Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ایرانی ہیکرز نےایف بی آئی ڈائریکٹر کا ای میل ہیک کرلیا

    ایرانی ہیکرز نےایف بی آئی ڈائریکٹر کا ای میل ہیک کرلیا

    واشنگٹن: ایرانی ہیکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کا ذاتی ای میل اکاؤنٹ ہیک کر لیا ہے، جس کے بعد سائبر سیکیورٹی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے منسلک ہیکرز گروپ نے کہا ہے کہ وہ ایف بی آئی کے سربراہ کے ای میل ان باکس تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ہیکرز نے اپنے دعوے کے ثبوت کے طور پر مبینہ طور پر ڈائریکٹر کی ذاتی تصاویر اور اہم دستاویزات انٹرنیٹ پر شائع بھی کر دی ہیں۔رپورٹس کے مطابق لیک ہونے والی معلومات کی نوعیت اور حساسیت کا مکمل اندازہ تاحال نہیں لگایا جا سکا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ دعوے درست ثابت ہوئے تو یہ امریکی سیکیورٹی نظام کے لیے ایک بڑا دھچکا ہو سکتا ہے۔

    دوسری جانب ایف بی آئی یا امریکی حکام کی جانب سے اس واقعے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ سائبر سیکیورٹی ماہرین اس معاملے کی تحقیقات اور ممکنہ نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ برسوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اس نوعیت کے سائبر حملے جیوپولیٹیکل تنازعات کا نیا محاذ بن چکے ہیں، جس سے عالمی سطح پر ڈیجیٹل سیکیورٹی کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین اسٹاف لیول معاہدہ طے

    آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین اسٹاف لیول معاہدہ طے

    عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا۔

    آئی ایم ایف کے مطابق منظوری کے بعدپاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت کے 1 ارب ڈالر اور آر ایس ایف کے تحت 21 کروڑ ڈالر تک رسائی حاصل ہوگی یعنی پاکستان کو مجموعی طور پر 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر ملیں گے، پاکستان کو رقم آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد جاری ہوگی اور نئی قسط ملنے سے پاکستان کو ملنے والی رقم 4.5 ارب ڈالر ہو جائے گی،عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت میں بہتری، منہگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ کنٹرول میں ہے تاہم مشرق وسطیٰ کشیدگی سے معیشت کو خطرات لاحق ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان مالی خسارہ کم کرنے کا عزم رکھتی ہے اور اس حوالے سے ٹیکس نظام بہتر بنانے کیلئے اصلاحات جاری ہیں، غریب عوام کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں توسیع کی گئی، منہگائی کے اثرات کم کرنے کیلئے امداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، اسٹیٹ بینک منہگائی کنٹرول کیلئے سخت پالیسی جاری رکھے گا، ضرورت پڑنے پر شرح سود مزید بڑھائی جا سکتی ہے،زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، معاشی استحکام بہتر ہوا ہے، تاہم توانائی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ منہگائی بڑھا سکتا ہے۔

    آئی ایم ایف نے پاکستان پر ٹیکس نیٹ بڑھانے اور اخراجات کنٹرول کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد شروع ہونے سے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں، پاکستان ڈیجیٹل انوائسنگ اور ٹیکس آڈٹ نظام مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے، ٹیکس پالیسی آفس درمیانی مدت کی اصلاحاتی حکمت عملی تیار کر رہا ہے، وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی بوجھ کی بہتر تقسیم پر کام جاری ہے، وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی بوجھ کی منصفانہ تقسیم پر کام جاری ہے،مالی سال 2026 میں 1.6 فیصد پرائمری سرپلس کا ہدف ہے، پاکستان کا مالی سال 2027 میں سرپلس 2 فیصد تک بڑھانے کا منصوبہ ہے،پاکستان نے صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ پر اخراجات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، غربت میں کمی اور سماجی تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ منہگائی سے متاثرہ طبقے کو ہدفی امداد دینے کی کوششیں جاری ہیں، پاکستان نے بینکاری نظام کو بیرونی ادائیگیوں کے لیے مستحکم رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ پاکستان نے توانائی شعبے میں اصلاحات، گردشی قرضے روکنے کا عزم کیا ہے،پاکستان کی سرکاری اداروں کی اصلاحات اور نجکاری اہم ترجیح ہے، حکومت پاکستان نے مارکیٹ میں حکومتی مداخلت کم کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے، پاکستان بدعنوانی کے خلاف اقدامات اور سرمایہ کاری کے فروغ کی کوششیں کر رہا ہے،موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات تیز کیے جائیں گے جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے گرین ٹرانسپورٹ اور کاربن اخراج میں کمی پر بھی زور دیا جا رہا ہے، پانی کے نظام کی بہتری اور آفات سے نمٹنے کے لیے مالی نظام کی تیاری جاری ہے، پاکستان میں موسمیاتی اہداف کے مطابق توانائی اصلاحات جاری ہیں۔

  • ایٹمی پاکستان نہ صرف خطے میں بلکہ دنیا بھر امن کا ضامن بنے گا،خالد مسعود سندھو

    ایٹمی پاکستان نہ صرف خطے میں بلکہ دنیا بھر امن کا ضامن بنے گا،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے مابین جنگ رکوانے کے لئے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہتے ہیں،پاکستان کا بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے کردار کا خیر مقدم کرتے ہیں،ایٹمی پاکستان نہ صرف خطے میں بلکہ دنیا بھر امن کا ضامن بنے گا

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا ملک پاکستان آج دنیا کی نگاہوں کا مرکز بن چکا ہے،ایٹمی پاکستان آج مشرق وسطیٰ میں جنگ رکوانے کے لئے متحرک ہے، پاکستان کی کامیاب سفارتکاری سے مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہے، گزشتہ برس مئی میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور بھارتی شکست کے بعد فاتح پاکستان کا کردار دنیا کے سامنے نکھر کر سامنے آیا، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف بیرونی دشمن بلکہ اندرونی دشمنوں دہشتگردی کو بھی شکست دی، اب عالمی سطح پر امریکہ ایران جنگ رکوانے کی کوششیں قابل تحسین ہیں،

  • وہاڑی میں صحافی پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    وہاڑی میں صحافی پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    ڈیرہ غازی خان ،رپورٹ،شاہد خان
    پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کی بھرپور مذمت رنگ لے آئی، ضلع وہاڑی میں صحافی پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ضلع وہاڑی میں فرائض کی انجام دہی کے دوران ایک صحافی کو مبینہ طور پر محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر صحافتی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا۔ اس واقعہ کے خلاف پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ نے بھرپور آواز بلند کی اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر جنوبی پنجاب و ممبر سپریم کونسل شیخ رمضان ندیم نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، اور ان پر حملہ دراصل آزادی صحافت پر حملہ ہے۔

    شیخ رمضان ندیم نے مزید کہا کہ تنظیم نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کسی قسم کی زیادتی پر خاموش نہیں رہا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام انصاف کی فراہمی کی جانب مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح فوری ایکشن لیا جاتا رہا تو صحافی برادری خود کو زیادہ محفوظ تصور کرے گی۔آخر میں انہوں نے ملک بھر کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور حق و سچ کی آواز بلند کرتے رہیں، کیونکہ ایک مضبوط اور متحد صحافتی برادری ہی اپنے حقوق کا بہتر تحفظ کر سکتی ہے۔

  • ڈی جی خان، گیس کی لوڈشیڈنگ،شہری پریشان

    ڈی جی خان، گیس کی لوڈشیڈنگ،شہری پریشان

    ڈیرہ غازیخان ،رپورٹ،شاہد خان

    محکمہ سوئی گیس کے متعلقہ اہلکار وں نے اپنی وہی فرسودہ روش کو قائم رکھتے ہوئے بلاک 28 کے گھریلو گیس صارفین کو اذیت دینے کو اپنا فریضہ سمجھ کر ادا کرتے ہوئے گیس کے اوقات اپنی من مرضی سے جاری کئے ہوئے ہیں۔صبح 6تا8 فل سپلائی دینے کے پابند ہیں مگر 7تا 8 گیس ملتی ہے اور وہ بھی انتہائی کم پریشر اس طرح دوپہر 12تا2 بجے کی بجائے پونےایک بجے سے دو بجے تک پھر شام چھ تا آٹھ بجے کے بجائے شام سات بجے سے آٹھ بجے تک سپلائی دے رہے ہیں.

    سوال یہ ہے کہ یہ جو پونے تین گھنٹے کی گیس غائب کرتے ہیں وہ کہاں اور کس کے کھاتے میں جاتی ہے؟ عوام کو بیوقوف بناتے ہیں اہلیان محلہ کی گھریلو خواتین شدید پریشانی سے دوچار ہیں اسکا ہنگامی بنیادوں پر فوری حل نکالا جائے اور متعلقہ حکام بالا سے التماس ہے کی ڈیرہ غازیخان کے محکمہ سوئی گیس کے اہلکاروں کے مختلف اضلاع میں تبادلے کر دیئے جائیں تاکہ ان کو احساس ہو کہ ان کے نام منسوب رویوں کی وجہ سے عوام کتنی سخت پریشان ہیں نا ہی ان کے آفس کا فون آن ہے ناہی یہ اپنا پرسنل نمبرز سے بات سنتے ہیں خدارا اہلیان محلہ کو بنیادی حق سے محروم نا کریں ، کمشنر چوہدری اشفاق احمد گجر ، اور ایم پی محمد حنیف خان پتافی ،ایم پی اے اسامہ عبدالکریم سے مودبانہ گزارش کرتے ہیں کہ آپ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے مستقل بنیادوں پر یا لائن تبدیل کرنے کا حکم صادر فرمائیں یا مقررہ وقت پر گیس سپلائی فل پریشر کے ساتھ جاری رکھنے کا حکم صادر کیا جائے۔یہ تمام متعلقہ اہلکار ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔عوام کو بنیادی حق سے محروم نا کیا جائے

  • بہاولنگر،محکمہ کینال کااہلکار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    بہاولنگر،محکمہ کینال کااہلکار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    بہاولنگر( محمد عرفان )بہاونلگر میں کرپشن کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے محکمہ کینال کے ایک اہلکار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا.

    سائل مختیار احمد نے شکایت درج کروائی کہ اس کے زرعی رقبہ کے لیے منظور شدہ پانی کی فراہمی کے بدلے متعلقہ اہلکار نے 40 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا، جو بعد ازاں 20 ہزار روپے میں طے پایا۔ سائل نے ابتدائی طور پر 10 ہزار روپے ادا کیے اور باقی رقم دینے کے بجائے اینٹی کرپشن سے رجوع کر لیا درخواست موصول ہونے پر اینٹی کرپشن نے عدالت سے اجازت لے کر جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ریڈنگ پارٹی تشکیل دی کارروائی کے دوران ملزم کو رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا جبکہ نشان زدہ 10 ہزار روپے اس کی جیب سے برآمد کر لیے گئےحکام کے مطابق ملزم کے خلاف انسداد بدعنوانی قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہےعوامی حلقوں نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اداروں میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • انجینئیر محمد ابرار کا اعزاز، برطانیہ سے ایم ایس سی انجینئرنگ منیجمنٹ ڈگری مکمل کر لی

    انجینئیر محمد ابرار کا اعزاز، برطانیہ سے ایم ایس سی انجینئرنگ منیجمنٹ ڈگری مکمل کر لی

    یونیورسٹی آف چیسٹر کی طرف سے منعقدہ کانووکیشن میں سپوت سیالکوٹ انجینئیر محمد ابرار کو ڈگری سے نوازا گیا.

    سیالکوٹ باغی ٹی وی بیورو چیف مدثر رتو
    یونیورسٹی آف چیسٹر برطانیہ کے طلباء کو ڈگری دینے کی تقریب کا برطانیہ کے شہر چیسٹر میں واقع کیتھیڈرل چرچ میں انعقاد کیا گیا. تقریب کا آغاز رائل گارڈز کی طرف سے مختلف دھنیں بجا کر کیا گیا۔ چانسلر ڈیم جینی ہیریز اور دیگر فیکلٹی ممبران نے خصوصی شرکت کی۔ مختلف شعبہ جات کے طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں. شعبہ ایم ایس سی انجینرنگ منیجمنٹ سے فارغ التحصیل طلباء کو سیشن 3 میں ڈگریاں دی گئیں اور ان کی بھرپور حصہ افزائی کی گئی۔

    سپوت سیالکوٹ انجینئر محمد ابرار کو بھی ان کی اعلی تعلیمی قابلیت اور ڈگری مکمل کرنے پر تعریفی اسناد اور ڈگری سے نوازا گیا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف چیسٹر برطانیہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی میں نت نئی ایجادات دن بدن سامنے آ رہی ہیں. ہمیں اپنے اندر جدت لانا ہوگی تا کہ ہم دنیا کے ساتھ شانہ بشانہ چل سکیں. دیگر فیکلٹی ممبران نے اپنے خطابات میں کہا کہ ہمارا مقصد اپنے اداروں میں ایسے طلباء پیدا کرنا ہے جو کہ انڈسٹری کے معیاد پر پورا اتر سکیں تا کہ ہمارے طلباء کو فارغ التحصیل ہونے کے بعد نوکری کے حصول میں پریشانی کا ہرگز سامنا نہ کرنا پڑے. سپوت سیالکوٹ انجینیئر محمد ابرار نے اپنی اس کامیابی کو اپنے والدین کی دعاؤں اور اپنے اساتذہ کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دیا تقریب کے اختتام پر اس سال کامیاب ہو کر اس تقریب میں ڈگری حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی گئی اور روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا.

  • عید الفطر پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کی کارکردگی مثالی

    عید الفطر پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کی کارکردگی مثالی

    ننکانہ صاحب باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز

    عید الفطر پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کی کارکردگی مثالی رہی میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی سربراہی میں طبی عملہ عید کی چھٹیوں کے ایام میں بھی عوام الناس کی خدمت میں مصروف عمل رہا طبی عملے نے عید الفطر پر شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کیا اور ڈیوٹی کے فرائض بخوبی سر انجام دیے قابل فخر ٹیم ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف سٹاف نرسز ہیلتھ سپورٹ سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں
    میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی سربراہی میں سینیئر ڈاکٹرز ڈاکٹر راحیل پیرا میڈیکل سٹاف سٹاف نرسز ہیلتھ سپورٹ سٹاف و دیگر عملے نے عید کے چھٹیوں کے ایام میں عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کیا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ مانیر او ٹی پیڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ لیبر روم ڈیپارٹمنٹ لیب بلڈ بینک فارمیسیز سمیت دیگر ڈیپارٹمنٹس میں تعینات طبی عملے نے عوام الناس کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی ڈی ایچ کیو ننکانہ کی قابل فخر ٹیم نے 24 گھنٹے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے طبی عملے کی عوام الناس سے محبت کو سلام پیش کرتے ہیں

  • ننکانہ ،بیساکھی میلہ ،ڈی پی او نے کی انتظامی اجلاس کی صدارت

    ننکانہ ،بیساکھی میلہ ،ڈی پی او نے کی انتظامی اجلاس کی صدارت

    احسان اللہ ایاز باغی ٹی وی نامہ نگار ننکانہ صاحب

    ننکانہ صاحب میں بیساکھی میلے کی تقریبات کا آغاز 10 اپریل سے ہو گا ، تقریبات 13 اپریل تک جاری رہیں گی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او ارسلان زاہد کی زیرصدارت بیساکھی میلے کے انتظامات بارے جائزہ اجلاس ہوا.اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ، ضلعی افسران، سردار سرجیت سنگھ کنول سمیت دیگر نے شرکت کی،

    بیساکھی میلے کی تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری شرکت کریں گے ،ڈی پی او ننکانہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تقریبات میں شرکت کرنے والے یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی بیساکھی فیسٹیول پر آنیوالے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہےبیساکھی میلہ پر آنے والے یاتری ہمارے مہمان ہیں اور مہمانوں کا خیال رکھنا ہم سب کا قومی فرض ہے اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین اور فول پروف سیکورٹی انتظامات مہیا کئے جائیں گےمیونسپل اداروں کی جانب سے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں تمام ضلعی ادارے 08 اپریل تک اپنے پلان اور تعینات عملے کا ڈیٹا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے دفتر میں جمع کروائیں ٹریفک پولیس ٹریفک کے بہاؤ کو پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ یقینی بنائے محکمہ صحت گوردوارہ جات میں خصوصی عملہ تعینات کرے گا محکمہ فوڈ اتھارٹی لنگر کی چیکنگ کے بعد لنگر تقسیم کروانے کی پابند ہو گی،تمام محکمہ جات سمیت پولیس کے جوان یاتریوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں بیساکھی فیسٹیول کے موقع پر ضلع میں سکیورٹی و دیگر ادارے ہائی الرٹ پر رہیں گے ،سکھ یاتری پاکستانیوں کی محبت اور انتظامات کے حوالے سے اچھی یادیں لے کر جائیں گئے۔

  • اداکارہ نے بھائی کو بنایا "بوائے فرینڈ” ،اب جی رہی کس حال میں

    اداکارہ نے بھائی کو بنایا "بوائے فرینڈ” ،اب جی رہی کس حال میں

    بالی ووڈ کی ماضی کی مقبول اداکارہ ممتا کلکرنی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ نوے کی دہائی میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ کی زندگی فلمی کہانی سے کم نہیں، جس میں محبت، تنازعات، روحانیت اور گلیمر سب کچھ شامل ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ممتا کلکرنی نے اپنے کیریئر کے عروج پر ایسی زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا جس نے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے ایک ایسے شخص سے محبت کی جسے وہ کبھی دنیا کے سامنے “بھائی” کہتی رہیں، مگر بعد میں وہی ان کا محبوب قرار پایا۔ یہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ مبینہ ڈرگ مافیا سے وابستہ وکی گوسوامی تھا،ممتا کلکرنی نے 1991 میں تامل فلم سے کیریئر کا آغاز کیا اور 1992 میں فلم ترنگا سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس کے بعد انہوں نے کرن ارجن، سب سے بڑا کھلاڑی، چائنا گیٹ اور دیگر سپر ہٹ فلموں میں کام کر کے اپنی پہچان بنائی۔

    اداکارہ کی زندگی میں سب سے بڑا موڑ اس وقت آیا جب ان کی ملاقات وکی گوسوامی سے ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ان کے لیے اپنی کامیاب فلمی زندگی چھوڑ کر بیرون ملک چلی گئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مختلف مواقع پر انہوں نے وکی کو کبھی بھائی، کبھی شوہر اور کبھی محض دوست قرار دیا، جس سے ان کی ذاتی زندگی مسلسل تنازعات کا شکار رہی۔کئی سالوں تک گلیمر سے دور رہنے کے بعد ممتا کلکرنی نے روحانیت کا راستہ اختیار کیا اور سادھوی بننے کا اعلان کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ طویل عرصے تک تپسیا کرتی رہی ہیں اور دنیاوی زندگی سے کنارہ کش ہو چکی ہیں۔تاہم حالیہ دنوں میں اداکارہ ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئی ہیں جب انہوں نے سادھوی کا چولا اتار کر دوبارہ گلیمرس زندگی اپنائی۔ سوشل میڈیا پر ان کی جدید طرزِ زندگی، پارٹیوں اور ویکیشنز کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد صارفین نے سخت ردعمل دیا۔اداکارہ نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کے فیصلے ذاتی ہیں اور وہ اپنی مرضی کے مطابق جینے کا حق رکھتی ہیں۔

    ممتا کلکرنی کی زندگی کے مختلف رنگ،شہرت، محبت، روحانیت اور دوبارہ گلیمرنے مداحوں کو حیرت میں ڈال رکھا ہے۔ جہاں کچھ لوگ ان کی واپسی کو سراہ رہے ہیں، وہیں کئی افراد ان کے بدلتے بیانات اور طرزِ زندگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔