Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ،امریکی سفارت خانوں کی اپنے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

    مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ،امریکی سفارت خانوں کی اپنے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

    مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مختلف ممالک میں قائم امریکی سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کو ہنگامی بنیادوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ان ممالک میں اسرائیل، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر اور اردن شامل ہیں۔

    بحرین کے دارالحکومت منامہ میں قائم امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ وہ بحرین میں مقیم امریکی شہریوں کو ہدایت کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر “شیلٹر اِن پلیس” کی پالیسی اختیار کریں، ممکنہ حملوں کی صورت میں اپنے سیکیورٹی منصوبوں کا ازسرِ نو جائزہ لیں اور کسی بھی نئی صورتحال کے لیے چوکس رہیں۔ سفارت خانے نے خبردار کیا کہ خطے میں مزید حملوں کے خدشات موجود ہیں، اس لیے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کیا جائے۔

    یہ انتباہات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران سے منسلک سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں قائم چار امریکی فوجی اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے اسلامی انقلابی گارڈ کور کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ حملے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایرانی شہروں پر کیے گئے مبینہ حملوں کے ردِعمل میں کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق جن امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ان میں قطر میں واقع العدید ایئر بیس، کویت کی ال سالم ایئر بیس، متحدہ عرب امارات کی الظفرہ ایئر بیس اور بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ کا اڈہ شامل ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ان مقامات پر میزائل داغے گئے، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

  • ایران نے قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات، کویت ،سعودی عرب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا

    ایران نے قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات، کویت ،سعودی عرب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا

    اسرائیل و امریکہ کے ایران پر مشترکہ حملے کے بعد ایران نے چار امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے

    ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں خطے میں موجود چار امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے پاسدارانِ انقلاب کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائیاں ایرانی شہروں پر حالیہ فضائی حملوں کے ردِعمل میں کی گئیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں درج ذیل امریکی فوجی تنصیبات کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا
    Al Udeid Air Base – قطر میں واقع امریکہ کا سب سے بڑا فضائی اڈہ
    Al Salem Air Base – کویت میں امریکی فضائی تنصیب
    Al Dhafra Air Base – متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی اڈہ
    United States Fifth Fleet کا بحری اڈہ – بحرین میں امریکی بحریہ کی مرکزی تنصیب

    ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے عراقی ہم منصب سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنادفاع جاری رکھےگا، ایران ردعمل میں خطے میں تمام امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائےگا۔دوسری جانب سربراہ ایرانی نیشنل سکیورٹی کمیشن نے اسرائیل کو پیغام دیا کہ ایران نے تمہیں وارننگ دی، اب جو آگے ہوگا وہ تمہارے ہاتھ میں نہیں ہوگا،امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کے جواب میں ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسرائیل پر حملہ کیا۔،عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

  • اسرائیل، ہندوستان اور افغانستان گٹھ جوڑ بمقابلہ پاکستان اور ایران

    اسرائیل، ہندوستان اور افغانستان گٹھ جوڑ بمقابلہ پاکستان اور ایران

    جون 2025 میں اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے اگر کسی ملک کا شکریہ ادا کیا تھا تو وہ پاکستان تھا۔ ہنود و یہود کے گٹھ جوڑ کو ایران اور پاکستان کے یہ برادرانہ تعلقات کسی صورت نہیں بھاتے۔

    پاکستان اور ایران کے باہمی برادرانہ تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسرائیل نے ہندوستان کے ذریعے افغان طالبان ریجیم کی خدمات حاصل کرنے کی ٹھانی۔ اسرائیل کو اچھی طرح معلوم ہے کے طالبان رجیم اپنے زیر سایہ پلنے والی دہشتگرد پراکسیز کی مدد سے پاکستان کو الجھا سکتا ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران پر حملے کا فیصلے ہفتوں پہلے ہو چکا تھا۔ پاکستان اور ایران کے مابین کسی طرح کے تعاون کے تدارک کیلئے، افغان طالبان ریجیم کا پاکستان پر حملہ اِسی وسیع تر منصوبے کے حصہ ہے جو اسرائیل اور ہندستان نے مرتّب کیا اور غیر قانونی طالبان رجیم کو بطور Hired Gun استعمال کرتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنایا، پاکستان مخالف قوتوں پر واضح ہونا چائیے کہ الحمدللہ پاکستان کے غیور عوام اور اسکی بہادر افواج ایسے گھناؤنے منصوبوں کو خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان اپنی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اپنے برادر اسلامی ملک ایران کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

  • ایرانی سسٹمز ہیک ہونے کا دعویٰ، امریکا اور اسرائیل کو لائیو اپڈیٹس ملنے کی اطلاعات

    ایرانی سسٹمز ہیک ہونے کا دعویٰ، امریکا اور اسرائیل کو لائیو اپڈیٹس ملنے کی اطلاعات

    ذرائع سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ایران کے حساس اور دفاعی نوعیت کے سسٹمز کو مبینہ طور پر امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے ہیکرز نے نشانہ بنایا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق اس مبینہ سائبر حملے کے نتیجے میں ایران کے اندرونی ڈیجیٹل نیٹ ورکس تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے، جس کے باعث امریکا اور اسرائیل کو ایران سے متعلق حساس معلومات کی براہِ راست اپڈیٹس موصول ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ ماہرینِ سائبر سکیورٹی کا کہنا ہے کہ جدید دور میں ریاستی سطح کے سائبر حملے عالمی سیاست اور سیکیورٹی کے منظرنامے کا اہم حصہ بن چکے ہیں، تاہم اس نوعیت کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق انتہائی ضروری ہوتی ہے۔

  • بھارتی میڈیا باز نہ آیا،ایرانی آرمی چیف کی اسرائیلی حملے میں موت کے جھوٹے دعوے

    بھارتی میڈیا باز نہ آیا،ایرانی آرمی چیف کی اسرائیلی حملے میں موت کے جھوٹے دعوے

    اسرائیل اور ممکنہ طور پر امریکہ کی جانب سے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملوں کی اطلاعات کے درمیان بھارتی نیوز آؤٹ لیٹس نے ایرانی آرمی کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل امیر حاتمی کی ہلاکت کی غیر مصدقہ افواہوں کو تیزی سے پھیلایا ہے، جسے ناقدین نے ایک بار پھر بھارتی میڈیا کے فیک نیوز اور پروپیگنڈا کا حصہ قرار دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے کچھ پلیٹ فارمز جیسے Mathrubhumi English اور Times Now نے رپورٹس شائع کیں کہ جنرل امیر حاتمی تہران پر حملوں میں ہلاک ہو گئے۔ ان ہیڈ لائنز میں اسے "ڈی کیپیٹیشن سٹرائیک” قرار دیا گیا اور ان کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیا گیا کہ وہ تل ابیب اور حیفا کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے چکے تھے۔

    ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی "گودی میڈیا” نے اس افواہ کو فوری طور پر اپنا لیا اور سنسنی خیز انداز میں پیش کیا، جو ان کی پرانی عادت ہے۔ ماضی میں پاک بھارت کشیدگی، پہلگام واقعہ، ڈرون/میزائل حملوں اور دیگر معاملات میں بھی بھارتی چینلز پر من گھڑت خبریں پھیلانے کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں، جنہیں فیک نیوز واچ ڈاگ اور عالمی اداروں نے بے نقاب کیا تھا۔یہ پروپیگنڈا ایران-اسرائیل/امریکہ تنازع کو بڑھانے اور علاقائی جذبات بھڑکانے کا حصہ لگتا ہے، جبکہ ایران نے سخت جواب دینے کی دھمکیاں دے رکھی ہیں۔

    ماہرین کا مشورہ ہے کہ اس طرح کی خبروں پر یقین کرنے سے پہلے معتبر ذرائع ایرانی سرکاری میڈیا، الجزیرہ، رائٹرز یا عالمی خبر رساں ادارے کی تصدیق ضرور کی جائے۔ بغیر سرکاری بیان کے یہ محض افواہ اور فیک نیوز ہے۔

  • پاکستان کی اپنے شہریوں کو ایران کا غیرضروری سفرسے گریز کی ہدایت

    پاکستان کی اپنے شہریوں کو ایران کا غیرضروری سفرسے گریز کی ہدایت

    پاکستان نے اپنے پاکستانی شہریوں کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کردی۔

    دفتر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو ایران کے غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایران میں مقیم پاکستانیوں کو محتاط رہنے، غیرضروری نقل و حرکت محدود رکھنے اورپاکستانی مشنز سے مسلسل رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا ہے،دفتر خارجہ نے تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے رابطہ نمبرز جاری کرتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری رابطے کی ہدایت کی ہے،دفتر خارجہ کے مطابق زاہدان اور مشہد میں پاکستانی قونصلر رابطہ نمبرز بھی فراہم کردیے ہیں اور ساتھ ہی شہریوں سے صورتحال پر نظر رکھنے کی اپیل بھی کی گئی ہے سفارتی مشنز پاکستانیوں کی معاونت کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہیں۔

  • قطر نے دو ایرانی میزائل تباہ کر دیئے،بحرین میں الجیفر بیس پر دھماکے

    قطر نے دو ایرانی میزائل تباہ کر دیئے،بحرین میں الجیفر بیس پر دھماکے

    قطر نے اسرائیل کی طرف داغے گئے دو ایرانی میزائل گرا دیئے

    ایک قطری اہلکار نے تصدیق کی کہ قطر نے اپنے فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایران کے دو میزائل مار گرا دیے۔ایرانی میزائلوں کو بروقت نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جس سے کسی بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

    ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی کے تناظر میں خلیجی ممالک میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ متعدد میڈیا رپورٹس میں قطر ،بحرین میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ یہ مقامات ایسے ہیں جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں، جس کے باعث سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
    ایرانی میزائلوں نے بحرین میں تعینات امریکی نیوی کو نشانہ بنایا ہے، الجیفر بیس پر دھماکوں کے بعد دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل اور امریکی اہداف پر میزائل حملے کیے گئے، بحرین میں دھماکے سنے گئے۔خبر ایجنسی کے مطابق الجیفر میں امریکی نیوی اہلکار تعینات ہیں، بحرین کے
    الجفیر بیس سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ بحرین نے شہریوں کو فوری طور پر قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

    ادھر متحدہ عرب امارات نے بھی احتیاطی تدابیر کے تحت اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔دارالحکومت ابو ظہبی میں دھماکوں کی آوازیں سنے جانے اور شہر کے بعض حصوں سے دھواں اٹھتے دیکھے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے نقصانات کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

  • ایران کی جوابی کاروائی،فتح خیبر، اسرائیل پر میزائل داغ دیئے

    ایران کی جوابی کاروائی،فتح خیبر، اسرائیل پر میزائل داغ دیئے

    ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیئے گے، اسرائیلی فوج نے تصدیق کردی، اسرائیل کے مختلف شہروں میں دھماکے سنے گئے ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی کے شمالی علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو روکنے میں مصروف ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے جوابی کارروائی کو "فتح خیبر” کا نام دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے مزید میزائیل داغ دیے گئے ہیں۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے شہریوں کو ایرانی میزائل حملوں کی ویڈیو بنانے سے منع کردیا، نیتن یاہو کی تقریر کے دوران ہی تل ابیب میں سائرن بج اٹھے۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے حملوں کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی دفاعی نظام کو فعال کردیا گیا۔

    ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے خلاف میزائل ڈرون حملوں کی پہلی لہرلانچ کردی ہے جبکہ غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ جنگی طیارے اور میزائل عراق کی فضائی حدود میں دیکھے گئے۔ایرانی ٹی وی کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر تقریباً 75 میزائلوں سے حملہ کیاگیا۔

    ایران بھر میں یونیورسٹی کی کلاسز آج منسوخ کر دی گئی ہیں، اور کل سے شروع ہونے والی کلاسیں عملی طور پر ہوں گی۔ ایران نے بحرین میں امریکی بحریہ کی لاجسٹک تنصیب پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ قطر نے ایک ایرانی میزائل مار گرایا ہے، الجزیرہ نے ایک قطری اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے۔ بحرین کے شہر منامہ میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یروشلم میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔خلیج فارس کے ساحل پر واقع ایرانی شہر چابہار پر اسرائیل نے حملہ کیا ہے۔ ایران تقریباً کل انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کا سامنا کر رہا ہے، کنیکٹیویٹی معمول کی سطح کے تقریباً 4 فیصد تک کم ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کیخلاف امریکا اسرائیل مشترکہ کارروائی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری طاقت حاصل کرنے نہیں دی جائے گی۔نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران سے لاحق خطرات ختم کرنے کیلئے آپریشن شروع کردیا، ایران کو جوہری طاقت حاصل کرنے نہیں دی جائے گی۔صہیونی وزیراعظم نے کہا کہ یہ آپریشن ایرانی عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا موقع دے گا۔

  • ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا،ایران

    ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا،ایران

    ایران نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے تہران پر ہونے والے حملوں پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔

    ایرانی اور غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے دارالحکومت تہران، اصفہان، تبریز، قم اور کرج میں حملے کیے گئے ہیں،تہران کے مضافات میں میزائل حملوں کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں،اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں سرکاری عمارتوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    امریکی و اسرائیلی حملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایرانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے، ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا،سربراہ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کی تصدیق

    ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کی تصدیق

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی کو "وسیع اور جاری آپریشن” قرار دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے ایران میں باقاعدہ عسکری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کے ساتھ ہی خطے میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، جبکہ تہران میں زور دار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    صدر ٹرمپ ہفتے کے اختتام پر فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں واقع اپنے نجی کلب Mar-a-Lago میں قیام پذیر ہیں۔ ان کے سرکاری شیڈول کے مطابق وہ اپنے حامی سپر پی اے سی MAGA Inc. کے اجلاس اور عشائیے میں بھی شریک ہوئے۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا “امریکی فوج ایک بڑے اور جاری آپریشن میں مصروف ہے تاکہ اس ظالم اور شدت پسند آمریت کو امریکا اور ہمارے بنیادی قومی مفادات کے لیے خطرہ بننے سے روکا جا سکے۔ ہم ان کے میزائل نظام اور میزائل انڈسٹری کو مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔”انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران جون میں امریکی بمباری کے بعد اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کو سفارتی مواقع فراہم کیے گئے لیکن وہ جوہری عزائم سے پیچھے نہیں ہٹا۔

    تہران میں دھماکے، خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب میزائل حملے
    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق تہران کے پاستور ضلع میں، جہاں سپریم لیڈر کی رہائش گاہ اور دفتر واقع ہے، متعدد دھماکے سنے گئے۔نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم از کم سات میزائل اس علاقے میں گرے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دارالحکومت کے مختلف حصوں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

    ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران “انتقام اور صہیونی ریاست کو کچل دینے والے جواب” کی تیاری کر رہا ہے۔یہ کارروائی امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فضائی کارروائی کے بعد سامنے آئی ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ مناسب وقت پر بھرپور جواب دیں گے۔امریکی حکام کے مطابق موجودہ حملے ایران کے فوجی اہداف پر مرکوز ہیں اور ان کا مقصد امریکی افواج اور مفادات کا تحفظ ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ “کوئی چھوٹا حملہ نہیں” بلکہ منظم اور وسیع پیمانے کی کارروائی ہے۔

    یاد رہے کہ جون 2025 میں بھی صدر ٹرمپ نے ایران کے تین جوہری مراکز پر فضائی حملے کا حکم دیا تھا، جو تقریباً نصف صدی بعد ایرانی سرزمین پر پہلا براہ راست امریکی حملہ تھا۔حالیہ پیش رفت کے بعد مشرق وسطیٰ میں مکمل جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی، خطے میں موجود امریکی اڈوں اور اسرائیل کے لیے سنگین سکیورٹی چیلنج بن سکتی ہے۔