Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • یمنی صدارت کونسل کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدہ منسوخ

    یمنی صدارت کونسل کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدہ منسوخ

    یمنی صدارتی قیادت کونسل نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدہ منسوخ کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب اتحاد کی یمنی بندرگاہ مکلا پر ہتھیاروں اور دیگر فوجی سازوسامان کی اسمگلنگ کرنے والے دو جہازوں کو نشانہ بنانے کے بعد سامنے آیا۔یہ جہاز متحدہ عرب امارات کی فجیرہ بندرگاہ سے بلا اجازت مکلا بندرگاہ میں داخل ہوئے تھے۔ترجمان اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ یمنی صدارتی قیادت کونسل کے صدر کی درخواست پر کارروائی کی گئی۔ سعودی عرب نے یو اے ای سے 24 گھنٹوں میں یمن سے افواج نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن میں امارات کی جانب سے علیحدگی پسند گروہوں کی حمایت سعودی عرب کی قومی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یمن کے امن کے لیے مذاکرات ہی واحد حل ہے۔ دانش مندی، اخوت، حسنِ ہمسائیگی اور خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو ترجیح دی جائے گی۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ اُمید ہے متحدہ عرب امارات ایسے اقدامات کرے گا جو دونوں برادر ممالک کے دوطرفہ تعلقات کے تحفظ اور خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کا باعث بنیں گے۔

  • شرجیل میمن کا کراچی والوں کے لئے ڈبل ڈیکر بس سروس کا اعلان

    شرجیل میمن کا کراچی والوں کے لئے ڈبل ڈیکر بس سروس کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت نے شہریوں کے لیے عوامی ٹرانسپورٹ میں ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے کل سے کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر میں جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جو کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں ایک نئی پیش رفت تصور کی جا رہی ہیں۔

    سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے اورنج لائن بی آر ٹی کو گرین لائن بی آر ٹی سے منسلک کرنے کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں قائم اورنج لائن ڈپو کا تفصیلی جائزہ بھی لیا اور جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی سروس ہے جس میں ایک ہی کارڈ کے ذریعے مختلف روٹس پر سفر ممکن بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ اس نظام کے تحت روزانہ ایک لاکھ مسافر با آسانی سفر کر سکیں، جس سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

    شرجیل میمن نے بتایا کہ اب گرین لائن اور اورنج لائن کے مسافروں کو دوہرا کرایہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ شہری ایک ہی کارڈ کے ذریعے اورنج لائن اور گرین لائن پر سفر کر سکیں گے، جو مسافروں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹمز کے عین مطابق ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ کل سے کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کی سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے، جو کراچی کی عوام کے لیے نئے سال کا خصوصی تحفہ ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں ڈبل ڈیکر بسیں ملیر سے شارع فیصل تک چلائی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کا کرایہ پیپلز بس سروس کے برابر رکھا گیا ہے تاکہ عام شہری باآسانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ فی الحال یہ بسیں تجرباتی بنیادوں پر محدود پیمانے پر چلائی جا رہی ہیں، تاہم ابتدائی نتائج مثبت آنے کی صورت میں مستقبل میں مزید ڈبل ڈیکر بسیں بھی سروس میں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے چیف سیکریٹری سے بھی بات چیت ہو چکی ہے اور حکومت کا ارادہ ہے کہ اس منصوبے کو وسعت دی جائے۔ شرجیل میمن کے مطابق ڈبل ڈیکر بسوں کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ سڑکوں پر کم جگہ گھیرتی ہیں جبکہ زیادہ مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ کے تمام جاری اور آئندہ منصوبوں کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریڈ لائن منصوبے کے دوران متعدد مسائل کا سامنا تھا، تاہم وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ان تمام مسائل کا حل نکال لیا گیا ہے اور وہاں باقاعدہ کام کا آغاز ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت سندھ نے چار کلومیٹر طویل اورنج لائن منصوبہ بھی بنایا ہے جبکہ ای وی (الیکٹرک وہیکل) بسیں بھی کراچی پہنچ چکی ہیں، جن کے لیے نئے روٹس متعارف کرائے جائیں گے۔ ان منصوبوں کے ذریعے شہر میں جدید، سستی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا، جو کراچی کے شہریوں کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

  • این اے 130 لاہور،نواز شریف کی کامیابی کا نوٹفکیشن درست قرار

    این اے 130 لاہور،نواز شریف کی کامیابی کا نوٹفکیشن درست قرار

    الیکشن ٹربیونل نے این اے 130 لاہور سے نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درست قرار دے دیا۔

    الیکشن ٹربیونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف درخواست خارج کرتے ہوئے این اے 130 لاہور سے مسلم لیگ ن کے صدر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درست قرار دیدیا،نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر اسد اللہ چٹھہ نے دلائل دیے جبکہ الیکشن ٹریبونل کے جج رانا زاہد محمود نے فیصلہ سنایا اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست خارج کردی۔

    یاد رہے کہ فروری 2024 کے عام انتخابات میں لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 130 پر نواز شریف 171024ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ آزاد امیدوار یاسمین راشد نے 115043 ووٹ حاصل کیے تھے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

  • مکلا بندرگاہ پر سعودی فضائی حملہ، متحدہ عرب امارات پر سنگین الزامات، یمن میں نیا بحران

    مکلا بندرگاہ پر سعودی فضائی حملہ، متحدہ عرب امارات پر سنگین الزامات، یمن میں نیا بحران

    یمن کے مشرقی ساحلی شہر مکلا میں واقع اہم تجارتی بندرگاہ پر سعودی عرب کے فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات سے آنے والے اُن بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جو بکتر بند گاڑیاں اور اسلحہ لے کر پہنچے تھے یہ سامان امارات کی حمایت یافتہ سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) کے علیحدگی پسند عناصر کے لیے تھا۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی یمن میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے کی جانے والی سرگرمیاں نہ صرف خطے میں عدم استحکام کو بڑھا رہی ہیں بلکہ یہ سعودی عرب کی قومی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ بھی بن چکی ہیں۔ سعودی عرب نے امارات پر خطرناک اقدامات کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ریڈ لائن کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت اور فوری ردعمل دیا جائے گا۔

    ریاض کی جانب سے جاری مؤقف میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن میں غیر ریاستی اور علیحدگی پسند گروہوں کو عسکری و مالی معاونت تنازع کو طول دے رہی ہے اور سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ سعودی عرب نے اس تناظر میں متحدہ عرب امارات سے 24 گھنٹوں کے اندر یمن سے تمام افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے، ساتھ ہی یمنی دھڑوں کو فراہم کی جانے والی فوجی اور مالی امداد فوری طور پر بند کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

    سعودی عرب نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ یمن کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا حامی ہے اور بحران کے حل کے لیے سیاسی مذاکرات کو واحد قابلِ عمل راستہ سمجھتا ہے۔ ریاض کا کہنا ہے کہ یمن میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب تمام فریق بیرونی مداخلت ختم کریں اور جامع سیاسی عمل کی طرف بڑھیں۔

    دوسری جانب، مکلا بندرگاہ پر حملوں کے بعد مقامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ یہ بندرگاہ یمن کی تجارت اور رسد کے لیے نہایت اہم سمجھی جاتی ہے۔ مبصرین کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتا ہوا یہ اختلاف یمن کے تنازع کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر سکتا ہے، جس کے خطے پر دور رس اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

  • لاہور میں منکی پاکس کے کیسز میں تشویشناک اضافہ، میو اسپتال میں 21 مریض رپورٹ

    لاہور میں منکی پاکس کے کیسز میں تشویشناک اضافہ، میو اسپتال میں 21 مریض رپورٹ

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں منکی پاکس (Monkeypox) کے کیسز میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں میو اسپتال میں اب تک مجموعی طور پر 21 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ان میں سے 9 مریض اس وقت بھی میو اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ دیگر مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

    میو اسپتال کے ترجمان کے مطابق منکی پاکس سے متاثرہ مریضوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں، جن میں ایک کی عمر صرف 2 ماہ جبکہ دوسرے کی عمر ایک سال بتائی جا رہی ہے۔ کم عمر بچوں میں وائرس کی تصدیق نے والدین اور طبی ماہرین میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرس کی منتقلی ایک سے دوسرے انسان میں جلد کے براہِ راست رابطے یا سانس کے ذریعے ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ مریضوں میں سے کسی کی بھی بیرونِ ملک سفری تاریخ (ٹریول ہسٹری) سامنے نہیں آئی، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وائرس مقامی سطح پر پھیل رہا ہے۔

    میو اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ رواں برس منکی پاکس کے باعث 3 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں، جس کے بعد بیماری کی سنگینی مزید واضح ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بھی کم عمر بچے شامل ہیں، جس پر محکمہ صحت نے صورتحال کو نہایت حساس قرار دیا ہے۔تشویشناک امر یہ بھی ہے کہ منکی پاکس کی لپیٹ میں طبی عملہ بھی آ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2 پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان اور ایک نرس میں بھی منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد اسپتال میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ طبی عملے کو حفاظتی لباس، ماسک اور دستانوں کے استعمال کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ مریضوں کو آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے اور ان کے قریبی رابطوں کی اسکریننگ کا عمل بھی جاری ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد پر غیر معمولی دانوں، بخار یا جسم میں درد کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

    دوسری جانب ماہرین صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ گھبراہٹ کے بجائے احتیاط اختیار کی جائے، صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور مشتبہ مریض سے غیر ضروری جسمانی رابطے سے گریز کیا جائے، تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

  • پی آئی اے کا اسلام آباد سے لندن پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    پی آئی اے کا اسلام آباد سے لندن پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    پی آئی اے نے مانچسٹر کے بعد اسلام آباد سے لندن کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

    ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، لندن کی پروازیں ہیتھرو ائیرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے آپریٹ ہوں گی، لندن کے لیے پی آئی اے کی پہلی پرواز 29 مارچ سے روانہ ہو گی، پی آئی اے کی لندن کے لیے پرواز 6 سال کے طویل وقفے کے بعد روانہ کی جارہی ہے، لندن پی آئی اے کا سب سے پہلا بین الاقوامی اور انتہائی پرکشش روٹ ہے،پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کر رہے ہیں۔

  • کھیل کے میدان میں بھی مودی کی جارحیت اور نفرت انگیز رویہ برقرار

    کھیل کے میدان میں بھی مودی کی جارحیت اور نفرت انگیز رویہ برقرار

    کھیل کے میدان میں بھی مودی کی جارحیت اور نفرت انگیز رویہ برقرارہے

    سیاسی ،دفاعی اور عالمی سفارت کاری کے محاذ پر پسپائی کے شکار بھارت نے ایک مرتبہ پھر کھیل کو سیاست کی نذر کردیا،پاکستان کرکٹ کے بعد اب بنگلہ دیش کرکٹ بھی بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کے تعصب کی بھینٹ چڑھ گئی ،انتہا پسند ہندوتوا جماعت شیوسینا نے بنگلہ دیشی کرکٹرز کی انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میچوں میں شرکت کی مخالفت کی،ہریانہ میں شیوسینا کے سربراہ نیر ج سیٹھی نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو بھارت میں میچز کھیلنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کر دیا ،کہا کہ شیوسینا نے فیصلہ کیا ہے کہ بنگلہ دیشی کھلاڑی بھارت میں آئی پی ایل میچ نہیں کھیلیں گے، بھارت کی مخالفت جاری رکھنے پرنیر ج سیٹھی نے بنگلہ دیش کو مزید میچز کی پابندی کی دھمکی بھی دے دی

  • 50ویں آرمی چیف پولو اور ٹینٹ پیگنگ چیمپیئن شپ ، فیلڈ مارشل بطور مہمان خصوصی شریک

    50ویں آرمی چیف پولو اور ٹینٹ پیگنگ چیمپیئن شپ ، فیلڈ مارشل بطور مہمان خصوصی شریک

    پاکستان آرمی کے روایتی کھیلوں میں سے ایک، 50ویں آرمی چیف پولو اور ٹینٹ پیگنگ چیمپیئن شپ 2025، لاہور کے جناح پولو فیلڈز میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔

    چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ وزیر داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے ساتھ بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے۔ ان کے پہنچنے پر کور کمانڈر لاہور اور پاکستان پولو فیڈریشن کے چیئرمین نے ان کا استقبال کیا،چیمپیئن شپ نے پاکستان آرمی کی کھیلوں میں مہارت، نظم و ضبط اور اعلیٰ معیار کی روایت کو اجاگر کیا۔ اس مقابلے میں 8 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں پشاور کور فاتح قرار پائی جبکہ گوجرانوالہ کور نے رنرز اپ کا مقام حاصل کیا،اختتامی تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے فاتح اور شریک کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ یہ چیمپیئن شپ نہ صرف کھیلوں کی ترویج بلکہ فوجی اقدار اور ٹیم ورک کے فروغ کا بھی ایک اہم موقع ثابت ہوئی۔

  • حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے،وزیرخزانہ

    حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے،وزیرخزانہ

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کی سب سے بڑی معاشی قوت بن سکتی ہے، بشرطیکہ اسے درست سمت، جدید ہنر اور مواقع فراہم کیے جائیں۔حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہنرمندی کی تربیت، تعلیم اور روزگار کے مواقع پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

    اسلام آباد میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو اگر معیشت میں مؤثر طور پر شامل ہو جائے تو ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا حکومت کی معاشی حکمتِ عملی کا بنیادی ستون ہے.ہمارا اصل مسئلہ پالیسی سازی نہیں بلکہ نتائج کے حوالے سے نظم و ضبط اور عملدرآمد کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 24 کروڑ آبادی پر مشتمل ایک بڑی قوم ہے، جس کی سالانہ آبادی میں شرح نمو 2.5 فیصد ہے۔ ایسی صورتحال میں غربت کے خاتمے اور معاشی استحکام کے لیے پائیدار اور دیرپا معاشی بہتری کی جانب بڑھنا ناگزیر ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ایک اہم معاشی موڑ پر کھڑا ہے، جہاں درست فیصلے اور مؤثر اقدامات مستقبل کی سمت کا تعین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معیشت کو محض وقتی سہارا دینے کے بجائے مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ وزیر خزانہ نے سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس فریم ورک کا مقصد پاکستان میں سماجی شعبے میں سرمایہ کاری کو منظم اور مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فریم ورک محض ایک پالیسی بیان نہیں بلکہ ایک مکمل مالیاتی ڈھانچہ ہے، جس کے ذریعے نتائج پر مبنی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔

    محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پی ایس آئی بی میں خاص طور پر نوجوان خواتین کو مرکزِ توجہ بنایا گیا ہے، تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔ انہوں نے نیوٹیک (NAVTTC) اور ابتدائی اسٹیئر کوڈیل ٹیم کو اس تاریخی اجراء پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سماجی اور معاشی ترقی کی سمت ایک اہم قدم ہے، آئندہ مراحل میں حکومت مزید نتائج پر مبنی فنڈنگ کی جانب بڑھے گی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو فروغ دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے تعاون سے نہ صرف وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ کارکردگی اور شفافیت بھی بہتر ہو گی۔ حکومت نوجوانوں کو قومی ترقی کا حقیقی شراکت دار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال معیشت کی طرف لے جایا جا سکے۔