Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے قریب بمباری،عملہ محفوظ

    تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے قریب بمباری،عملہ محفوظ

    ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کے قریب شدید بمباری کی گئی ہے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کے سامنے ایرانی فوج کا مرکز "ارتش” واقع ہے جبکہ پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو پاسداران کے علاقے میں مقیم ہیں،سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ رات تقریباً 8 بجے دونوں علاقوں میں بھرپور بمباری کی گئی تاہم پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو تہران میں بیس کے قریب سفارتی عملے کے ساتھ معمول کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    ایک سینئر سفارتکار نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ بمباری کی شدید آوازیں سنائی دیں اور عملہ دھماکوں کی آوازوں سے پریشان ضرور ہوا تاہم تمام اہلکار محفوظ ہیں اور عملہ خطرناک ماحول میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔

  • آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے چند لمحے قبل لی گئی آخری تصویر جاری

    آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے چند لمحے قبل لی گئی آخری تصویر جاری

    ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت سے چند لمحے قبل لی گئی ایک اہم اور جذباتی تصویر ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری کر دی گئی ہے، جس نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی ہے۔

    ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ تصویر ایک سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل کی گئی، جس میں آیت اللہ خامنہ ای کو نہایت سکون کے ساتھ قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اسے بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے اور صارفین کی جانب سے مختلف جذباتی ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای 28 فروری کو ہونے والے مبینہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہوئے تھے۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ آخری لمحات میں بھی آیت اللہ خامنہ ای عبادت میں مصروف تھے، جسے ان کے پیروکار ایک روحانی اور قابلِ احترام پہلو کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس تصویر کے اجرا کا مقصد عوامی جذبات کو ابھارنا اور داخلی یکجہتی کو فروغ دینا بھی ہو سکتا ہے۔

  • ٹرمپ کا پھر شہباز شریف کا ذکر،ایرانی توانائی تنصیات پر 10 دن مزید حملے روکنے کا اعلان

    ٹرمپ کا پھر شہباز شریف کا ذکر،ایرانی توانائی تنصیات پر 10 دن مزید حملے روکنے کا اعلان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں ایک بار پھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا ذکر کر ڈالا۔

    ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم بہت اچھے آدمی ہیں، پاکستانی وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ٹرمپ جنگ نہ رکواتے تو لاکھوں افراد مارے جاتے۔اس کے علاوہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف نے بطورثالث پاکستان کے کردارکو سراہا۔خصوصی مندوب نے کہا پاکستان کی وجہ سے عمدہ اور مثبت پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، ایران کے قائل ہونے کے مضبوط اشارے مل رہے ہیں ۔

    دوسری جانب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے مزید 10 روز تک روکنے کا اعلان کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صدر ٹرمپ نے جاری بیان میں کہا کہ 6 اپریل 2026 تک وہ ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے روک رہے ہیں، وہ یہ اقدام ایران حکومت کی درخواست پر کر رہے ہیں۔

    اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے ان تنصیبات پر حملے 5 روز کیلئے روکنے کا اعلان کیا تھا جس کی مدت آج یعنی جمعہ کو ختم ہونا تھی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے بات چیت جاری ہے اور فیک نیوز میڈیا کی جانب سے جاری خبروں کے برعکس یہ بات چیت عمدگی سے جاری ہے۔

  • بحیرۂ عرب میں امریکی طیارہ بردار جہاز پر حادثہ، نیوی اہلکار زخمی

    بحیرۂ عرب میں امریکی طیارہ بردار جہاز پر حادثہ، نیوی اہلکار زخمی

    بحیرۂ عرب میں امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جہازیو ایس ایس ابراہم لنکن (CVN 72) پر فلائٹ آپریشن کے دوران ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

    امریکی بحری افواج کی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ واقعہ 25 مارچ کو اس وقت پیش آیا جب جہاز معمول کی فلائٹ آپریشنز انجام دے رہا تھا۔امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ چوٹ کسی جنگی کارروائی کا نتیجہ نہیں اور نہ ہی اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔ بیان کے مطابق زخمی اہلکار کو فوری طور پر ساحل پر منتقل کر کے مزید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔

    یو ایس نیول فورسز سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خطے میں ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث امریکی افواج اپنی عسکری سرگرمیاں تیز کیے ہوئے ہیں۔ امریکی طیارہ بردار بیڑے اس وقت اہم سمندری راستوں میں فضائی کارروائیوں اور اپنی موجودگی برقرار رکھنے میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں،

  • مراد سعید سینیٹ کی نشست سے ڈی نوٹیفائی

    مراد سعید سینیٹ کی نشست سے ڈی نوٹیفائی

    الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کو نااہل قرار دیتے ہوئے انہیں سینیٹ کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کردیا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹ رکن مراد سعید نااہل قرار دیے گئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کےفیصلےکی بنیاد پر انہیں نااہل قرار دیا گیا ہے،مراد سعید کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی، آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت مراد سعید کو نااہل قرار دیا گیا ہے، خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی گئی ہے۔

    خیال رہےکہ مراد سعید جولائی 2025 میں خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے تاہم وہ روپوش ہونےکے باعث سینیٹ کی نشست پر حلف نہیں لے سکے تھے،فروری کے وسط میں مراد سعید نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کے نام خط میں بھیج دیا تھا۔

  • گوجرخان 4 سالہ معصوم بچی سے پڑوسی دکاندار کی مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم فرار

    گوجرخان 4 سالہ معصوم بچی سے پڑوسی دکاندار کی مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم فرار

    انسانیت شرمسار وارڈ نمبر 27 جھنڈا میں کمسن بچی کو حراساں کرنے پر دکاندار کے خلاف مقدمہ درج پولیس مصروف تفتیش
    بچی چیز لینے گئی تو دکاندار نے ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی، والد کی مدعیت میں سنگین دفعات کے تحت تھانہ گوجرخان میں مقدمہ درج
    گوجرخان (قمرشہزاد) تھانہ گوجر خان کی حدود وارڈ نمبر 27 جھنڈا میں معصومیت لٹ گئی، سفاک دکاندار نے چیز لینے کے لیے آنے والی 4 سالہ بچی کو ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق وارڈ نمبر 27 جھنڈا کے رہائشی عادل قیوم ولد عبدالقیوم نے پولیس کو دی گئی اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی 4 سالہ بیٹی (حورین فاطمہ) مورخہ 25 مارچ کی شام ساڑھے چھ بجے گھر کے قریب واقع دکان پر چیز لینے گئی تھی۔ جہاں دکان کے مالک ظفر محمود ولد عبدالرشید نے کمسن بچی کو تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہراساں کیا اور اس کی شلوار میں ہاتھ ڈال کر غیر اخلاقی حرکت کی۔ متاثرہ بچی کے والد کے مطابق ملزم نے معصوم بچی کی جان و آبرو سے کھیلنے کی کوشش کی، سرکل گوجرخان میں بچوں کے کیساتھ ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ جبکہ پولیس تھانہ نے متاثرہ والد کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ معصوم بچی کے لواحقین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ درندہ صفت ملزم کو فوری گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی گھناؤنی حرکت نہ کر سکے۔

  • عدم برداشت کا خونی کھیل معمولی تنازع پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق تین زخمی

    عدم برداشت کا خونی کھیل معمولی تنازع پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق تین زخمی

    درختوں کی کٹائی کا شاخسانہ حبیب چوک گولیوں کی تھرتھراہٹ سے لرز اٹھا، قاضی عمیر زندگی کی بازی ہار گیا
    سرکل گوجرخان میں انسانی جان ارزاں چاند رات سے جاری قتل و غارت کے پے در پے واقعات، شہری حلقے شدید تشویش کا شکار
    گوجرخان (قمرشہزاد) سرکل گوجرخان کے گردونواح میں عدم برداشت کا بڑھتا ہوا رجحان خونی جنگ میں تبدیل ہو گیا، جہاں چاند رات سے شروع ہونے والا قتل و غارت گری کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ اشتعال انگیزی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے امن و امان کی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔جس نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

    تازہ ترین افسوسناک واقعہ پولیس چوکی قاضیاں کے نواحی علاقے حبیب چوک میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر درختوں کی کٹائی کے معمولی تنازع پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے اس ہولناک واقعے کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو راولپنڈی ریفر کیا گیا، تاہم قاضی عمیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ دیگر زخمیوں میں قاضی شفیق، نزاکت اور عبدالشکور شامل ہیں جن کا علاج جاری ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انچارج پولیس چوکی قاضیاں نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس تھانہ گوجرخان نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں۔

    عوامی اور سماجی حلقوں نے انسانی جانوں کے آئے روز کے اس ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے رجحان کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوجرخان میں قانون کا ڈر خوف ختم ہو گیا ہے ہر گزرتے دن کے ساتھ قتل و غارت گری اور فائرنگ کے واقعات میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔

  • ڈی جی خان،سخی سرورؒ کے  سالانہ عرس کی چار روزہ تقریبات کا آغاز

    ڈی جی خان،سخی سرورؒ کے سالانہ عرس کی چار روزہ تقریبات کا آغاز

    ڈیرہ غازیخان باغی ٹی وی نیوز رپورٹر (شاہد خان ) برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت سید احمد سلطان المعروف سخی سرورؒ کے 870 ویں سالانہ عرس کی چار روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ڈی پی او صادق حسین بلوچ، محکمہ اوقاف کے افسران، مجاوران اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مزار اقدس پر چادر چڑھا کر عرس تقریبات کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ مجاوران کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ خصوصی دستار بندی بھی کی گئی۔اس موقع پر کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس امیر تیمور خان، اے ڈی سی جی محمد اسد چانڈیہ، ڈی او سپیشل برانچ سید احمد بخاری، اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان اور حافظ عمر سعید، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف قاضی اظہر، منیجر طارق جاوید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے عرس کے انتظامات، کنٹرول روم، سی سی ٹی وی کیمروں، داخلی و خارجی راستوں اور چیکنگ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زائرین میں لنگر تقسیم کیا اور سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور انتظامات میں کوئی کمی نہ رہنے دی جائے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حضرت سخی سرورؒ کی تعلیمات امن، محبت، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتی ہیں اور ضلعی انتظامیہ نے عرس کے لیے مثالی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

    ڈی پی او صادق حسین بلوچ نے کہا کہ عرس کے موقع پر پولیس اور بارڈر ملٹری پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ درگاہ کے اطراف خار دار تاروں، سی سی ٹی وی کیمروں اور سیف سٹی سسٹم کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ زائرین کو مکمل چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ زائرین کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں.

  • بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈی سی ننکانہ

    بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈی سی ننکانہ

    احسان اللہ ایاز باغی ٹی وی نامہ نگار ننکانہ صاحب

    ننکانہ صاحب ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ضلع بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، نرخوں اور سپلائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ سپلائی، ذخائر، اور ضلع بھر کے پیٹرول پمپس پر فروخت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اس موقع پر ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلع میں قائم تمام پیٹرول پمپس کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی آمد، ذخیرہ اور فروخت کا مکمل اور باقاعدہ ریکارڈ مرتب کریں اور اس کی مسلسل جانچ پڑتال کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف فوری مقدمات درج کیے جائیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، اچانک انسپکشنز کریں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔

    اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی، شفافیت اور مقررہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان، عیدالفطر پر صفائی کے مثالی انتظامات، شہر جگمگا اٹھا، عوام کا اظہارِ اطمینان

    ڈیرہ غازی خان، عیدالفطر پر صفائی کے مثالی انتظامات، شہر جگمگا اٹھا، عوام کا اظہارِ اطمینان

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) عیدالفطر کے مقدس موقع سے قبل اور عید کے دنوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کر کے ڈیرہ غازی خان کو حقیقی معنوں میں چمکا دیا، جس پر شہریوں نے خوشی اور اطمینان کا بھرپور اظہار کیا۔

    ریجنل منیجر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے ہمیشہ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی عیدالفطر کے موقع پر خصوصی صفائی پلان ترتیب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی واضح ہدایات اور مسلسل نگرانی میں شہر کے تمام اہم مقامات، بازاروں اور شاہراہوں کو نہ صرف صاف کیا گیا بلکہ انہیں مثالی انداز میں سنوارا بھی گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چاند رات سے ہی خصوصی صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا تھا، کیونکہ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کرتی ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں نے دن رات محنت کر کے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کو یقینی بنایا۔عیدالفطر کی نماز اور اس کے بعد شہریوں کی جانب سے قبرستانوں کا رخ کرنے کے پیش نظر عیدگاہوں اور قبرستانوں کی جانب جانے والے تمام راستوں کو خصوصی طور پر صاف کیا گیا۔ قبرستانوں کے اندرونی و بیرونی حصوں میں بھی صفائی کے اعلیٰ انتظامات کیے گئے تاکہ شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کریں۔

    شہریوں نے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر ایسے مثالی انتظامات نہ صرف خوشی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ حکومتی اداروں پر اعتماد کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔
    ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ اگر نیت اور قیادت مضبوط ہو تو عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔