Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیراعظم   کی زیر صدارت خطے کی کشیدہ صورتحال سے متعلق اہم اجلاس

    وزیراعظم کی زیر صدارت خطے کی کشیدہ صورتحال سے متعلق اہم اجلاس

    اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ملک کو مالیاتی اور معاشی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں درمیانی اور طویل مدتی جامع حکمت عملی مرتب کرنے پر غور کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر کئی ممالک کو اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم پاکستان نے اس صورتحال کو مؤثر انداز میں سنبھالا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی مقامی ضروریات پوری کرنے کے بعد اضافی پیداوار کی برآمد کے لیے بھی کامیاب حکمت عملی پر کام جاری ہے۔

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں معیشت پر پڑنے والے اثرات سے نمٹنے کے لیے جامع اور قابل عمل حکمت عملی تیار کی جائے، جس میں تمام شعبوں کے استحکام اور ترقی کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ بڑھتی پیداواری لاگت کے اثرات کو کم کرنے، برآمدات کے تحفظ اور مجموعی قومی پیداوار کو مستحکم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کیے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ زراعت اور صنعت پر منفی اثرات سے بچاؤ کے لیے دستیاب وسائل کو بھرپور استعمال میں لایا جائے اور حکمت عملی کی تیاری میں اندرونی و بیرونی معاشی عوامل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام متعلقہ وزارتیں روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور موجودہ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اداروں کے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکمت عملی ایسی ہو جو طلب و رسد کے توازن کو متاثر کیے بغیر معیشت کو مستحکم کرے۔

  • میشا شفیع جنسی ہراساں کرنے بارے آئندہ کسی بھی پلیٹ فارم پر بات نہیں کریں گی،تفصیلی فیصلہ

    میشا شفیع جنسی ہراساں کرنے بارے آئندہ کسی بھی پلیٹ فارم پر بات نہیں کریں گی،تفصیلی فیصلہ

    سیشن کورٹ نے گلوکار علی ظفر کا گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق میشا شفیع نےعلی ظفر پر جنسی ہراسانی سے متعلق 19 اپریل 2018 کو ٹوئٹ کیے، میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف کام کی جگہ ہراساں کرنے کے الزام پر صوبائی محتسب کو درخواست دی،تفصیلی فیصلے کے مطابق علی ظفر نے تمام الزامات غلط قرار دیتے ہوئے ایک ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا، میشا شفیع کے مطابق ہرجانے کا دعویٰ صوبائی محتسب سے درخواست واپس لینے کے لیے پریشر ڈالنے کے لیے کیا،عدالت کے مطابق میشا شفیع کا جنسی ہراساں کرنے کا الزام درست نہیں، میشا شفیع 50 لاکھ روپے علی ظفر کو بطور ہرجانہ ادا کریں،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میشا شفیع جنسی ہراساں کرنے متعلق آئندہ کسی بھی پلیٹ فارم پر بات نہیں کریں گی،

  • پاکستان اور  افغانستان کےدرمیان سفارتی بات چیت کا آغاز،پشاور میں امن جرگہ

    پاکستان اور افغانستان کےدرمیان سفارتی بات چیت کا آغاز،پشاور میں امن جرگہ

    پاکستان اور افغانستان کےدرمیان سفارتی بات شروع ہوگئی ہے،

    پاکستان اورافغانستان کےدرمیان جونیئرسطح کی سفارتی بات چیت چین کے شہر ارمچی میں شروع ہوگئی،سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان سےبات چیت کے لیے تیار ہے مگر دہشت گردی کےٹھکانوں کونشانہ بنانےکی پالیسی تبدیل نہیں ہوگی،پاکستان نے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری کو چین میں مذاکرات کے لیے مقرر کیا ہے۔

    دوسری جانب پشاور میں پاک افغان امن جرگہ، سیاسی و قبائلی رہنماؤں نےافغانستان پالیسی میں پارلیمان کو اختیار دینے کا مطالبہ کر دیا،پاک افغان امن جرگے کے دوران سیاسی مشران، علماء کرام اور قبائلی رہنماؤں نے کہا ہے کہ افغانستان سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار پارلیمان اور منتخب سیاسی نمائندوں کو دیا جائے تاکہ مسئلے کا واضح اور عملی حل نکالا جا سکے۔جرگے کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت افغانستان کے بارے میں تمام پالیسیاں یک طرفہ طور پر بنائی جا رہی ہیں اور ان سے اس حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی جاتی، جو انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ اختیار انہیں سونپ دیا جائے تو وہ مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کر سکتے ہیں۔بی بی سی پشتو کے معروف صحافی طاہر خان کے مطابق جرگے کے شرکاء نے واضح کیا کہ وہ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور پاک افغان تعلقات میں پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے کام کریں گے۔ واضح رہے کہ یہ جرگہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں منعقد کیا گیا تھا۔

    پشاور میں پاک افغان کشیدگی ختم کرنے کے حوالےسے منعقدہ جرگہ کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک مسلمہ عالمی اصولوں کے مطابق اس بات پر اتفاق کریں کہ ان کی سرزمین نہ تو ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہوگی اور نہ ہی کسی ایسی سرگرمی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی،مزید کہا گیا کہ تمام اختلافات اور تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا ہی اولین ترجیح ہونی چاہیے، کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے،پائیدار امن کے لیے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو ناگزیر قرار دیا گیا،حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ اعتماد سازی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ان پر مؤثر عملدرآمد کو فروغ دیا جائے۔

  • نیٹو پر اعتماد،ایران جنگ میں کسی صورت شامل نہیں ہوں گے،برطانوی وزیراعظم

    نیٹو پر اعتماد،ایران جنگ میں کسی صورت شامل نہیں ہوں گے،برطانوی وزیراعظم

    لندن: برطانیہ کے وزیرِاعظم کیئر اسٹار مر نے عوام کو موجودہ عالمی صورتحال پر اعتماد دینے کی کوشش کی، تاہم مہنگائی سے نمٹنے کے لیے کسی نئی پالیسی یا ریلیف کا اعلان نہیں کیا۔

    برطانوی وزیرِاعظم نے اپنی پریس کانفرنس میں مستقبل میں برطانیہ اور یورپ کے تعلقات کے لیے واضح سمت تو دی، مگر عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حوالے سے کوئی نئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔برطانوی وزیرِاعظم نے آبنائے ہرمز کی بندش پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ آئندہ چند ہفتے مشکل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس اہم بحری راستے کو دوبارہ کھولنے کے لیے “اگلے مرحلے کی منصوبہ بندی” کر رہی ہے، تاہم یہ اقدام جنگ کے خاتمے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ برطانیہ اس جنگ میں براہِ راست شامل نہیں ہوگا اور صورتحال کا دارومدارامریکہ اور اسرائیل کے فیصلوں پر ہے۔ ایران امریکا جنگ ہماری نہیں، اس میں کسی صورت شامل نہیں ہوں گے، ایران جنگ کے اثرات ہمارے مستقبل کو متاثر کریں گے اس لیے ہم برطانیہ کو اس جنگ میں گھسیٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم آنے والی نسلوں کو محفوظ ملک دینا چاہتے ہیں۔

    مہنگائی کے بڑھتے دباؤ کے باوجود وزیرِاعظم نے کسی نئی امدادی پیکج کا اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے گزشتہ بجٹ میں کیے گئے اقدامات کا حوالہ دیا، جن میں کم از کم اجرت میں اضافہ، ادویات کی قیمتوں کو منجمد رکھنا اور توانائی کی قیمتوں پر حد مقرر کرنا شامل ہے۔یہ رویہ آسٹریلوی وزیراعظم کے حالیہ فیصلے کے برعکس ہے، جہاں ایندھن ٹیکس میں عارضی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔دلچسپ بات یہ رہی کہ وزیرِاعظم نے عوام کو اپنی روزمرہ عادات تبدیل کرنے کی کوئی ہدایت بھی نہیں دی، جبکہ دیگر ممالک میں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے زیادہ استعمال کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے صرف “پُرسکون اور واضح قیادت” کی ضرورت پر زور دیا۔

    کیئر اسٹارمر نے کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر یورپی یونین کے ساتھ قریبی تعلقات ضروری ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ برطانیہ کسی ایک کا انتخاب نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دفاع، معیشت اور توانائی کے شعبوں میں یورپ کے ساتھ تعاون بڑھانا برطانیہ کے مفاد میں ہے اور اس سے امریکہ کے ساتھ تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔برطانوی وزیرِاعظم نے نیٹو کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے مؤثر فوجی اتحاد ہے اور برطانیہ اس کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، چاہے امریکی صدرکی جانب سے اس پر تنقید کیوں نہ کی جائے۔

  • وزیراعظم  کا نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور

    وزیراعظم کا نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیا ہے

    اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور فنی و تکنیکی تربیت کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے رانا مشہود احمد خان کی سربراہی میں پی ایم یوتھ پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں جدید تقاضوں کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پی ایم یوتھ ہب کے ذریعے قومی و بین الاقوامی سطح پر ملازمت کے مواقع کی نشاندہی کی جا رہی ہے جبکہ آئی ٹی، صحت، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں بیرون ملک بھی روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ جامعات کے فارغ التحصیل طلبہ کی ڈیجیٹل ٹریکنگ، میٹرک ٹیک پروگرام کے اجرا اور جلد انٹر ٹیک کے آغاز جیسے اقدامات سے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر افرادی قوت میں مؤثر انداز میں شامل کیا جا رہا ہے۔

  • ہمارے اتحادی کاغذی شیر ،ٹرمپ کی نیٹو سے الگ ہونے کی دھمکی

    ہمارے اتحادی کاغذی شیر ،ٹرمپ کی نیٹو سے الگ ہونے کی دھمکی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سے الگ ہونے کی دھمکی دیدی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے اتحادی کاغذی شیر ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی گراف کو انٹرویو میں کہا کہ امریکا کو نیٹو سے الگ کرنے پر غور کررہا ہوں، ہمارے اتحادی کاغذی شیر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یورپ اب امریکا کا قابل اعتبار دفاعی شراکت دار نہیں رہا۔علاوہ ازیں امریکا اور نیٹو کے تعلقات میں دراڑیں واضح ہونے لگیں۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے بعد نیٹو سے تعلقات پر نظرثانی کرنا ہوگی۔مارکو روبیو نے کہا کہ نیٹو سے تعلق یکطرفہ بن چکا، صرف امریکا یورپ کا دفاع کررہا ہے، ہمیں ضرورت پڑنے پر اپنے اڈے اور فضائی حدود استعمال کرنے نہیں دیتے۔ان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ ہورہا ہے، بات چیت جاری ہے، کسی مرحلے پر براہ راست ملاقات کا امکان بھی موجود ہے۔

    دوسری جانب صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران جنگ کے خاتمے کا عندیہ دینے پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی آگئی۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی قیمت 118 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 103 ڈالر پر آگئی۔امریکی خام تیل بھی 3 ڈالر کمی کے ساتھ 101 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہورہا ہے۔

  • نہانے کا ٹرینڈ، صبح یا رات؟ کون سا وقت زیادہ فائدہ مند

    نہانے کا ٹرینڈ، صبح یا رات؟ کون سا وقت زیادہ فائدہ مند

    صبح نہانا یا رات میں، یہ سوال ہر گھر میں اکثر زیرِ بحث رہتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ دونوں اوقات کے اپنے منفرد فائدے ہیں۔ ہندوستان میں صدیوں سے صبح نہانے کی روایت ہے، جبکہ جاپان، چین اور کوریا میں لوگ دن بھر کی تھکن اتارنے کے لیے رات کو غسل کو ترجیح دیتے ہیں۔

    صبح نہانے کے فوائد
    آیوروید کے مطابق صبح نہانا جسم کو متحرک اور ذہنی طور پر چوکنا بناتا ہے۔دہلی کے آئی ٹی پروفیشنل روہت کا کہنا ہے کہ صبح نہانے سے وہ دن بھر توانائی سے بھرپور رہتے ہیں۔سائنسی تحقیقات کے مطابق صبح نہانے سے خون کی گردش تیز ہوتی ہے، موڈ بہتر رہتا ہے اور پسینے سے راحت ملتی ہے۔

    رات نہانے کے فوائد
    جاپان میں اونسن اور سینتو کی روایت کے مطابق نہانا صرف جسم صاف کرنے کے لیے نہیں بلکہ دن بھر کی تھکن دور کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔کوریا میں شام کے غسل سے دماغ ریلیکس موڈ میں آ جاتا ہے اور نیند جلدی اور گہری آ سکتی ہے۔سلیپ کنسلٹنٹ ڈاکٹر نہا شرما کے مطابق، سونے سے 60 سے 90 منٹ پہلے نیم گرم پانی سے نہانے سے جسم کا درجہ حرارت آہستہ آہستہ کم ہوتا ہے، جو نیند کے لیے بہترین ہے۔

    ماہرین کا مشورہ
    جلد کے ماہرین بتاتے ہیں کہ نہانے کا پانی زیادہ گرم نہ ہو تاکہ جلد کی قدرتی نمی برقرار رہے۔بہترین وقت وہ ہے جو آپ کی نیند، توانائی اور روزمرہ کے معمولات سے میل کھائے۔کچھ لوگ ضرورت کے مطابق صبح اور رات دونوں وقت ہلکا نہانا بھی کرتے ہیں، لیکن پانی کی مقدار اور درجہ حرارت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

    امریکہ اور یورپ میں زیادہ تر لوگ صبح نہاتے ہیں، جبکہ جاپان، چین اور کوریا میں رات کا نہانا زیادہ مقبول ہے۔
    نہانا صرف ذاتی صفائی نہیں بلکہ جسم اور دماغ دونوں کے لیے سکون اور تازگی کا ذریعہ بھی ہے۔چاہے صبح تازگی چاہیے ہو یا رات سکون، نہانا ایک ذاتی عادت ہے جو آپ کے جسم اور دماغ کو متوازن رکھتی ہے۔ صحیح وقت وہ ہے جو آپ کی زندگی اور روزمرہ کے معمولات سے ہم آہنگ ہو۔

  • میران شاہ، شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، دو دہشتگرد ہلاک

    میران شاہ، شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، دو دہشتگرد ہلاک

    میران شاہ میں ٹل فورٹ کے قریب پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے موٹر سائیکل پر سوار مشکوک افراد کی حرکت نوٹ کی۔ فورسز نے انہیں روکنے کے لیے فوری اسکواڈ بھیجا

    ذرائع کے مطابق، تلاشی کے دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کی تاہم جوان محفوظ رہے اور کسی نقصان سے بچ گئے۔ فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دونوں دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک کر دیے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید سیکیورٹی چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی دہشتگردی کی واردات کو بروقت روکا جا سکے۔

  • افغان مہاجرین کو پاکستانی خاندانوں کا حصہ بنا کر جعلی شناختی کارڈز بنانے والا گروہ گرفتار

    افغان مہاجرین کو پاکستانی خاندانوں کا حصہ بنا کر جعلی شناختی کارڈز بنانے والا گروہ گرفتار

    بنوں پولیس کی کامیاب کارروائی، افغان مہاجرین کو پاکستانی خاندانوں کا حصہ بنا کر جعلی شناختی کارڈز بنانے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا.

    کامیاب کارروائی ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کو ملنے والی مصدقہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔ایس پی سٹی توحید خان اور ایس ایچ او تھانہ سٹی ریاض خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت اجمل ولد عبد الرزاق اور بادشاہ خان ولد لاہور خان کے نام سے ہوئی جو افغان شہری نقیب شاہ ولد زرکلام شاہ کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے،گرفتار افغانی شہری صوبہ خوست کا رہائشی ہے جس نے چمن بارڈر سے دراندازی کے بعد بنوں تک چھپتے چھپاتے سفر کیا۔گرفتار افغانی شہری نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے والد نے گروہ کے مفرور ارکان مامور سکنہ کوئٹہ اور زین اللہ سکنہ میرانشاہ سے 28 لاکھ روپے میں پاکستانی شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کا سودہ کیا ۔گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں افغان باشندوں کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کروانے کا اعتراف کیا ہے،افغان باشندے کی شمولیت پر متعلقہ خاندان کو 2 لاکھ روپے فی افغانی معاوضہ ادا کیا جاتا تھا،ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گروپ کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،شرجیل میمن

    خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،شرجیل میمن

    سندھ کے سینئر وزیر ،وزیراطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ ٹیکسیوں میں سفر کرنے والی خواتین اکثر ہراسانی کی شکایات کرتی ہیں، اسی لیے "پنک ٹیکسی” منصوبہ متعارف کروایا جا رہا ہے جسے خواتین ہی چلائیں گی اور اس میں سفر بھی صرف خواتین کریں گی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی (الیکٹرک وہیکل) پنک اسکوٹی پروگرام کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے، سندھ حکومت خواتین کو مفت پنک اسکوٹیز فراہم کر رہی ہے جبکہ کسی اور صوبے میں ایسی سہولت دستیاب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 20 ہزار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں اور حکومت انہیں مفت لائسنس کے ساتھ ڈرائیونگ کی تربیت بھی فراہم کر رہی ہے۔شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سندھ میں الیکٹرک بسیں کامیابی سے چل رہی ہیں اور جلد مزید بسیں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے اور دھابیجی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صنعتوں کے قیام سے روزگار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے ای وی ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دھابیجی اکنامک زون میں الیکٹرک گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کیے جائیں۔ اس حوالے سے آصف علی زرداری نے اپنے دورہ چین کے دوران بھی پاکستان میں ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔

    مہنگائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ہر ملک پر پڑتے ہیں، جس کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ہاؤس میں اس حوالے سے اجلاس بھی ہوا جس میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔