Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • جنوبی افریقا،ہوٹل میں فائرنگ، 9 افراد ہلاک، 10 زخمی

    جنوبی افریقا،ہوٹل میں فائرنگ، 9 افراد ہلاک، 10 زخمی

    جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ کے قریب واقع ایک قصبے میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ہوٹل پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلح افراد نے اچانک ایک ہوٹل پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے باعث ہوٹل میں موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد تقریباً 12 تھی، جو ایک سفید منی بس اور ایک سلور رنگ کی سیڈان گاڑی میں سوار ہو کر آئے تھے۔ ملزمان نے واردات کے بعد موقع سے فرار ہو کر علاقے کو چھوڑ دیا۔پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

  • آپریشن بنیان المرصوص میں اللّٰہ کی مدد آتے ہوئے دیکھی اور محسوس کی,فیلڈ مارشل عاصم منیر

    آپریشن بنیان المرصوص میں اللّٰہ کی مدد آتے ہوئے دیکھی اور محسوس کی,فیلڈ مارشل عاصم منیر

    چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل سید عاصم منیرنےقومی علماء مشائخ کانفرنس سے اہم خطاب کیا

    کانفرنس کا انعقاد 10 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں ہوا، جس میں ملک بھر سے تمام مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ نے بھرپور شرکت کی،فیلڈ مارشل نے ملک کو درپیش چیلنجز، دہشتگردی، قومی سلامتی کے امور، اقوامِ عالم میں پاکستان کے ابھرتے کردار، جنگی تیاریوں اور علم کی اہمیت پر مفصل گفتگو کی،فیلڈ مارشل نے قرآن کریم کی آیات اور اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کے بارے میں اپناواضح نقطۂ نظرپیش کیا اور کہا کہ اللہ تعالی نے اسلامی ممالک میں سے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطاکیا، ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کاآپس میں ایک گہراتعلق اور مماثلت ہے، ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا قیام کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر رمضان کے بابرکت مہینے میں ہوا دونوں ریاستوں میں مماثلت کی وجہ یہ ہے کہ رب کائنات نے انھیں خادم الحرمین بنانا تھا اور ہمیں محافظ الحرمین بنانا تھا، آپریشن بنیان المرصوص میں اللّٰہ کی مدد آتے ہوئے دیکھی اور محسوس کی, کسی بھی اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم اور فتوی نہیں دے سکتا، افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشتگردی کے ذریعے ہمارے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، فتنہ الخوارج کی جو تشکیلیں افغانستان سے آتی ہیں ان میں 70 فیصد افغانی شامل ہیں،افغانستان کو فتنہ الخوارج اور پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا، جن قوموں نے اپنے اسلاف کی علمی و فکری میراث اور قلم کی طاقت کو چھوڑ دیا، وہ زبوں حالی کا شکار ہو گئیں،

  • غیر قانونی طور پر بیرون ممالک سفر کے خلاف اقدامات،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

    غیر قانونی طور پر بیرون ممالک سفر کے خلاف اقدامات،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسانی اسمگلنگ کے خاتمے اور غیر قانونی طور پر بیرون ممالک سفر کے خلاف اقدامات پر اجلاس ہوا،

    اجلاس کو بیرون ملک غیر قانونی سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں اور اقدامات پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ یورپ کے ممالک میں غیر قانونی ہجرت، ورک ویزا، وزٹ و ٹورسٹ ویزا کا غلط استعمال، آف لوڈنگ اور ڈی پورٹیشن کی اہم وجوہات ہیں۔ ایئر پورٹس پر ای گیٹس کا نظام فعال کرنے پر کام جاری ہے۔ غیر قانونی سفر روکنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امیگریشن کا نظام بہتر بنانے کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے،اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

  • بھارت کی ریاستی سپانسرڈ دہشتگردی عالمی امن کے لئیے سنگین خطرہ

    بھارت کی ریاستی سپانسرڈ دہشتگردی عالمی امن کے لئیے سنگین خطرہ

    بھارت کی ریاستی سپانسرڈ دہشتگردی عالمی امن کے لئیے سنگین خطرہ بن چکی ہے

    بھارت کی ریاستی دہشت گردی پاکستان، کینیڈا امریکہ، آسٹریلیا ، بنگلہ دیش سمیت دنیا بھرکو لپیٹ میں لینے لگی،بھارت اپنی خفیہ ایجنسی ” را” کے ذریعے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی پرعمل درآمد کروا رہا ہے،بنگلہ دیشی نوجوان رہنما عثمان ہادی کے قتل کے بعد ایک اور سیاسی رہنما بھارتی دہشتگردوں کے نشانے پر آگیا،بھارتی فوج کے سابق میجر نے بنگالی نوجوان رہنما حسنات عبداللہ کو "اگلی باری تمہاری” کی دھمکی دے دی،ایک اور ٹویٹ میں سابق بھارتی کرنل نے حسنات عبداللہ کی گردن میں گولی مارنے کی دھمکی دی ہے ،پاکستان بارہا عالمی سطح پرشواہد کے ساتھ بھارت کی ریاستی دہشت گردی بے نقاب کر چکا ہے،بھارت کی ہمسایہ ممالک میں مداخلت اور دہشت گردی کی پشت پناہی نے خطے کو تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے

    بھارت کی ہندتوا سوچ کے زیر اثر، پر تشدد توسیع پسندانہ عزائم نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکے ہیں،حالیہ سڈنی حملے میں بھی بھارتی شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے ،دو ہزار بیس میں بھی آسٹریلیا نے بھارتی انٹیلی جنس سے منسلک اہلکاروں کو جاسوسی سرگرمیوں پر ملک بدر کیا تھا،اس سے پہلےکینیڈا اورامریکا میں سکھ رہنماؤں پر ہونے والےحملوں میں بھارتی خفیہ ادارے ملوث رہے ہیں،سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی سفارتی کاروں کے شرپسند عناصر سے رابطوں کو بے نقاب کیا تھا،کینیڈین سرزمین پر خالصتان رہنما ہردیب سنگھ نجر کے قتل پرکئی ماہ تک کینیڈا اور بھارت کے سفارتی تعلقات معطل رہے،امریکہ میں سکھ فارجسٹس کےسربراہ کے قتل کی سازش پر بھارتی شہری گرفتار ہوچکا ہے

    سری لنکا میں بھارت تامل دہشت گردوں کو دہائیوں تک سپورٹ کرتا رہا جو بدترین خانہ جنگی کا باعث بنے رہے،خود بھارتی شہری بلخصوص اقلیت بھی ریاستی دہشت گردی سے محفوظ نہیں ہیں،منی پورمیں مسیحی اقلیت، کشمیر میں مسلمان یا پہلگام فالس فلیگ آپریشن بھارت کے ہاتھ سب کے خون سے رنگے ہوئے ہیں،ماہرین کے مطابق بنگلہ دیش میں نوجوان رہنما کا قتل بھارتی ڈیپ سٹیٹ کی عالمی سطح پر منظم دہشت گردی کی مثال ہے ،اقوام عالم کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لینا چاہیئے،

  • اقوام متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ سے مودی سرکار کی مکاری بے نقاب ہوئی،خالد مسعود سندھو

    اقوام متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ سے مودی سرکار کی مکاری بے نقاب ہوئی،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی بھارتی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ سے مودی سرکار کی مکاری بے نقاب ہوئی ہے،اقوام متحدہ نے بھی تصدیق کر دی بھارت یکطرفہ معاہدہ ختم نہیں کر سکتا،پانی زندگی ہے،پاکستان پانی کے تحفظ کے لئے آخری دم تک جانے کو تیار ہے

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کر رہا ہے، نیلم وجہلم کا پانی گزشتہ روز بھارت نے روکا ہے، بھارتی آبی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین کی رپورٹ بھارتی جرائم کی کھلی داستان ہے،مودی سرکار مکاری و عیاری سے باز نہیں آ رہی،اقوام متحدہ رپورٹ میں بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار پاکستانی مؤقف کی تائید ہے،بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارتی یکطرفہ اقدامات کے خلاف حکمران واضح ،دو ٹوک مؤقف اپنائیں،پاکستان نے ہمیشہ معاہدوں کی پاسداری کی لیکن بھارت ہٹ دھرمی دکھاتا ہے،بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی روکنے سے پاکستان میں زراعت تباہ ہو گی،فصلوں پر اثر پڑے گا ،معیشت متاثر ہو گی،بھارت کی جانب سے پانی روکے جانے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر جواب طلبی کی جائے،عالمی ادارے بھی بھارتی اقدامات کا نوٹس لیں،مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھارت عمل نہیں کر رہا،اب اقوام متحدہ ماہرین نے بھارت سے جواب مانگا ہے،بھارت کو آبی جارحیت سے باز رہنا ہو گا، پاکستانی قوم پانیوں کے تحفظ کے لیے متحد و بیدار ہے.

  • پنجاب میں خدمت کو سیاست نہیں، ذمہ داری سمجھا جا رہا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

    پنجاب میں خدمت کو سیاست نہیں، ذمہ داری سمجھا جا رہا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

    وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عالمی یومِ انسانی یکجہتی پراپنے پیغام میں کہاہے کہ انسانی یکجہتی وہاں سے شروع ہوتی ہے جہاں ریاست کمزور کو اکیلا چھوڑنے سے انکار کر دے۔قومیں نعروں سے نہیں انسانی یکجہتی اور کمزور کے ساتھ کھڑے ہونے سے پہچانی جاتی ہیں -جس معاشرے میں ایک فرد بھی تنہا رہ جائے،وہاں ترقی اور یکجہتی ادھوری رہتی ہے۔

    وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب حکومت ہر طبقے کو ساتھ لے کر چل رہی ہے ریاست ہر کمزور کے لئے ماں جیسی ہے۔برسوں بعد بہترین پالیسیز سے ریاست اور عوام کے درمیان یکجہتی،اعتماد اور ہمدردی کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب میں جن کے پاس اپنے گھر نہیں انکو گھر مل رہے،جو محفوظ نہیں وہ محفوظ بنائے جا رہے ہیں -تعلیم،صحت، سماجی تحفظ اور عوامی فلاح کے منصوبے انسانی یکجہتی کے عملی مظاہرے ہیں – وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب حکومت کی تمام پالیسیوں اور ہر پراجیکٹ کا مرکز انسان،اسکی عزت اور اسکا حق ہے- پنجاب میں خدمت کو سیاست نہیں، ذمہ داری سمجھا جا رہا ہے جو احترام، یکجہتی اور محبت کو فروغ دے رہی ہے

  • عثمان ہادی کی تدفین، قومی شاعر قاضی نذرالاسلام کے پہلو میں سپردِ خاک

    عثمان ہادی کی تدفین، قومی شاعر قاضی نذرالاسلام کے پہلو میں سپردِ خاک

    انقلاب منچ کے سینئر رہنما اور ترجمان شریف عثمان ہادی کو ہفتہ کے روز ڈھاکہ یونیورسٹی سینٹرل مسجد کے قریب قومی شاعر قاضی نذرالاسلام کی قبر کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ان کی تدفین سہ پہر تقریباً 3 بج کر 30 منٹ پر عمل میں آئی۔

    اس سے قبل شریف عثمان ہادی کی نمازِ جنازہ پارلیمنٹ کے ساؤتھ پلازہ میں ادا کی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد، سیاسی رہنما، سماجی شخصیات اور کارکنان نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد میت کو جلوس کی شکل میں ڈھاکہ یونیورسٹی لایا گیا جہاں تدفین کی گئی۔سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈھاکہ یونیورسٹی کے تمام داخلی راستے بند رکھے گئے تھے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی پولیس اور فوجی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

    شریف عثمان ہادی کی وفات پر آج ملک بھر میں یومِ سوگ منایا جا رہا ہے۔ سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں تعزیتی فضا دیکھی گئی۔

    واضح رہے کہ شریف عثمان ہادی ڈھاکہ-8 سے آئندہ قومی انتخابات کے ممکنہ امیدوار بھی تھے۔ انہیں 12 دسمبر کو پرتان پلٹن کے کلورٹ روڈ پر رکشے میں سفر کے دوران سر میں گولی مار دی گئی تھی۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال میں سرجری کے لیے داخل کیا گیا، بعد ازاں بہتر علاج کے لیے ایورکیئر اسپتال منتقل کیا گیا۔طبی ماہرین کے مشورے پر انہیں مزید علاج کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے سنگاپور منتقل کیا گیا، تاہم وہ 18 دسمبر کی شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ ان کی میت جمعہ کی شام ڈھاکہ پہنچی۔

    یہ واقعہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 12 فروری کو آئندہ قومی انتخابات کے اعلان کے ایک دن بعد پیش آیا تھا، جس کے بعد سیاسی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔ہفتہ کے روز شریف عثمان ہادی کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد میٹرو ریل کے ذریعے پہنچی۔ صبح سویرے ہی اہم اسٹیشنوں پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جس کے باعث مسافروں کا دباؤ بڑھ گیا۔شریف عثمان ہادی کی اچانک اور پرتشدد موت پر ملک بھر میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے قتل کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داران کو سزا دینے کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا ہے۔

  • عدالتوں کو پارلیمانی امور میں مداخلت کا اختیار حاصل نہیں ہونا چاہیے ،سلیم مانڈوی والا

    عدالتوں کو پارلیمانی امور میں مداخلت کا اختیار حاصل نہیں ہونا چاہیے ،سلیم مانڈوی والا

    اسلام آباد، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعدِ ضابطہ اور استحقاق کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر وقار مہدی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔قائمہ کمیٹی اجلاس میں سینیٹر ز سعدیہ عباسی، دوست علی جیسَر،اسد قاسم، جان محمد اور پلوشہ خان نے شرکت کی۔ سینیٹرز سلیم مانڈوی والا ، شہادت اعوان اور سید مسرور احسن نے بطور موور میٹنگ میں شرکت کی۔ سینیٹر بلال مندوخیل کو خصوصی طور پر میٹنگ میں مدوع کیا گیا۔

    قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کمیٹی کی کارروائی میں براہِ راست عدالتی مداخلت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ عدالتوں کو پارلیمانی امور میں مداخلت کا اختیار حاصل نہیں ہونا چاہیے اور سپریم کورٹ متعدد مواقع پر ہدایت دے چکی ہے کہ پارلیمانی کارروائی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ انہوں نے اس امر پر سختی سے زور دیا کہ سینیٹ کو اپنی کمیٹیوں کے اختیارات اور اتھارٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایوان بالا عوامی نمائندگی کا مرکز ہے اور کمیٹیاں ایوان کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے عوامی اہمیت کے معاملات کو زیرِ بحث لانے کے لیے مکمل طور پر بااختیار رہیں۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر سید وقار مہدی نے اس بات کی توثیق کی کہ پارلیمنٹ ایک سپریم ادارہ ہے اور اس کی کمیٹیوں کو اس انداز میں بااختیار بنایا جانا چاہیے کہ وہ افراد/شہریوں سے متعلق مسائل مؤثر طور پر حل کر سکیں۔ تاہم، انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ کمیٹیوں کو عدالت میں زیر سماعت معاملات پر بحث پر سختی سے گریز کرنا چاہیے۔

    پارلیمانی قوانین و طریقہ کار کی ماہر محترمہ رابعہ انور نے افسران کے پینل کے ہمراہ مجوزہ ترمیم پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں اس کے فوائد اور نقصانات واضح کیے گئے۔ سینیٹر سعدیہ عباسی نے رائے دی کہ ہر ادارے کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے اور دیگر اداروں کے امور میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے مجوزہ ترمیم کی مخالفت کی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں تفصیلی بحث و مباحثہ اور غور و خوض کے بعد اراکین کمیٹی کی اکثریت نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا جسے قائمہ کمیٹی نے ترمیم کے حق میں اکثریتی رائے کو منظور کر لیا۔

    کمیٹی اجلاس میں سب کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں قائداعظم یونیورسٹی کے طلبہ کے خلاف درج 77 ایف آئی آرز کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا جو فیصلے کے مطابق تاحال واپس نہیں لی گئیں۔ پولیس حکام نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ یہ ایف آئی آرز قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلرجو کہ ایک سرکاری ادارہ ہے کی درخواست پر درج کی گئی تھیں، لہٰذا پولیس انہیں ازخود واپس نہیں لے سکتی۔ قائمہ کمیٹی نے وائس چانسلر کی جانب سے ایف آئی آرز واپس لینے کے یقین دہانی کو دوہرایا اور اس معاملے پر عدم تعمیل کا نوٹس بھی لے لیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعدِ ضابطہ اور استحقاق نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ وائس چانسلر قائدا عظم یونیورسٹی کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں دوبارہ طلب کیا جائے تاکہ تاخیر کی وجوہات کے بارے میں پتہ چل سکے قائمہ کمیٹی نے اس حوالے سے حقائق پر مبنی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

    مزید برآں قائمہ کمیٹی میں اسلام آباد کے شہری کے مکان کی فائل گم ہونے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے عدالتی حکم نامے پیش کرتے ہوئے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ سی ڈی اے باقاعدگی سے عدالتی کارروائی میں پیش ہوتا رہا ہے، جبکہ درخواست گزار عدالت میں پیش ہونے میں ناکام رہا۔ سینیٹر سعدیہ عباسی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ شہریوں کو روزمرہ بنیادوں پر ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سرکاری ریکارڈ کی حفاظت مکمل طور پر سی ڈی اے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اسے واضح طور پر سی ڈی اے کی غفلت قرار دیا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعدِ ضابطہ اور استحقاق سینیٹر وقار مہدی نے اس معاملے پر سی ڈی اے کے ذمہ دار افسران کے بارے میں استفسار کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ متعلقہ ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔جس پر قائمہ کمیٹی نے عدالتی کارروائی کے اختتام تک معاملہ زیرِ التواء رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعدِ ضابطہ اور استحقاق کے اجلاس میں سینیٹر سید مسرور احسن نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے ان کی متعدد ٹیلی فون کالز کا مناسب جواب نہ دینے پر تحریک استحقاق دی تھی۔ جس پر سیکریٹری وزارت فوڈ سیکورٹی نے قائمہ کمیٹی کے سامنے غیر مشروط معذرت پیش کی اور رابطے میں خلل کی وجہ واٹس ایپ میں تکنیکی مسائل کو قرار دیا۔ انہوں نے آئندہ معزز سینیٹرز کے رابطے کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کی یقین بھی دہانی کرائی۔ سینیٹر مسرور احسن کی جانب سے سیکریٹری فوڈ سیکورٹی کی معذرت قبول کرنے پر استحقاق کی تحریک نمٹا دی گئی۔

    سینیٹر جام سیف اللہ دھارہیجو کی سیکریٹری صحت سندھ کے خلاف استحقاق کی تحریک سینیٹر جام سیف اللہ دھارہیجو کی جانب سے مذکورہ سیکریٹری صحت سندھ کی معذرت قبول کرنے پر نمٹا دی۔

  • پی آئی اے پرواز میں فنی خرابی،سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ

    پی آئی اے پرواز میں فنی خرابی،سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ

    پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ایک مسافر طیارے کو دورانِ پرواز فنی خرابی کے باعث سعودی عرب میں ہنگامی طور پر اتارنا پڑ گیا۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 860 جدہ سے لاہور آرہی تھی، جس میں 350 سے زائد مسافر سوار تھے۔

    پی آئی اے حکام کے مطابق پرواز کے دوران جہاز میں تکنیکی خرابی سامنے آئی، جس کے بعد پائلٹ نے احتیاطی تدبیر کے طور پر طیارے کو دمام ایئرپورٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔ ہنگامی لینڈنگ کے دوران جہاز میں آکسیجن ماسک کھل گئے، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم عملے نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا۔حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کو بحفاظت دمام ایئرپورٹ پر لینڈ کروا لیا گیا اور کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ ہنگامی لینڈنگ کے پیشِ نظر دمام ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی، جہاں ریسکیو اور طبی ٹیمیں الرٹ رہیں۔

    پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں اور متبادل طیارہ پاکستان سے روانہ کر دیا گیا ہے، جو مسافروں کو لاہور پہنچائے گا۔ انتظامیہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسافروں کی حفاظت پی آئی اے کی اولین ترجیح ہے۔

  • آصفہ بھٹو  نے  شہید بینظیرآباد میں دل کے امراض کے ہسپتال  کا افتتاح کر دیا

    آصفہ بھٹو نے شہید بینظیرآباد میں دل کے امراض کے ہسپتال کا افتتاح کر دیا

    سندھ میں صحت عامہ کو مضبوط بنانے اور دل کے علاج کی مفت سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم قدم سامنے آیا ہے

    خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے شہید بینظیرآباد میں دل کے امراض کے ہسپتال کا افتتاح کر دیا ،SICVD پیپلز میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال نوابشاہ سے نئے مقام پر منتقل، خدمات میں اضافہ کر دیا گیا،یہ نیا ہسپتال 55 بیڈز پر مشتمل اور جدید کارڈیک ایمرجنسی سروسزسے آراستہ ہے،ہسپتال میں ابتدائی اینجیوپلاسٹی اور بچوں کے دل کی دیکھ بھال بھی مفت فراہم کی جائے گی،مستقبل میں اسٹروک انٹروینشن سروسز متعارف بھی کرائی جائیں گی

    آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ SICVD دنیا کا سب سے بڑا مفت کارڈیک ہیلتھ نیٹ ورک بن چکا ہے،ایس آئی سی وی ڈی جیسے ادارے محروم اور پسماندہ طبقات کے لیے زندگی کی امید بن چکے ہیں،سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال میں مریضوں کو باعزت، بروقت اور مکمل طور پر مفت علاج فراہم کیا جائےگا،خاتون اول نے ادارے کے قیام میں تعاون کرنے والے خیراتی اداروں کا شکریہ ادا کیا

    اس موقع پر وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ حکومتِ سندھ عوامی صحت کے اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نےایس آئی سی وی ڈی شہید بینظیر آباد کو صوبے کے طبی ڈھانچے میں اہم اضافہ قرار دیا