Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ننکانہ،مویشی چوری کی وارداتوں میں سرگرم گینگ کا سرغنہ تین ساتھیوں سمیت گرفتار

    ننکانہ،مویشی چوری کی وارداتوں میں سرگرم گینگ کا سرغنہ تین ساتھیوں سمیت گرفتار

    ننکانہ صاحب باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز
    ننکانہ صاحب ڈی پی او ارسلان زاہد کی ہدایت پر سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں.

    تھانہ مانگٹانوالا پولیس نے دوران کاروائی نقب زنی اور مویشی چوری کی وارداتوں میں سرگرم گینگ کا سرغنہ تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی چھینی ہوئی نقدی، مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ پولیس تھانہ مانگٹانوالا نے گرفتار ملزمان سے رابری، نقب زنی اور مویشی چوری کی 23 وارداتوں کا سراغ لگا لیا ہے۔ تفتیش جاری ہے، مزید انکشافات متوقع ہیں۔ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ وسیم عرف سیمو، احسان عرف شانو، ابرار اور ناظم شامل ہیں۔ گینگ کا سرغنہ تھانہ مانگٹانوالا کے 5 مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرم تھا۔ ملزمان تھانہ مانگٹانوالا اور گردونواح میں بوقت شب چوری کی وارداتوں میں سرگرم تھے۔ جن کی گرفتاری ایک چیلنج بنی ہوئی تھی۔ ملزمان کو سپیشل پولیس ٹیم تشکیل دیکر گرفتار کیا گیا۔ دریں اثناء پولیس تھانہ صدر سانگلہ ہل نے ناجائز اسلحہ قبضہ میں رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ملزمان علی رضا اور ارسلان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ ڈی پی او ننکانہ کا کہنا ہے کہ سماج دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن “محفوظ پنجاب” پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے دن رات متحرک ہیں۔

  • دو بھائیوں کی ایک ہی خاتون سے شادی کے بعد دلہن امید سے،کون ہے بچے کا باپ

    دو بھائیوں کی ایک ہی خاتون سے شادی کے بعد دلہن امید سے،کون ہے بچے کا باپ

    ہماچل پردیش سے تعلق رکھنے والی وہ منفرد شادی، جس نے گزشتہ سال سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا تھا، ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ اس شادی میں ایک دلہن نے دو سگے بھائیوں سے بیک وقت شادی کی تھی، جس نے نہ صرف لوگوں کو حیران کیا بلکہ روایات اور جدید سوچ کے درمیان ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی تھی۔

    اب اسی انوکھے رشتے سے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے۔ دلہن سنیتا چوہان اور ان کے شوہر پردیپ نیگی نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ ان کے گھر جلد ہی ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ “ہم تین سے بہت جلد چار ہونے والے ہیں”، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔یہ شادی سرمور ضلع میں قدیم “جوڑی دار” روایت کے تحت انجام پائی تھی، جس میں ایک ہی خاندان کے دو یا زیادہ بھائی ایک ہی خاتون سے شادی کرتے ہیں۔ اس روایت کو نبھاتے ہوئے پردیپ نیگی اور کپل نیگی نے سنیتا چوہان کے ساتھ سات پھیرے لیے تھے۔ جدید دور میں ایسی مثالیں نہایت کم دیکھنے کو ملتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ شادی ملک بھر میں موضوعِ بحث بن گئی تھی۔

    شادی کے بعد ابتدائی چند ماہ تک تینوں ایک ساتھ رہے، تاہم بعد میں کپل نیگی روزگار کے سلسلے میں بیرونِ ملک منتقل ہو گئے، جہاں وہ ایک ریستوران میں کام کر رہے ہیں۔ جبکہ سنیتا اور پردیپ اب بھی ہماچل میں مقیم ہیں۔ پردیپ سرکاری محکمہ جل شکتی میں ملازم ہیں اور سنیتا سوشل میڈیا پر خاصی متحرک رہتی ہیں۔جوڑے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “سرموری جوڑی دار بھائی” پر ویڈیو پیغام کے ذریعے اس خوشخبری کا اعلان کیا۔ ویڈیو میں پردیپ نے بتایا کہ کافی عرصے سے مداح ان سے سنیتا کے حاملہ ہونے سے متعلق سوالات کر رہے تھے، جس کے بعد انہوں نے خود اس خبر کی تصدیق کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اس خوشی کے موقع پر مثبت پیغامات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھیں۔ پردیپ کا کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا نہایت خوشی کا لمحہ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ آنے والے بچے کے لیے سب دل سے دعائیں کریں۔

    یہ انوکھی شادی اور اب اس سے جڑی نئی خوشخبری ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن چکی ہے، جہاں کچھ لوگ اسے روایت کا تسلسل قرار دے رہے ہیں تو کچھ جدید معاشرتی اقدار کے تناظر میں اس پر بحث کر رہے ہیں۔

  • بادشاہ کی دلہن کون؟ سادگی اور ادا میں سب پر بھاری، مداح حیران

    بادشاہ کی دلہن کون؟ سادگی اور ادا میں سب پر بھاری، مداح حیران

    ممبئی: مشہور بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی مبینہ شادی اور ایک ’پُراسرار خاتون‘ کے چرچے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں، جس نے مداحوں کے تجسس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اس پراسرار شخصیت کو پنجابی فلم انڈسٹری کی اداکارہ ایشا ریکھی قرار دیا جا رہا ہے، جو اپنی سادگی، دلکشی اور منفرد انداز کے باعث توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ مداح یہ جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ آخر وہ کون ہیں جو اپنی خوبصورتی اور اسٹائل سے بالی ووڈ اداکاراؤں کو بھی ٹکر دے رہی ہیں۔ایشا رِکھی کے کریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے پنجابی سنیما میں اپنی محنت سے ایک خاص مقام حاصل کیا۔ وہ فلموں جیسے جٹ بوائز پٹ جٹا دے اور ارداس میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جبکہ ہندی فلم نوابزادے کے ذریعے انہوں نے بالی ووڈ میں بھی قدم رکھا۔ ان کی معصوم اداکاری اور قدرتی حسن نے ناظرین کو بے حد متاثر کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بادشاہ اور ایشا کی ملاقات ایک مشترکہ دوست کی پارٹی میں ہوئی، جہاں موسیقی اور فن سے مشترکہ دلچسپی نے انہیں قریب کر دیا۔ طویل عرصے تک ڈیٹنگ کے بعد دونوں نے اپنے تعلق کو اگلے مرحلے میں لے جانے کا فیصلہ کیا، تاہم اس رشتے کو میڈیا کی نظروں سے کافی حد تک پوشیدہ رکھا گیا۔فیشن کے میدان میں بھی ایشا کسی سے کم نہیں۔ چاہے ریڈ کارپٹ پر دلکش گاؤن ہو یا روزمرہ کا سادہ لباس، ان کا ہر انداز مداحوں کو اپنی جانب متوجہ کر لیتا ہے۔ خاص طور پر روایتی پنجابی لباس جیسے شلوار قمیض میں ان کی سادگی اور خوبصورتی مزید نکھر کر سامنے آتی ہے، جبکہ ہلکا اور قدرتی میک اپ ان کی شخصیت کو مزید دلکش بناتا ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کے درمیان تقریباً آٹھ سال کا عمر کا فرق ہونے کے باوجود ان کی کیمسٹری مداحوں کو بے حد پسند آ رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں دونوں کو اکثر ایک ساتھ وقت گزارتے دیکھا گیا ہے، جہاں ان کی قربت واضح نظر آتی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایشا صرف ایک مشہور شخصیت کی شریک حیات نہیں بلکہ اپنی محنت، صلاحیت اور منفرد شناخت کی بدولت خود بھی ایک مضبوط مقام رکھتی ہیں۔ ان کی سادگی، خاندانی اقدار اور شاندار فیشن سینس نے انہیں دیگر اداکاراؤں سے ممتاز بنا دیا ہے۔

  • پہلے زیادتی، پھر بلیک میلنگ ، دو نابالغ لڑکیوں کے ساتھ مہینوں تک گھناؤنا کام

    پہلے زیادتی، پھر بلیک میلنگ ، دو نابالغ لڑکیوں کے ساتھ مہینوں تک گھناؤنا کام

    بھارت میں خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،پونے میں انسانیت سوز واقعات نے ایک بار پھر معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں چندن نگر کے علاقے میں دو نابالغ لڑکیوں کے ساتھ مبینہ طور پر مسلسل زیادتی اور بلیک میلنگ کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کیسز میں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق پہلا واقعہ ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ پیش آیا، جسے ایک 27 سالہ ملزم بالاجی گروناتھ سوامی نے مبینہ طور پر کئی ماہ تک ڈرا دھمکا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزم کو معلوم تھا کہ لڑکی کم عمر ہے، اس کے باوجود وہ اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر مسلسل اپنی درندگی کا شکار بناتا رہا۔ جب متاثرہ لڑکی کی والدہ کو اس ظلم کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کرائی۔پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت درج ہونے کے بعد ملزم نے لڑکی کے گھر جا کر اہل خانہ کو بھی دھمکانے کی کوشش کی، تاہم چندن نگر پولیس اسٹیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس کے خلاف مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    دوسرا واقعہ بھی اسی علاقے میں پیش آیا جہاں ایک اور 27 سالہ ملزم ریتک راؤ صاحب لونکے نے ایک نابالغ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے واردات کے بعد متاثرہ لڑکی کی تصاویر حاصل کر کے اسے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں، جس کے باعث لڑکی شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہی اور طویل عرصے تک خاموشی سے اذیت برداشت کرتی رہی۔معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ دونوں کیسز میں متاثرہ لڑکیوں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں جبکہ طبی اور قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

  • بھارت میں ایندھن بحران،پٹرول پمپس پر پولیس تعینات

    بھارت میں ایندھن بحران،پٹرول پمپس پر پولیس تعینات

    بھارت میں ایندھن بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور بھارت پیٹرول پمپس پر پولیس تعینات کرنےپر مجبور ہوگئی ہے۔

    بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت کے باعث شہریوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں جس سے نااہل مودی حکومت کی ناکام پالیسیاں عیاں ہوچکی ہیں۔ الجزیرہ نے نااہل بی جے پی حکومت کی ناقص منصوبہ بندی اور توانائی پالیسی کی سنگین ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق بھارت میں ایندھن کی شدید قلت کے باعث بھارتی شہریوں میں خوف و ہراس بڑھ چکا ہے اور پیٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگ چکی ہیں جبکہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس تعینات کی گئی ہے۔ نااہل مودی حکومت پر شدید تنقید کرتےہوئےبھارتی شہریوں کو کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے یہاں لمبی قطاریں لگی ہیں، لوگ دن رات پیٹرول پمپس پر انتظار کر رہے ہیں۔ ایک بھارتی شہری کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپس پر شدید رش ہے جس سے پیٹرول نہ ملنے کے خدشات واضح ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم بحران پر بھارتی عوام میں پھیلنے والا خوف دراصل حکومتی نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور بروقت فیصلوں کی کمی کا نتیجہ ہے، مودی کی نااہلی کے باعث بھارتی معیشت کوتوانائی بحران،کرنسی پر دباواورترسیلات زر میں کمی جیسے سنگین مسائل کا بھی سامنا ہے، ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ بھارت کا دوغلہ رویہ بھارت میں توانائی بحران کی صورت میں سامنے آرہا ہے

  • افغان مہاجرین کی محفوظ واپسی کے لیے طورخم بارڈر عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ

    افغان مہاجرین کی محفوظ واپسی کے لیے طورخم بارڈر عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ

    حکومتِ پاکستان نے ریاستی پالیسی کے تحت غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی باعزت، محفوظ اور مرحلہ وار وطن واپسی کے لیے طورخم بارڈر کو عارضی طور پر کھول دیا ہے ۔

    اعلامیے کے مطابق واپسی کا عمل 26 مارچ 2026 کو شروع ہوا، جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں بشمول ایف آئی اے، نادرا، کسٹمز اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کو مکمل ہم آہنگی اور تیاری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے طورخم، لنڈی کوتل اور گرد و نواح میں سخت حفاظتی انتظامات نافذ کیے گئے ہیں تاکہ واپسی کے عمل کو ہر قسم کے سیکیورٹی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔

    حکام کے مطابق صرف رجسٹرڈ مقامات، خصوصاً حمزہ بابا کیمپ کے ذریعے مہاجرین کی منظم انداز میں منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ابتدائی مرحلے میں نقل و حرکت کو کنٹرولڈ رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی بدانتظامی سے بچا جا سکے۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام قومی سلامتی، سرحدی نظم و ضبط اور امیگریشن قوانین کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس میں سکیورٹی فورسز اور سول ادارے مکمل یکجہتی کے ساتھ کردار ادا کر رہے ہیں۔

  • ایران سے کون مذاکرات کر رہا  اس بارے میں نہیں بتا سکتی، ترجمان وائیٹ ہاؤس

    ایران سے کون مذاکرات کر رہا اس بارے میں نہیں بتا سکتی، ترجمان وائیٹ ہاؤس

    ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری ہے، صدر ٹرمپ فوجی کارروائی سے قبل سفارت کاری کو پہلا آپشن سمجھتے ہیں۔

    واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ طاقت کے استعمال سے نہیں ڈرتے مگر سفارتکاری کو پہلا آپشن سمجھتے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ایران کو "20 گنا زیادہ” شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ایران سے متعلق تمام آپشنز بدستور میز پر موجود ہیں، امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ پاکستان اور ایرانی حکام سے ملاقات کی خبروں پر سوال کے جواب میں ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صورتحال ابھی غیر مستحکم ہے، جب تک وائٹ ہاؤس باضابطہ اعلان نہ کرے کسی ملاقات کو حتمی نہ سمجھا جائے۔ ایران سے کون مذاکرات کر رہا ہے اس بارے میں نہیں بتا سکتی، ایران نے شکست تسلیم نہ کی تو ٹرمپ انہیں مزید نقصان پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔

    کیرولین لیوٹ نے کہا کہ آپریشن اپیک فیوری میں دشمن کے 9000 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، ایران کے 90 فیصد میزائل اور ڈرونز کو مار گرایا گیا، ایران کے 140 سے زائد بحری جہاز تباہ کیے گئے، دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی بار کسی نیوی کو اس حد تک تباہ کیا گیا۔صدر ٹرمپ دھمکیاں نہیں لگاتے، ایران غلط اندازے نہ لگائے، گزشتہ مرتبہ غلط اندازے لگانے پر ایران کی لیڈرشپ، نیوی، ایئر فورس سب ختم کر دیا تھا، اب سے آگے جنگ اس لیے ہوگی کہ ایران سمجھنے سے انکاری ہے، ایران سے متعلق بات چیت میں جے ڈی وینس شامل رہے ہیں، ایران نے شکست نہیں مانی تو مزید سخت حملے کریں گے، ایران کو غلط اندازے نہیں لگانے چاہئیں۔ جنگ ختم ہونے پر فیول کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔ جمعرات کو صدر ٹرمپ کابینہ اجلاس کی میزبانی کریں گے۔

  • لاہور میں پی ایس ایل کے باعث عوام کو مشکلات، مبشر لقمان کی سخت تنقید

    لاہور میں پی ایس ایل کے باعث عوام کو مشکلات، مبشر لقمان کی سخت تنقید

    سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکسپر جاری اپنے ایک بیان میں لاہور میں آج سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا نظام زندگی بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔

    مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ لاہور "گھٹ رہا ہے” اور اس کی بڑی وجہ ایک ایسا ٹورنامنٹ ہے جسے ان کے بقول نہ تو لوگ دیکھ رہے ہیں اور نہ ہی اس میں کوئی خاص دلچسپی لے رہے ہیں۔ پی ایس ایل جیسے ایونٹ کے انعقاد کے باعث شہر کی بڑی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ یہ سب کچھ محض کریڈٹ لینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔حقیقت میں قومی ٹیم مسلسل شرمناک شکستوں کا سامنا کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود ذمہ داران اپنی کارکردگی پر شرمندہ ہونے کے بجائے خود ستائشی میں مصروف ہیں۔ یم کی ناقص کارکردگی کے باوجود ایسے ایونٹس کا انعقاد عوامی مسائل میں اضافہ کر رہا ہے۔

    مبشر لقمان نے اس صورتحال کو "شرمناک” قرار دیتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں اور کھیلوں کے نام پر شہری زندگی کو مفلوج نہ کیا جائے۔

  • بھارت میں گیس اور پیٹرول کا شدید بحران، عوام مشکلات کا شکار

    بھارت میں گیس اور پیٹرول کا شدید بحران، عوام مشکلات کا شکار

    بھارت میں گیس اور پیٹرول کے بحران نے شدت اختیار کر لی ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ توانائی کی قلت کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے جبکہ شہری بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس کی شدید کمی نے خاص طور پر غریب طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کئی علاقوں میں لوگ دوبارہ لکڑی اور کوئلہ جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہو گئے ہیں، جو نہ صرف صحت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ کر رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال ملک میں توانائی کے نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مارکیٹ میں دستیاب گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے افراد کے لیے سلنڈر خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔ متعدد شہریوں نے شکایت کی ہے کہ گیس کی فراہمی غیر یقینی ہو چکی ہے اور کئی علاقوں میں کئی کئی دن تک گیس دستیاب نہیں ہوتی۔

    دوسری جانب بھارت میں پیٹرول کی قلت نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں، جہاں شہری گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ بعض مقامات پر صورتحال کشیدہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات بھی سخت کر دیے گئے ہیں۔گجرات میں حالات زیادہ سنگین بتائے جا رہے ہیں جہاں پیٹرول پمپوں پر رش کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق عوامی ہجوم کو منظم رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے اثرات نہ صرف معیشت بلکہ عوامی زندگی پر بھی گہرے مرتب ہوں گے۔ حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ فوری طور پر توانائی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

  • یو ایس ایس ابراہم لنکن مسلسل نگرانی میں،ایرانی بحریہ کی امریکہ کو وارننگ

    یو ایس ایس ابراہم لنکن مسلسل نگرانی میں،ایرانی بحریہ کی امریکہ کو وارننگ

    ایران کی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ امریکی طیارہ بردار بحری بیڑا یو ایس ایس ابراہم لنکن مسلسل ایرانی نگرانی میں ہے اور اس کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

    شہرام ایرانی کے مطابق جیسے ہی یہ امریکی بیڑا ایرانی میزائلوں کی رینج میں داخل ہوگا، اسے فوری طور پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اپنی سمندری حدود اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ایرانی بحریہ کا مزید کہنا ہے کہ امریکی بحری بیڑے نے دعویٰ کیا ہے کہ ساحل سے داغے گئے کروز میزائلوں کے بعد طیارہ بردار بحری جہاز نے اپنی پوزیشن تبدیل کر لی ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔

    دوسری جانب برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے ایک ایسی رپورٹ جاری کی ہے جس نے امریکی بحریہ کے ایوانوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ اب تک دنیا سمجھ رہی تھی کہ ایران کا اصل ہتھیار اس کے میزائل اور ڈرونز ہیں، لیکن اصل خطرہ تو سمندر کی گہرائیوں میں چھپا ہوا ہے،رپورٹ کے مطابق ایران نے چھوٹی مگر انتہائی مہلک آبدوزوں کا ایک ایسا نیٹ ورک تیار کر لیا ہے جو خلیج کے کم گہرے اور گدلے پانیوں میں ، یہ آبدوزیں اتنی چھوٹی اور خاموش ہیں کہ امریکہ کے جدید ترین جنگی طیارے اور سیٹیلائیٹ سسٹمز بھی انہیں آسانی سے تلاش کرنے یا نشانہ بنانے میں ناکام ہو رہے ہیں،یہ "خفیہ بیڑا” خاص طور پر آبنائے ہرمز اور خلیجی سمندری راستوں میں تجارتی جہازوں اور امریکی بیڑوں کو اچانک نشانہ بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان کی موجودگی کا مطلب ہے کہ امریکہ کا کوئی بھی بحری جہاز اب محفوظ نہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آبدوزیں سمندر کی تہہ میں بیٹھ کر خاموشی سے بارودی سرنگیں بچھانے اور ٹارپیڈو فائر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس کا پتا تب چلتا ہے جب دھماکہ ہو چکا ہوتا ہے۔