL لائف کیئر، کیوپڈ لمیٹڈ اور مین کائنڈ فارما شامل ہیں، کا کہنا ہے کہ اہم خام مال کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔ خاص طور پر آبنائے ہرمز کے قریب تجارتی راستوں میں خلل کے باعث سپلائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ماہرین کے مطابق کنڈوم کی تیاری میں استعمال ہونے والا سلیکون آئل، جو چکناہٹ کے لیے ضروری ہے، نایاب ہوتا جا رہا ہے، جبکہ اینہائیڈرس امونیا،جو کنڈوم کو پھٹنے سے بچاتا ہے،کی قیمت میں 40 سے 50 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔

    بھارت کی کنڈوم انڈسٹری تقریباً 86 کروڑ ڈالر (8000 کروڑ روپے سے زائد) مالیت کی ہے اور سالانہ 400 کروڑ سے زائد کنڈوم تیار کیے جاتے ہیں۔ تاہم خام مال کی کمی اور پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث صنعت شدید دباؤ کا شکار ہے۔رپورٹس کے مطابق لیٹیکس کی تیاری کے لیے درکار تقریباً 86 فیصد امونیا سعودی عرب، قطر اور عمان سے درآمد کیا جاتا ہے، لیکن آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں نے سپلائی چین کو متاثر کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ایلومینیم فوائل اور پی وی سی جیسے پیکجنگ مواد کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس سے پیداوار مزید سست پڑ رہی ہے۔ایک سینئر انڈسٹری عہدیدار کا کہنا ہے کہ سلیکون آئل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے مارکیٹ میں بے یقینی پیدا کر دی ہے، جبکہ امونیا کی قیمت تقریباً 45 روپے فی کلو سے بڑھ کر 63 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

    انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر راجیو جے دیون نے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال کے سنگین سماجی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق کنڈوم کی قیمت میں معمولی اضافہ بھی غریب طبقے کی پہنچ سے اسے دور کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں غیر منصوبہ بند حمل، ماں اور بچے کی شرح اموات میں اضافہ اور جنسی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔

    دوسری جانب ایران ،امریکہ کشیدگی نے تعمیراتی شعبے کو بھی متاثر کیا ہے۔ ایل این جی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سیمنٹ، اسٹیل اور ٹائل انڈسٹری کی لاگت بڑھ گئی ہے۔ گجرات کے صنعتی شہر موربی میں سیرامک یونٹس کی پیداوار سست ہو گئی ہے، جبکہ فیروز آباد کی گیس پر انحصار کرنے والی شیشہ سازی کی صنعت میں کئی کارخانے یا تو بند ہو گئے ہیں یا 30 سے 40 فیصد تک پیداوار کم کر دی گئی ہے۔

  • ٹرمپ کا خطاب،مہنگائی،ایندھن بحران کا خدشہ،ماہرین کے سوالات

    ٹرمپ کا خطاب،مہنگائی،ایندھن بحران کا خدشہ،ماہرین کے سوالات

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ خطاب کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں اور ماہرینِ معیشت میں تشویش بڑھ گئی ہے، جہاں جنگ، مہنگائی اور تیل کی قیمتوں کے مستقبل پر مزید سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق تقریر کے فوراً بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی بڑی وجہ جنگ کے دورانیے میں ممکنہ توسیع اور سپلائی چین پر بڑھتا دباؤ ہے۔مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ تقریر میں واضح حکمت عملی کا فقدان تھا، البتہ یہ اشارہ ضرور دیا گیا کہ بمباری آئندہ دو سے تین ہفتے جاری رہ سکتی ہے۔ اس اعلان کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عالمی ایندھن سپلائی چین مزید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔تجزیہ کاروں نے خاص طور پر آبنائے ہرمز کے حوالے سے کسی واضح منصوبے کی عدم موجودگی کو نمایاں قرار دیا۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ اہم بحری راستہ بند رہتا ہے تو تیل کی قیمتیں طویل عرصے تک بلند رہ سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ دنیا کی تقریباً 25 فیصد سمندری تیل تجارت اسی راستے سے گزرتی ہے۔سرمایہ کاروں کے لیے سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ یہ جنگ کب ختم ہوگی۔ غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹس میں اتار چڑھاؤ بڑھ رہا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ حالات "اسٹیگفلیشن” (معاشی سست روی اور مہنگائی کا بیک وقت بڑھنا) کو جنم دے سکتے ہیں۔کرنسی ماہرین کے مطابق جنگ اگر جون تک جاری رہتی ہے تو امریکی ڈالر مزید مضبوط ہو سکتا ہے، جس کے عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

    ادھر اسرائیل پر ایران کی جانب سے رات بھر میزائل حملے کیے گئے، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق کسی جانی نقصان یا بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بعض میزائل شمالی علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش میں فائر کیے گئے۔

    ٹرمپ کی جانب سے ایران کو "پتھر کے دور میں واپس بھیجنے” کی دھمکی پر کونسل آف اسلامک ریلیشن نے سخت ردعمل دیا ہے۔ تنظیم نے اس بیان کو مسلم مخالف، نسل پرستانہ اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کو جنگی جرم کہا ہے۔

    دوسری جانب ایران کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ جنگ دشمن کی "مکمل ہتھیار ڈالنے” تک جاری رہے گی۔ ایرانی حکام نے امریکہ اور اسرائیل کو مزید سخت اور وسیع حملوں کی وارننگ بھی دی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر انتہائی سخت حملے کرے گا اور اسے پتھر کے دور میں واپس لے جائیں گے، ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیت کو نمایاں طور پر کمزور کر دیا گیا ہے، بہت جلد فوجی مقاصد حاصل کر لیں گے اور مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں کو نقصان نہیں ہونے دیں گے، امریکی فوجی کارروائی نے تہران کی عسکری طاقت کو تباہ کر دیا ہے اور اہم اسٹریٹجک مقاصد تکمیل کے قریب ہیں،امریکی افواج آئندہ دو سے تین ہفتوں تک ایران کو انتہائی سخت نشانہ بنائیں گی.

  • اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ منصوبے پر دوبارہ کام شروع

    اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ منصوبے پر دوبارہ کام شروع

    کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا معاملہ، اہم پیش رفت سامنے آئی ہے

    حکومت نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ منصوبے پر دوبارہ کام شروع کردیا ،نجکاری کمیشن اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے درمیان پہلا اجلاس, اعداد و شمار طلب کر لئے گئے،مشیر نجکاری محمد علی اسلام آباد سے آن لائن موجود تھے ،پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ڈی جی زیشان سعید اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی،اسلام آباد ایئرپورٹ پر سالانہ مسافروں پروازوں سمیت دیگر اعداد وشمار نجکاری کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی، حکومت پی آئی اے کی کامیاب نجکاری کے بعد اسلام آباد کراچی اور لاہور ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا ارادہ رکھتی ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر کام کرنے والے ملازمین کا بھی ڈیٹا شیئر کیا جائے۔ نجکاری کمیشن نے تفصیلات طلب کرلیں۔

  • گرمیوں میں اے سی سے صحت پر منفی اثرات ،ماہرین نے کیا خبردار

    گرمیوں میں اے سی سے صحت پر منفی اثرات ،ماہرین نے کیا خبردار

    گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ایئر کنڈیشنر (اے سی) کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ گھروں، دفاتر اور گاڑیوں میں ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے لوگ گھنٹوں اے سی کی ٹھنڈی ہوا میں وقت گزارتے ہیں، لیکن ماہرین صحت خبردار کرتے ہیں کہ اس کا حد سے زیادہ استعمال انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

    حالیہ ماہرین کی رائے کے مطابق اے سی نہ صرف وقتی سکون فراہم کرتا ہے بلکہ اگر احتیاط نہ کی جائے تو یہ جسمانی کمزوری، آنکھوں کے مسائل اور سانس کی بیماریوں کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اے سی بند کمرے کی ہوا کو مسلسل گردش میں رکھتا ہے۔ اس دوران ہوا میں موجود دھول، جراثیم اور پولن بار بار سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہوتے رہتے ہیں۔یہ صورتحال خاص طور پر دمہ اور پھیپھڑوں کے مریضوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے، کیونکہ اس سے سانس لینے میں دشواری اور الرجی کے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔اے سی ہوا کو ٹھنڈا کرنے کے ساتھ ساتھ کمرے کی نمی بھی کم کر دیتا ہے۔ نمی کی کمی کے باعث آنکھوں میں خشکی اور جلن،گلے میں خراش،جلد کا خشک ہونا،سانس کی نالیوں میں جلن جیسے مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ کمرے میں پانی سے بھرا برتن رکھنے یا ہیومیڈیفائر استعمال کرنے سے نمی کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

    آنکھوں کی صحت کو سنگین خطرات
    طویل وقت تک اے سی میں بیٹھنے والے افراد میں آنکھوں کی خشکی (Dry Eyes) کا مسئلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔اس سے نہ صرف جلن اور خارش ہوتی ہے بلکہ بعض اوقات انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر ان افراد میں جو پہلے ہی آنکھوں کے مسائل کا شکار ہوں۔

    جسم کا درجہ حرارت متاثر
    مسلسل ٹھنڈے ماحول میں رہنے سے جسم اس کا عادی ہو جاتا ہے۔ جب کوئی شخص اچانک شدید گرمی میں باہر نکلتا ہے تو سر درد،تھکن،جسمانی کمزوری،نزلہ یا بخارجیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ماہرین کے مطابق اے سی کا درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رکھنا زیادہ محفوظ ہے۔

    اگر اے سی کی باقاعدہ صفائی اور سروسنگ نہ کی جائے تو اس میں بیکٹیریا اور فنگس پیدا ہو سکتے ہیں، جو سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہو کر انفیکشن کا باعث بنتے ہیں۔اس لیے ماہرین ہر سیزن سے پہلے اے سی کی مکمل صفائی کی تاکید کرتے ہیں۔اے سی سے خارج ہونے والی گیسیں جیسے CFCs اور HFCs ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ میں اضافہ کرتی ہیں۔اس کے علاوہ اے سی کی بیرونی یونٹ گرم ہوا خارج کرتی ہے، جس سے اردگرد کا درجہ حرارت مزید بڑھ جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق انورٹر اے سی اور ماحول دوست ریفریجرینٹس کا استعمال توانائی کی بچت کے ساتھ ساتھ ماحول کو کم نقصان پہنچاتا ہے، اس لیے ان کا استعمال بہتر انتخاب سمجھا جاتا ہے۔ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اے سی کا استعمال معتدل رکھا جائے،درجہ حرارت مناسب ہو،کمرے میں نمی برقرار رکھی جائے،باقاعدہ سروسنگ کی جائے،تاکہ صحت کو لاحق خطرات سے بچا جا سکے۔اے سی جہاں گرمی سے فوری نجات دیتا ہے، وہیں اس کا غیر محتاط استعمال خاموشی سے صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ مناسب احتیاط اور درست استعمال ہی اس سہولت کو محفوظ بنا سکتا ہے

  • سہاگ رات کوہی دلہن نے دلہا پر برسا دیئے تھپڑ،بولی،خبردار

    سہاگ رات کوہی دلہن نے دلہا پر برسا دیئے تھپڑ،بولی،خبردار

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع رامپور میں ایک حیران کن اور تشویشناک واقعہ پیش آیا، جہاں سہاگ رات کے موقع پر ہی دلہن نے اپنے شوہر پر تشدد کر ڈالا، جبکہ بعد ازاں ہونے والی پنچایت میں بھی معاملہ مزید بگڑ گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ نوجوان کی شادی 29 مارچ کو اترکھنڈ میں منعقدہ ایک اجتماعی شادی تقریب میں ہوئی تھی۔ شادی کے بعد جب دلہا سہاگ رات منانے کے لیے کمرے میں گیا تو دلہن نے اچانک اسے تھپڑ مارنا شروع کر دیے اور ساتھ رہنے سے انکار کر دیا۔متاثرہ نوجوان کا کہنا ہے کہ دلہن نے واضح طور پر کہا کہ وہ اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی کیونکہ اس کی شادی زبردستی کروائی گئی ہے۔ نوجوان کے مطابق دلہن نے نہ صرف اسے تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اس کی چین بھی توڑ دی۔واقعے کے بعد جب نوجوان نے دلہن کے اہل خانہ سے شکایت کی تو دونوں فریقین کے درمیان پنچایت بلائی گئی۔ تاہم، پنچایت کے دوران بھی معاملہ سلجھنے کے بجائے مزید بگڑ گیا اور دلہن کے اہل خانہ نے مبینہ طور پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق متاثرہ نوجوان نے کہا ہے کہ وہ اس رشتے کو جاری نہیں رکھنا چاہتا اور اپنی جان کو خطرہ محسوس کر رہا ہے،نوجوان نے پہلی رات کے بعد لڑکی کو طلاق دے دی،

  • چندی گڑھ میں بی جے پی دفتر میں بم دھماکہ

    چندی گڑھ میں بی جے پی دفتر میں بم دھماکہ

    چندی گڑھ میں بی جے پی دفتر میں بم دھماکہ ہوا ہے

    بھارتی میڈیا کے مطابق چندی گڑھ میں بھارتی جنتا پارٹی کے دفتر میں بم دھماکہ کے نتیجے میں دفتر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، سیکیورٹی حکام نے جائے حادثہ کو فوری طور پر سیل کر دیا – سیکوریٹی حکام نے میڈیا کو جانی نقصان کی تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا – واقعہ کے بعد چندی گڑھ میں افراتفری پھیل گئی – مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ درمیانی شدت کا تھا ، بی جے پی آفس دھماکہ کی ذمہ داری ابھی کسی گروپ نے قبول نہیں کی – سیکوریٹی حکامُ نے سکھ علیحدگی پسند گروپوں کے ملوث ہونے کے شبہات ظاہر کئے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی پنجاب میں خالصتان نواز گروپس کے حملوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، بھارتی حکام کی خالصتان تحریک کو تشدد سے کچلنے کی پالیسی ناکام ہو رہی ہے۔

  • باجوڑ کے عوام کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر عدم اعتماد، پاک فوج کی خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین

    باجوڑ کے عوام کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر عدم اعتماد، پاک فوج کی خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین

    باجوڑ میں افغان رجیم کی گولہ باری سے شہید ہونے والے 4سگے بھائیوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر کڑی تنقید کی ہے

    شہداء کے لواحقین کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں اتنا بڑا سانحہ ہوا،ہمارے چار لخت جگر شہید ہو گئے، لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہماری دادرسی کی توفیق نہ ہوئی،وزیراعلیٰ کو چاہیے تھا کہ وہ یہاں آکر فاتحہ پڑھتے اور تعزیت کرتے، انہوں نے ایسا کرنے کی زحمت تک نہیں کی،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عوامی خدمت کے بجائے ذاتی وسیاسی مفادات کی تکمیل میں مصروف ہیں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ہمیں اب کوئی امید نہیں، یہ لوگ الیکشن کے وقت نظر آتے ہیں اور مشکل وقت میں غائب ہوجاتے ہیں، منتخب نمائندوں نے ہمیں بے یارومددگار چھوڑ دیا، پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ دیا،فتنہ الخوارج جہاد نہیں بلکہ مسلمان بھائیوں پر ہی (دہشتگردانہ)حملے ہیں جو کہ تشویشناک ہیں،پاک فوج کے جوان سخت ترین حالات میں بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملکی سلامتی کو یقینی بنا رہے ہیںمیں پاک فوج کا شکر گزار ہوں کہ اس مشکل وقت میں انہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور ہر ممکن مدد فراہم کی

  • بلاول کی مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات

    بلاول کی مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات

    پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ حکمت عملی اور باہمی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، نیر بخاری اور چوہدری یاسین بھی موجود تھے۔ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے بھی شرکت کی، جبکہ رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملاقات آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔