Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • علامہ طاہر اشرفی وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر مقرر

    علامہ طاہر اشرفی وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر مقرر

    پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی اسلامی و خلیجی ممالک کیلئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر مقررکر دیئے گئے

    وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مولانا طاہر محمود اشرفی کو مشرقِ وسطیٰ اور مسلم ممالک میں مذہبی ہم آہنگی اور پاکستانی تارکینِ وطن کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مولانا طاہر محمود اشرفی یہ ذمہ داریاں اعزازی بنیادوں پر انجام دیں گے۔ ان کی تقرری کا مقصد مشرقِ وسطیٰ اور دیگر مسلم ممالک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے ساتھ ساتھ وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، رابطوں اور قومی تشخص کے مؤثر فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

    وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اس تقرری کے بعد متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ ضروری انتظامی اور دفتری کارروائی مکمل کریں۔ اس حوالے سے سیکریٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کو بھی باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔اعلامیے پر وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ کے دستخط موجود ہیں، جبکہ نوٹیفکیشن نمبر 3901/APM/2025 کے تحت یہ فیصلہ 31 دسمبر 2025 کو جاری کیا گیا۔

  • لاہور ہائی کورٹ میں 2026 کی پہلی آئینی درخواست دائر

    لاہور ہائی کورٹ میں 2026 کی پہلی آئینی درخواست دائر

    لاہور ہائی کورٹ میں سال 2026 کی پہلی آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے، جو وکلاء کی ایک نجی تنظیم کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

    درخواست میں پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی مفت اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔درخواست گزار کے مطابق صوبے کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات سمیت متعدد ضروری میڈیسن کی شدید قلت سامنے آ رہی ہے، جس کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی نہ صرف صحت کے نظام پر سوالیہ نشان ہے بلکہ یہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔

    درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 9 ہر شہری کو زندگی اور صحت کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے، جبکہ آرٹیکل 25 قانون کے سامنے برابری کی ضمانت دیتا ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت ان آئینی شقوں کے منافی ہے، کیونکہ غریب اور مستحق مریض مہنگی ادویات خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔درخواست گزار وکلاء تنظیم نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ وہ پنجاب حکومت اور متعلقہ محکموں کو پابند کرے کہ صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں تمام ضروری اور جان بچانے والی ادویات فوری طور پر فراہم کی جائیں اور مستقبل میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے۔

  • کم عمری میں ٹرین میں ہراساں کرنے والے کو جوتامارا تھا،ملکہ برطانیہ

    کم عمری میں ٹرین میں ہراساں کرنے والے کو جوتامارا تھا،ملکہ برطانیہ

    برطانیہ کی ملکہ کمیلا نے پہلی بار اپنی زندگی کے ایک نہایت حساس اور تکلیف دہ واقعے سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں ایک اجنبی شخص کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    یہ انکشاف انہوں نے بی بی سی ریڈیو کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران کیا، جس کے بعد برطانوی میڈیا اور عوامی حلقوں میں اس بیان پر خاصی توجہ دی جا رہی ہے۔ملکہ کمیلا نے گفتگو کے دوران بتایا کہ یہ واقعہ ان کی کم عمری کے ایام کا ہے، جب وہ ایک روز ٹرین میں سفر کر رہی تھیں۔ ان کے مطابق وہ پرسکون انداز میں اپنی نشست پر بیٹھی کتاب پڑھ رہی تھیں کہ اسی دوران ٹرین میں موجود ایک اجنبی شخص اچانک ان کے قریب آیا اور انہیں ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ ملکہ کمیلا کے بقول اس غیر متوقع حملے نے انہیں شدید خوفزدہ کر دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس نازک لمحے میں انہیں اپنی والدہ کی دی گئی نصیحت یاد آئی، جس میں مشکل حالات میں حاضر دماغی اور ہمت سے کام لینے پر زور دیا گیا تھا۔ ملکہ کمیلا نے کہا کہ انہوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً اپنا جوتا اتارا اور اس شخص پر دے مارا، جس کے بعد انہوں نے مزاحمت کی اور خود کو محفوظ بنانے کے لیے اگلے اسٹیشن پر ٹرین سے اتر گئیں۔

    ملکہ کمیلا کے مطابق اس وقت ان کی عمر تقریباً 16 یا 17 سال تھی، تاہم یہ واقعہ ان کی زندگی پر گہرے اثرات چھوڑ گیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ سانحہ کئی برسوں تک ان کے لیے ذہنی صدمے کا باعث بنا رہا اور اس کی یادیں انہیں طویل عرصے تک پریشان کرتی رہیں۔انٹرویو کے دوران ملکہ کمیلا نے مزید کہا کہ آج بھی جب کہیں گھریلو تشدد یا ہراسانی جیسے موضوعات پر بات ہوتی ہے تو وہ واقعہ ان کے ذہن میں تازہ ہو جاتا ہے، جو انہیں شدید اذیت اور کرب میں مبتلا کر دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات متاثرہ افراد کی زندگیوں پر دیرپا اثرات چھوڑتے ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

  • نیویارک کاپہلا مسلمان میئر ،ظہران ممدانی نے قرآن پاک پر حلف اٹھا لیا

    نیویارک کاپہلا مسلمان میئر ،ظہران ممدانی نے قرآن پاک پر حلف اٹھا لیا

    امریکا کے سب سے بڑے اور اہم شہر نیویارک میں تاریخ رقم ہوگئی، جہاں شہر کے پہلے مسلمان میئر ظہران ممدانی نے اپنے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حلف برداری کی پروقار تقریب نیویارک کے سٹی ہال میں منعقد ہوئی، جہاں ظہران ممدانی نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر اپنے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز نے ظہران ممدانی سے میئر کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر ظہران ممدانی کی اہلیہ، قریبی رشتہ دار، منتخب نمائندے، سٹی کونسل کے اراکین اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ حلف برداری کے دوران شرکا نے تالیاں بجا کر نئے میئر کا خیرمقدم کیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ظہران ممدانی نے 4 نومبر 2025 کو ہونے والے میئر کے انتخابات میں 50 اعشاریہ 78 فیصد ووٹ حاصل کر کے واضح کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کامیابی کے بعد وہ نیویارک کے 112ویں میئر منتخب ہوئے اور شہر کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا،ظہران ممدانی کی کامیابی کو نہ صرف امریکی مسلم کمیونٹی بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہیں، جسے بین المذاہب ہم آہنگی، تنوع اور جمہوری اقدار کی بڑی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ انتخابی مہم کے دوران اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ظہران ممدانی کو نسلی اور مذہبی تعصب کا نشانہ بھی بنایا تھا، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔ تاہم الیکشن میں ریپبلکن امیدوار کی شکست کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف ظہران ممدانی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی بلکہ ان کے ساتھ مل کر نیویارک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

    حلف برداری کے بعد اپنے خطاب میں ظہران ممدانی نے کہا کہ وہ تمام نیویارکرز کے میئر ہوں گے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب، نسل یا طبقے سے ہو۔ انہوں نے شہر میں انصاف، مساوات، سستی رہائش، بہتر ٹرانسپورٹ اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیا۔

  • بنوں دہشتگردوں کا راکٹ حملہ،ڈی آئی خان 21 مشتبہ افراد گرفتار،سیکورٹی فورسز کاروائیاں جاری

    بنوں دہشتگردوں کا راکٹ حملہ،ڈی آئی خان 21 مشتبہ افراد گرفتار،سیکورٹی فورسز کاروائیاں جاری

    خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف کاروائیاں جاری ہیں

    بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ قلات میں ڈرون حملے کے نتیجے میں اس کے پانچ جنگجو مارے گئے ہیں۔ تنظیم کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں عبدالاحد، اسرار احمد، شعیب احمد، عبیداللہ سیاہ پاد اور فیصل بدینی شامل ہیں۔ حکام کی جانب سے تاحال اس کارروائی یا جانی نقصان کی کوئی سرکاری تصدیق جاری نہیں کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے بھی حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    سیکیورٹی فورسز نے نوکنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 179 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ آپریشن سرحدی علاقوں میں غیر قانونی نقل و حرکت سے متعلق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو معمول کی چیکنگ اور نگرانی کے دوران روکا گیا۔ تمام زیر حراست افراد کے پاس درست سفری دستاویزات موجود نہیں تھیں، جس کے بعد انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں گرفتار افغان شہریوں کو تصدیق اور رجسٹریشن کے لیے مخصوص مرکز منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق اسکریننگ اور دستاویزی عمل امیگریشن قوانین کے تحت جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی سرحدی داخلے کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے اوکاڑہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک کارندے کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت مطیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم کے قبضے سے انتہاپسند لٹریچر اور پروپیگنڈا مواد برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں اس کے کالعدم تنظیم کے لیے بھرتی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک اور روابط کا پتہ چلایا جا سکے۔

    لکی مروت میں نورنگ تھانے کی حدود میں شیرکالا موڑ کے قریب عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے ایک بچہ شہید جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے غیر مسلح شہریوں کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ شہید ہونے والا بچہ سب انسپکٹر امتیاز خان کا کمسن بیٹا تھا، جبکہ زخمی شخص ان کا بھائی ہے۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شہید بچہ مکمل طور پر معصوم تھا اور اس کا کسی قسم کے تنازع سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پہاڑپور میں ضلعی پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ کارروائی کے دوران 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی تھی جس میں مختلف علاقوں میں بیک وقت چھاپے اور سرچ آپریشن کیے گئے، جن میں سیدو والی، برز والی، علی ونڈا، چندہ، کلی ونڈا، گڑھ پیر امام شاہ، گلوٹی اور پنیالہ شامل ہیں۔ آپریشن کی نگرانی سینئر پولیس اور سی ٹی ڈی افسران نے کی، جبکہ البرق فورس، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران بین الصوبائی سرحد کے قریب پہاڑی علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد ازاں گھیراؤ اور سرچ آپریشن کے دوران 21 افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جن میں مبینہ سہولت کار بھی شامل ہیں۔ تمام گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    سب ڈویژن حسن خیل کے دہشت گردوں نے بازرگئی گاؤں کے علاقے سے سیکیورٹی فورسز کے ایک اہلکار کو اغوا کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں نے، جن کی قیادت اعزاز عرف عمر عثمان کر رہا تھا، سیکیورٹی فورسز کے لانس نائیک ریحان کو اس وقت اغوا کیا جب وہ چھٹی پر اپنے گھر موجود تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اغوا کے بعد اہلکار کو پہاڑی علاقے کی طرف لے جایا گیا۔ اس واقعے سے مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے مغوی اہلکار کی بازیابی کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جبکہ مقامی عمائدین بھی سیکیورٹی حکام کے ساتھ مل کر محفوظ رہائی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    دہشت گردوں نے بنوں میں کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کے علاقے پر راکٹ حملہ کیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق راکٹ سی ایم ایچ کے قریب کنوائے گراؤنڈ کے علاقے میں ایک خالی احاطے میں گرا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، لیکن کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ راکٹ سے قریبی تنصیبات کو بھی کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بم ڈسپوزل اور تحقیقاتی ٹیموں نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور شہر میں حساس مقامات کے گرد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    میران شاہ میں دہشت گردوں کے حملے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک اہلکار شہید ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی آپریٹر عمر نیاز کو منگل کے روز ان کی رہائش گاہ کے قریب مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ شدید زخمی حالت میں عمر نیاز کو قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ ان کا تعلق شمالی وزیرستان کے گاؤں دندے درپا خیل سے تھا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ ٹارگٹڈ تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

  • ایل او سی ،برف پوش مورچوں سے پاک فوج کے جری جوانوں کا سال نو پر پیغام

    ایل او سی ،برف پوش مورچوں سے پاک فوج کے جری جوانوں کا سال نو پر پیغام

    لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں میں تعینات پاک فوج کے جوانوں نے نئے سال 2026 کے آغاز پر قوم کے نام خصوصی پیغام دیا ہے۔

    اپنے پیغام میں بہادر جوانوں نے اپنے غیر متزلزل عزم، جذبۂ قربانی اور مادرِ وطن سے بے لوث محبت کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید سردی، برف باری اور دشوار گزار پہاڑی علاقہ ان کے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔پاک فوج کے جری جوانوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اپنے گھروں اور اہلِ خانہ سے دور ہیں، مگر وطن کا دفاع ان کی اولین ذمہ داری ہے، اور وہ برف سے ڈھکے بنکروں میں ڈٹ کر کھڑے ہیں تاکہ سرزمینِ پاکستان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدوں پر پاک فوج کی موجودگی ہی قوم کے امن و سلامتی کی ضمانت ہے، اور واضح پیغام دیا کہ کسی دشمن کو سرحد پار سے بری نظر ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

    فوجی جوانوں نے دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مارکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ وہ اتحاد، یکجہتی اور پختہ عزم کے ساتھ دشمن کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کے سپاہی دن رات انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، بے مثال جرات اور بھرپور لگن کے ساتھ ملکی دفاع کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔جب آپ سو رہے ہوتے ہیں، افواجِ پاکستان جاگ رہی ہوتی ہیں،پاکستان ہمیشہ زندہ باد

  • بھارت ،چلتی گاڑی میں شادی شدہ خاتون سےاجتماعی زیادتی

    بھارت ،چلتی گاڑی میں شادی شدہ خاتون سےاجتماعی زیادتی

    بھارتی علاقے فرید آباد میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں 28 سالہ شادی شدہ خاتون کو چلتی وین میں دو گھنٹے سے زائد تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد سڑک پر پھینک دیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون رات کے وقت گھر جانے کے لیے سواری کی منتظر تھی کہ ایک وین رکی۔ وین میں سوار دو نوجوانوں نے خاتون کو گھر چھوڑنے کا جھانسہ دے کر گاڑی میں بٹھا لیا، تاہم وین گھر کی جانب جانے کے بجائے گڑگاؤں روڈ کی طرف بڑھا دی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون تقریباً ڈھائی گھنٹے تک وین میں موجود رہی جہاں ملزمان نے مبینہ طور پر بار بار زیادتی کی۔ خاتون کی مزاحمت اور احتجاج کے باوجود ملزمان باز نہ آئے بلکہ اسے دھمکیاں بھی دیتے رہے۔رات تقریباً تین بجے کے قریب ملزمان نے خاتون کو ایس جی ایم نگر کے علاقے راجہ چوک کے نزدیک چلتی وین سے سڑک پر پھینک دیا۔ واقعے کے نتیجے میں خاتون کے چہرے پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ بری طرح زخمی ہوگئی، جس سے خون بہنے لگا۔

    متاثرہ خاتون نے بار بار اپنی بہن کو فون کرنے کی کوشش کی، بعد ازاں بہن کی جانب سے واپسی کال پر واقعے کی اطلاع ملی۔ اہلِ خانہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کے چہرے پر 10 سے 12 ٹانکے لگائے۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کی حالت اب مستحکم ہے تاہم وہ شدید صدمے کی کیفیت میں ہے، جبکہ اس کا بیان تاحال قلمبند نہیں کیا جا سکا۔متاثرہ خاتون کی بہن نے پولیس میں درج کرائی گئی شکایت میں بتایا کہ واقعے سے ایک روز قبل شام تقریباً 8:30 بجے خاتون نے فون کر کے بتایا تھا کہ اس کا اپنی والدہ سے جھگڑا ہوا ہے اور وہ ایک دوست کے گھر جا رہی ہے، اور تین گھنٹوں میں واپس آ جائے گی۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون شادی شدہ ہے، اس کے تین بچے ہیں اور گھریلو تنازع کے باعث وہ اپنے شوہر سے علیحدہ رہتی ہے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی وین بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • سال نو کی پہلی گرفتاری، ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار،2 افراد زخمی

    سال نو کی پہلی گرفتاری، ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار،2 افراد زخمی

    سال نو کی پہلی گرفتاری، ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا

    کراچی کے مختلف علاقوں میں سال نو کے آغاز پر ہوائی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں چنیسر گوٹھ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا، کورنگی زمان ٹاؤن میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 3 افراد گرفتار کیے گئے۔

    کراچی کے علاقے گلشن معمار میں پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم ولی محمد کو گرفتار کیا۔ملزم سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق سال نو کے پہلے مقدمہ کا اندراج گرفتار ملزم کے خلاف کیا جارہا ہے۔ ہوائی فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ کی دفعات کے تحت تھانہ گلشن معمار میں مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب ویسٹ، تھانہ گلشن معمار پولیس کی بروقت کاروائی، فائرنگ اور زخمی کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا،فائرنگ کا واقع گلشن معمار غنی گوٹھ میں ذاتی لڑائی کے دوران رشتے داروں کے درمیان پیش آیا۔فائرنگ سے 26 سالہ نیک محمد ولد خان زمان اور 47 سالہ سید محمد ولد عزیز الرحمٰن زخمی ہوئے۔پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم رحمت اللّٰہ ولد محمد زمین کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزم سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، فرار ساتھی ملزم کی تلاش جاری ہے۔

  • پاکستان میں سال نو کا آغاز،پرتپاک استقبال،فائرنگ،آتش بازی

    پاکستان میں سال نو کا آغاز،پرتپاک استقبال،فائرنگ،آتش بازی

    نیا سال 2026 پوری آب و تاب کے ساتھ شروع ہوگیا۔ باغی ٹی وی کی جانب سے اہلِ وطن کو نئے سال کی دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے، اس اُمید کے ساتھ کہ آنے والا سال پاکستان کے لیے خوشحالی، امن اور ترقی کی نوید لے کر آئے گا۔

    رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں سال نو کے آغاز ہوا تو فضا رنگا رنگ روشنیوں سے جگمگا اُٹھی۔ مختلف شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ شہریوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دے کر نئے سال کا پرتپاک استقبال کیا۔ گھڑی کی سوئیاں جیسے ہی بارہ پر پہنچیں، خوشی کے نعروں اور قہقہوں سے ماحول گونج اُٹھا۔لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں نوجوان اور خاندان جشن منانے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔ شاہراہوں، چوراہوں اور کھلے مقامات پر آتش بازی کے دلکش مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں آسمان پر روشنیوں کے رنگ بکھر گئے۔نئے سال کی خوشی میں منچلے سڑکوں پر نکل آئے اور ہلہ گلہ کرتے دکھائی دیے، تاہم بعض شہروں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی الرٹ رہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ پولیس اور دیگر اداروں نے اہم مقامات پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے تھے۔

    شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ 2026 سے نئی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں اور دعا ہے کہ نیا سال مہنگائی کے خاتمے، روزگار کے مواقع اور ملکی استحکام کا باعث بنے۔ بزرگوں اور نوجوانوں نے یکساں طور پر اس خواہش کا اظہار کیا کہ آنے والا سال ملک میں امن، بھائی چارے اور ترقی کی علامت ثابت ہو۔

    باغی ٹی وی ایک بار پھر اہلِ وطن کو نیا سال مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ 2026 پاکستان کے لیے کامیابیوں، خوشیوں اور بہتر مستقبل کا سال ثابت ہو۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی،پٹرول 10 روپے سستا

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی،پٹرول 10 روپے سستا

    حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لیٹر کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کرتے ہوئے 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کم کیے گئے ہیں، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 257 روپے 08 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد ہو گا، جس کے بعد عوام کو فوری طور پر اس فیصلے کا فائدہ ملنا شروع ہو جائے گا۔